بالی وڈ اسٹار بھی ٹماٹر کی قیمت سے پریشان، گھر میں استعمال کم کردیا

بھارت میں ٹماٹر کی بڑھتی قیمتوں نے نہ صرف عام عوام بلکہ بالی وڈ اسٹارز کو بھی پریشان کردیا، ٹماٹر مہنگے ہونے کے بعد اداکار سنیل شیٹی نے گھر میں ٹماٹروں کا استعمال کم کردیا۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک چینل سے گفتگو کے دوران ماضی میں ایکشن فلموں کا معروف نام رہنے والے اداکار نے بتایا کہ ان کی بیوی ایک یا دو دن کی سبزی ہی خریدتی ہیں کیوں کہ وہ لوگ تازہ چیزیں کھانا پسند کرتے ہیں۔

سنیل شیٹی کے مطابق ٹماٹر کی آسمان کو چھوتی قیمتوں نے ان کے کچن کو بھی متاثر کیا ہے، ہم ان دنوں کافی کم ٹماٹر کھا رہے ہیں، لوگ سوچ رہے ہوںگے کہ میں سپر اسٹار ہوں تو یہ چیزیں مجھے متاثر نہیں کریں گی لیکن ایسا بالکل بھی نہیں ہے۔

سنیل جو کہ ایک ریسٹورنٹ کے بھی مالک ہیں ان کا کہنا تھا کہ قیمتیں بڑھنے سے ہر کوئی اس سے متاثر ہوتا ہے، چونکہ میرا ریسٹورنٹ بھی ہے اس لیے میں چیزیں ہمیشہ مول تول کر کے ہی لیتا ہوں۔