کراچی: شہر قائد میں ملزمان نے سرکاری ایجنسی کے جعلی اہل کار بن کر ویگو میں حمیداللہ نامی شہری کو اغوا کر کے قتل کر دیا، سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں 2 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی نے ایک کارروائی میں اغوا کے بعد قتل میں ملوث 2 افراد کو گرفتار کر لیا ہے، ملزمان نے 3 اکتوبر کو سہراب گوٹھ مچھر کالونی میں گھر سے حمید اللہ نامی شخص کو اغوا کیا۔
رپورٹ کے مطابق ملزمان نے اغوا کے کچھ دیر بعد مغوی کو نادرن بائی پاس پر گولیاں مار کر لاش پل کے نیچے پھینک دی تھی۔
سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ جب مقدمے کی تفتیش انھیں ملی تو انھوں نے شواہد کی مدد سے ملزمان تک رسائی حاصل کر لی، گرفتار ملزمان محمد نسیم اور نور آغا کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والی کار بھی برآمد کر لی گئی ہے۔
سی ٹی ڈی سندھ کا کہنا ہے کہ حمید اللہ کے سالے ولی خان نے داؤد، قیوم، ماما فوجی اور دیگر ملزمان کے ہمراہ مقتول کو سفید رنگ کے ویگو اور ایک ٹیوٹا کرولا میں گھر سے خود کو سرکاری ایجنسی کے اہل کار ظاہر کر کے اٹھا لیا تھا۔
سی ٹی ڈی کے مطابق ولی خان نے اس کام کے لیے ساتھیوں کو بھاری رقم بھی دی تھی۔
انچارج سی ٹی ڈی مظہر مشہوانی کے مطابق گرفتار ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں کوئٹہ اور حیدر آباد روانہ کر دی گئی ہیں۔