بھارت کی ریاست مدھیہ پردیش کے ضلع مورینا میں سوشل میڈیا کیلیے پھانسی کی پرینک ویڈیو بنانے کے دوران 11 سالہ لڑکے کی موت ہوگئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ہفتے کی شام امباہ میں پیش آئے افسوسناک واقعے کی ایک دردناک ویڈیو سوشل میڈیا پر سامنے آئی جسے دیکھ کر ہر کوئی چونک اٹھا۔
دراصل ساتویں جماعت کا طالب علم کرن پرمار گھر کے قریب خالی پلاٹ میں دیگر بچوں کے ساتھ کھیل رہا تھا۔
پولیس کے مطابق جائے وقوعہ پر دوسرے لڑکے کی طرف سے ریکارڈ کی گئی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کرن پرمار کے گلے میں رسّی کا پھندا ہے جو درخت سے بندھا ہوا ہے۔
پرینک ویڈیو بناتے ہوئے کرن پرمار کا پاؤں پھسل گیا اور رسّی اس کے گلے میں پھنس گئی جس سے وہ تڑپنے لگا، تاہم ویڈیو بنانے والے لڑکے نے محسوس کیا کہ وہ پرینک کر رہا ہے لیکن درحقیقت پھانسی کا پھندا اس کے گلے میں پھنس چکا تھا۔
تھوڑی ہی دیر بعد وہ تڑپ تڑپ کر بے ہوش ہوگیا جس کے بعد کرن پرمار کے والدین کو اطلاع دی گئی جنہوں نے موقع پر پہنچ کر بیٹے کو اسپتال منتقل کیا تاہم ڈاکٹرز نے اس کی موت کی تصدیق کر دی۔
دوسری جانب، پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا۔