قومی کپتان بابر اعظم کے دیوانے ایسے ہی ہیں ملتان میں ایشیا کپ کے دوران دولہا دلہن اپنی شادی کی تقریب چھوڑ کر ان سے ملنے اسٹیڈیم چلے آئے ہیں۔
قومی کپتان اپنی شاندار کارکردگی سے ملک اور بیرون ملک کامیابی کے جھنڈے گاڑ رہے ہیں۔ تسلسل سے کارکردگی کی بدولت ان کے چاہنے والوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ ایسے ہی ان کا فین ایک نیا جوڑا نکلا جو ملتان میں ایشیا کپ کے افتتاحی میچ میں اپنے پسندیدہ کھلاڑی سے ملنے کے لیے اپنی شادی ادھوری چھوڑ کر اسٹیڈیم آگیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں شیروانی پہنے دولہا اور بھاری بھرکم لہنگا پہنے دلہن اپنے رشتے داروں کے ہمراہ زندگی کے اس خاص دن پر بھی بابر اعظم سے ملنے کی خواہش لیے اسٹیڈیم پہنچ گئے۔
یہ نیا نویلا جوڑا اپنے پسندیدہ کرکٹر سے ملنے کے لیے اسٹیڈیم کے باہر بے قرار کھڑا اور مسلسل ادھر ادھر دیکھتا رہا مگر افسوس ان کی یہ خواہش پوری نہ ہوسکی اور انہیں ناکام واپس لوٹنا پڑا۔