پارک میں دُلہا، دلہن کے فوٹو شوٹ کے دوران ڈاکو آ گئے

شادی کی تقریبات میں دلہا، دلہن کا فوٹو شوٹ معمول ہے لیکن اس جوڑے کو فوٹو شوٹ کرانا مہنگا پڑ گیا اور وہ پارک میں لُٹ گئے۔

شادی کسی بھی لڑکے اور لڑکی کے لیے یادگار دن ہوتا ہے اس دن وہ اپنی نئی زندگی کی شروعات کرتے ہیں جس کے لیے کئی دنوں اور ہفتوں پیشگی تیاریاں کی جاتی ہیں۔

موجودہ دور میں دولہا اور دلہن کا فوٹو شوٹ رواج بن گیا ہے اور بدلتے وقت کے ساتھ یہ اسٹوڈیو اور شادی ہالز سے نکل کر آؤٹ ڈور ہونے لگا ہے۔

پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں بھی ایک شادی کی تقریب میں دولہا دلہن فوٹو شوٹ کرانے پارک پہنچے جو انہیں مہنگا پڑ گیا کیونکہ اچانک وہاں ڈاکو وارد ہوئے اور دونوں سے لوٹ مار کر کے چلتے بنے۔

یہ واقعہ اسلام آباد کے سیکٹر آئی ایٹ کا ہے جہاں کچنار پارک قدرتی درختوں اور رنگ برنگے پھولوں کے باعث انتہائی خوبصورت نظر آتا ہے اور اسی وجہ سے نئے جوڑے یہاں فوٹو گرافی کو ترجیح دیتے ہیں۔

پی ڈبلیو ڈی اسلام آباد کا رہائیشی محمد حامد مظہر اپنی نئی نویلی دلہن کے ہمراہ اس پارک میں فوٹو شوٹ کرانے پہنچا اور اس کے ساتھ دیگر فیملی ممبرز بھی تھے۔

یہ جوڑا فوٹو شوٹ کے لیے پوز دینے میں مصروف تھا اور ساتھ آئے لوگ پارک کے دلفریب نظاروں سے لطف اندوز ہو رہے تھے کہ اچانک نامعلوم شخص آیا اور بزور اسلحہ دلہن سے پہنے گئے زیورات (آرٹیفیشل)، دلہا اور دلہن سمیت اہلخانہ کے موبائل فونز، فوٹو گرافرز کے قیمتی کیمرے اور نقدی چھین کر فرار پارک کے باہر موجود اپنے ساتھی کے ہمراہ موٹر سائیکل پر فرار ہوگیا۔

پولیس کے مطابق مذکورہ ڈکیتوں کو گرفتار کر کے ان سے چھینے گئے آرٹیفیشل زیورات، موبائل اور کیمرے برآمد کر لیے ہیں۔