شادی کے چند گھنٹے بعد ہی دلہن نے زندگی کا خاتمہ کر لیا

شادی کو 2 افراد کی نئی زندگی کی شروعات کہا جاتا ہے مگر ایک دلہن نے شادی کے چند گھنٹے بعد ہی اپنی زندگی کا ہی خاتمہ کر لیا۔

یہ افسوسناک واقعہ بھارت کی ریاست آندھرا پردیش میں پیش آیا۔ دلہن کی خودکشی کا سن کر سب حیران رہ گئے اور شادی کا گھر ماتم کدہ میں تبدیل ہو گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ضلع ستیہ سائی میں والدین کی اکلوتی بیٹی 22 سالہ ہرشیتا کی شادی کرناٹک کے گاؤں دببوری پلی کے رہائشی ناگیندر سے ہوئی پیر کے روز دھوم دھام سے ہوئی تھی اور دولہا دلہن دونوں خوش دکھائی دے رہے تھے۔

دولہا سمیت باراتیوں نے رات دلہن کے گاؤں میں ہی قیام کرنا تھا اور لڑکی والے اس کے انتظامات میں لگے ہوئے تھے۔ اسی دوران ہرشیتا (دلہن) کمرے میں گئی اور دروازہ اندر سے بند کر لیا۔

جب وہ کافی دیر تک واپس نہ آئی تو گھر والے اور دیگر رشتہ دار کمرے کا دروازہ توڑ کر داخل ہوئے تو اندر کا منظر دیکھ کر سب کی چیخیں نکل گئیں کیونکہ دلہن کی لاش کمرے کی چھت سے جھول رہی تھی۔ ہرشیتا نے کمرے میں خود کو بند کرنے کے بعد پھندا لگا کر خودکشی کر لی تھی۔

اہلخانہ فوری طور پر اس کو قریبی سرکاری اسپتال لے کر گئے جہاں ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کر دی۔

رپورٹ کے مطابق خودکشی کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہو سکی ہیں اور دلہن کے اہلخانہ سمیت رشتہ دار ہرشیتا کی موت سے صدمے کے ساتھ اس کے یہ انتہائی قدم اٹھانے پر حیران ہیں۔

گزشتہ سال شادی سے متعلق ایک افسوسناک واقعہ مصر میں پیش آیا تھا، جہاں دلہن رخصت ہو کر سسرال پہنچی تھی، لیکن سسرال  کے گھر میں قدم رکھتے ہی انتقال کر گئی تھی۔

https://urdu.arynews.tv/sudden-death-of-the-bride-in-laws-house/