لاس اینجلس: امریکا کی معروف گلوکارہ برٹنی اسپیئرز اور ان کے شوہر سیم اصغری نے شادی کے محض 14 ماہ بعد ایک دوسرے سے علیحدگی کا فیصلہ کر لیا۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق برٹنی اسپیئرز نے 2022 میں والد کے خلاف طویل قانونی جنگ جیتنے کے بعد اپنے ایرانی دوست سیم اصغری سے شادی کی تھی تاہم اس سے قبل جوڑا کئی سالوں تک ایک دوسرے کو ڈیٹ کرتا رہا۔
جوڑے نے اب ایک دوسرے سے علیحدگی کا فیصلہ کیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ گلوکارہ کی جانب سے دھوکہ دہی کے بعد سیم اصغری نے باضابطہ طور پر طلاق کیلیے درخواست جمع کروا دی ہے۔
برٹنی اسپیئرز نے اب تک اس متعلق کوئی بیان جاری نہیں کیا تاہم انہوں نے انسٹاگرام پر اپنی ایک تصویر پوسٹ کی ہے جس میں انہیں سمندر کنارے گھڑ سواری کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
ادھر سیم اصغری اور اس کے وکلا کی جانب سے بھی اس متعلق کوئی بیان سامنے ںہیں آیا۔
برٹنی اسپیئرز نے منگنی کا اعلان ستمبر 2021 میں انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شئیر کر کے کیا تھا جس میں وہ انگوٹھی مداحوں کو دکھاتی نظر آئیں۔
سیم اصغر کا تعلق ایران سے ہے اور وہ 12 سال کی عمر سے امریکا میں مقیم ہیں۔ اُن دنوں بطور ماڈل، فٹنس ٹرینر اور اداکار کام کر رہے تھے۔ برٹنی اسپیئرز کے ساتھ ان کی دوستی 2016 میں ایک میوزک ویڈیو کی شوٹنگ کے دوران ہوئی تھی بعدازاں دوستی محبت میں بدل گئی۔
برٹنی اسپیئرز کی اس سے قبل 2 بار شادیاں ناکام ہو چکی ہیں۔ ان کے سابقہ شوہر کیون فیڈر لائن سے 2 بچے ہیں۔ اس کے علاوہ برٹنی اپنے بچپن کے دوست جیسن الیگزینڈر سے بھی شادی کر چکی ہیں جو صرف 55 گھنٹوں میں ہی ختم ہو گئی تھی۔