گزشتہ روز ایشز سیریز کے آخری ٹیسٹ کے ساتھ ہی فاسٹ بولنگ کا ایک اور عہد تمام ہوا اور انگلینڈ کے مایہ ناز فاسٹ بولر اسٹیورٹ براڈ انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہوگئے۔
اسٹیورٹ براڈ نے اپنے 16 سالہ کرکٹ کیریئر میں ٹیسٹ کرکٹ میں 604 وکٹیں حاصل کیں وہ اس طرز کی کرکٹ میں 600 وکٹیں لینے والے دوسرے فاسٹ بولر ہیں۔ جنہوں نے اپنے شاندار کیریئر کا بہترین اختتام اپنی ٹیم کی فتح کی صورت میں کیا۔ ایشز سیریز کے پانچویں اور آخری میچ میں انگلینڈ نے میچ جیت کر اپنے بولر کی ریٹائرمنٹ کو یادگار بنایا۔ اوول ٹیسٹ کے چوتھے روز براڈ کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا جب کہ اسٹیڈیم میں موجود تماشائیوں نے بھی کھڑے ہوکر تالیاں بجائیں۔
اپنے کیریئر کا یوں شاندار انداز میں اختتام کسی کسی کرکٹر کو ہی نصیب ہوتا ہے جن میں اسٹورٹ براڈ کے نام کا اضافہ ہوگیا تاہم براڈ کے کیریئر کا آغاز اچھا نہ تھا بلکہ ایک ڈراؤنا خواب تھا جب 2007 میں اپنے کرکٹ کیریئر کے پہلے سال ہی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے اولین ایڈیشن میں یوراج سنگھ میں ان کے ایک اوور میں 6 چھکے لگا کر عالمی ریکارڈ بنایا تھا۔
تاہم براڈ یہ کاری ضرب سہ گئے اور ہمت ہارنے کے بجائے ڈٹے رہے وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ان کے کھیل میں نکھار اور بولنگ میں کاٹ آتی گئی اور انہوں نے متعدد بار دنیا کے بڑے بڑے بلے بازوں کو پویلین بھیج کر اپنی ٹیم کو درجنوں فتوحات سے ہمکنار کرایا۔
جب جیمز اینڈرسن نے انجری کے باعث طویل وقت کے لیے کھیل کے میدانوں سے دور ہوئے تو ان کی غیرموجودگی میں بھی براڈ نے انگلش ٹیم کو ان کی کمی محسوس نہ ہونے دی۔
سال 2015 کا ناٹنگھم ٹیسٹ کوئی نہیں بھول سکتا جس میں براڈ نے 8 وکٹیں لیں اور روایتی حریف آسٹریلیا کو 60 رنز پر چلتا کیا۔
براڈ اور اینڈرسن انگلینڈ کی مقبول ترین بولنگ جاڑی رہی جس کو یہ خاص اعزاز حاصل ہے کہ ان کے پورے کیریئر کے دوران اب تک آسٹریلین ٹیم انگلش سر زمین پر ایشز سیریز جیتنے میں ناکام رہی۔
براڈ تو37 سال کی عمر میں ریٹائر ہو گئے لیکن ان کے دوست اور ساتھی کرکٹر اینڈرسن کا فل الحال کرکٹ کے میدان چھوڑنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ جیمز اینڈرسن اپنے قریبی ساتھی اور بہترین دوست کی ریٹائرمنٹ پر جذباتی ہو گئے اور میچ کے اختتام پر براڈ کی ریٹائرمنٹ کے حوالے سے صحافی کے سوال پر الفاظ ان کا ساتھ نہیں دے رہے تھے اور آنکھیں نم ہوگئی تھیں۔
واضح رہے کہ اسٹیورٹ براڈ نے انٹرنیشنل کرکٹ میں 843 وکٹیں حاصل کیں جس میں 604 وکٹیں ٹیسٹ، 171 وکٹیں ون ڈے جبکہ 65 وکٹیں ٹی20 میں حاصل کیں۔