قاتل بھائی بہن کا کٹا ہوا سر لیے سڑک پر گھومتا رہا، ویڈیو سامنے آگئی

قاتل بھائی بہن کا کٹا ہوا سر لیے سڑک پر گھومتا رہا، ویڈیو سامنے آگئی

بھارت کی ریاست اتر پردیش میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں بھائی نے سگی بہن کا سر دھڑ سے الگ کر دیا۔

مقامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق بھائی نے پسند کی شادی کیلیے گھر سے بھاگنے پر بہن کا لرزہ خیز قتل کیا۔ ملزم نے نہ صرف بہن کا سر دھڑ سے الگ کیا بلکہ اس کو لے کر علاقے میں گشت پر نکل پڑا۔

افسوسناک واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر موجود ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ملزم ایک ہاتھ میں بہن کا کٹا ہوا سر جبکہ دوسرے ہاتھ میں تیز دھار آلہ لیے سڑک پر مزے سے گھوم رہا ہے۔

لڑکی کے لزرہ خیز قتل سے علاقہ مکینوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ پولیس نے ویڈیو اور اطلاع ملتی ہی ملزم کو گرفتار کر کے مقتولہ کا کٹا ہوا سر اور تیز دھار آلہ برآمد کرلیا۔

مقتولہ نے 25 مئی کو بھاگ کر شادی کی تھی جس کے بعد اس کے اہل خانہ نے بازیابی کیلیے پولیس میں شکایت دی تھی۔ پولیس نے لڑکی کا سراغ لگا کر اسے 29 مئی کو گھر والوں کے حوالے کیا تھا اور تب سے اس کا بھائی غصے میں تھا۔

پولیس کے مطابق ملزم ذہنی طور پر ٹھیک ہے، اس نے مقتولہ کو کہیں اور شادی کرنے کیلیے سمجھایا لیکن وہ نہ مانی جس پر اسے قتل کر دیا۔