ہالی ووڈ کے ایکشن ہیرو بروس ولس کی صحت کے بارے میں اہلیہ کا جذباتی پیغام

بروس ولس ڈیمنشیا

ہالی ووڈ کے ایکشن ہیرو بروس ولِس کی صحت کے بارے میں ان کی اہلیہ کی جانب سے ایک نہایت جذباتی پیغام سامنے آیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ہالی ووڈ کے معروف اداکار بروس وِلِس (Bruce Willis) کی اہلیہ ایما ہیمِنگ ولِس نے انکشاف کیا ہے کہ ان کی دماغی حالت بگڑتی جا رہی ہے اور اُن کی زبان ساتھ چھوڑ رہی ہے۔

70 سالہ بروس ولس کو دو سال قبل ’فرنٹو ٹیمپورل ڈیمنشیا‘ (Frontotemporal Dementia) کی تشخیص ہوئی تھی۔ ایما ہیمِنگ نے امریکی نشریاتی ادارے اے بی سی کو دیے گئے ایک خصوصی انٹرویو میں بتایا ’’بروس اب بھی بہت متحرک ہیں اور مجموعی طور پر ان کی جسمانی صحت بہت اچھی ہے، مسئلہ صرف دماغ کے ساتھ ہے۔ زبان ساتھ نہیں دے رہی۔ ہم نے خود کو ان کے مطابق ڈھال لیا ہے اور اب ہم ان سے ایک مختلف طریقے سے بات چیت کرتے ہیں۔‘‘

بروس ولس ڈیمنشیا بیوی بچے

یاد رہے کہ 2022 میں بروس وِلِس کے اہلِ خانہ نے اعلان کیا تھا کہ ’ڈائی ہارڈ‘ اور ’سِکس سینس‘ جیسی فلموں سے شہرت پانے والے اداکار شوبز سے ریٹائر ہو رہے ہیں، کیوں کہ انھیں زبان سے متعلق دماغی مرض ’ایفیشیا‘ (Aphasia) لاحق ہو گیا ہے۔

ٹیلر سوئفٹ نے امریکی فٹبال اسٹار سے منگنی کر لی

ایما ہیمِنگ نے انٹرویو میں بتایا کہ بیماری کی ابتدائی علامات میں بروس کا زیادہ خاموش ہو جانا شامل تھا۔ ’’جو شخص ہمیشہ باتونی اور ہر وقت مشغول رہنے والا تھا، وہ کچھ زیادہ خاموش ہو گیا تھا۔ جب ہم سب اکٹھے ہوتے تو وہ بس جیسے کہیں کھو جاتا تھا۔ وہ پہلے کی طرح گرمجوش اور پیار کرنے والا نہیں رہا تھا۔ یہ تبدیلی نہایت خوف ناک اور پریشان کن تھی۔‘‘

ایفیشیا کی تشخیص کے ایک سال بعد بروس ولِس کو فرنٹو ٹیمپورل ڈیمنشیا (نسیان کی ایک نایاب اور لاعلاج بیماری) کی بھی تشخیص ہوئی۔ اس موقع پر ان کے اہلِ خانہ، جن میں ان کی بیٹیاں، اہلیہ اور سابقہ اہلیہ ڈی می مور شامل تھیں، نے مشترکہ بیان میں کہا تھا: ’’یہ تکلیف دہ ضرور ہے، مگر یہ جان کر کچھ سکون ملا کہ آخرکار ایک واضح تشخیص سامنے آئی ہے۔‘‘

تشخیص کے بعد کے دنوں کو یاد کرتے ہوئے ایما ہیمِنگ نے کہا ’’مجھے ایسا لگا جیسے میں نیچے گر رہی ہوں۔ مجھے کچھ سنائی ہی نہیں دے رہا تھا۔ صرف خبر سنی، اور باقی سب کچھ بند ہو گیا۔‘‘

اگرچہ بروس ولِس اب 70 سال کے ہو چکے ہیں اور بیماری نے ان کی شخصیت کو متاثر کیا ہے، تاہم ایما ہیمِنگ کے مطابق کبھی کبھار ان کی پرانی مسکراہٹ اور شخصیت کی چمک جھلک دکھا جاتی ہے۔ ’’اب بھی ایسے لمحات آتے ہیں۔ دن نہیں، صرف لمحے۔ اُن کی ہنسی بہت دل سے ہوتی ہے۔ کبھی کبھی اُن کی آنکھوں میں وہ چمک آ جاتی ہے، اور اُس وقت میں جیسے کسی اور دنیا میں چلی جاتی ہوں۔ مگر وہ لمحے جلد ہی گزر جاتے ہیں۔‘‘

بروس ولِس اور ایما ہیمِنگ کی شادی 2009 میں ہوئی تھی اور ان کی دو بیٹیاں ہیں۔ ایما ہیمِنگ کی اپنے شوہر کی نگہداشت سے متعلق کتاب Unexpected Journey: Finding Strength, Hope and Yourself on the Caregiving Path رواں سال 9 ستمبر کو شائع ہوگی۔