اسلام آباد: سینیٹر سلیم مانڈوی والا کا کہنا ہے کہ بجٹ میں ٹیکس در ٹیکس سے مہنگائی 10 فیصد بڑھے گی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق سینیٹر سلیم مانڈوی والا کا کہنا ہے کہ بجٹ میں ہر طبقے کے لیے مہنگائی بڑھے گی، شیرخوار بچوں کے دودھ، اسٹیشنری پر سیلز تیکس کی مخالفت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں ٹیکس ایجنسی کو ٹیکس کا کوئی ٹارگٹ نہیں دیا جاتا، بجٹ میں ایف بی آر ٹارگٹ دیا جائے گا تو پھر ٹیکس زیادہ لگے گا۔
سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ جب ٹیکس والوں کو زیادہ ہدف دیں تو ریلیف کی گنجائش کہاں سے ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ وزیر خزانہ کے پاس ریلیف کے لیے گنجائش نہیں ہے، بجٹ میں ارکان پارلیمنٹ کو 75 ارب کا فنڈز دینے کا مخالف ہوں۔
اس سے قبل سلیم مانڈوی والا کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا اجلاس ہوا جس میں بتایا گیا کہ بجٹ میں برانڈ کی ڈبل روٹی اور پاپوں پر 10 فیصد سیلز ٹیکس لگایا گیا ہے۔
فاروق نائیک کا کہنا تھا کہ سویوں، شیر مال، بن اور پاپوں پر بھی سیلز ٹیکس لگا دیا گیا، غریب آدمی اب عید پر بھی سویاں نہیں کھا سکے گا۔
سینیٹر فاروق نائیک نے پوچھا کہ شیر مال پر ٹیکس کس کی سوچ میں آیا، شیر مال تو کراچی والے قورمے کے ساتھ کھاتے ہیں۔
ٹیکس حکام نے بتایا کہ گلی محلوں کی بیکری کی ڈبل روٹی پر سیلز ٹیکس نہیں ہوگا۔