بونیر ایک بار پھر سیلاب کی زد میں، ہائی الرٹ جاری

بونیر

بونیر : ضلع بھر میں مسلسل بارش کے بعد ایک بار پھر ہائی الرٹ جاری کردیا گیا، پیر بابا کے علاقے میں سیلابی ریلا گزر رہا ہے۔

ڈپٹی کمشنر بونیر کاشف قیوم کا کہنا ہے کہ پیر بابا کے علاقے میں سیلابی پانی کے بہاؤ میں کچھ کمی واقع ہوئی ہے تاہم سیکڑوں گھروں اور دکانوں میں پانی جمع ہوگیا۔ بٹئی اور قدر نگر میں پانی کی سطح بلند، پیر بابا خوڑکی طرف تیزی سے بہاؤ جاری ہے۔

بونیر کے چغرزی بامے روڈ پر لینڈ سلائیڈنگ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہورہی ہے تاہم لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں ایک ایکسیویٹر آگیا جس سے امدادی کاموں میں مصروف بھاری مشینری تباہ ہوگئی۔

بونیر کے ڈپٹی کمشنرکاشف قیوم نے بتایا کہ سیلابی ریلا گزر رہا ہے خوش قسمتی سے اب تک کوئی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے، انہوں نے کہا کہ پانی کے بہاؤ میں بتدریج کمی آرہی ہے، شہری مطمئن رہیں۔

سیلابی پانی مرکزی بازار کے پیچھے، سڑک کے ساتھ ہائی لیول تک پہنچ گیا، مساجد اور لاؤڈ اسپیکر کے ذریعے محفوظ مقامات پر منتقلی کے اعلانات کیے جاتے رہے۔

بونیر کی ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مسلسل بارشوں سے سیلاب اور تیز بہاؤ کا شدید خطرہ ہے، عوام کو محفوظ مقامات کی طرف منتقل کرنے کا عمل جاری ہے۔

ضلعی انتظامیہ نے سرکاری رہائش گاہوں کو ہنگامی صورتحال میں پناہ گاہیں قرار دے دیا
ریسکیو1122،سول ڈیفنس، پولیس اور دیگر ادارے فیلڈ میں متحرک ہیں، عوام سےاپیل ہے کہ غیرضروری طور پر گھروں سے نہ نکلیں۔