اسلام آباد: ادارہ شماریات نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو 7ویں خانہ و مردم شماری سے متعلق مطلوبہ معلومات فراہم کر دیں جن میں چارجز، سرکلز اور بلاکس کا گزٹ نوٹیفکیشن شامل ہے۔
ادارہ شماریات نے 185514 بلاکس، سرکلز اور چارجز کے ڈیجیٹائزڈ نقشوں کے رنگین پرنٹ فراہم کیے۔ الیکشن کمیشن کو مردم شماری بلاک کے لحاظ سے اعداد و شمار و دیگر معلومات فراہم کی گئیں ۔
ادارہ شماریات کے مطابق سندھ کے ڈیجیٹائزڈ نقشوں کے رنگین پرنٹ 30 اگست تک فراہم کیے جائیں گے، مردم شماری کے اعداد و شمار حلقہ بندی کرنے کیلیے اہمیت کے حامل ہیں۔
خیال رہے کہ 17 اگست کو الیکشن کمیشن نے حلقہ بندیوں کے شیڈول کا اعلان کرتے ہوئے ملک بھر میں نئی مردم شماری کی بنیاد پر حلقہ بندیوں کا فیصلہ کیا تھا۔ جاری کردہ بیان میں کہا گیا تھا کہ ادارے پر لازم ہے کہ وہ نئی حلقہ بندیاں کرے جس کی 14 دسمبر کو حتمی اشاعت کی جائے گی۔
اس ضمن میں الیکشن کمیشن نے صوبائی حکومتوں اور ادارہ شماریات سے بھی معاونت طلب کی تھی۔ بیان میں کہا گیا کہ حلقہ بندیوں سے متعلق انتظامی امور 31 اگست تک مکمل کیے جائیں گے جبکہ ملک بھر میں 8 ستمبر سے 7 اکتوبر تک حلقہ بندیاں کی جائیں گی۔
’یکم سے 4 ستمبر تک حلقہ بندی کمیٹیوں کو تربیت دی جائے گی۔ حلقہ بندی کمیٹیاں 21 اگست تک قائم کر دی جائیں گی۔ حلقہ بندیوں کے خلاف اپیلیں 10 اکتوبر سے 8 نومبر تک کی جا سکیں گی۔‘