لاہور: تھانہ نشتر کی حدود آشیانہ اسکیم کے قریب ایک پلاٹ سے بچے کی جھلسی ہوئی لاش برآمد ہوئی ہے، پولیس نے قتل کے الزام میں ایک شخص کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں تھانہ نشتر کی حدود میں مبینہ طور پر اغوا ہونے والے بچے کی لاش ایک پلاٹ سے برآمد ہو گئی ہے، پولیس نے قتل کے الزام میں ساجد نامی شخص کو حراست میں لے رکھا ہے، ملزم سے مختلف پہلوﺅں پر تحقیقات جاری ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق اغوا کاروں نے بچے کو تاوان کے لیے اغوا کیا، تاہم تاوان ادا کیے جانے کے باوجود اغوا کاروں نے بچے کو مار دیا۔
علی حسن پانچویں جماعت کا طالب علم تھا جسے گزشتہ ماہ نا معلوم افراد نے اغوا کیا تھا، بچے کے اغوا کا مقدمہ تھانہ ہیئر میں بچے کے والد مبارک حسین کی مدعیت میں گزشتہ ماہ ہی درج کیا جا چکا ہے۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق بچہ والدہ کے کہنے پر قریب ایک گھر میں پیسے پہنچانے گیا تو نا معلوم افراد نے اغوا کر لیا۔
یہ بھی پڑھیں: سرگودھا: ٹیچر کا 8 سالہ طالبہ پر تشدد، سر کے بال کاٹ دیے
متاثرہ خاندان کا کہنا ہے کہ 11 سالہ علی حسن کو قتل کرنے کے بعد جلایا گیا، پولیس اور فرانزک کی ٹیموں نے جائے وقوعہ سے شواہد جمع کر کے لاش اور ہڈیوں کو فرانزک لیب بھجوا دیا ہے۔
خیال رہے کہ جنوری میں بھی ایک بچہ اغوا کیا گیا تھا تاہم پولیس نے نے کارروائی کرتے ہوئے بچوں کو اغوا کر کے بچینے والے گروہ کے کارندے گرفتار کر کے بچے کو بازیافت کرایا، اغوا کار باپ بیٹے کے قبضے سے مجموعی طور پر تین بچوں کو بازیاب کرایا گیا تھا۔