اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے بانی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی ہمشیرہ مریم ریاض وٹو نے دعویٰ کیا ہے کہ بشریٰ بی بی کو جیل میں غیر قانونی اور ناروا سلوک کا سامنا ہے، ان کے جیل کے سیل چوہے گھوم رہے ہوتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے بانی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی ہمشیرہ مریم ریاض وٹو نے دعویٰ کیا ہے کہ بشریٰ بی بی کو جیل میں غیر قانونی اور ناروا سلوک کا سامنا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے بانی کی اہلیہ کی ہمشیرہ مریم ریاض وٹو نے اے آر وائی نیوز کے نجی پروگرام الیونتھ آور میں گفتگو کرتے ہوئے بشریٰ بی بی کا مورال ڈاؤن نہیں ہے مگر ان کی صحت تیزی سے متاثر ہو رہی ہے، ایک ماہ بعد ملاقات کی اجازت ملی جبکہ ملاقات کے لیے انہیں بھوک ہڑتال کرنی پڑی۔
ان کا کہنا تھا کہ لاہور سے فیملی جب ملاقات کے لیے جاتی ہے تو ایک ایک گھنٹہ باہر کھڑا رکھا جاتا ہے، یہاں تک کہ بانی پی ٹی آئی سے بھی ملاقات نہیں کرائی گئی۔
مریم ریاض وٹو نے انکشاف کیا کہ بشریٰ بی بی کے جیل سیل کی چھت ٹپک رہی ہے، الیکٹرک بورڈ میں کرنٹ آ رہا تھا اور سیل میں چوہے گھومتے رہتے ہیں، ایک موقع پر دو دن تک کمرے کی بجلی بھی بند رکھی گئی۔
انہوں نے کہا کہ بہن کے خلاف مقدمات میں ضمانتیں نہیں ہو رہیں، ان کے ساتھ غیر قانونی سلوک ناقابل قبول ہے، وہ بہت کمزور ہو گئی ہیں اور اب تک ان کا تقریباً 15 کلو وزن کم ہو چکا ہے۔