صدر مملکت آصف زرداری نے کہا ہے کہ کیپسٹی چارجز کا متفقہ حل تیار کیا جائے تاکہ کسی اسٹیک ہولڈر کو نقصان نہ ہو۔
تفصیلات کے مطابق صدر سے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد تاجروں اور 40 علاقائی کاروباری تنظیموں کے عہدیداروں پر مشتمل تھا۔
صدر نے مسائل کےحل اور متعلقہ حلقوں کے سامنے معاملہ اٹھانے میں تعاون کا یقین دلایا۔
انہوں نے کہا کہ کاروباری اداروں کو درپیش مسائل سے آگاہ ہوں مہنگےخام مال، توانائی اور ایندھن سے کاروباری شعبےکو مشکلات ہیں، توانائی کی بڑھتی قیمتوں سے نمٹنے کیلئے سب کیلئے سودمند حل تلاش کرنا ہو گا۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ کیپسٹی چارجز کا متفقہ حل تیار کیا جائے تاکہ کسی اسٹیک ہولڈر کو نقصان نہ ہو، کیپسٹی چارجز مسئلے کے قابل عمل حل کیلئےکاروباری برادری کمیٹی تشکیل دے، کمیٹی توانائی مسائل کےحل کیلئے صدر کے دفتر کےساتھ مل کر کام کرے، صدر مملکت کا دفتر کاروباری برادری کی کمیٹی کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت، عوام، تاجروں، پیداواری کمپنیوں سمیت سب کیلئےسودمند حل تلاش کیا جانا چاہیے۔