پاکستان میں کاروباری اعتماد میں امید افزا اضافہ

کاروباری اعتماد پاکستان

اسلام آباد: بزنس کانفڈینس انڈیکس سروے میں پاکستان میں کاروباری اعتماد میں امید افزا اضافہ دیکھا گیا، ملک میں کاروباری اعتماد منفی اٹھارہ فیصد ہے جو گزشتہ سروے میں منفی پچیس فیصد تھا۔

تفصیلات کے مطابق اوورسیز انویسٹرزچیمبرآف کامرس اینڈانڈسٹری کے تحت بزنس کانفڈینس انڈیکس سروے کے نتائج جاری کردیے گئے ، سروے میں پاکستان میں کاروباری اعتماد میں امید افزا اضافہ دیکھا گیا۔

ملک بھر میں اکتوبر تا نومبر دو ہزار تئیس بزنس کانفیڈنس انڈیکس سروے ویو چوبیس کے نتائج کے تحت گزشتہ سروے ویو تئیس کے مقابلے میں مجموعی طور پر سات فیصد بہتری کی نشاندہی کی گئی، ملک میں کاروباری اعتماد منفی اٹھارہ فیصد ہے جو گزشتہ سروے میں منفی پچیس فیصد تھا۔

بزنس کانفیڈنس انڈیکس سروے میں کاروباری اعتماد میں مینوفیکچرنگ سیکٹر میں سب سے زیادہ اضافہ نو فیصد اور خدمات کے شعبے میں آٹھ فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

اس کے علاوہ ریٹیل، ہول سیل ٹریڈ میں گزشتہ کے منفی پینتیس فیصد کے مقابلے میں منفی اکتیس فیصد ریکارڈ کیا گیا۔

مثبت رجحان کے باوجود سروے کے شرکا میں سے تین چوتھائی نے تشویش کا اظہار کیا کہ موجودہ معاشی صورتحال ان کے کاروبار کو متاثرکرسکتی ہے۔

صدراوآئی سی سی آئی عامرپراچہ نے سروے رپورٹ کے حوالے سے کہا کہ خدشات گزشتہ سروے کے تاثرات سے مطابقت رکھتے ہیں۔۔ بی سی آئی کاروباری اعتماد میں بہتری کی وجہ نسبتاً مستحکم ہے۔