بھارت میں ایک تاجر کے گھر پر پچھلے کئی مہینوں سے زیورات چوری ہوتے رہے۔ انہوں نے ’جنات‘ کو مورد الزام ٹھہراتے ہوئے پولیس میں شکایت درج نہیں کروائی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ممبئی سے تعلق رکھنے والے تاجر کے گھر سے زیورات چوری ہونے کا سلسلہ فروری میں شروع ہوا اور ستمبر تک برقرار رہا۔ تاجر کو لگا کہ زیورات کی چوری میں جنات ملوث ہیں۔
وہ اُس وقت دھنگ رہ گئے جب زیورات کے ساتھ گھر سے بڑی رقم بھی غائب ہوگئی۔ تاجر نے فوری طور پر پولیس میں شکایت کی اور چوری کا مقدمہ درج کروایا۔
پولیس نے تحقیقات سے قبل ہی اندازہ لگا لیا تھا کہ چوری میں جنات نہیں بلکہ گھر کا ہی کوئی فرد ملوث ہے۔ جب پولیس نے انکوائری شروع کی تو اس میں تاجر کی اپنی 12 سالہ بھتیجی ملوث نکلی۔
بھتیجی نے پولیس کو بتایا کہ وہ اپنے گجرات میں رہنے والے کزن کے کہنے پر چوری کر رہی تھی۔ پولیس نے گجرات سے کزن کو گرفتار کر کے تفتیش شروع کر دی۔
تاجر کے گھر سے مجموعی طور پر 40 لاکھ بھارتی روپے کی چوری ہوئی۔