بٹر چکن کی ترکیب کس نے بنائی؟ لڑائی عدالت تک پہنچ گئی

بھارت میں بٹر چکن کے معاملے پر قانونی جنگ تیز ہوگئی اور یہ لڑائی عدالت تک پہنچ گئی جس کا فیصلہ تاحال نہیں ہوسکا اور اگلی سماعت 29 مئی کو ہے۔

مشہور سالن بٹر چکن کی ترکیب کے حوالے سے بھارتی عدالت میں دو ریستوران کے درمیان قانونی جنگ جاری ہے، دونوں ریستوران پہلی بار ڈش متعارف کروانے کا سہرا اپنے سر باندھنا چاہتے ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق دونوں کا کہنا ہے کہ بٹر چکن نامی ڈش انہوں ایجاد کی تھی، یہ قانونی جنگ دنیا بھر کے سوشل میڈیا صارفین، اداریوں اور ٹی وی چینلز کی توجہ حاصل کر چکی ہے۔

انڈیا کی مشہور فوڈ چین موتی محل ریستوران کا کہنا ہے کہ صرف وہ چکن بٹر کے موجد کے طور پر تسلیم کیے جانے کا حق دار ہے، اس فوڈ چین اپنی حریف فوڈ چین دریا گنج سے مطالبہ کیا کہ وہ بٹر چکن متعارف کروانے کا دعویٰ کرنا بند کرے اور 2 لاکھ 40 ہزار ڈالر ہرجانہ ادا کرے۔

موتی محل کے مطابق ان کے بانی کندن لال گجرال نے دہلی منتقل ہونے سے پہلے سن 1930 کی دہائی میں بٹر چکن موجودہ پاکستان کے شہر پشاور کے ایک ہوٹل میں بنایا تھا۔

دوسری جانب دریا گنج ریسٹورنٹ نے عدالت میں 642 صفحات پر مشتمل جواب میں کہا ہے کہ ‘بٹر چکن کی ایجاد کی کہانی سچ نہیں ہے اور اس کا مقصد عدالت کو گمراہ کرنا ہے۔’