اسلام آباد : یورپ اور برطانیہ میں پی آئی اے سمیت پاکستانی طیاروں پر رواں ماہ پابندی ہٹنے کے امکانات ہیں۔
تفصیلات کے مطابق یورپ میں پی آئی اے سمیت پاکستانی طیاروں پر پابندی کے معاملے پر حکومتی اعلیٰ سطح وفد سیکرٹری ایوی ایشن کی سربراہی میں اتوار کو برسلز روانہ ہوگا۔
ڈپٹی ڈی جی سول ایوی ایشن سمیت دیگرافسران وفد میں شامل ہیں، حکومتی وفد یورپی کمیشن کے اجلاس میں شرکت کرے گا۔
یورپی سیفٹی ایجنسی ایاساکاسیفٹی ریویوبورڈکا اجلاس 14مئی کو برسلزمیں ہوگا، سی اے اے اور پی آئی اے کے اہم شعبوں کی آڈٹ سے متعلق رپورٹ پیش کی جائے گی۔
ترجمان سول ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ ایاسا کے اہم شعبوں جانچ پڑتال میں کامیابی حاصل کی ، اجلاس میں پاکستان سے پابندی ہٹنے کے امکانات ہیں۔
یاد رہے قومی ایئرلائن کی انتظامیہ نے پیرس کو اپنے یورپی فلائٹ آپریشن کے لیے حب بنانے کا فیصلہ کیا تھا، پی آئی اے کے اعلیٰ افسران کی ٹیم پیرس کا دورہ بھی کر چکی ہے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ پی آئی اے انتظامیہ نے چار سال کے انتظار کے بعد یورپی ملکوں کے لیے فضائی آپریشن شروع کرنے کی منصوبہ بندی تیز کر دی ہے۔
پی آئی اے انتظامیہ کو یقین ہے کہ مئی کے وسط کو ہونے والے یورپی ایئر سیفٹی کمیٹی اجلاس میں پی آئی اے کو یورپی فضائی آپریشن بحال کرنے کی اجازت مل جائے گی، یہ اہم اجلاس 14 سے 16 مئی کو ہوگا۔