خاتون کا پراسرار قتل : بدبو دار لاش چار دن بعد کال سینٹر سے ملی

کال سینٹر

لاہور : مسلم ٹاؤن میں کال سینٹر سے لڑکی لاش برآمد ہونے پر قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا، مقتولہ کا پہلے شوہر کے ساتھ خلع کا کیس چل رہا تھا، قتل کا مقدمہ بھائی ناصر کی مدعیت میں درج کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق مسلم ٹاؤن کے علاقہ میں واقع کال سینٹر سے خاتون کی لاش برآمد ہونے کے بعد پولیس نے مقتولہ کے بھائی کی مدعیت میں نامعلوم افراد کیخلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔

ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ مقتولہ ثمرین نے وحدت روڈ پر کال سینٹر بنا رکھا تھا، ثمرین کا پہلے شوہر کے ساتھ خلع کا کیس بھی عدالت میں چل رہا تھا۔

مقتولہ کے بھائی ناصر نے ایف آئی آر میں بتایا کہ کچھ روز سے بہن سے رابطہ نہ ہونے پر قصور سے لاہور آیا، کال سینٹر پہنچا تو کمرے سے بدبو آرہی تھی جس پر پولیس کو آگاہ کیا۔

پولیس اہلکاروں کے آنے پر کال سینٹر کا دروازہ توڑ کر دیکھا تو بہن کی لاش پڑی تھی، مقتولہ ثمرین کےدو موبائل فونز بھی جائے وقوعہ سے غائب تھے۔

پولیس کے مطابق 28 سالہ ثمرین کی لاش مسلم ٹاؤن موڑ کے قریب اس کے اپنے کال سنٹر سے ملی ہے، کال سینٹر پچھلے چار روز سے بند تھا۔

اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی تو ثمرین کو مردہ حالت میں پایا، پولیس نے لاش پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانے منتقل کر دی، فرانزک ماہرین کی مدد سے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لئے گئے ہیں، پولیس کا کہنا ہے کہ مختلف پہلوؤں پر تحقیقات کی جارہی ہیں۔