مانسہرہ: چیف آرگنائزر مسلم لیگ (ن) مریم نواز عام انتخابات میں کس صوبے سے حصہ لیں گی، اس متعلق ان کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر نے بتا دیا۔
کیپٹن (ر) صفدر نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ این اے 15 سے نواز شریف الیکشن لڑیں گے، وہ خیبر پختونخوا کی 24 سالہ محرمیوں کا ازالہ کریں گے، 16 ماہ کی حکومت میں شہباز شریف نے 30 ارب لاگت سے پانی کا منصوبہ دیا۔
انہوں نے بتایا کہ مریم نواز قومی و صوبائی اسمبلی دونوں سیٹوں سے پنچاب سے الیکشن میں حصہ لیں گی، میں الیکشن نہیں لڑوں گا لیکن عوام کی خدمت کروں گا۔
ان کا کہنا تھا کہ سیٹ ایڈجسمنٹ کیلیے کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں، امیر مقام خیبر پختونخوا کے اگلے وزیر اعلیٰ ہوں گے۔
متعلقہ: ’چاہتے ہیں بلاول بھٹو وزیر اعظم بنیں تو مریم نواز کابینہ کا حصہ ہوں‘
گزشتہ روز اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’الیونتھ آور‘ میں گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما نہال ہاشمی نے امکان ظاہر کیا تھا کہ نواز شریف، شہباز شریف اور مریم نواز کراچی سے بھی الیکشن لڑ سکتے ہیں۔
نہال ہاشمی کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہے کہ ان میں سے کم از کم دو شخصیات کراچی سے الیکشن میں حصہ لیں، (ن) لیگ بڑی پارٹی ہے اور سارے لوگ ہمارے پاس آ رہے ہیں کیونکہ لوگ بڑے کیک سے ہی آ کر حصہ لیتے ہیں چھوٹا کیک تو اکیلا آدمی ہی کھا پائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف ہر کسی کے گھر خود چل کر جاتے ہیں، چاہے وہ اکبر بگٹی کا گھرانہ ہو یا ولی خان اور ایم کیو ایم کا مرکز، تاہم کراچی میں ہمارا استحکام پاکستان پارٹی سے کوئی اتحاد نہیں ہو رہا ہے۔
نہال ہاشمی نے کہا تھا کہ سندھ میں 15 سال سے کرپشن کا ناجائز سسٹم بنایا ہوا ہے اور آج اس صوبے کے عوام ہمیں ہی اپنی آواز سمجھتے ہیں۔