کراچی : صفورا چورنگی کے قریب کار اور ڈمپر کے درمیان ہونے والے تصادم میں کار سوار نوجوان کے جاں بحق ہونے کا واقعہ پیش آیا ہے۔
حادثے میں جاں بحق ہونے والے نوجوان کی شناخت عدنان مرزا کے نام سے ہوئی ہے ،متوفی کو شدید زخمی حالت میں مقامی اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
پولیس حکام کے مطابق متوفی عدنان مرزا نیو رضویہ سوسائٹی کا رہائشی اور مقامی کال سینٹرمیں ملازمت کرتا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ متوفی کی تیزرفتار کار پچھلی جانب سے آکر ڈمپر سے ٹکرائی تھی، حادثے میں زخمی نوجوان اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گیا جس کی لاش ورثاء کے حوالے کردی گئی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی کراچی میں ڈمپر نے ایک اور گھراجاڑ دیا، بلدیہ ٹاؤن میں موٹرسائیکل سوار تین بھائیوں کو روند ڈالا تھا، حادثے میں ایک بھائی جاں بحق جبکہ دو زخمی ہوئے تھے۔
دوسرے واقعے میں گزشتہ روز کورنگی انڈسٹریل ایریا سنگر چورنگی کے پاس ٹینکر کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار شدید زخمی ہوگیا جسے طبی امداد کیلیے اسپتال روانہ کیا گیا۔