اسلام آباد : گاڑی میں سوار باپ ، بیٹی سیلابی ریلے میں بہنے کی ویڈیو سامنے آگئی

اسلام آباد : گاڑی میں سوار باپ ، بیٹی سیلابی ریلے میں بہنے کی ویڈیو سامنے آگئی

اسلام آباد: نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں گاڑی میں سوار باپ اور بیٹی سیلابی ریلے میں بہہ گئے ، جس کی ویڈیو سامنے آگئی۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد اور گردونواح میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش جاری ہے، نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا ہے، ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

ایسے میں ایک المناک واقعہ سامنے آیا، جہاں اسلام ہاؤسنگ سوسائٹی میں گاڑی آبی ریلے میں بہہ گئی۔

عینی شاہدین نے بتایا گاڑی میں باپ بیٹی سوار تھے ، کار سوار افراد نے برساتی نالے کے قریب سے گاڑی گزارنے کی کوشش کی لیکن پانی کابہاؤ تیز ہونے کی وجہ سے دونوں افراد کار سمیت پانی میں بہہ گئے۔

ریسکیو حکام نے بتایا کہ کار سمیت ڈوبنے والے کرنل(ر)اسحاق اور انکی بیٹی کی تلاش جاری ہے ریسکیوکے غوطہ خور،نیوی اور پولیس کی ٹیمیں تلاش کررہی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ برساتی نالہ دریائے سواں میں گرتا ہے، اس سے قبل 500میٹر کاکنکریٹ کو رہے، شیڈ کے نیچے اندھیرے اور پانی کے شدید دباؤ کے سبب آپریشن میں مشکلات ہیں۔

اس سے قبل ریسکیو 1122 نے راولپنڈی اور اسلام آباد میں مزید بارش کا ہائی الرٹ جاری کیا ہے۔ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں اور شہروں اور ملحقہ علاقوں میں خصوصی 1122 ٹیمیں تعینات کر دی گئی ہیں۔

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر صبغت اللہ نے کہا ہے کہ کسی بھی بارش کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے دریائے سوان اور دیگر مقامات پر پانی کی کشتیاں اور دیگر ضروری سامان مہیا کر دیا گیا ہے اور سیلاب کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے خصوصی ٹیمیں بھی تعینات کی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ رین ایمرجنسی نافذ کر دی گئی اور راولپنڈی میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔

یاد رہے گلگت بلتستان کے ضلع دیامر میں طوفانی بارش نے تباہی مچادی، بابو سرٹاپ اور اطراف میں کلاؤڈ برسٹ کی وجہ سے سیلابی صورتحال کے باعث سیاحوں کی پندرہ گاڑیاں ریلے میں بہہ گئیں، جس میں پانچ لاشیں نکال لی گئیں اور چارافراد کو بچا لیا گیا جبکہ درجنوں افراد لاپتا ہیں۔