کراچی میں شارع فیصل تھانے کی حدود میں ملزمان دن دہاڑے شہری سے گاڑی چھین کر باآسانی فرار ہوگئے۔
پولیس حکام نے بتایا کہ راشد منہاس روڈ پر تین ملزمان نے شہری کو گاڑی سمیت یرغمال بنایا اور شہری کو گاڑی میں بٹھا کر سڑکوں پر گھماتے رہے۔
حکام کے مطابق ملزمان نے گلشن معمار میں شہری کو اتارا اور گاڑی لے کر فرار ہوگئے، شہری کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا ہے اور تفتیش اے وی ایل سی کے سپرد کر دی۔
اس سے قبل کراچی کے علاقے حسن اسکوائر سر شاہ سلیمان روڈ پر شہری سے گاڑی چھیننے کا واقعہ پیش آیا تھا جس کی فوٹیج بھی سامنے آئی تھی۔
سر شاہ سلیمان روڈ پر موٹرسائیکل سوار 2 ملزمان شہری سے رقم چھیننے کی کوشش کرتے رہے، کافی دیر مزاحمت کے بعد ملزمان شہری کو گاڑی سے اتارنے میں کامیاب ہوا۔
فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک ملزم گاڑی اور دوسرا موٹر سائیکل پر سوار ہو کر فرار ہوگئے، دوسری جانب پی آئی بی پولیس کا کہنا ہے کہ کسی شہری نے واردات سے آگاہ نہیں کیا۔