نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کے تقرر کے لیے چیف الیکشن کمشنر سے سیکریٹری الیکشن کمیشن کی اہم ملاقات ہوئی ہے نام کا اعلان آج رات ہوجائے گا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کے تقرر کے لیے الیکشن کمیشن کا اجلاس شام 7 بجے چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں ہوگا تاہم اجلاس سے قبل چیف الیکشن کمشنر سلطان سکندر راجا سے سیکریٹری الیکشن کمیشن کی اہم ملاقات ہوئی ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ اس ملاقات میں نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کی تقرری سے متعلق گفتگو کی گئی اور سیکریٹری الیکشن کمیشن نے اس عہدے پرتقرری کے طریقہ کار سے چیف الیکشن کمشنر کو آگاہ کیا اور نگراں وزیراعلیٰ پر تقرری کے لیے بھجوائے گئے چار ناموں کی فہرست سے بھی آگاہ کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ان میں سے ایک نام آج شام 7 بجے ہونے والے اجلاس میں فائنل کرلیا جائے گا۔ اجلاس میں الیکشن کمیشن کے ممبران اور حکام شرکت کریں گے جو چاروں ناموں کا جائزہ لے کر میرٹ پر منظوری دیں گے۔
ذرائع نے چیف الیکشن کمشنر کے حوالے سے بتایا ہے کہ آج رات 10 بجے کی مقررہ مدت سے قبل نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کے لیے ایک نام کا اعلان کردیا جائے گا۔