نگراں وزیراعلیٰ سندھ کا وزیراعظم کاکڑ کے نام خط

نگراں وزیر اعلیٰ سندھ جسٹس (ریٹائرڈ) مقبول باقر نے نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کے نام مراسلہ ارسال کیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ریٹائرڈ) مقبول باقر نے نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کے نام مراسلہ ارسال کیا ہے جس میں ان سے ایم 6 منصوبے مکمل کرانے کی درخواست کی گئی ہے۔

جسٹس (ر) مقبول باقر نے مراسلے میں نگراں وزیراعظم کی توجہ پشاور تا کراچی موٹر وے منصوبے کی عدم تکیمل کی جانب مبذول کراتے ہوئے کہا ہے کہ پشاور تا کراچی موٹر وے منصوبے کی تمام اہم سڑکیں مکمل ہوچکی ہیں لیکن اس کا سب سے اہم حصہ حدرآباد سکھر لنک نا مکمل ہے۔

نگراں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ایم 6 سائٹ پر عملدرآمد اور پیش رفت نہ ہونا باعث تشویش ہے کیونکہ ایم 6 منصوبہ ہی دراصل سی پیک فریم ورک پراجیکٹ کا حصہ ہے تاہم افسوس وفاقی حکومت نے بغیر کوئی خاص وجہ بتائے منصوبے کو سی پیک سے خارج کیا۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ایم 6 کو جولائی 2020 میں ایکنیک نے 165.678 ارب  کی لاگت سے منظور کیا تھا اور اس منصوبے پر مئی 2021 میں 191.471 ارب روپے کی لاگت سے نظر ثانی کی گئی تھی جس کے بعد منصوبے کو بالآخر دسمبر 2022 میں پی پی پی موڈ کے تحت تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

جسٹس (ر) مقبول باقر نے کہا کہ 308.194 ارب  لاگت سے بلڈ آپریٹ اینڈ ٹرانسفر فریم ورک پر عملدرآمد کیلیے منظور کیا گیا تھا لیکن اب این ایچ اے نے منتخب کمپنی ٹیکنو، سی ایم سی، اے سی سی کنسورشیم سے معاہدہ ختم کر دیا جس کی وجہ یہ بتائی گئی کہ کمپنی مقررہ وقت کے اندر مالیاتی معاملات کو حل کرنے میں ناکام رہی۔

نگراں وزیراعلیٰ سندھ نے اپنے مراسلے میں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے درخواست کی ہے کہ وہ اس معاملے میں ذاتی دلچسپی لیں اور حکومت متعلقہ حکام کو ایم 6 پراجیکٹ کی جلد تکمیل کے لیے ہدایت جاری کرے۔