چیئرمین پی ٹی آئی سے ڈیل کا مجھے کوئی علم نہیں، نگراں وزیر اعظم

گندم درآمد اسکینڈل تحقیقات: کمیٹی نے انوار الحق کاکڑ کو طلب کر لیا

اسلام آباد: نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی سے ڈیل کے حوالے سے مجھے کوئی علم نہیں، سیاسی ڈیل سے متعلق کچھ نہیں ہو رہا۔

نجی نیوز چینل کو دیے گئے انٹرویو میں نگراں وزیر اعظم نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا جو بھی مؤقف آئے گا ہم کردار ادا کرنے کیلیے تیار ہیں، انتخابات کی تاریخ کا اعلان الیکشن کمیشن کرے گا۔

انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ الیکشن تاریخ کے اعلان کا اختیار پارلیمان نے ای سی کو دیا ہے، نگراں حکومت آئین و قانون کے تحت ہونے والے فیصلوں کی پابند ہے، الیکشن کمیشن آئین و قانون کے مطابق عمل کر رہا ہے۔

سپریم کورٹ کے نیب ترامیم سے متعلق فیصلے پر نگراں وزیر اعظم نے کہا کہ عدالتی فیصلے پر وزارت قانون کی مشاورت سے فیصلہ کریں گے، نظرِ ثانی درخواست پر مشاورت کے بعد ہی فیصلہ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے اٹھائے گئے سوالات اکثر کارکنوں کو متحرک کرنے کیلیے ہوتے ہیں، سیاسی جماعتیں عوامی توجہ حاصل کرنے کیلیے اس طرح کی باتیں کرتی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ (ن) لیگ کی جانب سے نگراں کابینہ کیلیے کوئی نام نہیں دیا گیا، کسی بھی سیاسی جماعت کے خلاف کارروائی کرنے نہیں آئے، نگراں حکومت کا کام شفاف انتخابات اور تمام جماعتوں کو لیول پلیئنگ فیلڈ فراہم کرنا ہے۔

انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ صرف سیاستدان نہیں پبلک آفس ہولڈر کا بھی احتساب ہونا چاہیے، احتساب کے حوالے سے متعلقہ ادارے فیصلہ کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملکی معاشی معاملات پر قومی گرینڈ ڈائیلاگ ہونا چاہیے، گرینڈ ڈائیلاگ سیاسی جماعتیں خود کرتی ہیں تو خوش آمدید کہوں گا۔

بجلی قیمتوں سے متعلق نگراں وزیر اعظم نے کہا کہ بجلی کی قیمتیں نگراں حکومت کے دور میں نہیں بڑھیں، اضافے کی ذمہ داری کسی ایک حکومت پر نہیں ڈالی جا سکتی، بلوں میں ریلیف سے متعلق اقدامات کر رہے ہیں، بجلی چوری کی روک تھام کیلیے خصوصی اقدامات کر رہے ہیں۔