بلوچستان میں روڈ انفرااسٹرکچرپرخصوصی کام کی ضرورت ہے، نگران وزیراعظم

نگران وزیراعظم انوارلحق کاکڑ نے کہا ہے کہ ملک کی ترقی کے لیے بہترین انفرااسٹرکچر کلیدی حیثیت رکھتا ہے، بلوچستان میں روڈ انفرااسٹرکچرپرخصوصی کام کی ضرورت ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کی زیرِصدارت اجلاس ہوا جس میں مختلف وزارتوں کے حوالے سے اہم امور پربریفنگ دی گئی، اس موقع پر نگران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کسی بھی ملک کی ترقی کے لیے بہترین انفرااسٹرکچر کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔

نگران وزیراعظم کو نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے جاری ترقیاتی منصوبوں پر بھی بریفنگ دی گئی، انوارالحق نے کہا کہ ایسے علاقوں میں روڈ انفرااسٹرکچر بنائیں جہاں بیرونی سرمایہ کاری متوقع ہے، بلوچستان میں روڈ انفراسٹرکچرپرخصوصی کام کی ضرورت ہے۔

نگران وزیراعظم نے کہا کہ این ایچ اے سڑکوں کی تعمیر و نگرانی کے حوالے سے بہترین کردار ادا کر رہی ہے، کراچی تا چمن شاہراہ کی ازسرنو تعمیر پر کام شروع کیا جائے۔

انھوں نے کہا کہ کام کی رفتار تیز کرنے کے لیے آؤٹ آف دی باکس اپروچ برؤے کار لائی جائے، حکومت کا کام لوگوں کی زندگیوں میں آسانی پیدا کرنا ہے۔

نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کی دوسرے صوبوں سے رابطہ سڑکوں کو بہتر کیا جائے۔