(7 اگست 2025) بھارت میں فحاشی پھیلانے کے جرم میں ملیالم اداکارہ شویتا مینن کے خلاف پولیس نے مقدمہ درج کر لیا۔
انڈین میڈیا کے مطابق ایرناکولم سنٹرل پولیس نے شویتا مینن کے خلاف ایک شکایت کی بنیاد پر مقدمہ درج کیا جس میں الزام لگایا گیا کہ وہ فلموں اور اشتہارات کے ذریعے فحاشی پھیلاتی ہیں۔
واضح رہے کہ معروف اداکارہ کے خلاف مقدمہ عدالتی حکم پر غیر اخلاقی ٹریفک (روک تھام) ایکٹ 1956، سیکشن 5، 3 اور انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ 2000، سیکشن 67 (A) کے تحت درج کیا گیا۔
مقدمے کا اندراج ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب وہ 15 اگست کو ایسوسی ایشن آف ملیالم مووی آرٹسٹس (AMMA) کے صدر کے عہدے کیلیے ہونے والے الیکشن میں حصہ لینے والی ہیں۔
شویتا مینن کو مقبولیت حاصل ہے اور توقع کی جا رہی ہے کہ وہ ایسوسی ایشن کی پہلی خاتون صدر بننے والی ہیں۔
ہیما کمیٹی کی رپورٹ کے بعد اداکار صدیق اور بابوراج سمیت کچھ عہدیداروں کے خلاف الزامات سامنے آنے کے بعد اس وقت کے صدر موہن لال کی قیادت والی AMMA کی پوری کمیٹی نے استعفیٰ دے دیا تھا۔
شویتا مینن کے خلاف ایف آئی آر ایک سماجی کارکن مارٹن میناچری کی شکایت کی بنیاد پر درج کی گئی۔ شکایت کنندہ نے الزام لگایا کہ یہ مواد مقبولیت حاصل کرنے کیلیے سوشل میڈیا کے ذریعے پھیلایا گیا اور مالی فائدہ حاصل کرنے کیلیے اس کا غلط استعمال کیا گیا۔
پولیس کے مطابق معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں، عدالتی حکم کے مطابق مقدمہ درج کیا۔
واضح رہے کہ معروف اداکارہ دو بار کیرالہ اسٹیٹ فلم ایوارڈز میں بہترین اداکارہ کا ایوارڈ جیت چکی ہیں اور انہوں نے زیادہ تر ملیالم اور ہندی فلموں میں اداکاری کی ہے۔