کراچی : پولیس نے جناح اسپتال میں گائنی وارڈ سے پر اسرار طور پر خاتون کے لاپتہ ہونے کے واقعے کا مقدمہ درج کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے جناح اسپتال میں گائنی وارڈ سے پر اسرار طور پر خاتون کے لاپتہ ہونے کا واقعے کا مقدمہ خاتون کے شوہر وسیم کی مدعیت میں درج کرلیا گیا۔
مدعی نے بتایا کہ گزشتہ روز علاج کے غرض سے جناح اسپتال آئے تھے، میری بہن نے فاطمہ کو کھانا کھلانے کے بعد گائنی وارڈتک چھوڑا، میری بیوی فاطمہ گائنی وارڈ میں داخل ہونے کے بعد سے لاپتہ ہے۔
پولیس کا کہنا تھا کہ مقدمے میں اغوا کی دفعات شامل کی گئی ہے اور خاتون کی تلاش شروع کردی ہے۔
دوسری جانب جناح اسپتال سے مبینہ طور پر خاتون کے لاپتہ ہونے کے واقعے میں اسپتال کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی ہے۔
24 سالہ خاتون کو اسپتال کے احاطےمیں دیکھا جا سکتا ہے ، مبینہ طورپر لاپتہ خاتون فیملی ممبرکیساتھ صبح8بجے گائنی وارڈ کی طرف جا رہی ہے۔
اہل خانہ کا کہنا تھا کہ خاتون گائنی وارڈ گئی، دوپہر کا کھانا کھانے باہر آئی ، خاتون کھانا کھاکر ایک بجے دوبارہ گائنی وارڈ گئی، واپس نہیں آئی۔
اسپتال انتظامیہ نے کہا ہے کہ گائنی وارڈکے اندر لیبر روم کے سامنے سی سی ٹی وی بند رکھتے ہیں، خاتون کی جمعرات کے روز گائنی وارڈ میں انٹری موجود نہیں۔