ہنگو میں مسجد دھماکے کا مقدمہ نامعلوم دہشت گردوں کیخلاف درج

ہنگو مسجد دھماکے

ہنگو : خیبر پختونخوا کے ضلع ہنگو کی مسجد میں خودکش حملے کا مقدمہ درج کرلیا گیا، مقدمہ ایس ایچ او کی مدعیت میں نامعلوم دہشت گردوں کیخلاف درج کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا کے ضلع ہنگو کے علاقے دوآبہ میں خودکش حملے کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی کوہاٹ میں درج کرلیا گیا، پولیس نے بتایا کہ مقدمہ ایس ایچ او کی مدعیت میں نامعلوم دہشت گردوں کیخلاف درج کیا گیا ہے۔

ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا کہ ڈی این اے ٹیسٹ کیلئے حملہ آور کے جسم کے نمونے بھی حاصل کرلیے گئے اور ایف آئی آر میں انسداد دہشت گردی سمیت مختلف دفعات شامل کی گئیں ہیں۔

مقدمے کے متن کے مطابق دو نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نےتھانےپہنچتےہی فائرنگ شروع کردی، تھانے کے گیٹ پر موجود اہلکار نے جوابی فائرنگ کی اور دوسرے اہلکار نے مسجد میں نمازیوں کو حملہ ہوتےہی نکلنےکی آوازلگائی، جوابی فائرنگ میں ایک حملہ آور ہلاک اور دوسرے نے دھماکا کردیا۔

گذشتہ روز ہنگو کے تھانے کی مسجد میں جمعے کے خطبےکے دوران دھماکا ہوا تھا ، جس کے نتیجے میں چار نمازی شہید اور بارہ زخمی ہوگئے تھے۔

دہشت گردوں نے تھانے میں گھسنے کی کوشش کی لیکن پولیس کے الرٹ جوانوں نے حملہ آوروں کوروکنے کی کوشش میں فائرنگ کی، جس سے ایک حملہ آور گیٹ پر ماراگیا اور دوسرے بمبار نے مسجدمیں گھس کر خودکو اڑالیا دھماکے سے مسجد بھی شہید ہوئی۔

آئی جی پختونخوا نےتمام تھانوں کی مسجدوں سے پرائیویٹ امام کو ہٹانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ صرف سرکاری امام ہی تھانوں کی مسجدوں میں امامت کریں گے۔