مقدمات جلد نمٹانے کیلیے ٹائم لائن تشکیل، پشاور ہائیکورٹ کا مراسلہ جاری

مقدمات جلد نمٹانے کیلیے ٹائم لائن تشکیل

پشاور (28 اگست 2025): پشاور ہائیکورٹ نے صوبے کے تمام جوڈیشل افسران کو کیسز کی ٹائم لائن کے حوالے سے مراسلہ لکھ دیا۔

پشاور ہائیکورٹ کی جانب سے لکھے گئے مراسلے میں کہا گیا کہ نیشنل جوڈیشل پالیسی کمیٹی نے مختلف نوعیت کے مقدمات جلد نمٹانے کیلیے ٹائم لائن تشکیل دے دی ہے۔

مراسلے میں کہا گیا کہ مختلف نوعیت کے فوجداری مقدمات نمٹانے کیلیے 12، 18 اور 24 ماہ کا ٹائم لائن دیا گیا ہے جبکہ جوینائل مقدمات کیلیے 6 ماہ اور لیبر کیسز کو نمٹانے کیلیے بھی 6 ماہ کا ٹائم لائن مقرر کر دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سپریم کورٹ کے فُل کورٹ اجلاس میں زیر التوا مقدمات نمٹانے کا فیصلہ

مزید کہا گیا کہ زمینی تنازعات کے مختلف نوعیت کے مقدمات کیلیے 6 اور 24 ماہ، وراثتی اور پبلک روینیو کیسز کو نمٹانے کیلیے 12 ماہ اور فیملی اور رینٹ کیسز کو جلد نمٹانے کیلیے 6 ماہ کا ٹائم لائن دیا ہے۔

اسی طرح سکسیشن سرٹیفکیٹ کیلیے 2 ماہ، کنٹریکٹ انفافورمنس کیسز کیلیے 18 ماہ، سول کورٹ ڈگری اور بینکنگ ڈگری کیلیے 12 ماہ جبکہ رینٹ ڈگری کیلیے 3 ماہ کا ٹائم لائن دیا گیا ہے۔