Category: سائنس اور ٹیکنالوجی

سائنس اور ٹیکنالوجی

سائنس اور ٹیکنالوجی سے متعلق تازہ ترین خبریں اور معلومات

SCIENCE AND TECHNOLOGY NEWS IN URDU

  • گروک چیٹ بوٹ غزہ کی نسل کشی پوسٹ پر عارضی طور پر بند

    گروک چیٹ بوٹ غزہ کی نسل کشی پوسٹ پر عارضی طور پر بند

    سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس نے اپنا اےآئی چیٹ بوٹ عارضی طور پر معطل کر دیا۔ گروک چیٹ بوٹ کو غزہ پر اسرائیلی کارروائیوں پر تنقید کی وجہ سے معطل کیا گیا۔

    چیٹ بوٹ گروک کے مطابق اسرائیل اور امریکا غزہ میں نسل کشی کر رہے ہیں گروک کا مؤقف ہے نسل کشی کے شواہد آئی سی جے، اقوام متحدہ اور ایمنسٹی نے دیئے۔

    گروک نے اسرائیلی بمباری اور بچوں کی شہادتوں پر سخت زبان میں پوسٹ کی تھی جس میں غزہ میں قحط اور خاندانوں کی تباہی کو نسل کشی قرار دیا گیا تھا۔

    ایلون مسک کے مطابق گروک کی معطلی ایک بےوقوفانہ غلطی تھی گروک کو اب بحال کر دیا گیا ہے اور مسئلہ حل ہو گیا ہے۔

    گروک چیٹ بوٹ امریکی کمپنی ایکس اےآئی نے تیار کیا تھا اور نومبر 2023 میں لانچ کیا گیا تھا۔

  • چین پھر دنیا پر سبقت لے گیا، پہلا ہیومنائیڈ روبوٹ شاپنگ مال کا افتتاح

    چین پھر دنیا پر سبقت لے گیا، پہلا ہیومنائیڈ روبوٹ شاپنگ مال کا افتتاح

    بیجنگ (11 اگست 2025): چین ٹیکنالوجی کے میدان میں ایک بار پھر دنیا پر سبقت لے گیا، بیجنگ میں پہلے ہیومنائیڈ روبوٹ مال کا افتتاح کر دیا گیا ہے۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق چین نے بیجنگ میں کار ڈیلر شپ کی طرح دنیا کا پہلا ’’روبوٹ مال‘‘ کھول دیا ہے، یہ اپنی نوعیت کا منفرد 4S اسٹائل کا مخصوص اسٹور ہے، جہاں سے عام لوگ طرح طرح کے روبوٹ خرید سکیں گے۔

    ’4S‘ فارمیٹ کا مطلب ہے کہ مال میں ایک ہی چھت کے نیچے ’’سیل، سروس، اسپیئر پارٹس اور سروے (یعنی کسٹمر فیڈ بیک)‘‘ کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ یہ انداز چین میں کار ڈیلرشپس کے ماڈل سے ملتا جلتا ہے، اب یہی انداز انسان نما روبوٹس کی فروخت کے سلسلے میں بھی اپنایا جائے گا۔

    چین روبوٹ مال

    اس مال میں یو بی ٹیک روبوٹکس (Ubtech Robotics) اور یونٹری روبوٹکس (Unitree Robotics) جیسے برانڈز سمیت 200 تک کمپنیوں کے 100 سے زیادہ اقسام کے روبوٹس فروخت کیے جائیں گے۔ یہ مال بیجنگ کے ہائی ٹیک ای ٹاؤن (E-Town) ڈسٹرکٹ میں واقع 4 منزلہ عمارت میں بنایا گیا ہے۔چین روبوٹ مال

    فروخت کے لیے دستیاب روبوٹس میں چھوٹے گھریلو گیجٹ سائز کے روبوٹ (جن کی قیمت تقریباً 2,000 یوان یا 278 امریکی ڈالر ہے) سے لے کر بڑے، زیادہ جدید اور کئی ملین یوان مالیت کے انسان نما روبوٹس شامل ہیں۔ مال میں کچھ شو پیس روبوٹس بھی رکھے گئے ہیں، جن میں ایک انسانی جسامت کا البرٹ آئن اسٹائن ہیومینائیڈ بھی شامل ہے، جس کی مالیت تقریباً 97,000 امریکی ڈالر ہے۔

    چین روبوٹ مال

    اس مال میں ایک ایسا ریستوران بھی موجود ہے جہاں انسان نما روبوٹ ویٹر کام کرتے نظر آئیں گے، یہ روبوٹس ہر کام خودکار طریقے سے کرتے ہیں، اس مال کے قیام کا مقصد روبوٹکس کے تحقیقی مراحل کو عام صارفین کے لیے قابل عمل بنانا ہے، یہاں ریسٹورنٹ کا آغاز چین میں ورلڈ روبوٹ کانفرنس کے دوران کیا گیا تھا اور کانفرنس کی میزبانی بھی ایک روبوٹ نے ہی کی تھی۔


    ترکیہ کے جدید ترین جنگی روبوٹ کتے نے دنیا کو حیران کر دیا


    مال میں صنعتی روبوٹس، میڈیکل روبوٹس، ڈلیوری روبوٹس، اور ایجوکیشنل روبوٹس شامل ہیں، صارفین یہاں روبوٹس کو قریب سے دیکھ سکتے ہیں، ان سے بات چیت کر سکتے ہیں، اور انھیں مختلف کام کرتے ہوئے آزما بھی سکتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق یہ مال نہ صرف ملکی بلکہ بین الاقوامی سطح پر ٹیکنالوجی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔

  • واٹس ایپ : ’ڈیلیٹ فار می‘ میسجز کیسے ری اسٹور ہوں گے؟

    واٹس ایپ : ’ڈیلیٹ فار می‘ میسجز کیسے ری اسٹور ہوں گے؟

    دنیا بھر میں سب سے زیادہ مقبول میسجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ ہی ہے جس کے ذریعے صارفین کے درمیان روزانہ کروڑوں میسیجز کا تبادلہ ہوتا ہے۔

    تاہم بعض اوقات اہم واٹس ایپ پیغامات جنہیں ہم ڈیلیٹ کرتے ہوئے جلد بازی میں یا غلطی سے’ڈیلیٹ فار می‘کردیتے ہیں یا پھر پوری چیٹ ہسٹری ہی ڈیلیٹ کر دیتے ہیں تو ایسے میں انہیں ری اسٹور کیسے کیا جائے؟ ۔

    زیر نظر مضمون میں واٹس ایپ کے ’ڈیلیٹ فار می میسجز‘ واپس لانے (ری اسٹور) کا طریقہ بیان کیا گیا ہے مذکورہ فیچر دسمبر 2022 میں متعارف کرایا گیا تھا۔

    اس فیچر کو استعمال اسی وقت کیا جاسکتا ہے جب آپ کسی میسج کو ڈیلیٹ فار ایوری ون کی بجائے غلطی سے ڈیلیٹ فار می کردیں۔

    ایسا کرنے پر آپ کے سامنے ’میسج ڈیلیٹ فار می‘ کے جملے کے ساتھ ان ڈو (undo) کا آپشن نظر آئے گا۔ ان ڈو پر کلک کرنے پر ڈیلیٹ میسج واپس اسکرین پر نمودار ہوجائے گا۔

    مگر آپ کے پاس ڈیلیٹ میسج ان ڈو کرنے کے لیے صرف چند سیکنڈز کا وقت ہوگا کیونکہ اس کے بعد یہ آپشن از خود غائب ہوجائے گا۔

    آڈیو میسج بھیجنے کا آسان طریقہ

    اس علاوہ اگر آپ کچھ ٹائپ کیے بغیر دوستوں کو میسج بھیجنا چاہتے ہیں تو اس مقصد کے لیے اینڈرائیڈ فون کے ہوم بٹن کو کچھ دیر تک دبا کر رکھیں یا بس ہائے گوگل Hey Google کہیں، جس سے فون میں ڈیجیٹل اسسٹنٹ متحرک ہوجائے گا۔ پھر سینڈ اے واٹس ایپ میسج ٹو (کانٹیکٹ کا نام) کہیں۔

    اس کے بعد گوگل اسسٹنٹ کی جانب سے میسج کے بارے کہا جائے تو اپنے میسج کو ریکارڈ کرادیں، مگر بولنے کے دوران زیادہ دیر تک چپ رہنے سے گریز کریں۔

    جب میسج مکمل ہوجائے گا تو گوگل اسسٹنٹ اسے سینڈ کردے گا اور اس کی سینڈ کنفرمیشن اسکرین نظر آئے گی۔

    مزید پڑھیں : واٹس ایپ کا اہم اقدام، لاکھوں جعلی اکاؤنٹس ڈیلیٹ کر دیے

    ٹیکسٹ کے ساتھ ساتھ آپ اس طریقے سے آڈیو میسج بھی بھیج سکتے ہیں جس کے لیے گوگل اسسٹنٹ اوپن کرکے سینڈ اے واٹس ایپ آڈیو میسج ٹو (کانٹیکٹ کا نام) بولنا ہوگا اور پھر جو بولیں گے وہ آڈیو میسج کے طور پر سینڈ ہوگا۔

  • واٹس ایپ کا اہم اقدام، لاکھوں جعلی اکاؤنٹس ڈیلیٹ کر دیے

    واٹس ایپ کا اہم اقدام، لاکھوں جعلی اکاؤنٹس ڈیلیٹ کر دیے

    واٹس ایپ کی جانب سے اہم اقدام اُٹھایا گیا ہے، جس کے تحت 2025 کے پہلے چھ ماہ کے دوران دنیا بھر میں فراڈ اور اسکیم scam سے منسلک 6.8 ملین (68 لاکھ) اکاؤنٹس کو ڈیلیٹ کردیا گیا ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق واٹس ایپ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ان اکاؤنٹس سے منظم جرائم پیشہ گروہوں کی مدد سے مختلف ممالک میں لوگوں کو دھوکا دیا جارہا تھا۔

    واٹس ایپ کی پیرنٹ کمپنی میٹا (Meta) کے مطابق یہ جعلی اکاؤنٹس زیادہ تر جنوب مشرقی ایشیائی ممالک جیسے میانمار، کمبوڈیا اور تھائی لینڈ میں سرگرم اسکیم سینٹرز سے منسلک تھے۔

    میٹا نے اس اعلان کے ساتھ واٹس ایپ پر نئی حفاظتی خصوصیات بھی متعارف کروائی ہیں، جیسے کہ جب کوئی نامعلوم شخص کسی صارف کو گروپ چیٹ میں شامل کرے تو اسے فوری الرٹ موصول ہوگا۔

    کمپنی کے مطابق یہ اقدامات اس بڑھتے ہوئے رجحان کو روکنے اٹھائے گئے ہیں جس میں فراڈیے واٹس ایپ اکاؤنٹس کو ہائی جیک کرتے یا گروپ چیٹس میں جعلی سرمایہ کاری اسکیموں کی تشہیر میں مصروف رہتے ہیں۔

    میٹا کے مطابق کچھ اسکیمرز نے مصنوعی ذہانت کے ٹولز کا استعمال کر کے متاثرین کو بیوقوف بنانے والے پیغامات تیار کیے اور لوگوں کو دھوکا دیا۔

    حکومت کا نیشنل آرٹیفیشل انٹیلی جنس فنڈ کے قیام کا فیصلہ

    میٹا کے مطابق دھوکے باز افراد اکثر لوگوں کو سب سے پہلے ٹیکسٹ میسج کے ذریعے رابطہ کرتے ہیں اور پھر انہیں سوشل میڈیا یا واٹس ایپ پر لے آتے ہیں۔

    حکام نے جنوب مشرقی ایشیا کے کئی ممالک میں عوام کو خبردار کردیا ہے کہ وہ ایسے مشکوک پیغامات سے ہوشیار رہیں اور اپنے واٹس ایپ اکاؤنٹس کی حفاظت کے لیے ٹو اسٹیپ ویری فکیشن جیسے سیکیورٹی فیچرز کو ضرور فعال کریں۔

  • پاکستان میں جوئے اور شرط لگانے والی 184 ویب سائٹس اور ایپس بلاک کردی گئیں

    پاکستان میں جوئے اور شرط لگانے والی 184 ویب سائٹس اور ایپس بلاک کردی گئیں

    اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے جوئے اور شرط لگانے والی 184 ویب سائٹس اور ایپس بلاک کردیں۔

    قومی اسمبلی کے اجلاس میں کابینہ ڈویژن کی جانب سے پیش کیے گئے تحریری جواب میں انکشاف کیا گیا ہے کہ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ملک میں جوئے اور شرط لگانے سے متعلق متعدد ویب سائٹس اور موبائل ایپلیکیشنز کو بلاک کیا ہے۔

    کابینہ ڈویژن کے انچارج وزی کا کہنا تھا کہ اب تک جوئے سے متعلقہ 184 ویب سائٹس اور ایپس کو بلاک کیا جا چکا ہے۔

    نادرا شاختی کارڈ، ب فارم، فیملی رجسٹریشن سرٹیفیکٹ سے متعلق معلومات

    انہوں نے مزید وضاحت کی کہ ان سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کرنا پی ٹی اے کے دائرہ اختیار سے باہر ہے۔

    جواب میں بتایا گیا کہ ملک بھر کے تمام اداروں کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ ایسی کسی بھی کمپنی یا پلیٹ فارم سے معاہدے نہ کریں جو جوئے یا شرط لگانے میں ملوث ہو۔

    کابینہ ڈویژن نے اعتراف کیا کہ غیر قانونی آن لائن مواد کو مکمل طور پر ختم یا بلاک کرنے کے لیے پی ٹی اے کے اختیارات محدود ہیں، اور اس حوالے سے قانون سازی اور متعلقہ اداروں کے درمیان تعاون کی ضرورت ہے۔

    واضح رہے کہ سوشل میڈیا اور آن لائن گیمنگ کے بڑھتے رجحان کے باعث ایسے غیر قانونی پلیٹ فارمز نوجوان نسل کو اپنی لپیٹ میں لے رہے ہیں، جن کے خلاف مؤثر کارروائی کے لیے حکومت پر دباؤ بڑھ رہا ہے۔

  • حکومت کا نیشنل آرٹیفیشل انٹیلی جنس فنڈ کے قیام کا فیصلہ

    حکومت کا نیشنل آرٹیفیشل انٹیلی جنس فنڈ کے قیام کا فیصلہ

    اسلام آباد (4 اگست 2025): وفاقی حکومت نے نیشنل آرٹیفیشل انٹیلی جنس فنڈ کے قیام کا فیصلہ کیا ہے جس کا مقصد ٹیکنالوجیز کو سپورٹ کرنا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وفاقی حکومت نے نیشنل آرٹیفیشل انٹیلی جنس فنڈ کے قیام کا فیصلہ کیا ہے۔ اگنائٹ کے ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ فنڈ کا 30 فیصد آرٹیفیشل انٹیلی جنس فنڈ کو دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    دستاویز کے مطابق آرٹیفیشل انٹیلی جنس فنڈ کے قیام کا مقصد ٹیکنالوجیز کو سپورٹ فراہم کرنا ہے۔ اس سلسلے میں مختلف شہروں میں سینٹر آف ایکسیلنس نیٹ ورک بھی قائم کیا جائے گا۔

    سینٹر آف ایکسیلنس اسلام آباد، کراچی اور لاہور میں قائم کیے جائیں گے جب کہ مصنوعی ذہانت کے شعبے میں جدت کے لیے انوویشن فنڈ، وینچر فنڈ کے قیام کی بھی تجویز ہے۔

    آرٹیفیشل انٹیلی جنس سے آگہی کیلیے نیشنل اے آئی اسکل ڈیولپمنٹ پروگرام کا آغاز کیا جائیگا۔ وزارت تعلیم وتربیت،صوبائی حکومتیں اور نجی تنظیمیں مل کر اےآئی ٹریننگ فراہم کرینگی۔

    دستاویز میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ملک بھر میں نیشنل ہائی ٹیک انٹرن شپ پروگرام متعارف کرایا جائے گا اور سرکاری ونجی اشتراک سے سالانہ 2 لاکھ افراد کو اے آئی ٹریننگ دی جائے گی۔

    https://urdu.arynews.tv/important-decision-regarding-ai-and-bitcoin-mining-in-pakistan/

  • ترکیہ کے جدید ترین جنگی روبوٹ کتے نے دنیا کو حیران کر دیا

    ترکیہ کے جدید ترین جنگی روبوٹ کتے نے دنیا کو حیران کر دیا

    انقرہ (02 اگست 2025): ترکیہ نے لیزر گائیڈڈ میزائلوں سے لیس ایک جدید خود کار روبو ڈاگ متعارف کروا دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترک دفاعی کمپنی راکٹسان نے جدید آٹونومس روبو ڈاگ ’کوز‘ (Koz) متعارف کرایا ہے جو منی میزائلوں سے لیس ہے، اور یہ روبوٹ نہ صرف ریموٹ کنٹرول کے ذریعے چلایا جا سکتا ہے بلکہ خودکار طور پر بھی کام کر سکتا ہے۔

    بتایا جا رہا ہے کہ یہ دنیا کا پہلا روبوٹک کتا ہے جو گائیڈڈ میزائل لانچ کرنے کی صلاحیت کا حامل ہے، جسے ترکی کی معروف دفاعی صنعت کار Roketsan نے تیار کیا ہے۔ استنبول میں حال ہی میں ہونے والے ایک بین الاقوامی دفاعی نمائش میں اسے پیش کیا گیا تھا۔

    روبو ڈاگ کو خاص طور پر مشکل اور ناہموار علاقوں میں مؤثر انداز میں کام کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ کوز میں راکٹسان کے تیار کردہ 4 عدد لیزر گائیڈڈ میٹے میزائل نصب ہیں، جب کہ اس پر ایک الیکٹرو آپٹیکل نظام بھی موجود ہے، جو اسے جاسوسی اور حملے، دونوں قسم کے مشنز کے لیے مؤثر بناتا ہے۔


    چین کے روبوٹ باکسروں نے دنیا کو حیران کر دیا، ویڈیو دیکھیں


    مشکل راستوں پر بہ آسانی چلنے کی صلاحیت، خودکار اور ریموٹ کنٹرول موڈ کے درمیان تبدیلی کی سہولت اور جدید ہتھیاروں سے لیس ہونے کی وجہ سے ’کوز‘ کو جدید جنگی ٹیکنالوجی میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

    ترکی کی یہ دفاعی اختراع جدید جنگ کے معیارات میں ایک انقلابی تبدیلی کا اشارہ کر رہی ہے، جو بغیر پائلٹ چلتی ہے اور انسانی جانیں بچانے کے لیے ہدف پر بالکل درست حملے کرتی ہے۔

    استنبول کی توپ کاپی یونیورسٹی میں ایسوسی ایٹ پروفیسر ریٹائرڈ ریئر ایڈمرل Cihat Yayci نے کوز کو جدید جنگی کارروائیوں کے لیے ’’گیم چینجر‘‘ قرار دیا، اور کہا یہ ٹیکنالوجی کی وجہ سے انقلابی ایجاد نہیں ہے بلکہ اس لیے ہے کہ اس سے انسانی زندگی پر بڑا اثر پڑے گا۔

    انھوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا روبوٹس کا مقصد خطرناک کاموں میں انسانوں کی جگہ لینا ہے، اور کوز کی وجہ سے ہم کسی ایک فوجی کی بھی جان کو خطرے میں ڈالے بغیر غاروں، عمارتوں اور اسنائپر سے متاثرہ شہری علاقوں کو صاف کر سکتے ہیں۔

  • پاکستان کا جدید ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ کامیابی سے خلا میں روانہ

    پاکستان کا جدید ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ کامیابی سے خلا میں روانہ

    اسلام آباد (31 جولائی 2025): پاکستان کا جدید ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ کامیابی سے خلا میں روانہ ہو گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چین نے جمعرات کی صبح جنوب مغربی چین کے صوبے سیچوان میں واقع شیچانگ سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے کوائژو-1A کیریئر راکٹ کے ذریعے پاکستان کے ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ-01 کو کامیابی کے ساتھ مقررہ مدار میں بھیج دیا۔ یہ سیٹلائٹ قومی اراضی کے سروے، آفات کی پیش گوئی، اور بچاؤ و امدادی سرگرمیوں جیسی خدمات فراہم کرنے کا کام انجام دے گا۔

    یہ پاکستان کے خلائی پروگرام میں بڑی پیش رفت ہے، یہ جدید ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ چین کے شِی چانگ سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے خلا میں روانہ کیا گیا ہے۔ اس مصنوعی سیارے سے ملک میں سیلاب، زلزلے، لینڈ سلائیڈنگ، گلیشیئرز کے پگھلنے کی بروقت اطلاع مل سکے گی، یہ سیٹلائٹ جغرافیائی خطرات کی نشان دہی کر کے سی پیک کو بھی مدد دے گا، اور دوسری طرف پاکستان میں انفراسٹرکچر کی ترقی اور شہری پھیلاؤکی نگرانی ہو سکے گی۔

    اس مشن کی کامیابی کے ساتھ سپارکو نے پاکستان کے خلائی سفر میں ایک اور کامیابی کا اضافہ کر دیا ہے، کامیاب لانچنگ کے بعد خلا میں پاکستان کے فعال مصنوعی سیاروں کی تعداد 6 ہو گئی ہے۔


    پاکستان اور امریکا کے درمیان اہم تجارتی معاہدہ کامیابی سے طے پا گیا، وزارت خزانہ


    وفاقی وزیر احسن اقبال نے انجینئرز اور سائنس دانوں کو مبارک باد دی، چیئرمین سپارکو نے کہا کہ سیٹلائٹ لانچ پائیدار ترقی کی جانب ایک قدم ہے، اس سے پاکستان نے خلائی پروگرام کا ایک اور سنگِ میل عبور کر لیا ہے، یہ سیٹلائٹ فصلوں کی پیداوار، انفراسٹرکچر اور شہری پھیلاؤ کی نگرانی میں مددگار ثابت ہوگا، سیلاب، زلزلے اور زمینی کھسکاؤ کی بروقت پیشگوئی ممکن ہو سکے گی۔

    انھوں نے کہا اس سیٹلائٹ سے گلیشیئرز کے پگھلاؤ اور جنگلات کی کٹائی پر نظر رکھی جا سکے گی، ماحولیاتی نگرانی اور قدرتی وسائل کے مؤثر انتظام میں یہ سیٹلائٹ معاون ہوگا، جب کہ سی پیک منصوبوں میں جیو ہیزرڈز اور ٹرانسپورٹ نیٹ ورکس کی شناخت میں بھی مدد ملے گی۔

    ان کا کہنا تھا کہ یہ سیٹلائٹ مختلف ماحولیاتی حالات میں ڈیٹا حاصل کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے، اس کی لانچنگ سپارکو کے وژن 2047 اور قومی خلائی پالیسی کا حصہ ہے۔

  • چین کے روبوٹ باکسروں نے دنیا کو حیران کر دیا، ویڈیو دیکھیں

    چین کے روبوٹ باکسروں نے دنیا کو حیران کر دیا، ویڈیو دیکھیں

    شنگھائی میں پیر 28 جولائی کو منعقدہ ’ورلڈ آرٹیفیشل انٹیلیجنس کانفرنس 2025 (WAIC) کے دوران چین نے روبوٹکس کے شعبے میں اپنی تازہ ترین کمالات کے مظاہرے سے دنیا کو حیران کر دیا ہے، شائقین نے نہ صرف باکسنگ کرنے والے ہیومنائیڈ ربوٹس کی مہارت دیکھی بلکہ مہجونگ کھیل کھیلنے والے روبوٹ بھی۔

    نمائش میں سب سے زیادہ توجہ باکسنگ رِنگ میں اترنے والے انسانی روبوٹس نے حاصل کی، جنھوں نے ہیڈ گئیر پہنا ہوا تھا، اور وہ ایک دوسرے کو زور دار پنچ، ہُک اور کراس مار رہے تھے، یہ باکسنگ روبوٹ یونی ٹری (Unitree) نامی چینی روبوٹکس کمپنی نے تیار کیا ہے، روبوٹ کا نام G1 ہے، جس کا وزن تقریباً 35 کلوگرام (77.16 پاؤنڈ) ہے اور اس کا قد 1.32 میٹر (4.3 فٹ) ہے۔

    مقابلے کے دوران روبوٹ باکسر کو رِنگ کے باہر موجود آپریٹرز ایک ریموٹ کنٹرول کے ذریعے چلا رہے تھے، باکسنگ مقابلے میں روبوٹس کو نہایت پھرتی، توازن، اور مؤثر حرکتوں کا مظاہرہ کرتے دیکھا جا سکتا ہے، ان میں مکے، لاتیں مارنے اور گر کر دوبارہ کھڑے ہونے جیسی صلاحیتیں شامل ہیں۔ G1 روبوٹ میں نصب مختلف سینسرز کی وجہ سے یہ انسانوں کی طرح جنگی مہارتیں مؤثر طریقے سے انجام دینے کے قابل ہے۔


    اوپن اے آئی کے سربراہ نے پوڈ کاسٹ میں چیٹ جی پی ٹی کے حوالے سے ہولناک بات کا اعتراف کر لیا


    اے آئی کانفرنس میں ایک اور روبوٹ نے بھی لوگوں کو حیران کیا، یہ روبوٹ چین کا ایک کھیل مہجونگ کھیل رہا تھا اور انسانوں نے بھی اس کے ساتھ مقابلے میں حصہ لیا، اس روبوٹ میں یہ خصوصیت ہے کہ یہ ایسے حالات میں بھی فیصلے کر سکتا ہے جہاں میز پر موجود معلومات مکمل نہ ہوں، اور مقابل انسان کے اقدامات بھی غیر متوقع ہوں۔

    یہ روبوٹ بنانے والی ٹیکنالوجی کمپنی PsiBot کے شریک بانی چن یوان پے (Chen Yuanpei) نے کہا: ’’سب سے مشکل بات یہ ہے کہ مہجونگ کے علم کو روبوٹ ماڈل میں کیسے شامل کیا جائے، کیوں کہ زیادہ تر کمپنیاں یا عمومی الگورتھمز کے لیے یہ کرنا مشکل ہوتا ہے۔‘‘

    واضح رہے کہ ورلڈ آرٹیفیشل انٹیلیجنس کانفرنس 26 سے 28 جولائی تک جاری رہی، جس میں 800 سے زائد ٹیکنالوجی کمپنیوں اور ماہرین کو اپنے کام پیش کرنے کا موقع دیا گیا۔

  • موبائل فون بارش میں بھیگ جائے یا پانی میں گر جائے تو کیا کریں؟

    موبائل فون بارش میں بھیگ جائے یا پانی میں گر جائے تو کیا کریں؟

    مون سون کے اسپیل جاری ہیں اور اس دوران شہریوں کے لیے بڑا مسئلہ اپنے موبائل فون کی حفاظت ہوتی ہے، کچھ لوگ تھیلیوں میں فون رکھ کر سفر کرتے ہیں تاکہ بارش میں بھیگ نہ سکے۔

    لیکن پھر بھی آپ کا فون بارش میں بھیگ جائے تو کیا آپ اسے خود ٹھیک کرسکتے ہیں؟

    درحقیقت آج کل لانچ ہونے والے زیادہ تر اسمارٹ فونز آئی پی ریٹنگ کے ساتھ آتے ہیں جن کا پورا نام انگریس پروٹیکشن ہے۔

     یہ ایک بین الاقوامی معیار (آئی ای سی 60529) ہے جو پانی اور دھول سے بچنے کے لیے الیکٹرانک ڈیوائس جیسے اسمارٹ فون وغیرہ کی صلاحیت کی نشاندہی کرتا ہے۔ آئی اور پی کے بعد دو ہندسے ہیں، جیسے آئی پی 67، آئی پی 68، اور آئی پی 69۔ ان ہندسوں میں پہلا ہندسہ دھول سے بچانے کی صلاحیت کو ظاہر کرتا ہے اور دوسرا ہندسہ پانی سے تحفظ کی صلاحیت کو ظاہر کرتا ہے۔

    آئی پی ریٹنگز کیا ہیں؟

    آئی پی کے بعد 6 کا مطلب ہے کہ فون مکمل طور پر ڈسٹ ریزسٹنٹ ہے اور اس کی ٹیکنالوجی کی مدد سے ڈیوائس میں کوئی دھول داخل نہیں ہو سکتی۔ ایک ہی وقت میں، دوسرا ہندسہ پانی سے ڈیوائس کی حفاظت کرنے کی صلاحیت کی نشاندہی کرتا ہے۔

    آئی پی 6 کے بعد 7 کا مطلب یہ ہے کہ اگر ڈیوائس کو تقریباً 1 میٹر گہرے پانی میں 30 منٹ تک ڈبو دیا جائے تو بھی اسے نقصان نہیں پہنچ سکتا۔ آئی پی کے بعد 8 کا مطلب یہ ہے کہ اگر فون کو 1.5 میٹر گہرے پانی میں 30 منٹ تک ڈبو دیا جائے تو بھی اسے نقصان نہیں پہنچ سکتا۔ اسی وقت، 9 کے بعد آئی پی کا مطلب ہے کہ یہ ٹیکنالوجی ڈیوائس کو ہائی پریشر اور درجہ حرارت کے پانی کی ندی یا بھاپ کے ساتھ گرم پانی سے بچانے میں مدد دیتی ہے۔

    آج کل اسمارٹ فونز میں ایسی ٹیکنالوجی ریٹنگ ہوتی ہے جس کی مدد سے فون خود کو تھوڑے سے پانی سے بچانے میں کامیاب ہوجاتا ہے۔ تاہم، ان ٹیکنالوجیز کی بھی ایک حد ہوتی ہے۔ آئی پی کی درجہ بندی مکمل پنروک پن کی ضمانت نہیں دیتی ہے۔

    یہ ٹیکنالوجیز ہونے کے بعد بھی فون بارش میں خراب ہو سکتا ہے۔ اگر آپ کے ساتھ ایسا ہوتا ہے، تو آپ ذیل میں دی گئی کچھ ٹپس اور ٹرکس استعمال کر سکتے ہیں۔

    فوری طور پر سوئچ آف کریں

     گر آپ کا فون بارش میں بھیگ گیا ہے تو سب سے پہلے اسے فوری طور پر بند کردیں۔ فون کو سوئچ آف کرنے سے فون میں شارٹ سرکٹ کا خطرہ کم ہو جائے گا اور فون کے اندرونی حصے خراب ہونے سے بچ جائیں گے۔ اگر آپ کا فون پہلے ہی بند ہے تو اسے دوبارہ آن کرنے کی کوشش نہ کریں۔

    باہری چیزوں کو ہٹائیں:

    فون کا رنگ، کیس، سم کارڈ، چارجنگ کیبل، ہیڈ فون یا کوئی اور منسلک ڈیوائز ہٹا دیں، سم کارڈ کی ٹرے کو نکال کر باہر رکھ دیں تاکہ اس جگہ سے جو پانی فون میں داخل ہوا ہے وہ باہر آ سکے۔

    پانی نکالیں:

    فون کو صاف اور خشک کپڑے یا ٹشو پیپر سے صاف کریں اور زیادہ سے زیادہ پانی نکالنے کی کوشش کریں۔ چارجنگ پورٹس، ہیڈ فون جیک اور بٹنوں کے ارد گرد کے علاقوں پر خصوصی توجہ دیں اور وہاں سے پانی جذب کرنے کی کوشش کریں۔ فون کی پورٹس اور سوراخوں کو نیچے کی طرف رکھ کر فون کو ہلکے سے ہلائیں تاکہ فون کے اندر کا پانی ان سوراخوں سے باہر آ سکے۔

    نمی کو خشک کریں:

    پانی فون کے اندر نمی پیدا کرتا ہے جس سے فون کے پرزے آہستہ آہستہ خراب ہو جاتے ہیں۔ اس لیے آپ کو فون کے اندر پانی داخل ہونے سے پیدا ہونے والی نمی کو جلد از جلد خشک کر لینا چاہیے۔ اس کے لیے فون کو خشک چاولوں کے ڈبے میں تقریباً 24 سے 48 گھنٹے تک رکھیں۔ خشک چاول فون کی نمی جذب کر لیتے ہیں۔

    اس کے علاوہ آپ فون کی نمی کو خشک کرنے کے لیے جوتوں یا الیکٹرانکس کے ڈبوں میں آنے والے سلیکا جیل کے پیکٹ استعمال کرسکتے ہیں، کیونکہ یہ چاول سے زیادہ کارآمد ہوتے ہیں۔

    اس کے علاوہ آپ فون کو ایئر ٹائٹ بیگ یا سلیکا جیل والے باکس میں رکھ سکتے ہیں۔

    فون کو ہوادار جگہ پر رکھیں جہاں وینٹیلیشن اچھی ہو۔ ذہن میں رکھیں کہ فون کو خشک کرنے کے لیے اسے کسی بھی گرم سطح پر یا براہ راست سورج کی روشنی میں نہ رکھیں کیونکہ اس سے ڈیوائس کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

    سروس سینٹر سے رابطہ کریں:

    اگر مندرجہ بالا تجاویز پر عمل کرنے کے بعد آپ کا گیلا فون آن نہیں ہو رہا ہے یا آن کرنے کے بعد ٹھیک سے کام نہیں کر رہا ہے تو آپ کو فون کو فوری طور پر کمپنی کے آفیشل سروس سینٹر لے جانا چاہیے۔ تاہم، یہ بات ذہن میں رکھیں کہ وارنٹی میں پانی کے نقصان کا احاطہ نہیں کیا جاتا لیکن اگر آپ کا فون آن نہیں ہو رہا یا ٹھیک سے کام نہیں کر رہا ہے، تو آپ کو سروس سینٹر جا کر اسے ٹھیک کرانا پڑے گا۔

    جب فون گیلا ہو تو کیا نہیں کرنا چاہیے:

    فون کو خشک کرنے کے لیے ہیئر ڈرائر یا اوون کا استعمال نہ کریں، کیونکہ فون کے اندرونی حصے خراب ہو سکتے ہیں۔

    اگر فون گیلا ہے تو اسے چارج کرنے کی کوشش نہ کریں اور اگر فون بند ہے یا کام کرنا بند کر دیا ہے تو اسے آن کرنے کی کوشش نہ کریں کیونکہ اس سے فون میں شارٹ سرکٹ ہو سکتا ہے اور فون ٹھیک ہونے کی صورت میں بھی خراب ہو جائے گا۔

    اگر فون گیلا ہے اور فون کے اندر پانی داخل ہو گیا ہے تو فون کو حرکت نہ دیں۔ فون کی حرکت کو ہر ممکن حد تک کم کریں کیونکہ اس سے فون کے ان حصوں تک پانی پہنچ سکتا ہے جہاں یہ پہلے نہیں پہنچا تھا۔