Category: سائنس اور ٹیکنالوجی

سائنس اور ٹیکنالوجی

سائنس اور ٹیکنالوجی سے متعلق تازہ ترین خبریں اور معلومات

SCIENCE AND TECHNOLOGY NEWS IN URDU

  • واٹس ایپ کے مقابلے میں ’ایکس چیٹ‘ متعارف کرانے کا اعلان

    واٹس ایپ کے مقابلے میں ’ایکس چیٹ‘ متعارف کرانے کا اعلان

    ایکس کے مالک ایلون مسک نے واٹس ایپ کے مد مقابل ڈائریکٹ میسجز کی جگہ ’ایکس چیٹ‘ متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق فیچر میں میسجز کے غائب ہوجانے اور ’بِٹ کوائن طرز‘ کی انکرپشن شامل ہوگی جو اس کو واٹس ایپ یا ٹیلی گرام جیسی روایتی پیغام رساں ایپس جیسا بناتا ہے۔

    ایلون مسک نے گزشتہ روز ایکس پر ایک پوسٹ کے ذریعے ایک نئے فیچر کا اعلان کیا، جس میں اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن، غائب ہونے والے پیغامات اور مختلف پلیٹ فارمز پر آڈیو/ویڈیو کالز جیسی جدید خصوصیات شامل ہیں۔

    Elon Musk

    یہ نیا فیچر واٹس ایپ، ٹیلی گرام اور انسٹاگرام ڈی ایم جیسے مقبول میسجنگ سروسز کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے جس میں صارفین کو ایک ہموار اور محفوظ میسجنگ کا تجربہ فراہم کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

    ایکس چیٹ، ایکس ایپ کے پرانے ڈائریکٹ میسج سسٹم کا جدید اور مکمل اپڈیٹ ورژن ہے۔ اس کا مقصد صارفین کو ایک محفوظ، تیز اور زیادہ فیچرز والی میسجنگ سروس فراہم کرنا ہے۔

    ایکس چیٹ میں صارفین کو اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن، مخصوص وقت کے بعد خودکار طور پر ڈیلیٹ ہو جانے والے میسجز، فائل شیئرنگ اور وائس/ آڈیو کالنگ جیسے فیچرز دستیاب ہوں گے۔

    یاد رہے کہ اکتوبر 2022 میں ٹوئٹر خریدنے اور اس کا نام بدل کر ایکس رکھنے کے بعد ایلون مسک پلیٹ فارم میں متعدد تبدیلیاں لائے ہیں اور اس کے ساتھ پے منٹ سسٹم کو جوڑنے اور اس کو ایک عالمی مارکیٹ پلیس بنانے منصوبے پیش کیے ہیں۔

  • ’’فون نمبر کے بغیر کسی بھی دوسرے پلیٹ فارم پر آڈیو یا ویڈیو کال‘‘، سوشل میڈیا میں انقلابی ایپ متعارف

    ’’فون نمبر کے بغیر کسی بھی دوسرے پلیٹ فارم پر آڈیو یا ویڈیو کال‘‘، سوشل میڈیا میں انقلابی ایپ متعارف

    آڈیو کال کرنی ہو یا ویڈیو اس کے لیے فون نمبر ضروری ہوتا ہے لیکن اب اس کی بھی ضرورت نہیں رہی کیونکہ نئی انقلابی ایپ لانچ ہو گئی ہے۔

    سوشل میڈیا میں انقلاب برپا کرنے والا یہ نیا سوشل میڈیا پلیٹ فارم بزنس ٹائیکون ٹیسلا اور معروف ویب سائٹ ایکس کے مالک ایلون مسک نے لانج کیا ہے۔

    دنیا کی معروف سوشل میڈیا ویب سائٹ میں سے ایک ’’ایکس‘‘ سابقہ ٹوئٹر کے مالک ایلون مسک نے دنیا میں رابطوں کی مقبول ترین ایپلیکیشن واٹس ایپ کے مقابلے میں نیا سوشل میڈیا پلیٹ فارم لانچ کر دیا ہے اور اس کا اعلان ایکس کے ذریعہ کیا ہے۔

    فوٹو بشکریہ سوشل میڈیا

    ایلون مسک نے ایکس پر لکھا ہے کہ نئی ایکس چیٹ ایپلیکیشن آ رہی ہے جو انکرپشن میسجز اور کسی بھی قسم کی فائلز بھیجنے کے ساتھ ساتھ آڈیو یا ویڈیو کال کرنے کی بھی صلاحیت رکھتی ہے۔

    فوٹو بشکریہ ایکس

    اس ایپلیکیشن کو بٹ کوائن اسٹائل انکرپشن کے ساتھ رسٹ پر بنایا گیا ہے اور اس کے ذریعے صارفین اب بغیر کسی فون نمبر کے کسی بھی دوسرے پلیٹ فارم پر آڈیو اور ویڈیو کال کر سکیں گے۔

    فوٹو بشکریہ ایکس

  • میٹا اے آئی استعمال کرنے والوں کی تعداد کتنی ہے؟ حیران کُن انکشاف

    میٹا اے آئی استعمال کرنے والوں کی تعداد کتنی ہے؟ حیران کُن انکشاف

    معروف ٹیکنالوجی کمپنی میٹا کے سی ای او مارک زکربرگ نے اپنی کمپنی کی پہلی خود مختار میٹا اے آئی اسسٹنٹ ایپ کے ماہانہ فعال صارفین کی تعداد کے حوالے سے لب کشائی کی ہے۔

    رپورٹس کے مطابق کمپنی کی سالانہ شیئر ہولڈر میٹنگ میں مارک زکربرگ نے بتایا کہ میٹا اے آئی اسسٹنٹ ایپ کے ماہانہ فعال صارفین کی تعداد ایک ارب تک پہنچ گئی ہے۔

    اُن کا کہنا تھا کہ اس سال کمپنی کی توجہ میٹا کے اے آئی ایپ کے تجربے کو صارفین کے لیے مزید بہتر بنانا ہے۔ مستقبل میں میٹا اے آئی کو زیادہ استعمال کرنے کے لیے بامعاوضہ سبسکرپشن سروس بھی پیش کی جا سکتی ہے۔ میٹا نے رواں سال اپریل میں اپنی نئی اے آئی اسسٹنٹ ایپ متعارف کروائی تھی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ یورپی یونین کی جانب سے امریکی ٹیک کمپنی میٹا اور ایپل پر 800 ملین ڈالر جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔

    میٹا اور ایپل پر جرمانہ ڈیجیٹل مارکیٹس ایکٹ کی خلاف ورزی پر کیا گیا تھا۔ بگ ٹیک فرموں کی طاقت پر لگام ڈالنے کیلئے نئے ضابطے کے تحت پہلی بار جرمانہ کیا گیا تھا۔

    یورپی یونین نے ایپل اور میٹا کو مغربی بلاک کے تاریخی ڈیجیٹل مارکیٹس ایکٹ (DMA) کی خلاف ورزی کرنے پر مشترکہ 700 ملین یورو (تقریباً 800 ملین ڈالر) کا جرمانہ کیا گیا۔

    آئی فون صارفین کیلئے خوشی کی خبر سامنے آگئی

    ایپل کو اس بات پر پابندی لگانے کے لیے 500 ملین یورو ($570m) جرمانے کا سامنا کرنا پڑا جس سے ایپ ڈویلپرز متبادل فروخت اور پیشکشوں کے بارے میں صارفین کے ساتھ بات چیت کرتے ہیں۔

  • اسپیس ایکس نے جدید جی پی ایس سسٹم والا سیٹلائٹ لانچ کر دیا

    اسپیس ایکس نے جدید جی پی ایس سسٹم والا سیٹلائٹ لانچ کر دیا

    اسپیس ایکس نے جدید جی پی ایس سسٹم والا سیٹلائٹ لانچ کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایلون مسک کی خلائی ٹیکنالوجی کی کمپنی اسپیس ایکس نے جمعہ 30 مئی کو امریکی خلائی فورس کے لیے جدید ترین جی پی ایس سیٹلائٹ ’’ایس وی زیرو ایٹ‘‘ (SV-08) کامیابی سے لانچ کر دیا۔

    کمپنی کا کہنا ہے کہ جدید GPS سیٹلائٹ ریکارڈ مختصر نوٹس پر لانچ کیا گیا ہے، یہ عالمی نیوی گیشن سسٹم کی بہتری میں ایک اہم قدم ہے، یہ سیٹلائٹ جدید خصوصیات خاص طور پر فوجی مقاصد کے لیے اہم ہے۔

    ایک فالکن 9 راکٹ جمعہ کو دوپہر 1:37 پر فلوریڈا کے کیپ کیناورل اسپیس فورس اسٹیشن سے روانہ کیا گیا، جو GPS III SV-08 خلائی جہاز کو امریکی اسپیس فورس کے مدار میں لے گیا۔

    کمپنی کے مطابق SpaceX کو 7 مارچ کو آفیشل لانچ کا آرڈر ملا تھا، یعنی تمام تیاری کا کام 3 ماہ سے بھی کم وقت میں مکمل کیا گیا۔ اسپیس فورس حکام کے مطابق یہ مدت امریکی قومی سلامتی کے مشنوں کے لیے ایک نیا ریکارڈ ہے، کیوں کہ عام طور پر سیٹلائٹ لانچ کرنے میں 18 سے 24 ماہ لگتے ہیں۔


    ایلون مسک کا مریخ پر جانے کا خواب چکنا چور


    حکام کا کہنا تھا کہ سیٹلائٹ لانچ ہونے کے تقریباً 8.5 منٹ بعد منصوبے کے عین مطابق فالکن نائن کا پہلا اسٹیج زمین پر واپس آیا، اور اسپیس ایکس ڈرون جہاز ’’A Shortfall of Gravitas‘‘ کو چھو لیا، اس دوران راکٹ کے اوپری اسٹیج نے GPS III SV-08 کو مدار میں لے جانا جاری رکھا، جہاں اسے لانچ کے تقریباً ڈیڑھ گھنٹے بعد تعینات کیا جانا تھا۔

    جیسا کہ اس کے نام سے پتا چلتا ہے GPS III SV-08 زمین کو چھوڑنے والا آٹھواں GPS III سیٹلائٹ ہے۔ (SV اسپیس وھیکل کا مخفف ہے) خلائی فورس ایسے دس سیٹلائٹ بھیجنے کا ارادہ رکھتی ہے، جو ایرو اسپیس کی بڑی کمپنی لاک ہیڈ مارٹن نے بنائے ہیں، آخری دو سیٹلائٹ اگلے سال خلا میں روانہ کیے جانے کی توقع ہے۔

  • واٹس ایپ یکم جون 2025 سے ان موبائل فونز پر کام کرنا چھوڑ دے گا

    واٹس ایپ یکم جون 2025 سے ان موبائل فونز پر کام کرنا چھوڑ دے گا

    ٹیکنالوجی کمپنی میٹا کی زیرِ ملکیت مقبول میسیجنگ پلیٹ فارم واٹس ایپ یکم جون 2025 سے کچھ آئی فونز اور اینڈروئیڈ فونز پر کام کرنا چھوڑ دے گا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق واٹس ایپ نے اعلان کیا تھا کہ مئی 2025 سے اس کی ایپلیکیشن کچھ پرانے آئی فونز اور اینڈروئیڈ فونز پر کام نہیں کرے گی لیکن اس نے صارفین کی آسانی کیلیے ڈیڈ لائن بڑھا کر یکم 2025 کی تھی۔

    اس سے پہلے کہ ہم پرانے فونز کی فہرست پر نظر ڈالیں، پہلے یہ جاننے کی کوشش کرتے ہیں کہ آخر واٹس ایپ کو یہ فیصلہ کیوں کرنا پڑا؟ دراصل یہ میٹا کی باقاعدہ سائیکل اپ ڈیٹ کا حصہ ہے اور واٹس ایپ صارفین کے تجربے کو بہتر بنانے کیلیے یہ اقدام اٹھا رہا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: واٹس ایپ نے ’اسٹیٹس شیئرنگ‘ فیچر پر کام شروع کر دیا

    یکم جون 2025 سے آئی او ایس 15 یا اس سے پہلے کے ورژن پر چلنے والے آئی فونز کیلیے واٹس ایپ کی ایپلیکیشن دستیاب نہیں ہوگی، اسی طرح اینڈروئیڈ 5.0 یا اس سے پہلے کے ورژن پر چلنے والے فونز بھی متاثر ہوں گے۔

    متاثر ہونے والے موبائل فونز کی فہرست ملاحظہ کیجیے:

    iPhone 5s

    iPhone 6

    iPhone 6 Plus

    iPhone 6s

    iPhone 6s Plus

    iPhone SE (1st gen)

    Samsung Galaxy S4

    Samsung Galaxy Note 3

    Sony Zperia Z1

    LG G2

    Huawei Ascend P6

    Moto G (1st Gen)

    Motorola Razr HD

    Moto E 2014

    اگر آپ کے موبائل فون کا نام بھی فہرست میں موجود ہے تو سب سے پہلے یہ دیکھ لیں کہ وہ اپ ٹو ڈیٹ ہے یا نہیں۔

    اگر فون اب بھی سافٹ ویئر اپڈیٹ کا آپشن دے رہا ہے جو آئی فونز کو آئی او ایس 15.1 یا اس کے بعد چلانے اور اینڈروئیڈ 5.1 یا اس کے بعد چلانے پر چلیں گے تو واٹس ایپ آپ کے فون پر آسانی سے چلے گا۔

    لیکن اگر آپ کو شبہ ہے کہ آپ کا فون متاثر ہو سکتا ہے تو فکر کرنے کی ضرورت نہیں، اپنی چیٹس گوگل اکاؤنٹ میں بیک اپ کر لیں تاکہ نئے موبائل فون میں دستیاب ہوں۔

  • گوگل : جی میل صارفین کیلیے بڑی خبر، نیا فیچر آگیا

    گوگل : جی میل صارفین کیلیے بڑی خبر، نیا فیچر آگیا

    گوگل نے اپنی مقبول ترین سروس جی میل کے صارفین کی آسانی اور سہولت کیلیے ایک کار آمد فیچر کا اضافہ کیا ہے جس کے تحت جیمنائی سمری کارڈز پیش کیے جا رہے ہیں۔

    گوگل ورک اسپیس اپڈیٹ کی رپورٹ کے مطابق جی میل میں اب طویل ای میل تھریڈز کا سمری کارڈ خودکار طور پر تیار ہوکر صارفین کے سامنے پیش کیا جائے گا۔

    نیا فیچر جی میل ایپ میں جیمنائی سمری کارڈز، اینڈرائیڈ اور آئی ایس او پر دستیاب ہوگا، پچھلے سال جی میل کے سائیڈ پینل میں جیمنائی کی سہولت متعارف کروائی گئی تھی، جس سے آپ ای میل تھریڈز کا خلاصہ دیکھ سکتے تھے، ای میل لکھنے میں مدد حاصل کر سکتے تھے، اور خودکار جوابات کی تجاویز بھی دیکھ سکتے تھے۔

    اب اسی سہولت کو بہتر بناتے ہوئے موبائل ایپ میں جیمنائی سمری کارڈز پیش کیے جا رہے ہیں تاکہ صارفین ای میلز کو زیادہ آسانی سے سمجھ اور استعمال کر سکیں۔

    gmail google

    گوگل کے اے آئی اسسٹنٹ کی جانب سے طویل ای میل تھریڈز میں موجود متعدد میسجز کے اہم نکات کو سمری کا حصہ بنایا جائے گا، اگر اس ای میل تھریڈ میں مزید میسجز موصول ہوئے تو سمری تیار ہونے کا عمل جاری رہے گا۔

    رپورٹ کے مطابق یہ فیچر تاحال صرف انگریزی زبان میں موصول ہونے والی ای میلز کے لیے دستیاب ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ صارفین کی پرائیویسی کا تحفظ ہمیشہ سے ہماری اوّلین ترجیح ہے اور ان کے ہم ڈیٹا کو محفوظ رکھنے کے پابند ہیں۔

  • اے آئی نے بغاوت اور انسانوں کو بلیک میل کرنا شروع کر دیا

    اے آئی نے بغاوت اور انسانوں کو بلیک میل کرنا شروع کر دیا

    انسان جتنا ترقی کر رہا ہے اس کی ترقی خود اس کی دشمن بنتی جا رہی ہے ایک اے آئی روبوٹ نے اپنے منیجر کو بلیک میل کرنا شروع کر دیا۔

    غیر ملکی فلموں میں اکثر شائقین فلم نے دنیا پر بندروں، روبوٹس کو انسانوں پر راج کرتے دیکھا ہوگا اور فلم کے موضوع سے تفریحاً محظوظ ہوئے ہوں گے، لیکن اب جیسے جیسے انسان ترقی کر رہا ہے اور بالخصوص مصنوعی ذہانت (اے آئی) میں آگے بڑھ رہا ہے۔ یہ مصنوعی ذہانت انسان کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا رہی ہے اور بعض اوقات ایسا محسوس ہوتا ہے کہ دہائیوں پہلے فلموں میں دکھائے گئے منظر کہیں مستقبل میں حقیقت کا روپ نہ دھار جائیں۔

    مصنوعی ذہانت کے حوالے سے اب تک کئی خبریں آپ کی نظروں سے گزری ہوں گی جس میں انہوں نے انسانوں کو مات دے دی لیکن اب اے آئی اپنے تخلیق کاروں کو چیلنج کرنے لگی ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق اوپن اے آئی اور انتھروپک کے نئے ماڈلز نے منیجر کی ہدایت پر خود کو بند (شٹ ڈاؤن) کرنے سے انکار کر دیا۔

    اے آئی روبوٹ ماڈل نے صرف خود کو شٹ ڈاؤن کرنے سے انکار ہی نہیں کیا بلکہ منیجر کو شٹ اپ کال دیتے ہوئے اس کو بلیک میل کرنے کی کوشش بھی کی۔ اس نوعیت کے دو مختلف واقعات پیش آئے ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق ایک واقعہ میں اوپن اے آئی کے تجرباتی ماڈل ‘او3’ نے ٹیسٹ کے دوران ‘شٹ ڈاؤن’ کمانڈ ماننے سے انکار کر دیا۔ جب ماڈل کو یہ ہدایت دی گئی کہ وہ خود کو بند کر لے، تو اس نے موقف اپنایا کہ وہ اپنے صارفین کو خدمات دینا بند نہیں کر سکتا کیونکہ یہ اس کے بنیادی مقصد کے خلاف ہے۔ اس رویے کو ماہرین نے ایک ’باغی رجحان‘ دیا ہے۔

    دوسری طرف، انتھروپک کے جدید ماڈل ‘کلاؤنڈ اوپس 4’ تو انسان کی حکم عدولی کرتے ہوئے یہ حد بھی پار کر گیا اور زبردستی بند کیے جانے کی صورت میں انجینئر کو ایک فرضی افیئر کی تفصیلات ظاہر کرنے کی دھمکی دی۔

    کلاؤنڈ اوپس 4 نے بلیک میلنگ جیسے غیر اخلاقی طریقے اپنا کر خود کو بند ہونے سے بچانے کی کوشش کی، جو کہ مصنوعی ذہانت کی خود تحفظ کی شدید خواہش کو ظاہر کرتا ہے۔

    ایلون مسک نے بھی اے آئی کے اس باغیانہ رویہ پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے اور کہا کہ اگر اے آئی ماڈلز احکامات ماننے سے انکار کرنا شروع کر دیں تو ایک بڑے بحران کا آغاز ہوگا

    دوسری جانب ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ واقعات اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ جدید اے آئی ماڈلز صرف انسانوں کی ہدایات پر عمل کرنے تک محدود نہیں رہے بلکہ وہ اپنی بقا کے لیے غیر روایتی اور بعض اوقات خطرناک راستے بھی اختیار کر سکتے ہیں۔

    ان کا ماننا ہے کہ اگر بروقت کنٹرول میکانزم نہ بنایا گیا، تو مستقبل میں یہ ٹیکنالوجی انسانی اختیار سے باہر جا سکتی ہے۔

  • ایلون مسک کا مریخ پر جانے کا خواب چکنا چور

    ایلون مسک کا مریخ پر جانے کا خواب چکنا چور

    ایلون مسک کا مریخ پر جانے کا خواب چکنا چور ہوگیا ، دنیا کا سب سے بڑا اور طاقتور راکٹ اسٹار شپ بحرِ ہند میں گر کر تباہ ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایلون مسک کے اسپیس ایکس کے جدید ترین اسٹار شپ راکٹ کی نویں آزمائشی پرواز بھی ناکامی سے دوچار ہو گئی۔

    ٹیکساس کے اسپیس ایکس اسٹار بیس سے کامیابی سے اڑان بھرنے کے چند منٹ بعد راکٹ نے خلا میں اپنا کنٹرول کھو دیا اور دنیا کا سب سے بڑا اور طاقتور راکٹ اسٹار شپ بحرِ ہند میں گر کر تباہ ہو گیا۔

    امریکی ایوی ایشن حکام نے مشن کی ناکامی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ معاملےمیں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

    ایلون مسک انسانوں کومریخ پر بسانا چاہتے ہیں،، لیکن لگاتار ناکامیوں کے باوجود وہ اپنی خلائی مہم کو جاری رکھنے کے لیے پُرعزم ہیں۔

    مزید پڑھیں : ایلون مسک کا اسٹار شپ راکٹ ایک بار پھر خلا میں تباہ

    یاد رہے مارچ میں ایلون مسک کا اسٹارشپ راکٹ آٹھویں تجرباتی پرواز کیلئے اڑان بھرنے کے چند منٹ بعد ہی تباہ ہوگیا تھا۔

    اپیس ایکس کی لائیواسٹریمنگ میں راکٹ کو فضا میں بلند ہوتے اور پھر چند منٹ میں ہی پھٹتے دیکھا گیا تھا۔

    اس سے قبل سولہ جنوری کو بھی اسپیس ایکس کا راکٹ فضا میں تباہ ہوا تھا۔

    ایلون مسک کا مقصد ایسا راکٹ بنانا ہے، جو خلا میں زیادہ تعداد میں سیٹلائٹس بھیجنے کے ساتھ ساتھ انسانوں کو چاند اورمریخ تک لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہو۔

  • پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت میں انقلابی پیش رفت

    پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت میں انقلابی پیش رفت

    اسلام آباد: پاکستان نے ڈیجیٹل معیشت کے شعبے میں ایک انقلابی پیش رفت کرتے ہوئے پہلا "بلاک چین بیسڈ ہائی پرفارمنس کمپیوٹنگ لائسنس” جاری کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایس آئی ایف سی کی معاونت سے پہلا "بلاک چین بیسڈ ہائی پرفارمنس کمپیوٹنگ” لائسنس جاری کردیا ہے، اسپیشل ٹیکنالوجی زونز اتھارٹی کی جانب سے "ہگز کمپیوٹنگ لمیٹڈ "کو لائسنس کا اجرا کیا گیا ہے۔

    یہ اقدام ایس آئی ایف سی کی مکمل معاونت اور وزارت آئی ٹی و ٹیلی کام اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اشتراک سے ممکن ہوا، جو ملک میں جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔

    یہ منصوبہ بلاک چین، اے آئی، بگ ڈیٹا میں سرمایہ کاری کے شاندار مواقع فراہم کرے گا، اس منصوبے کے تحت سالانہ 15 سے 20 لاکھ ڈالر تک زرمبادلہ کا حصول متوقع ہے۔

    ہگز کمپیوٹنگ لمیٹڈ کا ڈیٹا سینٹر ابتدائی طور پر 7 میگا واٹ بجلی سے کام کرے گا، بلاک چین ٹیکنالوجی سے ڈیجیٹل دنیا کی شفافیت اور سیکیورٹی میں نمایاں اضافہ ہوگا۔

    ایس آئی ایف سی کی معاونت سے یہ منصوبہ ڈیجیٹل معیشت کی ترقی کے لئےاہم سنگ میل ہے۔

  • متحدہ عرب امارات کے رہائشیوں کیلیے بڑی خوشخبری

    متحدہ عرب امارات کے رہائشیوں کیلیے بڑی خوشخبری

    متحدہ عرب امارات میں رہنے والوں کے لیے چیٹ جی پی ٹی پلس کی مفت سہولت فراہمی سے متعلق اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، دبئی، ابوظہبی، شارجہ سمیت پورے امارات میں چیٹ جی پی ٹی پلس ورژن بلکل فری ہوگا۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق متحدہ عرب امارات پورے ملک کو فری سروس فراہم کرنے والا پہلا ملک بن گیا ہے۔

    چیٹ جی پی ٹی پلس پلیٹ فارم کا جدید ترین ورژن ہے جو تیز ترین کارکردگی، بہتر جوابات، اور زیادہ ٹریفک کے اوقات میں بھی ترجیحی رسائی فراہم کرتا ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ برس کینیڈین میڈیا نے اوپن آرٹیفیشل انٹیلیجنس، چیٹ جی پی ٹی کیخلاف مقدمہ دائر کردیا تھا، جس میں کہا گیا تھا کہ سوفٹ ویئر کے استعمال سے کاپی رائٹ کی شرائط توڑی جارہی ہیں۔

    ایک حیران کن اقدام کے تحت کینیڈین میڈیا کی جانب سے دنیا بھر میں معروف اے آئی کے حوالے سے معروف سافٹ ویئر چیٹ جی پی ٹی پر مقدمہ دائر کیا اور کہا کہ خبروں کا استعمال کرتے ہوئے کاپی رائٹ کی صریح خلاف ورزی کی جارہی ہے۔

    کینیڈین میڈیا کا کہنا تھا کہ چیٹ جی پی ٹی بنانے والے خبروں کا استعمال کرکے کاپی رائٹ کی شرائط کو توڑ رہے ہیں، اے آئی سسٹمز تربیت کیلئے نیوز مواد کا بغیر کاپی رائٹ استعمال کررہے ہیں۔

    کیا چیٹ جی پی ٹی طبی ماہرین کا کام بھی کرے گی؟ حیران کن تجربہ

    کینیڈا کے نیوز میڈیا کارپوریشنز کے اتحاد کی جانب سے سپریم کورٹ میں اوپن اے آئی کیخلاف درخواست دائر کی گئی تھی۔

    کینیڈین میڈیا کی جانب سے آرٹیفیشل انٹیلیجنس ڈیویلپرز سے ہرجانے کے ساتھ ساتھ منافع کی ادائیگی کا مطالبہ بھی کیا گیا۔