سعودی عرب میں القصیم گورنری کے شہر بریدہ میں ہونے والا کھجور میلہ دنیا کے سب سے بڑے اور نمایاں کھجور بازاروں میں شمار ہونے لگا ہے۔
سعودی عرب کے بریدہ کھجور میلے میں سالانہ 3 ارب 200 ملین ریال سے زائد کی فروخت کا نیا ریکارڈ قائم ہو گیا ہے، اس فروخت کے ساتھ یہ کارنیوال علاقے اور ملک کی معیشت کے لیے ایک اہم ذریعہ بنتا جا رہا ہے۔
یہ کھجور میلہ اب گنیز بک میں آف ورلڈ ریکارڈز کا بھی حصہ بن گیا ہے، کھجور بازار کی اعلیٰ کمیٹی کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر خالد النقید نے بتایا کہ یہ عالمی سطح پر کھجوروں کی پہلی بین الاقوامی مارکیٹ ہے، اور یہ سعودی کھجور کی پیداوار کو سِلک روڈ سے جوڑ کر عالمی تجارت کو فروغ دیتا ہے۔
اس علاقے سے تقریباً 578 ہزار ٹن کھجور بیرون ملک برآمد کی جاتی ہے، اور ہر سال کارنیوال میں علاقے کی مختلف اقسام کی 30 سے زائد کھجوریں پیش کی جاتی ہیں، سعودی عرب کھجور کی برآمدات کے لحاظ سے دنیا میں سب سے آگے ہے۔ نیشنل سنٹر فار پامز اینڈ ڈیٹس کے مطابق سال 2024 کے لیے برآمدات کی مالیت 1.695 ارب ریال تک پہنچی، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں تقریباً 16 فی صد زیادہ ہے۔
سعودی عرب میں شدید بارشوں کا الرٹ جاری
ایک رپورٹ کے مطابق سعودی عرب میں کھجور کے 34 ملین سے زائد درخت موجود ہیں، جن میں القصیم کی حصہ داری سب سے زیادہ ہے، یہاں 11 ملین سے زائد درخت ہیں، اس کے بعد المدينة المنورة، ریاض اور مشرقی علاقے آتے ہیں۔ مملکت میں 300 سے زائد کھجور کی اقسام پیدا ہوتی ہیں، جن میں سب سے مشہور سکری، خلاص، عجوة، صقعی اور صفری شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق سالانہ کھجور کی پیداوار 1.6 ملین ٹن سے تجاوز کر چکی ہے، اور ملک میں کھجور اور اس کی مصنوعات کی پیداوار جدید تکنیک اور اعلیٰ معیار کے ساتھ تیزی سے بڑھ رہی ہے۔