Category: کاروباری خبریں

پاکستان اور دنیا بھر سے آنے والی کاروباری خبریں تجارت

پاکستان اور دنیا بھر سے آنے والی تازہ ترین خبریں پڑھنے کے لئے اے آر وائی نیوز کے تجارت سیکشن پر آئیں

Business News in Urdu – Business News Pakistan

 

تجارت کی خبریں

  • کاشتکاروں کو 2 سال میں گندم میں 2200 ارب کا نقصان

    کاشتکاروں کو 2 سال میں گندم میں 2200 ارب کا نقصان

    ملتان (27 جولائی 2025): کسان اتحاد کے صدر نے کہا ہے کہ ملک کے کاشتکاروں کو 2 سال میں گندم کی کاشت کے سلسلے میں 2200 ارب کا نقصان ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کسان اتحاد کے صدر خالد محمود کھوکھر نے آج اتوار کو پریس کانفرنس میں بتایا کہ ملکی زراعت 100 فی صد زبوں حالی کا شکار ہو چکی ہے، اور کاشتکار کے حالات بدتر ہو چکے ہیں۔

    خالد محمود کھوکھر نے کہا کسان نئی فصلوں کے لیے سرمایہ نہیں رکھتا، حکومت کی پالیسیوں سے فصلوں کی قیمت نہیں مل رہی ہے، اور کاشتکار کو دو سال سے گندم کا مناسب ریٹ نہیں ملا ہے، جس کی وجہ انھیں 2 ہزار 200 ارب کا نقصان ہو چکا ہے۔

    کسان اتحاد کے صدر نے سوال اٹھایا کہ حکومت کی جانب سے جو زرعی پیکجز بنائے گئے تھے ان کے نتائج کہاں ہیں؟ ہماری تو زرعی ایکسپورٹ میں واضح کمی آ گئی ہے، اور کاشتکار کپاس کی بوائی کے لیے سرمایہ بھی نہیں رکھتا۔


    چینی کی قلت کا بحران شدت اختیار کر گیا، دکانداروں نے فروخت بند کر دی


    خالد محمود کھوکھر نے برآمدات کی صورت حال کے حوالے سے بتایا کہ چاول کی ایکسپورٹ 6 ماہ میں 11 فی صد کم ہوئی، اور تمام فصلوں کی ایکسپورٹ میں کمی ریکارڈ ہوئی ہے۔

    دوسری طرف ملک میں چینی کی قلت کا بحران بھی شدت اختیار کر گیا ہے، چھاپوں کے بعد دکانداروں نے چینی فروخت بند کر دی، جن پر چینی کی سرکاری ریٹ سے زائد ریٹ پر فروخت پر جرمانے عائد کیے گئے ہیں، تاہم تاجران کا کہنا ہے کہ ہول سیل مارکیٹ میں چینی کا ریٹ 170 سے 176 روپے کلو ہے، دکان دار 176 روپے چینی خرید کر 170 میں کیسے فروخت کر سکتے ہیں۔

  • پاکستان میں آج چاندی کا ریٹ کیا رہا؟

    پاکستان میں آج چاندی کا ریٹ کیا رہا؟

    پاکستان میں چاندی کی قیمت بین الاقوامی مارکیٹ میں چاندی کی مانگ و رسد، ڈالر کی قیمت، مہنگائی، عوامی مانگ اور سرکاری پالیسیوں جیسے مختلف عوامل پر منحصر ہوتی ہے۔

    ساڑھے باون تولہ چاندی کی قیمت کا تعین اس لیے اہم ہے کہ تاریخی طور پر یہ ایک معیاری وزن سمجھا جاتا ہے اور زیادہ تر چاندی کے زیورات اسی وزن اور مخصوص معیار کے تحت تیار کیے جاتے ہیں، پاکستان کے مختلف شہروں میں چاندی کی قیمت میں تھوڑا سا اتار چڑھاؤ پایا جاسکتا ہے۔

    ملک میں مقامی کرنسی کے حساب سے روزانہ چاندی کی قیمت اپ ڈیٹ ہوتی ہے، فی گرام چاندی، دس گرام چاندی اور فی تولہ چاندی کی قیمت آج ملک میں کیا رہی اس حوالے سے ذیل میں قیمتوں کی تفصیلات بتائی گئی ہی۔

    کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں آج 10 گرامی چاندی کی قیمت تقریباً 3,566 روپے رہی جبکہ ان شہروں میں ایک تولہ چاندی کی قیمت تقریباً 4,155 روپے ریکارڈ کی گئی۔

    اسی طرح راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ میں بھی چاندی کے نرخ یکساں رہے، ان شہروں میں 10 گرامی چاندی کی قیمت 3,566 روپے رہی جبکہ ایک تولہ چاندی کی قیمت 4,155 روپے رہی۔

    پاکستان میں چاندی کو صرف زیورات کے طور پر ہی نہیں بلکہ ایک محفوظ سرمایہ کاری کے طور پر بھی دیکھا جاتا ہے۔ یہاں چاندی کی سرمایہ کاری کے بارے میں کچھ اہم باتیں جاننا ضروری ہے:

    مہنگائی کے خلاف ایک ہیج: چاندی کو اکثر مہنگائی کے خلاف ایک ہیج سمجھا جاتا ہے۔ جب مہنگائی بڑھتی ہے تو چاندی کی قیمت میں بھی اضافہ ہونے کا امکان ہوتا ہے۔

    طویل مدتی سرمایہ کاری: چاندی میں سرمایہ کاری کو طویل مدتی سرمایہ کاری کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔ اس کی قیمت میں مختصر مدت میں اتار چڑھاؤ آ سکتا ہے لیکن طویل مدت میں یہ ایک اچھی سرمایہ کاری ثابت ہو سکتی ہے۔

    سونا کے مقابلے میں کم خطرناک: سونا کے مقابلے میں چاندی کو کم خطرناک سرمایہ کاری سمجھا جاتا ہے۔ اگرچہ سونا بھی ایک محفوظ سرمایہ کاری ہے لیکن چاندی کی قیمت میں اتار چڑھاؤ کم ہوتا ہے۔

  • پاکستان میں سونے کی قیمت میں مسلسل تیسرے روز کمی

    پاکستان میں سونے کی قیمت میں مسلسل تیسرے روز کمی

    پاکستان میں سونے کی قیمت میں مسلسل تیسرے روز کمی ہوئی ہے۔

    آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق پاکستان میں سونے کی فی تولہ قیمت 300 روپے کم ہوکر  3 لاکھ 56 ہزار 400 روپے ہوگئی۔

    اسی طرح 10 گرام سونا 257 روپے کمی سے 3 لاکھ 5 ہزار 555 روپے کا ہوگیا۔

    عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں معمولی کمی ہوئی، سونے کی قدر فی اونس 3 ڈال رکمی سے 3337 ڈالر ہوگئی۔

    پاکستان میں آج ڈالر اور دیگر کرنسیوں کی قیمت

    واضح رہے کہ سونا خریدنا روایتی طور پر محفوظ سرمایہ کاری سمجھا جاتا ہے جس کی قیمت افراط زر، سیاسی اور معاشی عدم استحکام کے اوقات میں بڑھ جاتی ہے۔

    اسے صدیوں سے کرنسی اور دولت کی شکل کے طور پر استعمال کیا جاتا رہا ہے، جب سرمایہ کار دوسرے اثاثوں کے بارے میں غیر یقینی محسوس کرتے ہیں، تو وہ اکثر سونا خریدے ہیں۔

    پاکستان میں گزشتہ برس سونے کی قیمت کے تعین کے طریقہ کار میں تبدیلی کی گئی تھی، جس کے تحت سونے کی قیمت انٹرنیشنل مارکیٹ ریٹ سے 20 ڈالر فی اونس زیادہ مقرر کی گئی۔

  • پاکستان کی نئی کرپٹو پالیسی نے عالمی سطح پر توجہ حاصل کرلی

    پاکستان کی نئی کرپٹو پالیسی نے عالمی سطح پر توجہ حاصل کرلی

    اسلام آباد: پاکستان کی نئی کرپٹو پالیسی نے عالمی سطح پر توجہ حاصل کرلی، ماہرین کا کہنا ہے کہ کہ واشنگٹن اور برسلز نہیں، اسلام آباد کرپٹو پر نئی سمت دے رہا ہے۔

    پاکستان میں آج ڈالر اور دیگر کرنسیوں کی قیمت

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کے اقدامات کے بعد اسرائیل کی پارلیمنٹ میں بٹ کوائن پر بحث ہوئی، ماہرین نے کہا کہ واشنگٹن اور برسلز نہیں، اسلام آباد کرپٹو پر نئی سمت دے رہا ہے۔

    ماہرین کا کہنا تھا کہ پاکستان جنوبی ایشیا میں پہلا ملک ہے، جو کرپٹو ریگولیشنز پر سنجیدگی سےکام کررہاہے، پوارا کے قیام سے پاکستان خطے میں لیڈر بننے کے قریب ہے۔

    ماہرین نے مزید کہا کہ پاکستان نےصرف 4ماہ میں کرپٹوسےمتعلق اپنی پالیسی میں نمایاں تبدیلی کی ہے اور پابندی سے ریگولیشن،قومی ریزرواورلائسنسنگ تک کا سفرطے کیا۔

    ماہرین کے مطابق پاکستان کا کرپٹو ماڈل ترقی پذیر ممالک کے لیے مثال بن رہا ہے، نائیجیریا، ارجنٹینا اور بھارت بھی کرپٹو پرنظرثانی کررہے ہیں تاہم 2025 میں پاکستان کی قیادت عالمی کرپٹو بیانیہ تبدیل کر رہی ہے، کرپٹو اب صرف سرمایہ کاری نہیں حکمتِ عملی کا حصہ ہے۔

  • ڈالر سستا ہوگا یا مہنگا؟ بڑی پیش گوئی سامنے آگئی

    ڈالر سستا ہوگا یا مہنگا؟ بڑی پیش گوئی سامنے آگئی

    کراچی : ڈالر کی قیمت کے حوالے سے بڑی پیش گوئی سامنے آگئی ، اب قیمت اوپر جائے گی یا نیچے آئے گی۔

    تفصیلات کے مطابق ڈالر کی قیمت اوپر جائے گی یا نیچے؟ یہ وہ سوال ہے جو آج ہر پاکستانی کے ذہن میں گردش کر رہا ہے۔ چاہے بات ہو درآمدات کی، مہنگائی کی یا بیرونی قرضوں کی واپسی کی ، ڈالر کا ریٹ معیشت کی سمت کا تعین کرتا ہے۔

    حالیہ دنوں میں کرنسی مارکیٹ میں غیر معمولی ہلچل دیکھی گئی ہے، جس کے بعد ماہرین کی آراء بھی تقسیم ہو گئی ہیں، کچھ ماہرین ڈالر کی قدر میں کمی کی نوید سنا رہے ہیں، تو کچھ اس کی قیمت میں اضافے کی پیش گوئی کر رہے ہیں۔

    ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین ملک بوستان نے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ دنوں میں کرنسی اسمگلنگ کے خلاف حکومتی کریک ڈاؤن کے مثبت اثرات سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں، جس کے نتیجے میں ڈالر کی قیمت میں نمایاں کمی دیکھی جا سکتی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ اگر حکومتی اقدامات جاری رہے تو ڈالر کی قدر 280 سے کم ہو کر 270 روپے تک آ سکتی ہے۔

    ملک بوستان نے مزید کہا کہ حالیہ دنوں میں مارکیٹ میں ڈالر کی دستیابی محدود ہو گئی تھی، تاہم اب صورتحال بہتر ہو چکی ہے اور ایکسچینج کمپنیوں میں ڈالر با آسانی دستیاب ہوں گے۔

    اس کے برعکس، ایک حالیہ مالیاتی سروے میں بعض تجزیہ کاروں نے خبردار کیا کہ اگر کرنسی پالیسیوں میں تسلسل نہ رہا تو روپے کی قدر دسمبر تک 300 روپے فی ڈالر تک گر سکتی ہے۔

    تاہم، تجزیہ کاروں کی اکثریت کا کہنا ہے کہ کرنسی مارکیٹ مستحکم ہو رہی ہے اور دسمبر 2025 تک ڈالر 285 سے 290 روپے کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔

  • بڑی  تبدیلیاں !   بینک اکاؤنٹ کھلوانے والوں کے لئے اہم  خبر آگئی

    بڑی تبدیلیاں ! بینک اکاؤنٹ کھلوانے والوں کے لئے اہم خبر آگئی

    کراچی : اسٹیٹ بینک نے بینک اکاؤنٹ کھلوانے کے عمل میں اہم تبدیلیاں کردیں،جس سے انفرادی اور کاروباری اکاؤنٹ کھولنا آسان ہوجائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق بینک دولتِ پاکستان نے صارفین کی آن بورڈنگ کے لیے مجموعی فریم ورک جاری کر دیا ہے۔

    مرکزی بینک نے بینکوں اور زیر ضابطہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اسٹور میں اور/یا آن لائن کاروباری/ تجارتی سرگرمیاں کرنے والے اپنے صارفین کو ڈجیٹل ادائیگیاں قبول کرنے کے طریقے فراہم کریں۔

    صارفین کی آن بورڈنگ کے نئے فریم ورک کا مقصد اکاؤنٹ کھولنے کا عمل آسان اور معیاری بنانا اور اکاؤنٹ کھولنے کے لیے دستاویزات کے تقاضوں کو معقول بنانا ہے تاکہ مختلف کسٹمر ٹچ پوائنٹس پر ڈجیٹل اور آسان انٹر فیس استعمال کیا جاسکے۔

    اسٹیٹ بینک نے کہا ہے کہ عام صارفین کے نئے اکاؤنٹ کھولنے میں دو دن سے زیادہ وقت نہ لیا جائے، اکاؤنٹ کھولنے کی اپنی درخواستوں کی موجودہ صورت کو ٹریک کرنے کی سہولت بھی صارفین کے پاس ہونی چاہیے ، جس سے یہ عمل شفاف اور صارف دوست بن جائے گا۔

    یہ اقدامات اسٹیٹ بینک کی طرف سے مالی شمولیت کو بڑھانے اور صارفین کے لیے سہولتیں بہتر بنانے کی کوششوں کا تسلسل ہیں۔

    حالیہ برسوں میں اسٹیٹ بینک نے برانچ لیس بینکنگ اکاؤنٹس، آسان اکاؤنٹس، ڈجیٹل آن بورڈنگ اور فری لانسرز، ملک میں ترسیلات منگوانے والوں، اور سمندر پار پاکستانیوں کے لیے اکاؤنٹ کی خصوصی اقسام متعارف کرائی ہیں۔

    کسٹمر آن بورڈنگ کے عمل کو زیادہ آسان، محفوظ اور موثر بنا دیا گیا ہے اور اب صارفین تمام اقسام کے اکاؤنٹس ڈجیٹل طریقوں سے کھول سکیں گے۔

    https://urdu.arynews.tv/dollar-currency-rate-pakistan-today/

    ادائیگیاں ڈیجیٹل طریقے سے قبول کرنے میں تاجروں کو سہولت دینے کی خاطر اسٹیٹ بینک نے اپنے زیر ِضابطہ اداروں سے کہا ہے کہ وہ تمام تاجروں کو، خواہ وہ نئے ہوں یا موجودہ، ڈجیٹل ادائیگی قبول کرنے والے کم از کم ایک طریقے سے ضرور لیس کریں۔

    مثال کے طور پر راست کیو آر کوڈ، پوائنٹ آف سیل (پی او ایس)، ای کامرس/راست چیک آؤٹ، تاکہ صارفین اسٹور میں اور/یا آن لائن خریداریوں کے لیے آسانی سے ڈجیٹل ادائیگیاں کر سکیں۔

    چھوٹے تاجروں کی آن بورڈنگ کو آسان بنانے اور ڈجیٹل ادائیگی قبول کرنے والے کم لاگتی پوائنٹس فراہم کرنے کے لیے اسٹیٹ بینک نے اپنے زیرِ ضابطہ اداروں کو تجویز دی ہے کہ وہ تاجروں کی مختلف زمروں میں درجہ بندی کریں جیسے بطور مائکرو، چھوٹے، اور رجسٹرڈ تاجر۔

    یہ اقدامات بینکاری نظام سے الگ تھلگ افراد اور کاروباری اداروں کو شامل کرنے اور افراد سے تاجروں کو بڑے پیمانے پر موجودہ نقد ادائیگیاں ڈجیٹلائز کرنے کا ضوابطی ماحول مزید بہتر بنائیں گے۔

    علاوہ ازیں، اس فریم ورک میں بہترین بین الاقوامی طریقوں کے مطابق مضبوط ریگولیٹری حفاظتی تدابیر بھی فراہم کی گئی ہیں۔

  • کم پیسوں میں اپنا گھر بنانے والوں کے لئے اسکیم ، بڑی خبر آگئی

    کم پیسوں میں اپنا گھر بنانے والوں کے لئے اسکیم ، بڑی خبر آگئی

    اسلام آباد : کم پیسوں میں اپنا گھر بنانے کے خواہشمند افراد کے لئے اسکیم کی منظوری دے دی گئی ، 20 سے 35 لاکھ کا قرضہ 20 سال کی مدت کے لیے دینے کی تجویز کی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرخزانہ محمداورنگزیب کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا، کمیٹی نے سستے گھروں کے لیے سبسڈی اور رسک شیئرنگ اسکیم منظور کرلی اور وزارت ہاؤسنگ کو مربوط ڈیٹابیس بنانے کی ہدایت کی ہے۔

    وزارت خزانہ نے بتایا کہ ملک میں لو کاسٹ ہاؤسنگ کو فروغ دیا جائے گا، حکومت 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کے لیے سبسڈی فراہم کرے گی، 20 سے 35 لاکھ کا قرضہ 20 سال کی مدت کے لیے دینے کی تجویز کی گئی ہے۔

    مزید پڑھیں :  گھر خریدنے کے خواہشمند افراد کیلئے قرضہ اسکیم متعارف

    اجلاس میں ماحولیاتی پالیسی نے پاکستان کی گرین ٹیکسونومی کی منظوری دے دی، ماحول دوست منصوبوں کے لیے مالی معاونت کی راہ ہموارہوگی۔

    کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ویجی ٹیبل گھی کی مقامی سطح پر قیمتوں میں کمی نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے قیمتوں میں کمی کیلئے مانیٹرنگ سخت کرنےکی ہدایت کردی۔

    اجلاس میں شپ بریکنگ کوباقاعدہ صنعت کادرجہ دےدیاگیا ، شپ بریکنگ کیلئے صنعتی شعبے کے بجلی نرخوں کی دوبارہ سے نظرثانی کی ہدایت کردی گئی۔

  • چینی کی قلت کا بحران شدت اختیار کر گیا، دکانداروں نے فروخت بند کر دی

    چینی کی قلت کا بحران شدت اختیار کر گیا، دکانداروں نے فروخت بند کر دی

    اسلام آباد(26 جولائی 2025): ملک میں چینی کی قلت کا بحران شدت اختیار کرگیا چھاپوں کے بعد دکانداروں نے چینی فروخت بند کردی۔

    تفصیلات کے مطابق صدر آل پاکستان انجمن تاجران اجمل بلوچ نے آر وائی نیوز سے گفتگو میں کہا کہ اب تک  6000 سے زائد دکانداروں کے خلاف کارروائی کی گئی ہے، چینی کی سرکاری ریٹ سے زائد ریٹ پر فروخت پر جرمانے عائد کیے گئے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہول سیل مارکیٹ میں چینی کا ریٹ 170 سے 176 روپے کلو ہے، دکاندار 176 روپے چینی خرید کر 170 میں کیسے فروخت کرسکتے ہیں۔

    ملک میں مہنگائی بڑھی، چینی مگر 8 روپے کلو سستی ہو گئی! سرکاری ادارے کی رپورٹ

    دوسری جانب پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن کے سابق چیئرمین نے  اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ ہول سیل مارکیٹ میں چینی  165 روپے فراہم کر رہے ہیں اور ریٹیل مارکیٹ میں 176 روپے کے ریٹ کی خبروں میں صداقت نہیں۔

     پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن سابق چیئرمین نے مزید بتایا کہ مسلسل نقصان کی وجہ سے  ملک کی  13  شوگر ملیں بند پڑی ہیں، جس میں 9 شوگر ملز پنجاب کی ہیں، ملک میں  4 شوگر ملز برائے فروخت ہیں، کسی کو منافع نظر آتا ہے تو فوری خرید لے۔

    واضح رہے کہ ملک میں 25 نومبر تک چینی کا اسٹاک موجود ہے لیکن صارفین چینی کی عدم دستیابی کا شکار ہیں۔

  • بی وائی ڈی نے پلگ اِن ہائبرڈ پک اپ شارک 6 متعارف کروا دی

    بی وائی ڈی نے پلگ اِن ہائبرڈ پک اپ شارک 6 متعارف کروا دی

    پاکستان میگا موٹر کمپنی (MMC)نے ملک میں اپنی نوعیت کی پہلی پلگ اِن ہائبرڈ پک اپ BYD Shark 6 متعارف کرا دی ہے۔

    یہ گاڑی پاکستان کی مارکیٹ میں متعارف ہونے والی سب سے بڑی، تیز ترین اور طاقتور خصوصیات کی حاملPHEV (پلگ اِن ہائبرڈ الیکٹرک وہیکل) ہے جو مقامی آٹو انڈسٹری میں نئی جہت متعارف کرا رہی ہے۔

    اس گاڑی کے استعمال کے دوران اپنے الیکٹرک-فرسٹ ڈیزائن کی بدولت ٹیل پائپ سے کاربن کے اخراج میں 62 فیصد تک کمی (بحوالہ: یو ایس انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی (USEPA)) لائی جاسکتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ گاڑی حیران کن طور پر 50 کلومیٹر فی لیٹر تک کی فیول ایوریج دیتی ہے (مشترکہ فیول کا استعمال۔ SOC 25%-100% (کلومیٹرفی لیٹر)) جو اسے ماحولیاتی پائیداری اور معاشی کفایت شعاری دونوں اعتبار سے ایک شاندار انتخاب بناتی ہے۔

    بی وائی ڈی کی Shark 6 گاڑی مختلف زمینی حالات جیسے مٹی، برف اور ریت کے لیے الگ الگ سطح پر سفر کی سہولت فراہم کرتی ہے۔ اس کاCell-to-Chassisبیٹری سسٹم سخت راستوں پر حفاظت یقینی بناتا ہے، جبکہ اسکا مضبوط سسپنشن نظام ہر سفر کو آرام دہ بناتا ہے۔ مزید یہ کہ اس میں Vehicle-to-Load (V2L)  فیچر بھی ہے، جس سے گاڑی ایک موبائل پاور اسٹیشن بن جاتی ہے اور پھر اسے کیمپنگ ٹرپس، ہنگامی صورتحال یا کسی ٹول کے لئے استعمال کیا جاسکتا ہے۔

    گاڑی کی قیمت  19.95  ملین  روپے ہے، اور یہ جلد ہی ملک بھر کے شورومز پر بھی ٹیسٹ ڈرائیوز کے لئے دستیاب ہوگی۔

  • پاکستان میں سونے کی قیمت ہزاروں روپے کم ہوگئی

    پاکستان میں سونے کی قیمت ہزاروں روپے کم ہوگئی

    پاکستان میں سونے کی قیمت میں ہزاروں روپے کمی ہوگئی۔

    آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق پاکستان میں سونے کی فی تولہ قیمت 2300 روپے کم ہوکر 3 لاکھ 56 ہزار 700 روپے ہوگئی۔

    اسی طرح دس گرام سونا 1972روپے کم ہوکر 3 لاکھ 5 ہزار 812 روپے کا ہوگیا۔

    عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں کمی کا رجحان رہا، سونا 23 ڈالر کمی سے فی اونس 3340 ڈالر پر آگیا ہے۔

    پاکستان میں آج ڈالر اور دیگر کرنسیوں کی قیمت

    واضح رہے کہ سونا خریدنا روایتی طور پر محفوظ سرمایہ کاری سمجھا جاتا ہے جس کی قیمت افراط زر، سیاسی اور معاشی عدم استحکام کے اوقات میں بڑھ جاتی ہے۔

    اسے صدیوں سے کرنسی اور دولت کی شکل کے طور پر استعمال کیا جاتا رہا ہے، جب سرمایہ کار دوسرے اثاثوں کے بارے میں غیر یقینی محسوس کرتے ہیں، تو وہ اکثر سونا خریدے ہیں۔

    پاکستان میں گزشتہ برس سونے کی قیمت کے تعین کے طریقہ کار میں تبدیلی کی گئی تھی، جس کے تحت سونے کی قیمت انٹرنیشنل مارکیٹ ریٹ سے 20 ڈالر فی اونس زیادہ مقررکی گئی۔