Category: کاروباری خبریں

پاکستان اور دنیا بھر سے آنے والی کاروباری خبریں تجارت

پاکستان اور دنیا بھر سے آنے والی تازہ ترین خبریں پڑھنے کے لئے اے آر وائی نیوز کے تجارت سیکشن پر آئیں

Business News in Urdu – Business News Pakistan

 

تجارت کی خبریں

  • گزشتہ ہفتے اسٹاک ایکسچینج میں معمولی مندی

    گزشتہ ہفتے اسٹاک ایکسچینج میں معمولی مندی

    کراچی: گزشتہ کاروباری ہفتے میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں معمولی کمی دیکھی گئی، 100 انڈیکس میں 40 پوائنٹس کمی ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گزشتہ ہفتے معمولی مندی دیکھی گئی۔ ایک ہفتے کے دوران 100 انڈیکس میں 40 پوائنٹس کمی ہوئی، کاروباری ہفتے کے اختتام پر 100 انڈیکس 32 ہزار 70 پوائنٹس پر بند ہوا۔

    گزشتہ ہفتے میں 19.7 ارب روپے مالیت کے 54 کروڑ شیئرز کے سودے ہوئے۔ ایک ہفتے میں مارکیٹ کیپٹلائزیشن 12 ارب بڑھ کر 6409 ارب روپے ہوگئی۔

    ڈالر کی قیمت

    گزشتہ ہفتے ڈالر کی قیمت میں بھی معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا، انٹر بینک میں ڈالر 10 پیسے مہنگا ہوا جس کے بعد ڈالر کی قیمت 156.07 سے بڑھ کر 156.17 روپے پر بند ہوا۔

    ایک ہفتے میں اوپن ایکسچینج مارکیٹ میں بھی ڈالر 10 پیسے مہنگا ہوا، اوپن ایکسچینج میں ڈالر 156.30 سے بڑھ کر 156.40 روپے پر بند ہوا۔

  • اسٹیٹ بینک کا نئی مانیٹری پالیسی کا اعلان، شرح سود برقرار

    اسٹیٹ بینک کا نئی مانیٹری پالیسی کا اعلان، شرح سود برقرار

    کراچی: اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے نئی مانیٹری پالیسی کا اعلان کر دیا، پالیسی کے مطابق آیندہ 2 ماہ کے لیے موجودہ شرح سود برقرار رکھا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق ایس بی پی نے نئی مانیٹری پالیسی سے متعلق اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ شرح سود آیندہ دو ماہ کے لیے برقرار رہے گا۔

    اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ بنیادی شرح سود میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، پالیسی ریٹ 13.25 فی صد پر برقرار رکھا جا رہا ہے۔

    قبل ازیں، نئی مانیٹری پالیسی کی تشکیل کے لیے کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر نے کی۔

    اجلاس میں شرح سود برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا، تاہم دوسری طرف معاشی ماہرین کا خیال تھا کہ بیش تر اہم معاشی اشاریے شرح سود میں کمی کا اشارہ کر رہے ہیں اس لیے ان کی پیش گوئی تھی کہ شرح سود میں پچیس بیسس پوائنٹس کی کمی ہو سکتی ہے۔

    واضح رہے کہ آج عالمی مالیاتی ادارے کا وفد پاکستان پہنچ گیا ہے، آئی ایم ایف مشن سے بجٹ خسارے، معاشی اصلاحات اور ٹیکس وصولی سمیت دیگر اہم معاملات پر بات چیت ہوگی۔

    آئی ایم ایف وفد پاکستانی حکام سے اہم ملاقاتیں بھی کرے گا، وفد کو ٹیکس آمدن پر بریفنگ دی جائے گی۔

  • وزیر اعظم نے تعمیراتی سیکٹر کو انڈسٹری کا درجہ دینے کی منظوری دے دی

    وزیر اعظم نے تعمیراتی سیکٹر کو انڈسٹری کا درجہ دینے کی منظوری دے دی

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں انہوں نے تعمیراتی سیکٹر کو انڈسٹری کا درجہ دینے کی اصولی منظوری دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت تعمیراتی شعبے سے متعلق اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ، سیکریٹری ہاؤسنگ، چیئرمین نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی انور علی اور معاون اطلاعات فردوس عاشق اعوان شریک ہوئیں۔

    اجلاس میں تعمیرات کے شعبے میں کاروبار کے لیے آسانیاں پیدا کرنے پر مشاورت کی گئی۔ وزیر اعظم کو تعمیرات کے شعبے میں حائل مشکلات اور ان کے حل کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔

    بریفنگ میں بتایا گیا کہ مشاورت سے پالیسی، قوانین اور قواعد کو آسان بنایا جا رہا ہے، آن لائن معلومات کے لیے ویب پورٹل کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے۔ محکموں کے مطلوبہ اجازت ناموں کے حصول کے نظام کو سہل بنا دیا گیا۔ اجازت ناموں اور این او سی کی جگہ رائج قوانین سے مطابقت نظام متعارف کروایا جائے گا۔

    بریفنگ میں کہا گیا کہ زوننگ اور تعمیرات کے ذیلی قوانین پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، نظام میں شفافیت کے لیے انفارمیشن ٹیکنالوجی کو متعارف کروایا جا رہا ہے، پہلے مرحلے میں بڑے شہروں اور سرکاری اراضی کار یکارڈ ڈیجیٹل ہوگا۔ لانگ ٹرم پلان میں ملک بھر میں اراضی کا ریکارڈ ڈیجیٹل کیا جائے گا۔

    وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کاروباری برادری کے لیے آسانیاں پیدا کرنا اولین ترجیح ہے، شعبے کے فروغ کے لیے ضروری ہے اسے صنعت کا درجہ دیا جائے۔ شعبے سے منسلک افراد کے لیے آسانیاں پیدا کی جائیں گی۔

    انہوں نے کہا کہ تعمیرات سے متعلق اجازت ناموں اور این او سیزکی شرائط کم کریں، کثیر المنزلہ عمارات کے لیے سی اے اے کی اجازت کی شرط ختم کردی گئی۔ بغیر رکاوٹ کثیر المنزلہ رہائشی اور کاروباری عمارات تعمیر کی جاسکیں گی۔ لینڈ کورٹس کے قیام سے اراضی کے مسائل جلد حل کرنے میں مدد ملے گی۔

    وزیر اعظم نے تعمیراتی سیکٹر کو انڈسٹری کا درجہ دینے کی بھی اصولی منظوری دے دی۔

    اس سے قبل اجلاس میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا تھا کہ کنٹریکٹ انفورسمٹ پر عمل اور لینڈ ریونیو ریکارڈ کو مزید منظم کیا جائے۔ نظام جدید خطوط پر استوارکرنے کے لیے وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

    وزیر اعظم نے ہدایت کی تھی کہ کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کے لیے ٹیکنالوجی کا بھرپور استعمال کیا جائے۔

  • ملک بھر میں اگست میں ایف بی آر کی وصولیوں میں اضافہ

    ملک بھر میں اگست میں ایف بی آر کی وصولیوں میں اضافہ

    کراچی: ماہ اگست میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی وصولیوں میں اضافہ ہو گیا ہے، ایف بی آر کا کہنا ہے کہ گزشتہ ماہ انکم ٹیکس اور سیلز ٹیکس وصولی میں 12 فی صد اضافہ نوٹ کیا گیا۔

    ایف بی آر کے مطابق انکم اور سیلز ٹیکس 30 اعشاریہ 4 فی صد سے بڑھ کر 42 اعشاریہ 7 فی صد ہو گیا، اس سلسلے میں چیف کمشنر آر ٹی او 2 بدر الدین قریشی کو اسلام آباد سے مبارک باد کا خط لکھا گیا۔

    ایف بی آر نے ہدایت کی ہے کہ آنے والے مہینوں میں مزید محنت کر کے ریونیو بڑھایا جائے۔

    واضح رہے کہ ہفتے کو چیئرمین ایف بی آر نے کہا تھا ٹیکس بیس میں اضافے کے لیے طریقۂ کار آسان بنانے کی ضرورت ہے، پاکستان کی خوش حالی کے لیے سب کو ٹیکس میں اپنا حصہ ڈالنا ہوگا، اس سلسلے میں تاجروں کے ساتھ مثبت مذاکرات جاری ہیں۔

    ایف بی آر کی جانب سے ایک ٹویٹ میں کہا گیا کہ برآمدات بڑھانے کے لیے اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز (ایس ایم ایز) کے لیے قواعد میں تبدیلی کی گئی ہے، نوٹیفیکشن بھی جاری کر کے کہا گیا کہ برآمدات اسکیم میں آسانی کی گئی جس سے بزنس کمیونٹی کو فائدہ ہوگا۔

    یہ بھی پڑھیں:  ایف بی آر کا کے الیکٹرک اور سوئی گیس کے لاکھوں صارفین کو نوٹس

    بتایا گیا کہ پورٹ پر کلیئرنس کے سسٹم کو بھی خود کار کر دیا گیا ہے، اس سے ہیومن انٹر ایکشن میں کمی اور کاروباری ماحول بہتر ہوگا۔

    یاد رہے کہ 3 ستمبر کو ایف بی آر نے ٹیکس نادہندگان کے خلاف بڑی کارروائی کا فیصلہ کرتے ہوئے ٹیکس نیٹ بڑھانے کے لیے تجارتی اور صنعتی صارفین کو نوٹسز جاری کیے، اس سلسلے میں کے الیکٹرک کے ڈھائی لاکھ تجارتی اور صنعتی صارفین کو نوٹسز جاری ہوئے۔

    ایف بی آر کی جانب سے سوئی گیس کے بھی 4700 تجاتی اور صنعتی صارفین جو رجسٹرڈ نہیں تھے، کو نوٹس جاری کیے گئے۔

  • وزیر اعظم کی کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت

    وزیر اعظم کی کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں اور ٹیکنالوجی کا بھرپور استعمال کیا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس ہوا، اجلاس میں معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان، چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ اور سینئر افسران شریک ہوئے۔

    اجلاس میں کاروبار میں آسانیوں کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کے لیے سہولتوں پر کام جاری ہے، اجازت نامے اور رجسٹریشن کے عمل کو کمپیوٹرائزڈ کیا جا رہا ہے۔

    بریفنگ میں کہا گیا کہ طریقہ کار آسان بنانے کے لیے خود کار نظام اور شفافیت کو یقینی بنایا جا رہا ہے، سرخ فیتے کے خاتمہ کے لیے بھی تیزی سے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ اسمال اینڈ میڈیم انٹر پرائز پالیسی فریم تشکیل دیا جا رہا ہے۔

    وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ کنٹریکٹ انفورسمٹ پر عمل اور لینڈ ریونیو ریکارڈ کو مزید منظم کیا جائے۔ نظام جدید خطوط پر استوارکرنے کے لیے وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ٹیکنالوجی کا بھرپور استعمال کیا جائے۔

    اس سے قبل وزیر اعظم نے معروف صنعت کاروں اور کاروباری شخصیات کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ کاروبار میں آسانیاں نہیں ہوں گی تو معیشت کا پہیہ نہیں چل سکتا۔

    وزیر اعظم نے صنعتکاروں اور کاروباری شخصیات کو معیشت کے لیے تجاویز دینے کی پیشکش کرتے ہوئے کہا تھا کہ حکومت کی بھرپور کوشش ہے کہ کاروباری سہولتیں فراہم کی جائیں۔ روزگار کے مواقع پید ا کرنا اور غربت میں کمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

  • وزیر اعظم کی کاروباری مواقع بڑھانے کے لیے فرسودہ  قوانین ختم کرنے کی ہدایت

    وزیر اعظم کی کاروباری مواقع بڑھانے کے لیے فرسودہ قوانین ختم کرنے کی ہدایت

    اسلام آباد: حکومت نے کاروباری مواقع بڑھانے کے لیے فرسودہ، غیر ضروری قوانین ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا.

    تفصیلات کے مطابق آج وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت کاروباری سرگرمیاں بڑھانے کے لئے اہم اجلاس ہوا.

    اجلاس کے دوران چیئرمین بورڈ آف انویسٹمنٹ کو اس ضمن میں خصوصی ہدایات جاری کی گئیں اور کاروبار سے متعلق قوانین، قواعدو ضوابط میں آسانی کے لئے مربوط اقدامات کا فیصلہ کیا گیا.

    وزیراعظم عمران خان نے اسٹیک ہولڈرزسے مشاورتی عمل شروع کرنے کی بھی ہدایت کردی.

    مزید پڑھیں: وزیراعظم کا ذخیرہ اندوزی اورگراں فروشی کیخلاف گھیرا تنگ کرنے کا فیصلہ

    اجلاس میں مشیرتجارت، مشیر ادارہ جاتی اصلاحات، چیئرمین بورڈآف انویسٹمنٹ شریک ہوئے. اس موقع پر پنجاب کے صوبائی وزیرصنعت اور ورلڈ بینک کنٹری ڈائریکٹربھی موجود تھے.

    اسٹارٹ اپ کمپنیوں کی سہولت کے لئے فرسودہ قوانین ختم کرنے پر اتفاق کیا گیا.

    اس موقع پر بریفنگ دی گئی کہ کاروبارمیں آسانی، رکاوٹوں کو دورکرنے کے لئے اقدامات جاری ہیں، موجودہ فریم ورک کا جائزہ لے کر قوانین میں ترمیم پرغورجاری ہے.

  • گزشتہ ہفتے ڈالر کی قیمت میں کمی

    گزشتہ ہفتے ڈالر کی قیمت میں کمی

    کراچی: گزشتہ کاروباری ہفتے کے دوران ڈالر کی قیمت میں 1 روپے 47 پیسے کمی ہوئی جس سے ڈالر کی قیمت 159.11 روپے ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ کاروباری ہفتے میں ڈالر کی قیمت میں کمی دیکھنے میں آئی۔ گزشتہ ہفتے انٹر بینک میں ڈالر 1 روپے 47 پیسے سستا ہوا جس کے بعد ڈالر کی قیمت 160.158 سے کم ہو کر 159.11 روپے ہوگئی۔

    رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں اوپن مارکیٹ میں ڈالر 1 روپے 20 پیسے سستا ہوا، اوپن مارکیٹ میں ڈالر 160.70 سے کم ہو کر 159.50 روپے کا ہوا۔

    معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ عید الاضحیٰ پر بیرون مالک پاکستانی ترسیلات زر بھیج رہے ہیں، ترسیلات کی وجہ سے روپے کی قدر میں بہتری دیکھی جارہی ہے۔

    دوسری جانب گزشتہ کاروباری ہفتے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مندی دیکھی گئی، 100 انڈیکس میں 436 پوائنٹس کی کمی دیکھنے میں آئی۔ کاروباری ہفتے کے آخری روز انڈیکس 31 ہزار 666 پوائنٹس پر بند ہوا۔

    ایک ہفتے میں 100 انڈیکس کی کم ترین سطح 31 ہزار 431 پوائنٹس رہی، گزشتہ ہفتے مارکیٹ کیپٹلائزیشن بھی 119 ارب کم ہو کر 6344 ارب رہ گئی۔

  • آئی ایم ایف پروگرام کا مقصد پاکستانی معیشت میں توازن بحال کرنا ہے: آئی ایم ایف مشن چیف

    آئی ایم ایف پروگرام کا مقصد پاکستانی معیشت میں توازن بحال کرنا ہے: آئی ایم ایف مشن چیف

    اسلام آباد: عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف کے مشن چیف ارنیستو راما ریز ریگو کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف پروگرام کا اصل مقصد پاکستانی معیشت میں توازن بحال کرنا ہے، موجودہ حکومتی پالیسیوں میں پروگرام مددگار ثابت ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف کے مشن چیف ارنیستو راما ریز ریگو کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف موجودہ پاکستانی حکومت کے پروگرام میں مدد فراہم کرے گا، معاشی بحالی کا پروگرام دو اہم ستونوں پر مشتمل ہے۔

    مشن چیف کا کہنا تھا کہ ان میں پہلے نمبر پر بڑے مسائل کا حل اور دوسرے نمبر پر اداروں کی تنظیم نو شامل ہے۔ معشیت کو لاحق بڑے مسائل میں اندرونی اور بیرونی ادائیگیوں کا توازن، قرضوں کی ادائیگی اور دیگر مالیاتی معاملات شامل ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان کا اصل مسئلہ ٹیکسوں کا کم حصول ہے، پروگرام میں فنڈ کا زور ٹیکس نیٹ میں اضافے پر ہے۔

    مشن چیف کا کہنا تھا کہ مارکیٹ بیسڈ ایکس چینج ریٹ بھی برآمدات کے لیے مددگار ثابت ہوگا۔ سماجی بہبود کے اخراجات میں اضافہ معاشی بحالی کے لیے اہم ہے۔ کاروبار کے لیے ماحول بہتر بنانا، ریڈ ٹیپ کا خاتمہ اور ٹیکس پالیسی ریفامز بھی پروگرام کا حصہ ہیں۔

  • ہواوے کو دوبارہ امریکی کمپنیوں کے ساتھ تجارت کی اجازت مل گئی

    ہواوے کو دوبارہ امریکی کمپنیوں کے ساتھ تجارت کی اجازت مل گئی

    واشنگٹن : امریکی حکومت نے چین کی معروف ٹیکنالوجی کمپنی ’ہواوے‘ پر عائد پابندیوں میں نرمی کا اعلان کردیا، ڈونلڈ ٹرمپ نے چینی مصنوعات پر نئے ٹیکس عائد نہ کرنے کا وعدہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وائٹ ہاﺅس کے اقتصادی مشیر لاری کوڈلو نے کہا ہے کہ امریکا اور چین کے درمیان تجارتی امور پر مذاکرات امریکی کمپنیوں کو ہواوے کی مصنوعات کی فروخت کے لائسنس جاری کرنے کا بہترین موقع ہے۔

    لاری کوڈلو کا کہنا تھا کہ چین کی سب سے بڑی ٹیکنالوجی کمپنی ‘ہواوے’ پر عائد کردہ پابندیوں میں نرمی عام معافی نہیں، چینی کمپنی پر بعض پابندیاں بدستور برقرار رہیں گی۔

    اقتصادی مشیر کا بیان ایسے وقوت میں سامنے آیا ہے جب ہفتے کے روز چینی اور امریکی صدور نے دونوں ملکوں کے درمیان جاری معاشی جنگ ختم کرنے کا اعلان کیا تھا، بات چیت کے دوران امریکی حکومت نے چینی مصنوعات پر نئے ٹیکس عائد نہ کرنے کا وعدہ کیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہناتھا کہ دونوں معاشی طاقتوں کے درمیان جاری تجارتی محاذ آرائی کے جلو میں چینی صدر سے جاپان میں ہونے والی ملاقات میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے لچک دار رویہ اپنایا۔

    امریکی حکومت نے چینی ٹیکنالوجی کمپنی ‘ہواوے’ کی مصنوعات کی خرید وفروخت کی اجازت دے دی ہے اور باور کرایا ہے کہ چینی مصنوعات امریکا کی قومی سلامتی کے لیے خطرہ نہیں بنیں گی۔

    وائٹ ہاﺅس کے مشیر نے انٹرویو میں کہا کہ چین کے ساتھ تجارت کے لیے بہترین موقع ہے، وزیر تجارت ویلبر روس کو چاہیے کہ وہ پرمٹ جاری کرنے کا دروازہ کھول دیں۔

    خیال رہے کہ امریکا نے رواں سال چینی ٹیکنالوجی کمپنی ہواوے کے موبائل فون کی خریداری پر یہ کہہ کر پابندی عاید کر دی تھی کہ ان موبائلوں میں استعمال ہونے والی ٹیکنالوجی جاسوسی کے مقاصد کے لیے استعمال کی جا سکتی ہے۔

    ‘ہواوے نے امریکا کی طرف سے جاسوسی کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ واشنگٹن کے پاس ہواوے کے خلاف جاسوسی کے حوالے سے دعوے کا کوئی ٹھوس ثبوت یا دلیل نہیں۔

    امریکی کانگرس کے بعض ارکان جن میں ری پبلیکن کے ٹیڈ کروز اور مارکو روبیو بھی شامل ہیں کو خدشہ ہے کہ اگرہواوے کو امریکا میں مکمل آزادی کے ساتھ کام کی اجازت دی جاتی ہے یہ کمپنی امریکا کی حساس ٹیکنالوجی یا مارکیٹ پر غیر معمولی انداز میں اثر انداز ہو سکتی ہے۔

  • "اوینجرز اینڈ گیم” نے پانچ دن میں‌ تاریخ رقم کر دی، ایک ارب ڈالر کا بزنس

    "اوینجرز اینڈ گیم” نے پانچ دن میں‌ تاریخ رقم کر دی، ایک ارب ڈالر کا بزنس

    لاس اینجلس:‌ ہالی وڈ کی مشہور  زمانہ سیریز  اوینجرز  کی نئی فلم نے تاریخ رقم کر دی، تمام ریکارڈز توڑ  ڈالے.

    تفصیلات کے مطابق اوینجرز سیریز کی فلم اینڈ گیم نے پانچ دن میں ایک ارب ڈالر کا بزنس کرکے تمام تجزیہ کاروں کو ورطہ حیرت میں‌ ڈال دیا، صرف امریکا میں فلم نے 35 کروڑ  امریکی ڈالرز کا بزنس کیا۔

    ایک اندازے کے مطابق فلم نے ٹکٹس کی فروخت سے ایک ارب 20 کروڑ امریکی ڈالرز کمائے ہیں، اینڈ گیم مارول اسٹوڈیوز سپر ہیرو فرنچائز کی 22 ویں فلم ہے، جس نے ناظرین کے دل جیت لیے ہیں.

    یاد رہے کہ اوینجرز سیریز کی گزشتہ برس ریلیز ہونے والی فلم "انفنیٹی وار” نے بھی ریکارڈ توڑ  بزنس کیا تھا، فلم نے ابتدائی دنوں میں 64 کروڑ  امریکی ڈالر کی کمائی کا ریکارڈ بھی توڑا تھا، مگر اینڈ گیم کے بزنس نے ہالی وڈ کی تاریخ کو بدل ڈالا.

    مزید پڑھیں: سپرہیرو فلمز: مارول کا پاکستانی نژاد کامک کردار ’کمالہ خان‘ پر فلم بنانے کا فیصلہ

    ڈزنی اسٹوڈیوز کی یہ فلم وہ پہلی فلم ہے، جس نے صرف پانچ دن میں ہی ایک ارب ڈالر کی حیران کن حد کو عبور کی.

    فلم نے ہندوستان میں بھی شان دار بزنس کیا، چین میں بھی فلم نے کامیابی کے جھنڈے گاڑے. چین میں فلم 33 کروڑ امریکی ڈالرز سے زائد کا بزنس کر چکی ہے.