Category: انٹرٹینمںٹ

  • ’’ہم خوش قسمت تھے، مشکلات میں آسانی کو پاسکے‘‘

    ’’ہم خوش قسمت تھے، مشکلات میں آسانی کو پاسکے‘‘

    کراچی: شوبز انڈسٹری کی معروف اداکار زاہد احمد کی اہلیہ آمنہ زاہد نے شوہر کے نام محبت بھرا پیغام شیئر کردیا۔

    پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے معروف اداکار زاہد احمد کی اہلیہ آمنہ زاہد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر زاہد احمد کی کامیابی اور ازدواجی زندگی سے متعلق طویل پوسٹ شیئر کی جسے مداحوں کی جاب سے خوب سراہا جارہا ہے۔

    آمنہ زاہد نے لکھا کہ ’زاہد آج بطور اداکار اور ایک فرد کی حیثیت سے جہاں ہیں میں اس کے لیے اللہ کی شکر گزار ہوں، اس کے طریقے واقعی جادوئی ہیں، وہ ہر مشکل کے ساتھ آسانی رکھتا ہے، ہم خوش قسمت تھے کہ مشکلات میں آسانی کو پاسکے۔‘

    اداکار کی اہلیہ کا کہنا تھا کہ ‘ہمارا سفر اہم واقعات پر مبنی رہا جس میں کچھ نقصان، کچھ درد لیکن غیر معمولی اسباق، کچھ جدوجہد، کچھ غلطیاں، لیکن بہت زیادہ ایمانداری شامل ہے۔‘

    آمنہ زاہد نے لکھا کہ ’کچھ وقت برا اور تنہا گزرا لیکن بہت سے حیرت انگیز دوست اور فائدہ مند کیریئر ملا بس ہمیں خدا کی قوت پر یقین کو مضبوط کرنا ہوتا ہے۔‘

    انہوں نے زاہد احمد کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’میں واقعی زندگی میں آپ کو پانے پر بے حد خوش ہوں اور حقیقت میں آپ کی کامیابیوں پر فخر ہے۔‘

    اداکار کی اہلیہ نے پوسٹ کے آخر میں شکوہ کیا کہ ’اب میں آپ کے لیے صرف یہی دعا کرتی ہوں کہ آپ واٹس ایپ میسیجز کا رپلائی دینا شروع کردیں۔‘

    واضح رہے کہ اداکار زاہد احمد اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامہ سیریل ‘فریاد‘ میں منفی کردار نبھا رہے ہیں، ڈرامے کی دیگر کاسٹ میں عائزہ اعوان، عدیل چوہدری، نول سعید، گل رعنا، زینب قیوم، مریم انصاری، ثنا عسکری ودیگر شامل ہیں۔

  • صنم جنگ نے شوہر سے علیحدگی کی خبروں کو بے بنیاد قرار دے دیا

    صنم جنگ نے شوہر سے علیحدگی کی خبروں کو بے بنیاد قرار دے دیا

    کراچی: شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ صنم جنگ نے شوہر سے علیحدگی کی خبروں کو بے بنیاد قرار دے دیا۔

    شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ صنم جنگ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر شوہر کے ہمراہ تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’یہ واضح کرنا چاہتی ہوں کہ قسام  اور میرے بارے میں ان افواہوں کی کوئی حقیقت نہیں ہے کہ میں الگ ہوگئی ہوں۔‘

    اداکارہ نے بتایا کہ یہ افواہ میری انسٹا پوسٹ پر شائقین کے تبصرے سے شروع ہوئی اور یہ سراسر مضحکہ خیز ہے، میرا اس قسم کی پوسٹ پر وضاحت دینے کا کوئی ارادہ نہیں تھا لیکن قسام اور میرے اہل خانہ اس پریشانی کے مسئلے پر روزانہ فون کالز کرتے رہے ہیں۔

    صنم جنگ نے بتایا کہ وہ اور ان کے شوہر قسام ہنسی خوشی شادی شدہ زندگی گزار رہے ہیں اور اگلے ہفتے شادی کی چھٹی سالگرہ منانے والے ہیں۔

    اداکارہ نے لکھا کہ میں واقعی اس کی تعریف کروں گی اگر لوگ ان غلط افواہوں کو شیئر کرنا بند کردیں۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل اداکارہ صنم جنگ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر اپنی خوبصورت تصویر شیئر کی جس میں انہوں نے سال نو کے موقع پرمداحوں کو مبارک باد پیش کی۔

    اداکارہ کی جانب سے شیئر کی جانے والی تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ خوشگوار موڈ میں کافی کا کپ تھامے بیٹھی ہیں۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Sanam Jung (@jung_sanam)

    صنم جنگ کی جانب سے تصویر شیئر کرتے ہی مداحوں نے ان سے شوہر سے علیحدگی سے متعلق تبصرے شروع کردئیے تھے۔

    ایک صارف کی جانب سے اداکارہ سے سوال کیا گیا کہ قاسم نے آپ کو طلاق کیوں دی؟ تو صنم جنگ نے ازرا ہ مذاق جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’آپ کی وجہ سے۔

    واضح رہے کہ صنم جنگ اور ان کے شوہر کے درمیان علیحدگی کی افواہیں سوشل میڈیا پر گردش کررہی تھیں۔

    یاد رہے کہ صنم جنگ 2016 میں دیرینہ دوست قسام جعفری سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئیں، ان کے شوہر پیشے کے اعتبار سے پائلٹ ہیں اور دونوں کی ایک بیٹی ہے جس کا نام الایا جعفری ہے۔

  • اداکارہ نادیہ خان رشتہ ازدواج میں منسلک

    اداکارہ نادیہ خان رشتہ ازدواج میں منسلک

    کراچی: شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ نادیہ خان شادی کے بندھن میں بندھ گئیں۔

    معروف اداکارہ نادیہ خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر تصویر شیئر کی اور بتایا کہ وہ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئیں ہیں۔

    اداکارہ کی جانب سے شیئر کردہ تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ سبز رنگ کا لباس زیب تن کی ہوئی ہیں، نادیہ خان کے ہاتھوں میں مہندی لگی ہے اور انہوں نے گجرے بھی پہن رکھے ہیں۔

    نادیہ خان نے پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ ’وہ چند گھنٹوں میں مداحوں اور فالوورز کے ساتھ اپنی شادی کی تصاویر شیئر کررہی ہیں۔‘

    مداحوں کی جانب سے نادیہ خان کو شادی کی مبارک باد دینے کا سلسلہ جاری ہے۔

    واضح رہے کہ نادیہ خان پاکستان کی مقبول ترین میزبان ہیں، وہ مختلف ٹی وی چینلز پر بھی متعدد ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔

    اس سے قبل نادیہ خان 2 بار شادی کے بندھن میں بندھ چکی ہیں اور ان کے تین بچے ہیں، اُن کی بڑی بیٹی کا نام علیزے، بیٹے کا نام اذان اور سب سے چھوٹے بیٹےکا نام کیان ہے۔

  • عائشہ خان کی انسٹاگرام پوسٹ وائرل

    عائشہ خان کی انسٹاگرام پوسٹ وائرل

    کراچی:شادی کے بعد شوبز انڈسٹری کو خیرباد کہنے والی سابقہ اداکارہ عائشہ خان نے شوہر کے ہمراہ تصویر شیئر کی جسے مداحوں کی جانب سے خوب سراہا جارہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سابقہ اداکارہ عائشہ خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر شوہر میجر عقبہ کے ہمراہ سال 2021 کی پہلی سیلفی شیئر کردی۔

    اداکارہ کی جانب سے شیئر کی جانے والی تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ شوہر میجر عقبہ کے ہمراہ گاڑی میں موجود ہیں۔

    عائشہ خان نے سال نو کی پہلی سیلفی شیئر کرتے ہوئے کیپشن لکھا کہ ’2021 ہم تمہارے لیے تیار ہیں۔‘

    اداکارہ کے مداح شوہر کے ہمراہ ان کی سیلفی پر پسندیدگی کا اظہار کررہے ہیں، عائشہ خان کی سیلفی کو 50 ہزار سے زائد مداحوں نے پسند کیا اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔

    واضح رہے کہ 15 اپریل 2018کو عائشہ خان اور میجر عقبہ ایک سادہ مگر پروقار تقریب میں شادی کے بندھن میں بندھے تھے جس میں عزیز و اقارب سمیت قریبی دوستوں نے شرکت کی تھی۔

    اُن کے ہاں سال 2019 میں 12 ربیع الاول کو بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی جس کا نام اُنہوں نے ’ماہ نور‘ رکھا۔

    عائشہ خان نے 20 برس قبل یعنی 2000میں پاکستان کی میڈیا انڈسٹری میں قدم رکھا اور کئی کامیاب ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔

    اداکارہ نے 18 سال کے کامیاب کیریئر کے بعد شوبز انڈسٹری کو چھوڑنے کا فیصلہ کیا تھا جس کا اعلان انہوں نے سوشل میڈیا پر کیا تھا۔

  • بھارتی عدالت نے کنگنا رناوت کے خلاف فیصلہ سنادیا

    بھارتی عدالت نے کنگنا رناوت کے خلاف فیصلہ سنادیا

    ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت کے خلاف بھارتی عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے غیر قانونی تعمیرات گرانے سے متعلق درخواست مسترد کردی۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق عدالت نے اداکارہ کنگنا رناوت کی فلیٹوں میں غیر قانونی تعمیرات گرانے سے برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن کو روکنے کی درخواست مستر د کردی، عدالت نے ریمارکس دئیے کہ کنگنا رناوت نے اپنے تین فلیٹوں کو بنانے وقت منظور شدہ اسکیم کی سنگین خلاف ورزی کی۔

    ممبئی کی مضافاتی علاقہ ڈنڈوشی کی عدالت نے گزشتہ ہفتے داخل درخواست کو خارج کرتے ہوئے ریمارکس دئیے کہ اداکارہ نے شہر کے کھار علاقے میں 16 منزلہ عمارت کی پانچویں منزل پر اپنے تین فلیٹوں کو ملایا ہے۔

    مزید پڑھیں: کنگنا رناوت ’سڑا ہوا سیب‘ قرار

    جج نے کہا کہ ایسا کرتے ہوئے انہوں نے سنک ایریا، ڈکٹ ایریا اور عام راستہ کو کور کردیا جو منظور شدہ اسکیم کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

    عدالت کا فیصلے میں کہنا تھا کہ اداکارہ کو فلیٹ کو بنانے سے قبل مجاز اتھارٹی کی منظوری لینا چاہئے تھی۔

    واضح رہے کہ برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن نے مارچ 2018 میں اداکارہ کنگنا رناوت کو ان کے کھار کے تین فلیٹوں میں غیر قانونی تعمیرات پر نوٹس جاری کیا تھا۔

  • ڈرامہ سیریل ’پہلی سی محبت‘ کے ٹیزر نے دھوم مچادی

    ڈرامہ سیریل ’پہلی سی محبت‘ کے ٹیزر نے دھوم مچادی

    کراچی: اے آر وائی ڈیجیٹل کے نئے ڈرامہ سیریل ’پہلی سی محبت‘ کے ٹیزر نے ریلیز ہوتے ہی دھوم مچادی۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی ڈیجیٹل کے نئے ڈرامے ’پہلی سی محبت‘ کا ٹیزر ریلیز ہوتے ہی مقبول ہوگیا، ڈرامے میں شہریار منور، مایا علی اور حسن شہریار خان (ایچ ایس وائی) مرکزی کردار ادا کررہے ہیں۔

    ڈرامہ سیریل پہلی سی محبت کی ہدایت کاری کے فرائض انجم شہزاد نے انجام دئیے ہیں جبکہ اس کی رائٹر فائزہ افتخار ہیں، ڈرامے کی کاسٹ میں شہریار منور، مایا علی، شبیر جان، حسن شہریار یاسین، نوشین شاہ شامل ہیں۔

    شہریار منور ڈرامے میں (اسلم ) نامی نوجوان کا کردار ادا کررہے ہیں جبکہ مایا علی (رخشی ) کے روپ جلوہ گر ہوں گی۔

    ٹیزر میں شہریار منور او رمایا علی شاعری کرتے دکھائی دے رہے ہیں، شہریار منور (اسلم) خط لکھتے ہوئے کہہ رہے ہیں کہ ’تم میری محبت کی کتاب کا پہلا ورق ہو ،وہ پہلی محبت جو میں نے ایک جنگ کی طرح لڑی، وہ جنگ جس کو نہ مقدر ہار پایا نہ دل جیت سکا، کتنی انمول ہوتی ہے وہ پہلی محبت جو آخری بھی ہو، فقط تمہارا اسلم ۔‘

    مایا علی (رخشی) خط کا جواب دیتے ہوئے کہتی ہیں کہ ’ کوئی بھی محبت کبھی آخری نہیں ہوتی، لیکن پہلی محبت ہمیشہ پہلی رہتی ہے، کھو جائے، چھن جائے، رک جائے تب بھی پاس رہتی ہے اور زندگی کی آخری سانس تک ساتھ نبھاتی ہے، تمہاری رخشی۔‘

    ڈرامے کے تیسرے کردار حسن شہریار خان(اکرم) کے ہاتھ اسلم اور رخشی کا لکھا خط ہاتھ لگ جاتا ہے جس کے بعد وہ اس خط کو پھاڑتے ہوئے کہتے ہیں ’اس کو اندر بند کردیں چھ سات دن ہیں اللہ کریں عزت سے گزر جائیں، ایک بار بہن بیٹی کی بدنامی کا داغ گلے پڑ جائیں تو ساری عمر اسے دھونا پڑتا ہے۔‘

    یاد رہے کہ اداکار شہریار منور کی ٹی وی اسکرین پر 7 سال بعد واپسی ہورہی جبکہ مایا علی بھی 4 سال کے بعد چھوٹے پردے پر نظر آئیں گی، اس سے قبل دونوں فنکار فلم پرے ہٹ لو میں ایک ساتھ جلوہ گر ہوئے تھے، مداح دونوں فنکاروں کی جوڑی کو دوبارہ سے ایک ساتھ دیکھنے کے لیےبے تاب ہیں۔

  • عائزہ خان کا شوہر کے لیے محبت بھرا پیغام

    عائزہ خان کا شوہر کے لیے محبت بھرا پیغام

    کراچی: شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ عائزہ خان نے شوہر دانش تیمور کے لیے محبت بھرا پیغام شیئر کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈراموں’میرے پاس تم ہو‘ اور ’تھوڑا سا حق ‘سے شہرت کی بلندیوں کو چھونے والی اداکارہ عائزہ خان نے سال 2020 کے اختتام کے موقع پر شوہر دانش تیمور کے ہمراہ خوبصورت تصویر شیئر کی جسے مداحوں کی جانب سے خوب سراہا جارہا ہے۔

    عائزہ خان نے اپنی پوسٹ میں دانش تیمور کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ ’مجھے اپنی زندگی کے ہر سیکنڈ میں آپ کی کتنی ضرورت ہے، کوئی بھی لفظ آپ کے لیے میری محبت کو بیان نہیں کرسکتا۔‘

    اداکارہ کا کہنا تھا کہ ’میری دنیا میں جو خوشیاں آپ کے آنے سے آئی ہیں اس کے لیے آپ کا شکریہ ادا نہیں کرسکتی۔‘

    عائزہ خان نے لکھا کہ ’میرے اہلخانہ کا حصہ بننے اور ہر ضرورت کے وقت ہمارے درمیان موجود رہنے کے لیے آپ کی شکر گزار ہوں۔‘

    پوسٹ کے آخر میں اداکارہ نے دانش تیمور سے محبت کا اظہار کیا اور سال 2020 کے اختتام کو خوبصورت قرار دیتے ہوئے نئے سال کی مبارک باد بھی دی۔

    اداکارہ کی پوسٹ کو ایک گھنٹے میں 60 ہزار سے زائد صارفین نے پسند کیا، مداحوں‌ کی جانب سے عائزہ خان اور دانش تیمور کو نئے سال کی مبارک باد دیتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا گیا۔

  • علیزے شاہ سے شادی کی خبریں، عمران عباس نے خاموشی توڑ دی

    علیزے شاہ سے شادی کی خبریں، عمران عباس نے خاموشی توڑ دی

    کراچی: شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار عمران عباس نے ساتھی اداکارہ علیزے شاہ سے شادی سے متعلق خبروں کی تردید کردی۔

    تفصیلات کے مطابق شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار عمران عباس اور اداکارہ علیزے شاہ سے متعلق گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر خبریں گردش کررہی تھیں کہ دونوں جلد شادی کے بندھن میں بندھنے والے ہیں تاہم اب عمران عباس نے ایسی تمام خبروں کوبے بنیاد قرار دے دیا۔

    عمران عباس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر اسٹوری شیئر کی جس میں انہوں نے چند اسکرین شاٹس شیئر کیے جو ان کی اور علیزے شاہ کی شادی کے حوالے سے یوٹیوب ویڈیو زکے تھے۔

    اداکار نے اسکرین شاٹس کے ساتھ لکھا کہ ’اس ہفتے یوٹیوب پر چلنے والی بے بنیاد افواہیں۔‘

    عمران عباس کی علیزے شاہ سے شادی کی افواہوں کی تردید

    واضح رہے کہ اداکارہ علیزے شاہ کی جانب سے فی الحال عمران عباس کے ساتھ شادی کی خبروں پر کوئی ردعمل نہیں دیا گیا ہے۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل عمران عباس کا کہنا تھا کہ وہ جلد شادی کرنے والے ہیں جس کے بعد سے ان کی اور علیزے شاہ کی شادی کی بے بنیاد افواہیں سوشل میڈیا پر گردش کررہی تھیں۔

  • اداکارہ بننا شوق تھا یا حادثہ؟ نول سعید نے بتا دیا

    اداکارہ بننا شوق تھا یا حادثہ؟ نول سعید نے بتا دیا

    کراچی: اے آر وائی ڈیجیٹل کے نئے ڈرامہ سیریل ’فریاد‘ میں مرکزی کردار ادا کرنے والے فنکاروں نے پروگرام ’گڈ مارننگ پاکستان‘ میں شرکت کی اور میزبان ندا یاسر کے مختلف سوالات کے جواب دئیے۔

    ڈرامہ انڈسٹری میں تیزی سے اپنا مقام بنانے والی اداکارہ نول سعید کا کہنا تھا کہ ’انہیں شروع سے ہی پینٹنگ، میوزک ، رائٹنگ کا شوق تھا، اے لیول مکمل کرنے کے بعد شوبز انڈسٹری سے وابستہ ہوگئیں۔‘

    نول سعید کا کہنا تھا کہ ’شوبز میں انہیں ڈھائی سال کا عرصہ بیت چکا ہے اس سے قبل وہ اشتہارا ت میں کام کرتی رہی ہیں،شوبز میں انڈسٹری میں آنے کے لیے گھروالوں کی طرف سے کوئی پابندی نہیں تھی، والد نے بھی موسیقی میں ناپا سے گریجویٹ کیا ہے، والد بھی بہت سپورٹ کرتے ہیں۔‘

    عائزہ اعوان نے شوبز میں قدم رکھنے سے قبل کتنا وزن کم کیا؟

    دوسری جانب ڈرامہ سیریل ’فریاد‘ میں (ماہ نور )نامی لڑکی کا کردار ادا کرنے والی اداکارہ عائزہ اعوان نے بتایا کہ ’بچپن میں ماڈلنگ کرنے کا شوق تھا لیکن جب فیلڈ میں آئی تو وزن زیادہ ہونے کی وجہ سے جلد ہی پتا چل گیا کہ ماڈلنگ نہیں کرسکتی اس کے بعد اداکاری کرنے کا فیصلہ کیا۔‘

    عائزہ اعوان کا کہنا تھا ’میں نے وزن کم کرنے کے لیے کافی جتن کیے، ورزش کی ، چہل قدمی کرتی رہی جس کے بعد 65 کلو سے 51 کلو گرام وزن کم ہوگیا۔‘

    اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ ’جب ڈرامہ انڈسٹری میں قدم رکھا تو گھر والے ناراض تھے لیکن اب انہیں میرے ڈراموں میں کام کرنے پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔‘

    اداکار عدیل چوہدری کو والد نے گھر سے کیوں نکال دیا تھا؟

    اداکار عدیل چوہدری کا کہنا تھا کہ انہیں ڈرامہ انڈسٹری میں آئے چھ سے سات سال کا عرصہ بیت چکا ہے، وہ اس سے قبل ڈینٹسٹ کے شعبے سے وابستہ تھے، جب شعبہ تبدیل کیا تو کافی مشکلات کا سامنا رہا ، 18 سال کی عمر میں والد نے گھر سے نکال دیا تھا تین سے چار دن دوست کے گھر پر گزارےبعدازاں والدہ نے والد کو راضی کیا اور انہیں اب مجھ پر فخر ہے جبکہ کامیابی میں والدہ کا اہم کردار ہے۔

    عدیل چوہدری کا کہنا تھا کہ والدین لاہور میں مقیم ہیں اور مجھے شوبز سے وابستگی کی وجہ سے کراچی میں رہتے ہوئے ایک سال کا عرصہ بیت چکا ہے، اداکار کا کہنا تھا کہ ان کے بڑے بھائی ڈاکٹر ہیں جبکہ ان کی فیملی سے کوئی بھی شوبز سے وابستہ نہیں ہے۔

  • محمد احمد اور مرینہ خان نے ’اولاد‘ ڈرامے کی اہمیت بتادی

    محمد احمد اور مرینہ خان نے ’اولاد‘ ڈرامے کی اہمیت بتادی

    کراچی: اے آر وائی ڈیجیٹل کے نئے ڈرامہ سیریل ‘اولاد‘ میں مرکزی کردار ادا کرنے والے سینئر اداکار محمد احمد اور اداکارہ مرینہ خان نے ڈرامے کی اہمیت بتادی۔

    اداکار محمد احمد اور مرینہ خان نے اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام ’گڈ مارننگ پاکستان‘ میں شرکت کی، ڈرامہ سیریل ’اولاد‘ سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے سینئر اداکار محمد احمد نے کہا کہ’ ڈرامے میں فیملی کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا ہے، ڈرامے میں وہ چیزیں دکھائی گئی ہیں جنہیں لوگ یکسر بھولتے جارہے ہیں۔‘

    ڈرامے میں ماں کا کردار ادا کرنے والی مرینہ خان کا کہنا تھا کہ ’وہ اپنے بچوں سے بہت زیادہ قریب ہیں وہ نہیں چاہتیں کہ  گھرکوئی ایسی بات ہوجائے جس سے کوئی ایک بچہ ناراض ہوجائےیا گھر میں کوئی بدمزگی پیدا ہو۔‘

    مرینہ خان کے مطابق ڈرامے میں یہ پیغام دیا گیا ہے کہ والدین نے بچوں کے لیے جو کچھ کرنا تھا وہ کرلیا اب بچوں کی باری ہے کہ وہ والدین کا سہارا بنیں لیکن بچوں کے رویے سے فیملی میں اتار چڑھاؤ آرہا ہے لیکن وہ نہیں چاہتیں کہ گھر میں کوئی بگاڑ پیدا ہو۔

    واضح رہے کہ ڈرامہ سیریل ’اولاد‘ کی ہدایت کاری کے فرائض عابس رضا نے انجام دئیے ہیں، ڈرامے کی کاسٹ میں محمد احمد، مرینہ خان،حسن نیازی ، فرقان قریشی، نبیلہ زبیری، سنیتا مارشل، حنا جاویدشامل ہیں۔

    ڈرامے کی پہلی قسط نشر کی جاچکی ہے جسے مداحوں کی جانب سے خوب سراہا جارہا ہے۔

    ڈرامے میں آگے کیا ہونے جارہا ہے؟ کیا بیٹے اپنے والدین کو چھوڑ کر الگ ہوجائیں گے یا والدین بچوں کے رویے سے تنگ آکر انہیں الگ کردیں گے، یہ سب کچھ جاننے کے لیے ڈرامہ سیریل ‘اولاد‘ ہر منگل کی رات 8 بجے دیکھنا نہ بھولیں۔