Category: انٹرٹینمںٹ

  • کیا کبھی محبت ہوئی؟ اداکارہ سونیا حسین نے بتادیا

    کیا کبھی محبت ہوئی؟ اداکارہ سونیا حسین نے بتادیا

    کراچی: اداکارہ سونیا حسین کا کہنا ہے کہ انہیں ایک نہیں بلکہ کئی مرتبہ محبت ہوئی ہے لیکن اس کے علاوہ اوربھی بہت سے غم ہیں زندگی میں۔

    معروف اداکارہ سونیا حسین نے ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ جب آپ نوجوان ہوتے ہیں تو آپ کے بہت سے لوگ آئیڈیل ہوتے ہیں لیکن اس کو محبت کا نام نہیں دیا جاسکتا۔

    سونیا حسین نے کہا کہ آپ کو بہت سے لوگ زندگی میں ملتے ہیں جنہیں آپ اپنی محبت سمجھ لیتے ہیں اور یہ کہتے ہیں کہ اس پر ہی زندگی ختم ہوجائے گی۔

    اداکارہ نے کہا کہ مجھے یہ احساس ہوا ہے کہ رشتے ناطے ضرورت سے جڑے ہوتے ہیں محبت کچھ نہیں ہوتی صرف ماں باپ اور اولاد کی محبت بغیر کسی غرض کے ہوتی ہے۔

    مزید پڑھیں: اداکارہ سونیا حسین بھی گلوکار علی سیٹھی کی مداح نکلیں

    سونیا حسین کا کہنا تھا کہ اگر کوئی کسی سے بات بھی کرتا ہے تو ضرورت کے تحت ہی کرتا ہے ایسے ہی کوئی کسی سے بات کرنا بھی پسند نہیں کرتا۔

    انہوں نے کہا کہ زندگی اسی طرح چلتی ہے ہم سب ایک دوسرے کے ساتھ کسی نہ کسی رشتے کے تحت جڑے ہوتے ہیں لیکن اسے محبت کا نام نہیں دیا جاسکتا۔

    ایک سوال کے جواب میں سونیا حسین نے کہا کہ پہلے مجھے لگتا تھا کہ میرا دل ٹوٹا ہے لیکن پھر میں نے سوچا کہ اس شخص سے اتنی امیدیں ہی وابستہ کیوں کیں یہ کسی اور کی نہیں میری ہی غلطی ہے۔

    اداکارہ نے کہا کہ محبت سے گزرنا بھی بہت ضروری ہے کیونکہ اس سے سبق حاصل ہوتا ہے۔

  • ’’جب مڑ کے دیکھا پیچھے تو چھُوٹا جیون سارا‘‘

    ’’جب مڑ کے دیکھا پیچھے تو چھُوٹا جیون سارا‘‘

    کراچی: پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ماورا حسین نے ماضی کے یادگار دنوں کی تصویر شیئر کی جو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق معروف اداکارہ ماورا حسین نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر اسکول کے دنوں کی خوبصورت تصویر شیئر کی جسے مداحوں کی جانب سے سراہا جارہا ہے۔

    تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ماورا حسین اسکول کے یونیفارم میں ملبوس ہیں، ان کے ہاتھ میں ایک ٹرافی ہے جو انہیں ’کوئز‘ جیتنے پر بطور انعام دی گئی تھی۔

    اداکارہ نے تصویر کے کیپشن میں معروف گلوکار علی ظفر کے مشہور گانے ’دل جھوم جھوم‘ کے چند سطر بھی لکھے ’ بچپن کے ساون بیتے، لڑکپن کی بیتی دھارا، جب مُڑ کے دیکھا پیچھے، تو چھُوٹا جیون سارا۔‘

    ماورا حسین نے کیپشن میں کچھ ہیش ٹیگز بھی استعمال کیے جن میں انہوں نے بتایا کہ اس تصویر میں ان کی عمر 14 برس ہے اور جو ٹرافی انہوں نے تھامی ہوئی ہے یہ انہیں کوئز جیتنے پر ملی تھی۔

  • انوشے عباسی کی سالگرہ کی تصاویر کے چرچے

    انوشے عباسی کی سالگرہ کی تصاویر کے چرچے

    کراچی: پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ انوشے عباسی کی سالگرہ کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔

    تفصیلات کے مطابق اداکارہ انوشے عباسی نے گزشتہ روز اپنی 27ویں سالگرہ منائی جس کی خوبصورت تصویر انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر شیئر کیں۔

    اداکارہ کی جانب سے شیئر کی گئی تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ انہوں نے سیاہ رنگ کا لباس زیب تن کیا ہوا ہے اور اپنی سالگرہ کا کیک کاٹ رہی ہیں۔

    انوشے عباسی نے اپنی سالگرہ کی تصویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن لکھا کہ ’مڈ نائٹ سیلیبریشن۔‘

    انوشے عباسی کو ساتھی اداکاراؤں سمیت مداحوں کی جانب سے سالگرہ کی مبارک باد دی جارہی ہے اور ان کی تصویر کو پسند کیا جارہا ہے۔

    اداکارہ حرا مانی نے بھی انوشے عباسی کو سالگرہ کی مبارک باد دی اور ساتھ ہی ان کی اداکاری کی تعریف کرتے ہوئے انہیں بہتر مستقبل کے لیے دعائیں دیں۔

    حرا مانی نے انوشے عباسی کے ہمراہ خوبصورت تصویر شیئر کیں جس میں دونوں اداکارائیں دلہن کا لباس زیب تن کی ہوئی ہیں۔

    واضح رہے کہ انوشے عباسی اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامے ’پریم گلی‘ میں اداکاری کے جوہر دکھارہی ہیں۔

    مذکورہ ڈرامے کے ہدایت کار قاسم علی مرید ہیں، پریم گلی کی کاسٹ میں سوہائے علی ابڑو، فرحان سعید، قوی خان، شمیم ہلالی، صبا حمید اور عظمیٰ حسن شامل ہیں۔

  • اداکارہ آمنہ الیاس کو ’اسکوٹی‘ کا شوق مہنگا پڑ گیا؟ ویڈیو وائرل

    اداکارہ آمنہ الیاس کو ’اسکوٹی‘ کا شوق مہنگا پڑ گیا؟ ویڈیو وائرل

    کراچی: پاکستانی ماڈل اور اداکارہ آمنہ الیاس اسکوٹی چلاتے ہوئے دانستہ طور پر گر گئیں۔

    شوبز سے جڑی شخصیات مداحوں کے ساتھ رابطہ رکھنے کے لیے سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر مختلف ویڈیوز اور تصاویر شیئر کرتی ہیں جن کا مقصد مداحوں کو اپنی روزمرہ مصروفیات سے متعلق آگاہ رکھنا ہوتا ہے، مداح بھی اپنے پسندیدہ فنکار کی تصاویر اور ویڈیوز کو پسند کرتے ہیں۔

    اداکارہ آمنہ الیاس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر ویڈیو شیئر کی جس میں وہ اسکوٹی چلاتی نظر آرہی ہیں۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ آمنہ الیاس تھوڑی ہی دور گئیں اور اچانک زمین پر گر گئیں۔

    اداکارہ نے انسٹاگرام پر شیئر کی جانے والی ویڈیو کے ساتھ لکھا کہ ’جب مذاق حقیقت سے بہتر رہا۔‘ آمنہ الیاس نے مسکرانے کی ایموجی کے ساتھ ’آؤچ‘ (چوٹ لگنے کا درد) کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا۔

    آمنہ الیاس کی ویڈیو کو تین گھنٹے میں 60 ہزار سے زائد صارفین دیکھ چکے ہیں اور مداحوں نے اس پر دلچسپ تبصرے کیے جن کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔

  • اقرا عزیز کی سالگرہ پر یاسر کا محبت بھرا پیغام

    اقرا عزیز کی سالگرہ پر یاسر کا محبت بھرا پیغام

    کراچی: اداکار یاسر حسین نے اہلیہ اقرا عزیز کی 23 ویں سالگرہ کے موقع پر اپنے روایتی انداز میں سالگرہ کی مبارک باد دی۔

    تفصیلات کے مطابق اداکار یاسر حسین نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر اہلیہ کے ہمراہ تصویر شیئر کرتے ہوئے ان کے لیے محبت بھرا پیغام لکھا کہ ’سالگرہ مبارک ہو اقرا، اللہ کرے جتنی خوش تم اس سال ہو، ہمیشہ رہو، آمین۔

    یاسر حسین نے اہلیہ کے لیے پیار کا اظہار کرتے ہوئے شاعر مشرق علامہ اقبال کا شعر بھی لکھا ’ستاروں سے آگے جہاں اور بھی ہیں، ابھی عشق کے امتحاں اور بھی ہیں۔

    جواب میں اقرا نے بھی یاسر کو لائف لائن کہتے ہوئے اپنے لیے یہ پیار ہمیشہ برقرار رہنے کی دعا کی۔

    مداحوں کی جانب سے بھی یاسر اور اقرا کی تصویر کو پسند کیا جارہا ہے اور اقرا عزیز کو سالگرہ کی مبارک باد دی جارہی ہے۔

    واضح رہے کہ یاسر حسین اور اقرا عزیز گزشتہ سال 28 دسمبر کو رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے۔

    یاد رہے کہ اداکارہ اقرا عزیز اور یاسر حسین نے اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامے ’جھوٹی‘ میں مرکزی کردار ادا کیا تھا، مداحوں کی جانب سے دونوں کی اداکاری کو خوب سراہا گیا تھا۔

  • بھارتی سنگھ اور شوہر کو منشیات کیس میں ضمانت پر رہائی مل گئی

    بھارتی سنگھ اور شوہر کو منشیات کیس میں ضمانت پر رہائی مل گئی

    نئی دہلی: ممبئی کی عدالت نے کامیڈین بھارتی سنگھ اور ان کے شوہر ہریش لمبا چھایا کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق اداکارہ بھارتی سنگھ اور ان کے شوہر کو دو دن قبل نارکوٹکس کنٹرول بیورو (ین سی بی) نے گھر پر چھاپے کے دوران منشیات برآمدگی پر دوران تفتیش ڈرگ کے استعمال کے اعتراف کے بعد گرفتار کیا تھا۔

    عدالت میں این سی بی نے بتایا کہ بھارتی سنگھ کے گھر اور ان کے شوہر کے پروڈکشن ہاؤس سے 86 اعشاریہ 5 گرام منشیات برآمد ہوئی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق اتنی کم مقدار کی منشیات برآمد ہونے کے باوجود این سی اے نے عدالت سے بھارتی سنگھ اور ہریش لمبا چھایا کو تفتیش کے لیے حراست میں لینے کی اپیل کی تھی۔

    عدالت نے این سی بی کی درخواست مسترد کردی تھی اور دونوں کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا اور آج ان کی ضمانت پر رہائی کے احکامات جاری کیے گئے۔

    مزید پڑھیں: عدالت نے بھارتی سنگھ اور ان کے شوہر کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا

    بھارتی سنگھ اور ان کے شوہر کے وکیل ایاز خان کے مطابق آج ہم نے جلد ہی ضمانت پر رہائی کی درخواست دی، این سی بی کے افسر اور سرکاری وکیل غیرحاضر رہے جس کے بعد 2 بجے عدالت نے ہماری درخواست منظور کی اور ضمانت پر رہائی کی اجازت دے دی۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل این سی بی نے الزام عائد کیا تھا کہ بھارتی سنگھ نے اپنے شوہر کے ذریعے منشیات کی خریداری کا اعتراف کیا تھا۔

    این سی بی نے منشیات فروش کے ذریعے بھارتی سنگھ کا نام سامنے آنے پر ان کے گھر اور شوہر کے پروڈکشن ہاؤس پر چھاپہ مارا تھا۔

    یاد رہے کہ این سی بی جون میں اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی مبینہ خودکشی کے بعد سے بالی ووڈ میں منشیات کے استعمال کے معاملے کی تحقیقات کررہی ہے۔

  • انڈر ٹیکر نے ریسلنگ کی دنیا کو خیرباد کہہ دیا

    انڈر ٹیکر نے ریسلنگ کی دنیا کو خیرباد کہہ دیا

    نیویارک: ڈبلیو ڈبلیو ای میں ’ڈیڈ مین‘ کے نام سے مشہور ریسلر انڈر ٹیکر نے تین دہائیوں کے بعد ریسلنگ کی دنیا کو خیرباد کہہ دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈبلیو ڈبلیو ای کے معروف ریسلر انڈر ٹیکر رواں سال اپریل میں ریسل مینیا میں اے جے اسٹائلز کو شکست دے کر ریٹائر ہوگئے تھے لیکن انہوں نے ریسلنگ کو خیرباد کہنے کا اعلان گزشتہ روز سروائیور سیریز میں کیا۔

    سروائیور سیریز کے اختتام پر ڈبلیو ڈبلیو ای سپر اسٹار، مسٹر میک مین شین میک مین، بگ شو، جے بی ایل، جیف ہارڈی، مک فولی، دی گاڈفادر، دی گڈونس، ساویو ویگا، رکیشی، کیون نیش، رک فلیئر، بوکرٹی، شان مائیکل اور ٹرپل ایچ کے ساتھ ساتھ ان کے ہاف برادر کین ڈبلیو ڈبلیو ای کے تھنڈر ڈوم پر نمودار ہوئے اور انڈر ٹیکر کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

    ڈیڈ مین نے 1990 میں سروائیور سیریز سے ہی اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا اور ریٹائرمنٹ کے لیے بھی اسی ایونٹ کو منتخب کیا۔

    انڈر ٹیکر نے رنگ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’اب میرے جانے کا وقت آگیا ہے، اب وقت آگیا ہے کہ انڈر ٹیکر کو سکون پہنچا دیا جائے۔‘

    انڈرٹیکر کا کہنا تھا کہ مجھ میں اب بھی جذبہ باقی ہے، ریسلنگ سے بہت محبت رکھتا ہوں، اور جسمانی اعتبار سے دیکھا جائے تو اگر ساری زندگی ہی ریسلنگ کرسکتا تو ضرور کرتا، میں ریسلنگ سے بہت محظوظ ہوتا ہوں۔

    اپنی عمر کے بڑھنے کا اعتراف کرتے ہوئے مارک کالوے (انڈر ٹیکر) نے کہا کہ ’لیکن آپ بڑھتی عمر سے نہیں بھاگ سکتے، جسمانی طور پر اب میں اس جگہ پر نہیں ہوں کہ رنگ میں جاؤں اور انڈرٹیکر بن جاؤں‘۔

    یاد رہے کہ انڈر ٹیکر کی ریٹائرمنٹ کی افواہیں کئی برسوں سے سامنے آرہی تھیں، خصوصاً 2017 میں رومن رینز سے ریسل مینیا میں شکست کے بعد سمجھا جارہا تھا کہ وہ ریسلنگ کو خیرباد کہہ چکے ہیں۔

  • عدالت نے گلوکارہ صنم ماروی کے بچوں کی حوالگی کیس کا فیصلہ سنادیا

    عدالت نے گلوکارہ صنم ماروی کے بچوں کی حوالگی کیس کا فیصلہ سنادیا

    لاہور کی گارڈین عدالت نے گلوکارہ صنم ماروی کے بچوں کی حوالگی کیس کا فیصلہ سنادیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق لاہور کی گارڈین عدالت کے جج یعقوب علی شہزاد نے گلوکارہ صنم ماروی کی درخواست پر فیصلہ سنادیا، عدالت نے گلوکارہ صنم ماروی اور حامد علی کے درمیان راضی نامے پر فیصلہ جاری کیا۔

    عدالت نے صنم ماروی کے بچوں بہلول علی، ورد علی اور علی مصطفیٰ کی ملاقاتوں کا شیڈول بھی منظور کرلیا۔

    عدالتی فیصلے کے مطابق تینوں بچے ہفتے میں چار دن ماں کے پاس اور تین دن اپنے والد حامد علی کے پاس رہیں گے، ماں کے بیرون ملک موجود ہونے کی صورت میں بچے والد حامد علی کے پاس رہیں گے۔

    مزید پڑھیں: اولاد کی جدائی نے گلوکارہ صنم ماروی کو اسپتال پہنچا دیا

    واضح رہے کہ گلوکارہ صنم ماروی نے بچوں کی حوالگی کے لیے گارڈین عدالت سے رجوع کررکھا تھا۔

    گلوکارہ نے گزشتہ دنوں مداحوں کو اپنی صحت سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’میں بچوں سے دوری کے باعث گزشتہ کئی روز سے بہت زیادہ تکلیف کا سامنا کررہی ہوں‘۔

    اُن کا کہنا تھا کہ ’بچوں کی جدائی اور دوری کے میرے دماغ پر گہرے اثرات مرتب ہوئے جس کی وجہ سے مجھے اسپتال جانا پڑا‘۔

    خیال رہے کہ عدالت نے نامور پاکستانی فوک گلوکارہ صنم ماروی کو خلع کی ڈگری جاری کردی تھی، انہوں نے شوہر پر سنجیدہ الزامات عائد کرتے ہوئے خلع کا دعویٰ دائر کیا تھا۔

  • ’میری تصاویر ڈیلیٹ کردیں‘، زائرہ وسیم کی مداحوں سے التجا

    ’میری تصاویر ڈیلیٹ کردیں‘، زائرہ وسیم کی مداحوں سے التجا

    ممبئی: بالی ووڈکو خیرباد کہنے والی اداکارہ زائرہ وسیم نے مداحوں سے اپنی تصاویر ڈیلیٹ کرنے کی اپیل کردی۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ سال اسلامی تعلیمات پر عمل کرنے کے لیے بالی ووڈ کو خیرباد کہنے والی اداکارہ زائرہ وسیم نے مداحوں سے اپیل کی ہے وہ فین پیجز اور انٹرنیٹ سے ان کی تصاویر ہٹادیں۔

    زائرہ وسیم نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ زندگی کا نیا دور شروع کرنے کی کوشش کررہی ہوں اور اس موقع پر مداحوں سے درخواست کرتی ہوں کہ وہ میری تصاویر ڈیلیٹ کردیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ جانتی ہوں انٹرنیٹ سے تصاویر ہٹانا مشکل ہے لیکن پھر بھی درخواست کررہی ہوں کہ میری تصاویر شیئر نہ کی جائیں۔

    سابقہ اداکارہ نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ میں نے یہ پیغام پہلے بھی جاری کیا تھا اگر آپ نے پہلے یہ پیغام نہیں پڑھا تھا تو اس بار ضرور پڑھیں۔

    زائرہ وسیم نے کہا کہ میں اس بات کے لیے بھی آپ سب کی شکر گزار ہوں کہ آپ نے میرے ہر فیصلے میں مجھے سپورٹ کیا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ سال زائرہ وسیم نے اسلامی تعلیمات پر عمل کرنے کے لیے فلمی دنیا کو خیرباد کہہ دیا تھا، زائرہ وسیم نے 2015ء میں اداکار عامر خان کی بلاک بسٹر فلم ’دنگل‘ سے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کیا تھا۔

    اس کے بعد اداکارہ نے ایک اور فلم ’سیکرٹ اسٹار‘ میں بھی مرکزی کردار ادا کیا، زائرہ وسیم کو ’دنگل‘ میں اداکاری پر بہترین معاون اداکارہ کا نیشنل ایوارڈ بھی دیا گیا تھا۔

  • سلمان خان کے کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ آگئی

    سلمان خان کے کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ آگئی

    نئی دہلی: بالی ووڈ اداکار سلمان خان کے کورونا وائرس ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آئی ہے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق بالی ووڈ اداکار سلمان خان کے اہلخانہ نے کورونا ٹیسٹ کروائے تھے جس کی رپورٹ آج سامنے آگئی، دبنگ خان سمیت ان کی فیملی کے تمام لوگوں کے ٹیسٹ منفی آئے ہیں۔

    سلمان خان اور ان کی پوری فیملی گزشتہ ایک ہفتے سے قرنطینہ میں تھے، سلمان خان کے اسٹاف ممبران کورونا وائرس کا شکار ہوگئے تھے، دبنگ خان کے ذاتی ڈرائیور بھی مہلک وبا کی زد میں آگئے تھے جس کے بعد سے خان فیملی نے خود کو قرنطینہ کرلیا تھا۔

    دبنگ خان کے قرنطینہ میں جانے کے بعد متنازع شو بگ باس 14 کی شوٹنگ بھی کھٹائی میں پڑ گئی تھی لیکن اب کہا جارہا ہے کہ سلمان خان کل سے اس شو کی شوٹنگ شروع کردیں گے۔

    مزید پڑھیں: سلمان خان نے کرونا کے پیش نظر خود کو قرنطینہ کرلیا

    واضح رہے کہ بھارتی اداکار اپنے ملازمین کے علاج کا خرچہ برداشت کررہے ہیں، سلمان خان نے ازخود کرونا کے حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا تھا اور نہ ہی خود کے قرنطینہ سے متعلق مداحوں کو آگاہ کیا تھا۔

    خیال رہے کہ 18 نومبر کو سلمان خان کے والد سلیم خان اور ان کی والدہ سلمیٰ کی شادی کی 56ویں سالگرہ تھی لیکن گھر میں کرونا کی مذکورہ صورت حال کے باعث کسی قسم کی کوئی تقریب نہیں ہوئی تھی۔