Category: انٹرٹینمںٹ

  • ہال کی صفائی کرتا پریانکا کا لباس

    ہال کی صفائی کرتا پریانکا کا لباس

    نیویارک: بالی ووڈ کی معروف اداکارہ پریانکا چوپڑا آج کل ہالی ووڈ میں خاصی مصروف ہیں اور اسی سلسلے میں انہوں نے میٹ گالا کی تقریب میں شرکت کی۔ لیکن ان کا وہاں پہنا جانے والا لباس سب کے مذاق کا نشانہ بن گیا۔

    نیویارک میں ہونے والے میٹ گالا 2017 میں پریانکا چوپڑا نے امریکی فیشن ڈیزائنر رالف لورین کا ڈیزائن کردہ خاکی رنگ کا لباس زیب تن کیا۔

    ان کا لباس خاصا لمبا تھا اور اسے سنبھالنے اور تصاویر کھنچوانے کے لیے انہیں مدد کی ضرورت بھی پڑی۔

    تاہم ان کا یہ لباس بھارتیوں کو ایک آنکھ نہ بھایا اور انہوں نے ٹوئٹر پر اس کا مذاق اڑانا شروع کردیا۔

    زیادہ تر بھارتیوں نے اسے طنزیہ طور پر مودی سرکار کی سواچ بھارت ابھیان نامی صفائی مہم کا حصہ قرار دے ڈالا جس کے تحت پورے بھارت کی سڑکوں اور گلیوں کی صفائی کی جارہی ہے۔

    لوگوں کا کہنا تھا کہ پریانکا چوپڑا نے اس مہم کو اتنی سنجیدگی سے لیا کہ وہ بیرون ملک بھی اپنے لباس کے ذریعے مودی سرکار کی مہم کا حصہ بن گئیں۔

    ایک ٹوئٹر صارف نے ان کے لباس کی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے کہا، ’ہمارا ڈوپٹہ ذرا سا زمین کو چھوتا ہے تو مائیں چیخ اٹھتی ہیں، کہ زمین پر لگ رہا ہے‘۔

    ایک شخص نے کہا، ’پریانکا ممبئی پولیس کی سب سے زیادہ فیشن ایبل لیڈی کانسٹیبل ہیں‘۔

    ایک صارف نے کچھ یوں تبصرہ کیا، ’سنی دیول کہتا ہے، اپنا لک (قسمت) پہن کر چلو، پریانکا کہتی ہے، اپنا بیڈ شیٹ (بستر کی چادر) پہن کر چلو‘۔

    کچھ لوگوں نے کہا کہ اگر آئی پی ایل کے میچز کے دوران بارش ہوگئی تو گھبرانے کی ضرورت نہیں، پریانکا کا لباس پورے میدان کو ڈھانپ سکتا ہے۔

    ایک صارف نے ان کی گاڑی میں سفر کی تصویر بھی پوسٹ کی کہ کس طرح وہ اس لباس کے ساتھ تقریب میں پہنچی ہوں گی۔

    طنز اور مذاق کے ساتھ ساتھ ایسے افراد کی بھی کمی نہیں تھی جنہوں نے پریانکا کی تعریف کی۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • سعودی عرب میں مقیم پاکستانی سمیرہ ’شہزادی‘ بن گئی

    سعودی عرب میں مقیم پاکستانی سمیرہ ’شہزادی‘ بن گئی

    پاکستان کے شہر کراچی سے تعلق رکھنے والی سعودی میڈیاسے وابستہ‘ مشہورخاتون تاجرہ اور اردو زبان کی مصنفہ و شاعرہ سمیرہ عزیز نے بالاخرشہزادی کا لقب حاصل کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق سمیرا عزیزجو سعودی عرب میں مقیم اورانتہائی گوناگوں شخصیت کی مالک ہیں‘ انہیں فلپائن کے شاہی خاندان نے ’شہزادی کے اعزازی لقب‘ سے نوازا ہے۔

    سمیرہ عزیز کو موصول ’سلطنت بویان دارلسلام‘ کے خصوصی شاہی دعوت نامے کے مطابق 22 اور23اپریل کو شاہی جنرل اسمبلی کا ایک اہم اجلاس فلپائنی شہر جنرل سنٹوس کے ہوٹل سبرینا میں منعقد کیاگیا، جس کا موضوع ” ’ بنگسامورو برادری‘ میں عدل اور باوقار امن و ترقی کے نفاذ کےلئے وفاقیت کے امکانات “  تھا۔

    اس اجلاس میں بنگسامورو برادری کے اعلیٰ عہدیداروں اور فلپائنی حکومتی سطح کے قومی شخصیات نے شرکت کی، جن میں صدارتی مشیرسیکریٹری جیزس ڈوریزا بھی شامل تھے۔

    شہزادی بننے کے موقع پرتقریب سے خطاب


    سمیرہ عزیز نے اس موقع ہر کہا کہ ” محبت و عزت ہمیشہ انمول ہوتی ہے۔خوش قسمتی سے میری میڈیا می خدمات کے باعث مجھے لگاتار محبتوں کا خزانہ ملتا رہا ہے۔ بلاشبہ یہ میرے لیے ایک اعزاز کی بات ہے کہ مجھے سلطنت بویان کی طرف سے ’شہزادی‘ کے شاہی خطاب سے نوازہ گیا ہے۔

    میں ہمیشہ سے اس بات کی متمنی رہی ہوں کہ اپنے وطن سعودی عرب کو میں دنیا سے جوڑوں اور مسکراہٹوں کا پرچار کروں، لہذا میری اس خواہش کی تشفی کےلئے ’شہزادی‘ کا یہ لقب میرے لئے اہم حیثیت کا حامل ہے۔ میرے لئے زیادہ اہم کامیابی یہ ہے کہ میں’دلوں کی ملکہ‘ بن کر راج کروں اور آج میں یہ محسوس کررہی ہوں کہ میں دلوں پر راج کر رہی ہوں ، جس کے باعث مجھے اس شاہی لقب سےنوازا گیا ہے۔

    میرا ایمان ہے کہ آپ کو جتنی کامیابی و قوت ملتی ہے،آپ کی ذمہ داری اتنی ہی بڑھتی ہے۔ذمہ داریاں و توقعات پوری کرنا میرے نزدیک زیادہ اہم ہے۔میں اس اعزاز کے لئے شکر گزار ہوں۔ بلاشبہ یہ انسانیت، امن و ترقی کو مسکراہٹوں کے ساتھ تقویت دینے کا ایک اہم آغاز ہے“۔


    حالاتِ زندگی


    سمیرہ عزیز کی ولادت سعودی عرب میں ہوئی۔ پاکستان اور اردو زبان سے ان کا گہرا تعلق ہے‘ ان کے والدین کراچی سے تھے اور کراچی میں ان کا مستقل آنا جانا رہتا ہے۔

    ان کی کئی کتابیں منظرِ عام پرآچکی ہیں۔ بچپن میں ان کی والدہ نے بیوگی کے کٹھن حالات میں ان کی پرورش کی۔ کم عمری میں شادی کے بعد سمیرہ عزیزنے اعلیٰ تعلیم کا سلسلہ جاری رکھا اور آج وہ’ سمیرہ عزیز گروپ آف کمپنیز کی چئیر پرسن ‘بھی ہیں۔

    وہ حقوقِ نسواں پر سعودی عرب میں فلمسازی کرتی رہی ہیں اوراب بالی ووڈ میں فلمسازی کی تیاریوں میں مصروف عمل ہیں،جس کی شوٹنگ وہ جدہ میں ہی کریں گی۔

  • بالی وڈ کی سپراسٹار کاجول کو گائے کا گوشت کھانا مہنگا پڑگیا

    بالی وڈ کی سپراسٹار کاجول کو گائے کا گوشت کھانا مہنگا پڑگیا

    ممبئی : بالی وڈ کی سپر اسٹار کاجول کو گائے کا گوشت کھانا مہنگا پڑگیا اور ہندوانتہاپسندوں کی شدید تنقید کے بعد کاجول نے بیان بدلتے ہوئے کہا کہ میں نے گائے کے نہیں بھینس کے گوشت سے بنی ڈش کھائی۔

    بالی وڈ کی میگا ہیروئین کاجول بھی مودی سرکار میں جاری انتہاپسندی کی لہر سے بچ نہ سکیں، کاجول نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر دوستوں کے ساتھ کھانا کھاتے ہوئے ایک تصاویر اور ویڈیو شیئر کی، ویڈیو میں انکا دوست گوشت سے بنی ڈش کے حوالے سے بتا رہا ہے، جس کے بعد سوشل میڈیا پر طوفان آگیا، ہندوانتہا پسندوں نے کاجول کو آڑے ہاتھوں لیا۔

    It’s a beautiful Sunday life ! fun and . @foodstories_1

    A post shared by Kajol Devgan (@kajol) on

    معاملہ کی سنگینی پر کاجول خوفزدہ ہوگئیں اور بیان بدلنے پر مجبور ہوگئیں، کاجول نے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ میں نے گائے کے نہیں بھینس کے گوشت سے بنی ڈش کھائی، جس کے حوالے سے غلط فہمی پیدا ہوئی اس لیے وضاحت کرنا ضروری سمجھتی ہوں ۔

    کاجول نے انتہا پسندوں کے خوف سے ویڈیو بھی انسٹا گرام سے ہٹا دی۔


    مزید پڑھیں: بھارت میں گائےچوری کاالزام‘2مسلمان نوجوان ہلاک


    یاد رہے کہ آسام میں بھی اتوار کو دو مسلمان لڑکوں کو گائے چرانے کے الزام میں ہندوانتہا پسندوں کے ہجوم نے لاٹھیوں سے تشدد کرکے جاں بحق کردیا تھا۔

    واضح رہے کہ ہندو گائے کو اپنے لیے مذہبی طور پر متبرک خیال کرتے ہیں اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے برسراقتدار آنے کے بعد سے انتہا پسند ہندوؤں نے مسلمانوں کے خلاف گائے ذبح کرنے یا اس کا گوشت کھانے کے شُبے میں تشدد کی کارروائیاں تیز کررکھی ہیں اور اب تک متعدد مسلمان جان کی بازی ہار چکے ہیں ۔

  • کینسر سے جنگ لڑتی نائلہ جعفری نے حکومتی امداد ٹھکرا دی

    کینسر سے جنگ لڑتی نائلہ جعفری نے حکومتی امداد ٹھکرا دی

    لاہور: کینسر سے جنگ لڑتی اداکارہ نائلہ جعفری نے بھارتی بزنس ٹائیکون سجن جندال کی پاکستان آمد پر احتجاجاً علاج کے لیے دی جانے والی حکومتی امداد لینے سے انکار کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کینسر کے مرض میں مبتلا اداکارہ نائلہ جعفری نے سجن جندال کی پاکستان آمد اور خفیہ ملاقاتوں پر وفاق کی امداد لینے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ مرجاؤں گی لیکن وفاق کی امداد نہیں لوں گی۔

    اداکارہ کا کہنا تھا کہ بھارت سے کون سی محبت جاگ اٹھی ہے، سرحد پر شہید ہونے والے میرے ہی خاندان کے لوگ ہیں۔ دشمن سے ہاتھ ملانے والوں سے کون مدد لیتا ہے؟

    واضح رہے کہ نائلہ جعفری کینسر کے مرض میں مبتلا ہونے کے باعث شدید علیل ہیں اور کراچی کے ایک نجی ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔ نائلہ جعفری کا کینسر تیسری اسٹیج پر ہے۔

    انہوں نے صدر ممنون حسین کے آرٹسٹ ویلفیئر فنڈ سے علاج کے لیے امداد کی درخواست دی تھی تاہم بعد ازاں انہوں نے چیک لینے سے بھی انکار کردیا تھا۔

    یاد رہے کہ اداکارہ نائلہ جعفری کا شمار پاکستان کے صف اول کے اداکاروں میں ہوتا ہے۔ نائلہ جعفری اب تک مختلف ڈراموں میں کام کر کے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا چکی ہیں تاہم ایک برس قبل طبیعت ناساز ہونے کے بعد ڈاکٹرز نے ٹیسٹ کروانے کی تجویز دی تھی جن میں اداکارہ کو کینسر کی تشخیص ہوئی۔

  • جسٹن بیبرلگژری ہوٹل میں کپڑے دھوتے پائے گئے

    جسٹن بیبرلگژری ہوٹل میں کپڑے دھوتے پائے گئے

    لاس اینجلس : ہالی وڈ کے معروف لیکن متنازعہ گلوگار جسٹن بیبر لاس اینجلس کے ایک لگژری ہوٹل میں کپڑے دھوتے پائے گئے ہیں۔

    لاس اینجلس کے مقامی میڈیا ذرائع کے مطابق جسٹن ان دنوں مونٹاج بیورلی ہلز ہوٹل میں مقیم ہیں اور ان کے کمرے کی بالکونی میں بیبر کے زیر جامے دھلے ہوئے ٹنگے دیکھے گئے ہیں۔

    لاس اینجلس کے شوبز ذرائع نے ایک تصویر جاری کی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک ہوٹل کی بالکونی میں جسٹن بیبر کے زیر جامے اور ٹی شرٹس اسٹیل کے ریک میں ٹنگی ہوئی ہیں اوردور سے دیکھنے میں ہی وہ دھلے ہوئے محسوس ہورہے ہیں۔

    جسٹن بیبرلائیو شو میں اسٹیج سے نیچے گرگئے


    ذرائع کا کہنا ہے کہ جسٹن بیبر نے لاس اینجلس کے علاقے ٹولوکا لیک میں واقع اپنی رہائش گاہ میں رہنا چھوڑدیا ہے اور اب وہ اس لگژری ہوٹل میں مستقل مقیم ہیں۔

    اس سے قبل جہاں جسٹن بیبر مقیم تھے وہاں اکثر رات گئے تک پارٹیوں کا سلسلہ جاری رہتا تھا تاہم اب وہ جگہ کرائے کے لئے دستیاب ہے۔ ان کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ جسٹن بیبر بڑے گھروں تنہا رہنے سے بیزار ہیں اس لیے ہوٹل میں رہائش پذیر ہیں۔

  • باہو بَلی ٹوکاریلیزکے پہلےدن 1ارب سےزائد کابرنس

    باہو بَلی ٹوکاریلیزکے پہلےدن 1ارب سےزائد کابرنس

    ممبئی: بالی ووڈ کی مہنگی ترین فلم’باہوبَلی‘کے سیکوئل’باہوبَلی 2‘ نےریلیز کے پہلے روز 113کروڑ کا ریکارڈ بزنس کرکے باکس آفس پرتہلکہ مچاد دیا۔

    تفصیلات کےمطابق ہندوستان کی تاریخی جنگ پربنی بالی ووڈ کی تاریخ کی سب سےبڑے بجٹ کی فلم ’باہوبَلی ٹو‘ نےنمائش کےپہلے دن ہی 1ارب 13کروڑ کی کمائی کرکے دھوم مچادی۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کےمطابق فلم’باہوبَلی 2‘کے دوسرے حصے پر 250 کروڑ کی لاگت آئی ہے۔اور اس فلم کے ڈائریکٹرایس ایس راجاماؤلی ہیں۔

    باہوبَلی ٹوکی خاص بات بڑے بجٹ کےساتھ انتہائی خوبصورت انداز میں فلمائے گئےاس فلم کےمناظرہیں جس نے شائقین کا دل موہ لیا۔


    باکس آفس پر ’باہوبَلی 2‘ کا راج


    ہندوستان کی تاریخی جنگ پر بننے والی اس فلم نے بالی ووڈ کی تاریخ کامیاب ترین فلموں ’دنگل‘ اور ’سلطان‘ کا بھی ریکارڈ توڑ دیا ہے۔

    خیال رہےکہ ’باہوبَلی‘ فلم کےپہلےحصے نےہالی ووڈ کی بلاک بسٹر فلم300کو مقبولیت کےاعتبار سے پیچھے چھوڑ دیاتھا،جبکہ فلم کےسیکوئل باہوبَلی ٹو کو بھی بے حد پسند کیاجارہاہے۔

    یاد رہےکہ اس سےقبل ایس ایس راج ماؤلی کی فلم ’باہوبَلی‘ تین سال میں مکمل ہو ئی تھی جس نے2015 میں ریلیز کے پہلے روز 60کروڑ کا بزنس کیاتھا۔

    واضح رہےکہ سال 2010میں رجنی کانت کی فلم ’روبوٹ‘ کا بجٹ 35ملین ڈالز تھا اور اسے تامل،ہندی اور تیلگو زبان میں مداحوں کے لیے پیش کیاگیاتھا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں

  • آکسفورڈ یونیورسٹی کا اعزاز: ریہر سل روم راحت فتح علی خان کے نام سے منسوب

    آکسفورڈ یونیورسٹی کا اعزاز: ریہر سل روم راحت فتح علی خان کے نام سے منسوب

    لندن: آکسفورڈ یونیورسٹی نے راحت فتح علی خان کو ایک اور اعزاز دیتے ہوئے ریہرسل روم اُن کے نام سے منسوب کردیا جس کے بعد وہ جنوبی ایشیاء کے پہلے گلوکار بن گئے جسے برطانوی یونیورسٹی کی جانب سے یہ اعزاز حاصل ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی یونیورسٹی نے پاکستان کے نامور کلاسیکل گلوکار راحت فتح علی خان کی  خدمات کے اعتراف میں انہیں بڑا اعزاز دیتے ہوئے یونیورسٹی کے ریہرسل کمرے کو پاکستانی گلوکار کے نام سے منسوب کردیا۔

    اس ضمن میں یونیورسٹی کی جانب سے 25 مئی کو ایک تقریب کا انعقاد کیا جائے گا جس میں راحت فتح علی خان اپنی آواز کا جادو جگائیں گے، میوزیکل کنسرٹ کے انعقاد کا مقصد غریب طلباء کے لیے عطیات جمع کرنا ہے۔

    پڑھیں: راحت فتح برٹش ایشیئن ٹرسٹ کے سفیر مقرر

    آکسفورڈ یونیورسٹی میں میوزیکل کی تعلیم حاصل کرنے والے طالب علم بھی کنسرٹ میں راحت فتح علی خان کے ہمراہ پرفارم کریں گے جس کے لیے تیاری کا آغاز کردیا گیا۔

    یونیورسٹی کے شعبہ میوزک کے سربراہ مائیکل برڈن نے کہا کہ ’’راحت فتح علی خان کی آواز اور موسیقی کے ذریعے دنیا کو اچھا میوزک سننے کو ملا، ہمارے طالب علم بھی اس کنسرٹ میں حصہ لیں گے‘‘۔

    مزید پڑھیں: آکسفورڈیونیورسٹی کا راحت فتح علی خان کواعزازی شیلڈ دینے کا اعلان

    اطلاعات ہیں کہ راحت فتح علی خان کنسرٹ کے اختتام پر نصرت فتح علی خان کا یادگار ہارمونیم یونیورسٹی انتظامیہ کو بطور یادگاری تحفہ پیش کریں گے تاکہ قوالی کے فروغ کے لیے یونیورسٹی انتظامیہ مزید اچھی خدمات سرانجام دہے۔

    یاد رہے آکسفورڈ یونیورسٹی نے گزشتہ برس راحت فتح علی خان کی قوالیوں اور کلاسیکل موسیقی میں دی جانے والی خدمات کو سراہتے ہوئے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا تھا۔

  • سلمان خان کی فلم ’’ٹیوب لائٹ‘‘ کیا پاکستان میں روشنی دے پائے گی؟

    سلمان خان کی فلم ’’ٹیوب لائٹ‘‘ کیا پاکستان میں روشنی دے پائے گی؟

    لاہور: بالی ووڈ کے سلطان سلمان خان کی فلم ٹیوب لائٹ عید الفطر پر نمائش کیلئے پیش کی جائے گی، فلم کی خاص بات سلمان خان اور ان کے مدمقابل چائنیز اداکارہ ہیں، پاکستانی فلم پروڈیوسرز مذکورہ فلم کی پاکستان میں نمائش روکنے کیلئے کوشاں ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق دبنگ خان کی فلم ٹیوب لائٹ رواں برس عید الفطر پر ریلیز ہورہی ہے، فلم کی کہانی بھارت اور چین کے درمیان ہونیوالی جنگ پر مبنی ہے، فلم میں ہیروئن کا کردار بھی ایک چائنیز اداکارہ ادا کر رہی ہیں۔

    فلم کی ڈائریکشن کے فرائض کبیرخان نے انجام دئیے ہیں، ڈائریکٹر کبیر خان اس سے قبل سلمان خان کے ساتھ ایک تھا ٹائیگر، بجرنگی بھائی جان اور دیگر کامیاب فلمیں بناچکے ہیں۔ پاکستانی فلم ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن، پاکستان فلم پروڈیوسرز ایسوسی ایشن اور لوکل فلم میکرز ہرممکن طور پر فلم ٹیوب لائٹ کی پاکستان میں ریلیز کو روکنے کے لئے کوشاں نظر آتے ہیں۔

    اس کے علاوہ سینئر اداکار مصطفیٰ قریشی نے بھی ماضی میں کئی بار یہ مطالبہ کیا ہے کہ پاکستانی فلموں کی نمائش کو پہلی ترجیح دینی چاہیئے اور پاکستان میں بھارتی فلموں کی نمائش پر مکمل طور پرپابندی عائد کردینی چاہیئے۔

    واضح رہے کہ عید الفطر پر ہی پاکستانی اداکار شان کی فلم یلغار، اور پروڈیوسر سہیل خان کی فلم شور شرابہ ریلیز ہونے جارہی ہیں، قوی امکان ہے کہ مزید پاکستانی فلمیں بھی عید الفطر پر ریلیز ہوں۔

    یاد رہے کہ پاکستان میں سلمان خان کی بجرنگی بھائی جان اور سلطان کی عید الفطر پر ریلیز سے سنیما مالکان کی تو چاندی ہوگئی تھی مگر اُس وقت جو پاکستانی فلمیں ریلیز ہوئیں ان کی آمدنی میں خاطر خواہ اضافہ نہیں ہوسکا تھا۔

    پاکستان فلم ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین چوہدری اعجاز کامران کا کہنا ہے کہ اگر بالی ووڈ بلاک بسٹر فلم ٹیوب لائٹ عید الفطر پرریلیز کی گئی تو یہ اقدام سو فیصد لوکل سنیماؤں کے خلاف ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ ہماری جانب سے بھارتی فلموں کا مکمل بائیکاٹ کیا جائے گا۔ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا سلمان خان کی نئی فلم ٹیوب لائٹ پاکستان میں روشنیوں کی کرنیں بکھیر سکے گی؟


    Chat Conversation End

  • ماحولیاتی بہتری کے لیے کام کرنے پر شوازینگر کے لیے اعزاز

    ماحولیاتی بہتری کے لیے کام کرنے پر شوازینگر کے لیے اعزاز

    پیرس: امریکی ریاست کیلفورنیا کے سابق گورنر، باڈی بلڈر اور معروف اداکار آرنلڈ شوازینگر کو ماحولیاتی تحفظ کے لیے گراں قدر خدمات انجام دینے پر فرانسیسی اعزاز لیجن آف آنرز سے نوازا گیا۔

    آرنلڈ شوازینگر گزشتہ کافی عرصہ سے تحفظ ماحولیات کے لیے متعدد مہمات کا حصہ رہے ہیں۔ وہ وقتاً فوقتاً ایسی ویڈیوز اور پیغامات بھی جاری کرتے رہتے ہیں جن میں وہ تحفظ زمین اور ماحول کی جانب راغب کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

    مزید پڑھیں: آرنلڈ شوازینگر کا ٹی وی رئیلٹی شو چھوڑنے کا اعلان

    سنہ 2015 میں جب پیرس میں موسمیاتی تغیرات کی سالانہ کانفرنس میں تاریخ ساز معاہدہ طے کیا گیا اور متعدد ممالک کو پابند کیا گیا کہ وہ گلوبل وارمنگ کا سبب بننے والی خطرناک گیسوں کا اخراج کم کریں گے، تب اس معاہدے کی منظوری میں آرنلڈ کا بھی اہم حصہ تھا۔

    اب ان کی ان خدمات کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں اعلیٰ فرانسیسی اعزاز لیجن آف آنرز سے نوازا گیا۔

    یہ اعزاز سابق حکمران نپولین نے شروع کیا تھا اور یہ ان فرانسیسی و غیر ملکی شہریوں کو دیا جاتا ہے جنہوں نے فرانس کے لیے خدمات سر انجام دی ہوں۔

    پیرس میں ایوان صدر میں ہونے والی تقریب میں فرانسیسی صدر فرانسو اولاندے نے آرنلڈ کو میڈل پہنایا۔

    اس موقع پر آرنلڈ نے اپنے خطاب میں کہا کہ انسانی زندگی کی بقا کے لیے ماحولیات کا تحفظ ناگزیر ہے اور اس حوالے سے لوگوں کو زیادہ سے زیادہ آگاہی دی جانی چاہیئے۔

    بعد ازاں اپنے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر انہوں نے فرانسیسی صدر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں تحفظ ماحولیات کا چیمپئن قرار دیا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • سجن جندال کی پاکستان آمد، کینسر میں مبتلا اداکارہ نائلہ کا حکومتی امداد لینے سے انکار

    سجن جندال کی پاکستان آمد، کینسر میں مبتلا اداکارہ نائلہ کا حکومتی امداد لینے سے انکار

    کراچی : کینسر کے مرض میں مبتلا اداکارہ نائلہ جعفری نے بھارتی بزنس مین سجن جندال کی پاکستان آمد پر احتجاج کرتے ہوئے حکومتی امداد لینے سے انکار کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نائلہ جعفری کینسر کے مرض میں مبتلا ہونے کے باعث شدید علیل ہیں اور کراچی کے ایک نجی ہسپتال میں زیر علاج ہیں لیکن اداکارہ نائلہ جعفری نےبھارتی بزنس ٹائیکون سجن جندال کی پاکستان آمد پر احتجاجاََ حکومتی امداد نہ لیتے کا اعلان کیا ہے۔

    نائلہ جعفری کا کہنا ہے کہ میں کسی ایسی حکومت سے امداد وصول نہیں کروں گی، جو ایسے ملک کے لوگوں کی مہمان نوازی کرتے ہو، جو پاکستان کی دشمنی میں پیش پیش ہے اور پاکستان کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں۔

    اداکارہ نے کہا کہ وہ اب اپنے علاج کیلئے حکومتی امداد وصول نہیں کریں گی۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت نے مجھے علاج کے لیے مدد کی پیش کش کی، جس کے لیے شکر گزارہوں لیکن میری بیماری کا سن کو مداحوں نے جو پیار اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے اس کے بعد میں حکومت سے امداد لے کران کے جذبات کا مذاق نہیں اڑا سکتی۔

    نائلہ جعفری کینسر کے مرض میں مبتلا ہیں جو تیسری اسٹیج پر ہے، انھوں نے صدر ممنون حسین کے آرٹسٹ ویلفئر فنڈ سے علاج کے لئے امداد کی درخواست دی تھی تاہم وہ چیک لینے سے بھی انکار کردیا ہے۔


    مزید پڑھیں :  نائلہ جعفری کی امداد، ایوانِ صدر سے 10 لاکھ روپے کا چیک جاری


    یاد رہے کہ نائلہ جعفری کی علالت کی خبر سامنے آنے کے بعد صدر مملکت کی جانب سے علاج کیلئے 5 لاکھ روپے کا چیک جاری کرنے کا اعلان کیا تھا۔

    قبل ازیں اداکارہ کو طبیعت کی خرابی کے بعد اسپتال منتقل کیا گیا، اداکارہ کی جانب سے سوشل میڈیا پر امداد کی اپیل کی گئی جس میں کہا گیا تھا کہ انہیں پیسوں اور بلڈ کی ضرورت ہے۔

    naila-jaffery

    واضح رہے کہ اداکارہ نائلہ جعفری کا شمار پاکستان کے صف اول کے اداکاروں میں ہوتا ہے، نائلہ جعفری اب تک مختلف ڈراموں میں کام کر کے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا چکی ہے تاہم ایک برس قبل طبیعت ناساز ہونے کے بعد ڈاکٹرز نے ٹیسٹ کروانے کی تجویز دی تھی جن میں اداکارہ کو کینسر کی تشخیص کی گئی۔