کراچی: شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار محمد احمد کی صاحبزادی رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے معروف اداکار محمد احمد کی صاحبزادی شادی کے بندھن میں بندھ گئیں جس کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔
محمد احمد نے بیٹی کو گھر سے رخصت کیا، نکاح اور رخصتی کی تقریب سادہ رکھی گئی تھی جس میں قریبی عزیزوں نے شرکت کی۔
تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ محمد احمد کی صاحبزادی نے شادی کے موقع پر سرخ اور سفید رنگ کا عروسی لباس زیب تن کیا ہے جس میں وہ بہت خوبصورت دکھائی دے رہی ہیں۔
سینئر اداکار کو بیٹی کی شادی پر مداحوں اور ساتھی فنکاروں کی جانب سے مبارک باد دینے کا سلسلہ جاری ہے۔
یاد رہے کہ اداکار و رائٹر محمد احمد اے آر وائی ڈیجیٹل کے مقبول ڈرامہ سیریل ’اولاد‘ میں مرکزی کردار ادا کررہے ہیں، ڈرامے میں ان کے ہمراہ مرینہ خان ودیگر موجود ہیں۔
کراچی: شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ماورا حسین نے نانی کے انتقال پر جذباتی پوسٹ شیئر کرتے ہوئے ان سے جڑی یادیں بیان کردیں۔
پاکستانی فلم و ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ ماورا حسین نے نانی کے ہمراہ فیصل مسجد اسلام آباد میں لی گئی یادگار تصویر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی نانی وہ واحد انسان تھیں جن سے وہ پنجابی میں بات چیت کرتی تھیں۔
ماورا حسین نے بتایا کہ میری نانی نے ہی اپنی تمام نواسیوں، پوتیوں اور پوتوں کو بھی اپنی زبان میں بات کرنا سکھایا۔
اداکارہ نے لکھا کہ نانی ہمیشہ کال کے اختتام پر مجھے بوسہ دینے کے بعد پوچھا کرتی تھیں کہ کیا میں نے سنا اور میں کہتی تھی جی میں ںے سن لیا ہے۔
ماورا حسین نے بتایا کہ وہ ہمیشہ ہمارے ساتھ لڈو کھیلا کرتی تھیں اور چند سال قبل تک ہمیشہ جیت جایا کرتی تھیں جب تک کہ ہم نے انہیں ہرانا شروع نہیں کیا تھا اور وہ یہ بات پسند نہیں کرتی تھیں۔
واضح رہے کہ ماورا حسین کی نانی گزشتہ روز انتقال کرگئی تھیں، اداکارہ کی نانی کی مغفرت کے لیے ان کے چاہنے والوں سمیت ساتھی فنکاروں کی جانب سے دعائیں دی جارہی ہیں۔
ممبئی: بالی ووڈ کے معروف اداکار ویویک اوبرائے کو اہلیہ کے ساتھ بائیک کی سیر کرنا مہنگا پڑ گیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ کے معروف اداکار ویویک کے خلاف ویلنٹائن ڈے کے موقع پر بغیر ماسک اور ہیلمٹ کے اہلیہ کے ہمراہ موٹر سائیکل چلانے پر ممبئی پولیس نے مقدمہ درج کرلیا۔
ویویک اوبرائے نے ویلنٹائن ڈے پر اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنی ایک ویڈیو شیئر کی تھی جس میں وہ اہلیہ کے ہمراہ ماسک اور ہیلمٹ پہنے بغیر ممبئی کی سڑکوں پر موٹر سائیکل چلا رہے تھے۔
اداکار کی ویڈیو دیکھنے کے بعد انسٹاگرام صارفین نے ان پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ ویویک اوبرائے نے کورونا وائرس ایس او پیز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بھارتی عوام کو غلط پیغام دیا لہٰذا ان کے خلاف سخت ایکشن لینا چاہئے۔
ویڈیو دیکھنے کے بعد ممبئی کے جوہو پولیس اسٹیشن میں ویویک اوبرائے کے خلاف کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے پر ایف آئی آر درج کی گئی ہے اور اس کے ساتھ ہی ہیلمٹ نہ پہننے پر 500 روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ بھارتی ریاست مہارشٹرا میں کورونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے جس کی وجہ سے مقامی پولیس ماسک نہ پہننے والوں کے خلاف سخت کارروائی کررہی ہے۔
واشنگٹن: معروف امریکی ٹی وی اسٹار کم کارڈیشین نے شوہر مقبول ترین ماڈل و ریپر کانیے ویسٹ سے راہیں جدا کرنے کے لیے مقدمہ دائر کردیا۔
برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی ٹی وی اسٹار کم کارڈیشین نے علیحدگی کے لیے دائر مقدمے میں اپنے چاروں بچوں کی مشترکہ قانونی اور جسمانی تحویل کی درخواست کی ہے۔
کم کارڈیشین نے کہا کہ بچوں کی تحویل کے حوالے سے کانیے ویسٹ کو بھی کوئی مسئلہ نہیں ہے۔
واضح رہے کہ کم کارڈیشین اور کانیے ویسٹ 2014 میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے اور ان کے 4 بچے ہیں۔
ان کی طلاق کی افواہیں کئی ماہ سے گردش کررہی تھیں اور خیال کیا جارہا تھا کہ انہوں نے اس حوالے سے مشہور وکیل کی خدمات حاصل کی ہیں۔
گزشتہ برس کانیاے ویسٹ نے امریکی صدارتی دوڑ میں بھی حصہ لیا تھا مگر وہ ناکام رہے تھے۔
خیال رہے کہ 2011 میں کم کارڈیشین نے امریکا کے معروف باسکٹ بال کے کھلاڑی کس ہم فری سے شادی کی تھی جو صرف 72 دن چل سکی تھی جس کے بعد دونوں نے علیحدگی اختیار کرلی تھی۔
کم کارڈیشیئن نے 2012 میں گریمی ایوارڈ یافتہ ہالی وڈ اداکار کینے ویسٹ سے دوستی کر لی تھی جو بعد میں شادی کے بندھن میں بندھ گئے تھے۔
اسلام آباد : معروف پاکستانی اداکارہ زویا ناصر نے اپنے قریبی دوست اور مشہور جرمن یوٹیوبر کرسٹین بیٹزمین سے منگنی کی تصدیق کردی۔
پاکستانی شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی خوبرو اداکارہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر وی لاگر کرسٹین کے گھٹنوں کے بل بیٹھ کر پرپوز کرنے کی تصویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن لکھا کہ ’اس نے کہا اور میں نے ہاں کردی‘۔
اداکارہ زویا ناصر کے منگیتر کرسٹین بیٹزمین کچھ عرصہ قبل ہی دائرہ اسلام میں داخل ہوئے ہیں، انہوں نے اپنے قبول اسلام سے متعلق یوٹیوب چینل پر ایک ویڈیو بھی شیئر کی تھی۔
پاکستانی اداکارہ کے جرمن منگیتر نے بھی تصاویر پوسٹ کیں اور زویا کے مان جانے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔
خیال رہے کہ پاکستانی اداکارہ زویا ناصر نے اے آر وائی جرائم پر مبنی ڈرامہ ‘ہانیا’ سے اپنی اداکاری کا آغاز کیا تھا اور اپنی شاندار اداکاری کے باعث ڈیبیو میں بھی مداحوں کے دلوں میں گھر بنانے میں کامیاب ہوگئی تھیں.
لاہور سے تعلق رکھنے والی حرا ذیشان نے ہر جمعہ کو دلہن بننے کی وجہ بتادی۔
تفصیلات کے مطابق حرا ذیشان نے اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام ’گڈ مارننگ پاکستان‘ میں شرکت کی اور میزبان ندا یاسر کی جانب سے پوچھے گئے مختلف سوالات کے جوابات دئیے۔
حرا ذیشان نے بتایا کہ شادی کو 16 سال کا عرصہ بیت چکا ہے، بچپن سے ہی تیار ہونے اور جھومر لگانے کا شوق تھا، ننھیال اور ددھیال میں سب کو پتا ہے کسی کی بھی شادی ہو میں نے دلہن بن کر شرکت کرنی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ میری منگنی ذیشان سے ہوچکی تھی، کچھ عرصے بعد والدہ کینسر میں مبتلا ہوگئیں وہ گنگا رام اسپتال میں زیر انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں زیرعلاج تھیں ذیشان اسپتال میں خون کا عطیہ دینے کے لیے آئے تھے، والدہ نے ساس کو دیکھ کر کہا کہ اگر میری زندگی میں بیٹی کی رخصتی ہوجائے تو اچھا ہے۔
حرا ذیشان نے کہا کہ والدہ کے اصرار پر مجھے گھر کے کپڑوں میں ہی رخصت کردیا گیا اور میرا دلہن بننے کا شوق پورا نہ ہوسکا۔
انہوں نے جمعہ کو دلہن بننے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ لاہور میں دھماکا ہوا تھا جس کی آواز سے ان کا ذہن متاثر ہوا اور وہ ڈپریشن میں چلی گئی تھیں، والدہ کے انتقال کے بعد مرض مزید بڑھتا گیا، شوہر مجھے اسپتال لے گئے تو ڈاکٹر نے کہا کہ انہیں کوئی بھی صدمہ نہ پہنچے اور انہیں خوش رکھنے کی کوشش کریں۔
حرا نے بتایا کہ ڈاکٹر نے شوہر سے کہا کہ انہیں مصروف رکھیں اور شوہر کو معلوم تھا کہ مجھے سجنے سنورنے کا بہت شوق ہے، وہ پاکستان میں تھے تو میں ہر جمعے دلہن کی طرح تیار ہوجاتی تھی اور جب وہ بیرون ملک چلے گئے تو ایک دن گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج تیار نہیں ہوئیں تو وہیں سے میں نے ہر جمعہ کو دلہن کی طرح تیار ہونا شروع کردیا۔
حرا ذیشان نے بتایا کہ ان کے 4 بچے ہیں جن میں تین بیٹے اور بیٹی ہیں، دو بچوں کا انتقال ہوچکا ہے، حرا کا کہنا تھا کہ شوہر نے مجھے ڈپریشن سے نکالا، ان کی چھٹی جمعے کو ہوتی تھی تو میں جمعے کو دلہن کی طرح تیار ہوجاتی تھی اسی وجہ سے میرا نام جمعہ کی دلہن پڑ گیا۔
کراچی: شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ سارہ خان نے کہا کہ دعا ہے کہ ہر لڑکی کو ان کے شوہر معروف گلوکار فلک شبیر جیسا ہمسفر ملے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر ایک وائرل ویڈیو میں سارہ خان نے شوہر فلک شبیر کو بہترین شوہر قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ چاہتی ہیں کہ دنیا کی ہر لڑکی کو فلک شبیر جیسا شوہر ملے۔
ویڈیومیں دیکھا جاسکتا ہے کہ سارہ خان سیاہ رنگ کے لباس میں ملبوس ہیں اور انہوں نے شو میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی، اس دوران سارہ خان سے ان کے شوہر سے متعلق سوال کیا گیا جس کا جواب دیتے ہوئے سارہ خان نے شوہر کی تعریف کی۔
سارہ خان نے بتایا کہ فلک شبیر نے انہیں بہت آزادی دیتے ہیں تاکہ وہ اپنے شوق پورے کرسکیں، فلک شبیر ان کا حوصلہ بھی بڑھاتے ہیں۔
اداکارہ نے کہا کہ فلک شبیر چاہتے ہیں کہ وہ آگے بڑھیں اور کام کریں اسی لیے انہیں کام کرنا مزید اچھا لگتا ہے اور اپنے کام سے خوشی بھی ملتی ہے۔
سارہ خان نے کہا کہ چاہتی ہوں دنیا کی ہر لڑکی کو اللہ تعالیٰ فلک شبیر جیسا شوہر دے، ایسا شوہر جو چاہے کہ آپ آگے بڑھیں اور وہ آپ کا ساتھ دے۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال 16 جولائی کو سارہ خان اور فلک شبیر رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے، اُن کی منگنی اور رخصتی میں صرف ایک دن ہی لگا۔ ایک روز قبل یعنی 15 جولائی کو اداکارہ نے تصدیق کی تھی کہ انہوں نے اپنے دلہا کا انتخاب کرلیا، بعد ازاں سارہ نے بتایا کہ وہ فلک شبیر ہیں۔
کراچی: پاکستانی معروف اداکار و میزبان دانش تیمور نے اہلیہ، معروف اداکارہ عائزہ خان کے ساتھ اپنی سالگرہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کردی۔
اداکار دانش تیمور نے عائزہ خان اور بچوں کے ہمراہ گزشتہ شب اپنی 38ویں سالگرہ کا کیک کاٹا، دانش تیمور کی جانب سے سالگرہ کی ویڈیو اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ انسٹاگرام پر مداحوں کے ساتھ شیئر کی گئیں۔
دانش تیمور کی سالگرہ کے موقع پر ان کے اور عائزہ خان کے مداحوں کی جانب سے انہیں خوب مبارک بادیں اور دعائیں دی جارہی ہیں۔
اداکار کی سالگرہ کے موقع پر شوبز انڈسٹری کے معروف فنکاروں کی جانب سے بھی مبارک باد دینے کا سلسلہ جاری ہے۔
گزشتہ روز عائزہ خان کی جانب سے بھی دانش تیمور سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ انسٹاگرام پر ایک تصویر پوسٹ کی گئی تھی جس میں انہوں نے اپنے مداحوں کو دانش تیمور کی سالگرہ منانے کی خبر دی تھی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل عائزہ خان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر آپ کے فالوورز کی بڑھتی ہوئی تعداد طویل المدستی کامیابی کی ضمانت نہیں دیتی، ہمارے یہاں جس کے انسٹاگرام پر فالوورز کی تعداد زیادہ ہوتی ہے تو لوگ اس سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں یہ غلط ہے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ محنت کا پھل ہمیشہ میٹھا ہوتا ہے، لہٰذا آپ جو بننا چاہتے ہیں وہ بنیں لیکن صرف فالوورز کی تعداد میں اضافے سے لطف اندوز ہونے کے بجائے طویل المدستی کامیابی کے لیے کوشش کریں۔
کراچی: شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ انمول بلوچ کا کہنا ہے کہ شادی ضرور کروں گی لیکن ابھی نہیں، ابھی کچھ کرنا چاہتی ہوں جب کوئی ایسا شخص ملے گا جس سے میری فیملی اور مجھے لگے کہ اس کے ساتھ زندگی گزاری جاسکتی ہے تو شادی کرلوں گی۔
پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ انمول بلوچ نے اے آر وائی ڈٰیجیٹل کے پروگرام ’گڈ مارننگ پاکستان‘ میں شرکت کی اور میزبان ندا یاسر کی جانب سے پوچھے گئے مختلف سوالات کے جوابات دئیے۔
شادی سے متعلق سوال پر انمول بلوچ نے کہا کہ شادی ضرور کروں گی لیکن ابھی کام پر توجہ دے رہی ہوں، لڑکے والوں کی جانب سے جہیز مانگا جائے گا تو اس شخص سے شادی نہیں کروں گی جو جہیز نہیں مانگے گا اس سے شادی کروں گی۔
اداکارہ نے کہا کہ اگر میں اور والدین اپنی خوشی سے جو دینا چاہیں دے سکتے ہیں، شوق ہے کہ اچھی شادی ہو، مہمان آئیں، ہلہ گلہ کریں، یہ چھوٹی چھوٹی خوشیاں بہت وقت کے بعد ملتی ہیں۔
انمول بلوچ نے بتایا کہ انہیں ڈرامہ انڈسٹری میں آئے ڈھائی سال کا عرصہ بیت چکا ہے، ڈراموں میں کم کام کرنے کی وجہ یہ ہے کہ میں چاہتی ہوں کم کام کروں لیکن اچھا کروں۔
دوسری جانب اداکارہ مشعل خان کا کہنا تھا کہ میں اپنی شادی میں ڈھولکی نہیں کروں گی ان چیزوں پر یقین نہیں رکھتی جبکہ انمول بلوچ کا کہنا تھا کہ اگر شادی میں ڈھولکی نہیں ہوئی تو میری والدہ نہیں مانیں گی وہ کہیں گی کہ اس سے اچھا ہے گھر پر ہی بیٹھی رہو۔
واضح رہے کہ اداکارہ انمول بلوچ اور مشعل خان اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامے ’خواب نگر کی شہزادی‘ میں مرکزی کردار ادا کررہی ہیں۔
ممبئی: بھارتی اداکار سچن جوشی کو بھارتی ایجنسی نے منی لانڈرنگ کے الزام میں گرفتار کرلیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق معروف تاجر اور اداکار سچن جوشی کو سینٹرل انویسٹی گیشن ایجنسی کی جانب سے اومکارہ گروپ منی لانڈرنگ کیس میں طلب کیا گیا تھا تاہم وہ تحقیقاتی ٹیم کو سوالات کا جواب نہیں دے سکے جس کے بعد اداکار کو گرفتار کرلیا گیا۔
فلم عاشقی ٹو کے اداکار کو جے ایم جوشی گروپ کے اومکارہ گروپ سے روابط کی وجہ سے طلب کیا گیا تھا اور اس دوران ان سے 18 گھنٹے تک پوچھ گچھ کی گئی۔
اداکار کی جانب سے کی جانے والی ٹرانزیکشن پر بھی سوالات کیے گئے تاہم وہ تحقیقاتی ٹیم کو مطمئن نہ کرسکے جس کے بعد انہیں حراست میں لیا گیا۔
واضح رہے کہ بھارتی ایجنسی اومکارہ گروپ کے پروموٹرز کی جانب سے سو کروڑ روپے کی منی لانڈرنگ پر تحقیقات کررہی ہے۔
اومکارہ گروپ کے چیئرمین اور منیجنگ ڈائریکٹر کو پہلے ہی گرفتار کیا جاچکا ہے جبکہ منی لانڈرنگ میں اداکار سچن جوشی کی کمپنی جے ایم جوشی گروپ کے ملوث ہونے کے ثبوت بھی سامنے آئے ہیں۔