Category: انٹرٹینمںٹ

  • معروف اداکارہ جھیل میں لاپتا، ہلاکت کا خدشہ

    معروف اداکارہ جھیل میں لاپتا، ہلاکت کا خدشہ

    کیلی فورنیا: ہالی ووڈ اداکارہ نایا ریویرا امریکی ریاست کیلی فورنیا کے شہر لاس اینجلس کے قریب ایک جھیل میں سیر کرنے کے دوران لاپتا ہوگئیں۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اداکارہ نایا ریویرا 8 جولائی کی دوپہر اپنے 4 سالہ بیٹے کے ساتھ لاس اینجلس سے 45 میل دور واقع پیرو جھیل کی سیر کرنے پہنچی تھیں اور لاپتا ہوگئیں۔

    اداکارہ نایا ریویرا نے جھیل کی سیر کرنے کے لیے کرائے پر کشتی حاصل کی تھی اور وہ بیٹے سمیت جھیل کی سیر کو نکلی تھیں۔

    رپورٹ کے مطابق اداکارہ کی کشتی کے پاس سے ایک اور کشتی گزری جس نے کشتی میں موجود تنہا بچے کی موجودگی کی اطلاع دی جس پر ریسکیو کارروائی کا آغاز کیا گیا۔

    Glee' star Naya Rivera presumed dead

    اداکارہ کے بچے نے ریسکیو حکام کو آگاہ کیا کہ والدہ جھیل میں اتری تھیں تاہم جھیل میں اترنے کے بعد وہ واپس نہیں آئیں۔

    رپورٹ کے مطابق کشتی سے لائف سیونگ جیکٹ بھی ملا ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ جیکٹ کے بغیر پانی میں اتریں یا حادثاتی طور پر گر گئیں۔

    ریسکیو حکام نے دو روز قبل دوپہر کو ریسکیو آپریشن کا آغاز کیا تاہم رات کو یہ آپریشن روک دیا گیا تھا اور پھر گزشتہ روز صبح کو ریسکیو آپریشن کا دوبارہ آغاز کیا گیا۔

    ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ چوبیس گھنٹے گزر جانے کے باوجود اداکارہ کو گہرے پانی میں بھی تلاش نہیں کیا جاسکا جس کی وجہ سے اندازہ ہوتا ہے کہ وہ ممکنہ طور پر ہلاک ہوچکی ہوں گی تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

    اداکارہ نایا ریویورا نے بطور چائلڈ آرٹسٹ کیریئر کا آغاز کیا تھا، انہوں نے فلموں میں اداکاری کی شروعات 2011 میں کی تھی۔

  • اداکارہ روبی انعم دل کا دورہ پڑنے پر اسپتال منتقل

    اداکارہ روبی انعم دل کا دورہ پڑنے پر اسپتال منتقل

    لاہور: پاکستانی اسٹیج اور ٹی وی اداکارہ روبی انعم کو دل کا دورہ پڑنے پر اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق اسٹیج اور ٹی وی کی معروف اداکارہ روبی انعم کو دل کا دورہ پڑنے پر پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اداکارہ روبی انعم اس وقت پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی لاہور کے انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں زیر علاج ہیں۔

    اداکارہ کے شوہر گلوکار و پروڈیوسر اظہر اقبال بٹ نے مداحوں سے روبی انعم کی صحت کے لیے دعاؤں کی اپیل کی ہے۔

    خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپتال میں ڈاکٹرز کی جانب سے روبی انعم کی طبی مدد کی جارہی ہے اور ان کے مختلف ٹیسٹ بھی کیے گئے ہیں۔

    واضح رہے کہ روبی انعم مختلف ٹی وی شوز میں مزاحیہ اداکاری کے فرائض انجام دے چکی ہیں، مداحوں کی جانب سے ان کی اداکاری کو پسند کیا جاتا ہے۔

  • اداکار حمزہ فردوس کے گھر ننھی پری کی آمد

    اداکار حمزہ فردوس کے گھر ننھی پری کی آمد

    کراچی: معروف پاکستانی اداکار حمزہ فردوس کے گھر ننھی پری کی آمد ہوئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی شوبز انڈسٹری کے لیجنڈ اداکار فردوس جمال کے بیٹے اداکار حمزہ فردوس کے گھر بیٹی کی پیدائش ہوئی ہے جس کی اطلاع انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر دی۔

    حمزہ فردوس نے خوبصورت تصویر شیئر کی جس میں وہ بیٹی کا ہاتھ تھامے ہوئے ہیں، حمزہ فردوس نے لکھا کہ ’اللہ تعالیٰ نے ہمیں بیٹی سے نوازا ہے۔‘

    اداکار حمزہ فردوس نے بتایا کہ انہوں نے اپنی بیٹی کا نام ’اریانا مرجان فردوس‘ رکھا ہے۔

    حمزہ فردوس کو بیٹی کی ولادت پر مداحوں اور معروف شوبز شخصیات کی جانب سے مبارکباد دینے کا سلسلہ جاری ہے۔

    واضح رہے کہ اداکار حمزہ فردوس نے اکتوبر 2019 میں سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے اعلان کیا تھا کہ وہ اب پاکستان میں مزید کام نہیں کریں گے۔

    اداکار کا کہنا تھا کہ اب بین الاقوامی سطح پر کام کروں گا، پاکستان میں کام نہیں کروں گا، آئرش کا ایک پروجیکٹ سائن کیا ہے جس کے لیے ڈبلن جارہا ہوں۔

  • اداکارہ مایا علی کا والدہ کی سالگرہ پر خوبصورت پیغام

    اداکارہ مایا علی کا والدہ کی سالگرہ پر خوبصورت پیغام

    کراچی: اداکارہ مایا علی نے والدہ کی سالگرہ پر خوبصورت پیغام شیئر کیا جسے مداحوں کی جانب سے سراہا جارہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اداکارہ مایا علی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر والدہ کی سالگرہ کے موقع پر ان کے ہمراہ ایک تصویر پوسٹ کی جس میں انہوں نے والدہ کو گلے سے لگایا ہوا ہے۔

    مایا علی نے والدہ کو سالگرہ کی مبارک باد دیتے ہوئے لکھا کہ ’میری پیاری اماں ویسے تو میرے پاس کہنے کو بہت کچھ ہوتا ہے لیکن جب آپ کی بات آتی ہے تو مجھے الفاظ کی کمی محسوس ہوتی ہے۔‘

    اداکارہ نے لکھا کہ ’اماں آپ نے ہمیشہ میری مدد کی، میں نے جب بھی اپنے مشکل وقتوں میں اپنی طاقت کھوئی تو آپ نے مجھے ہمت دی اور میرے ساتھ کھڑی رہیں۔‘

    مایا علی نے لکھا کہ ’جب ہم نے بابا کو کھویا تو اس وقت بھی آپ نے ہمیں سنبھالا اور ہماری حفاظت کی، بابا کے جانے کے بعد ایسا لگتا تھا کہ ہم نے سب کچھ ہی کھو دیا ہے لیکن اللہ کا شکر ہے کہ اس وقت بھی آپ ہمارے ساتھ تھیں۔‘

    View this post on Instagram

    🎂🎂

    A post shared by Maya Ali (@official_mayaali) on

    اداکارہ نے اپنی والدہ کو سپر ویمن قرار دیتے ہوئے کہا کہ اماں آپ میری زندگی کی سپر ویمن ہیں، آپ میری خوشی ہیں، میری زندگی ہیں، آخر میں مایا علی نے والدہ کی لمبی عمر اور تندرستی کے لیے دعا بھی کی۔

    View this post on Instagram

    🎂🎂

    A post shared by Maya Ali (@official_mayaali) on

  • اداکار صائم علی رشتہ ازدواج میں منسلک

    اداکار صائم علی رشتہ ازدواج میں منسلک

    کراچی: پاکستان شوبز انڈسٹری کے ماڈل اور اداکار سید صائم علی نے کرونا وبا کے دور میں سادگی سے شادی کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان شوبز انڈسٹری کے ماڈل و اداکار سید صائم علی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر اپنے نکاح کی تصویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو شادی کی خوشخبری سنائی۔

    اداکار نے تصویر میں کیپشن لکھا کہ ’چلو آؤ ایک نئی زندگی شروع کردیں۔‘صائم علی کی اس پوسٹ پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے مبارکباد اور نیک تمناؤں کے پیغامات دئیے جارہے ہیں۔

    اداکار کا کہنا تھا کہ 6 ماہ قبل انہوں نے گھر والوں کی پسند سے منگنی کی اور گزشتہ روز سادہ سی تقریب نکاح میں شادی کرلی۔

    انہوں نے بتایا کہ ولیمہ آج ہوگا، اہلیہ دبئی سے تعلق رکھتی ہیں اور پردہ کرتی ہیں اسی لیے شادی کی کوئی تصویر شیئر نہیں کی جارہی ہے۔

    صائم علی نے کہا کہ انہوں نے اہلیہ سے پوسٹ کرنے کے لیے ایک تصویر پر پوز دینے کا کہا لیکن انہوں نے منع کردیا۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل گلوکار ہارون رشید، آغا علی، شہروزسبزواری اور دیگر اداکاروں نے لاک ڈاؤن کے دنوں میں شادی کی تھی۔

  • اجے دیوگن کو ’گلوان وادی‘ پر فلم بنانے کا اعلان کرنا مہنگا پڑ گیا

    اجے دیوگن کو ’گلوان وادی‘ پر فلم بنانے کا اعلان کرنا مہنگا پڑ گیا

    ممبئی: بالی ووڈ اداکار اجے دیوگن کو گلوان وادی واقعے پر فلم بنانے کا اعلان کرنا مہنگا پڑ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق بالی ووڈ اداکار اجے دیوگن نے بھارت اور چین کے درمیان وادی گلوان میں جھڑپ کے دوران ہلاک ہونے والے 20 بھارتی فوجیوں کی ہلاکت پر فلم بنانے کا اعلان کیا تو سوشل میڈیا پر صارفین نے انہیں آڑے ہاتھوں لے لیا۔

    اجے دیوگن کے اس اعلان کے بعد پاکستانی اور بھارتی سوشل میڈیا صارفین دونوں کی جانب سے اداکار کے اس خیال کو ناصرف مضحکہ خیز قرار دیا گیا بلکہ مختلف کمنٹس کرکے ان کا مذاق اڑایا گیا۔

    ایک صارف اشوک سوین نے لکھا کہ ’صرف بالی ووڈ ہی جانتا ہے کہ بھارت کے مصائب سے پیسہ کیسے کمایا جاتا ہے۔‘

    ایک اور صارف توصیف ہمایوں نے لکھا کہ ’ایک تھی گلوان وادی ٹائٹل زیادہ اچھا رہے گا۔ کسی نے کہا کہ ’یہ ایک سچی کہانی ہوگی یا مودی میڈیا کہانی پر مبنی ہوگی۔‘

    خاتون صارف پریل کا کہنا تھا کہ فلم کا اختتام یہ ہوگا کہ اجے دیوگن مودی سرکار کی جانب سے بند کی گئی 59 ایپلی کیشن کو اپنے پاس سے ڈیلیٹ کردیں گے۔

    سوشل میڈیا صارف کا کہنا تھا کہ اور یہ رہی ناظرین بھارتی آرمی کی چین کے خلاف آخری امید۔‘

    سوشل میڈیا صارفین کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج چین سے بری طرح ہار گئی اور بھارتی افواج صرف بالی ووڈ میں ہی چین کو شکست دے سکتی ہے۔

  • عاصم اظہر اور اریکا حق کے مداحوں کا انتظار ختم، گانا ریلیز

    عاصم اظہر اور اریکا حق کے مداحوں کا انتظار ختم، گانا ریلیز

    کراچی: معروف پاکستانی نوجوان گلوکار عاصم اظہر کے نئے گانے ’تم تم‘ نے ریلیز ہوتے ہی دھوم مچادی، گانے میں ٹک ٹاک اسٹار اریکا حق بھی شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق معروف پاکستانی گلوکار عاصم اظہر اور اریکا حق کے نئے گانے ’تم تم‘ کو ریلیز کردیا گیا، گانا سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا۔

    تم تم گانے کے ابتدا میں جو قول شامل کیا گیا وہ یہ ہے کہ ’ اگر تم محبت کے آگے پیسے کا انتخاب کرو تو ہمیشہ غریب ہی رہو گے‘۔

    تم تم گانا 6 منٹ 11 سیکنڈ پر مشتمل ہے جس میں محبت کرتے نوجوانوں کو دکھایا گیا ہے جبکہ وہ جس سے محبت کرتے ہیں وہ لڑکی پیسے سے محبت کرتی ہے، گانے کے آخر میں اداکارہ ہانیا عامر کی انٹری بھی ہوتی ہے۔

    گانا شروع ہوتے ہی یہ بول شامل کیے گئے ہیں ’جب ایک بار انسان پیار میں پڑتا ہے تو پھر صحیح تو کچھ رہتا ہی نہیں ہے۔‘

    عاصم اظہر کے گانے تم تم کو چار گھنٹوں میں تقریباً 3 لاکھ ویووز مل چکے ہیں جبکہ مداحوں کی جانب سے بھی گانے کو پسند کیا جارہا ہے۔

    یاد رہے کہ عاصم اظہر اب تک 32 سے زائد گانے گا چکے ہیں، انہوں نے پاکستان سپرلیگ کے گزشتہ سیزن میں کراچی کنگز کے لیے بھی پرجوش گانا گایا تھا، پی ایس ایل کے پانچویں آفیشل ترانے ’تیار ہیں‘ میں بھی اپنی آواز کا جادو جگا چکے ہیں۔

  • کشمیریوں کی زندگی بھی اہمیت رکھتی ہے، مہوش حیات

    کشمیریوں کی زندگی بھی اہمیت رکھتی ہے، مہوش حیات

    کراچی: بھارتی فوج کے ہاتھوں کشمیری شہری کی شہادت پر ننھے بچے کی روتے ہوئی تصویر نے اداکارہ مہوش حیات کو بھی افسردہ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق تمغہ امتیاز حاصل کرنے والی معروف پاکستانی اداکارہ مہوش حیات نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ ’کشمیریوں کی زندگی بھی اہمیت رکھتی ہے۔‘

    اداکارہ نے لکھا کہ بھارتی فوج کی بربریت پر دنیا کس طرح خاموش رہ سکتی ہے، ہم کتنی دیر تک آنکھیں موند رکھیں‌ گے، اس کو روکنا ہوگا۔

    مہوش حیات نے لکھا کہ بھارتی فوج کی جانب سے بے گناہ کشمیریوں کو شہید کیا جارہا ہے، کشمیریوں کی زندگی بھی اہمیت رکھتی ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز بھارتی فوج نے اندھا دھند فائرنگ کرکے 3 سالہ بچے کے سامنے نانا کو شہید کردیا تھا، تین سالہ نواسے کی نانا کی میت کے قریب رونے کی ویڈیو نے دیکھنے والوں کو رلا دیا۔

    بھارتی فورسزکی بربریت کی ویڈیو سوشل میڈیا پروائرل ہوگئی اور نانا کی میت کے قریب روتے تین سال کے بچے کی ویڈیونے دیکھنے والوں کو اشکبار کردیا۔

    مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی فائرنگ سے شہید پینسٹھ سال کے بشیراحمد خان اپنے نواسے کے ساتھ سرینگر سے بارہ مولا جارہے تھے، غم سے نڈھال بشیرخان کے اہلخانہ کا کہنا ہے کہ بشیر خان کو بھارتی فورسز نے شہید کیا۔

    بشیر خان کی بیٹی کا کہنا تھا کہ والد کو بچے کے سامنے شہید کیا گیا، ایسے ظالموں کو فوری موت کی سزا ملنا چاہئیے۔

  • گلوکار علی ظفر کا فنکاروں کی مدد کا اعلان

    گلوکار علی ظفر کا فنکاروں کی مدد کا اعلان

    کراچی: معروف پاکستانی گلوکار علی ظفر نے فنکاروں کی مدد کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق گلوکار علی ظفر نے کراچی آرٹس کونسل کے ساتھ مل کر فنکاروں کی مدد کا اعلان کردیا، ان کا کہنا تھا کہ کورونا کے باعث فنکار، موسیقار اور ٹیکنیشنز مالی مشکلات کا شکار ہیں۔

    علی ظفر نے کہا کہ کراچی آرٹس کونسل اور علی ظفر فاؤنڈیشن مل کر مستحق فنکاروں کی مدد کریں گے۔

    گلوکار علی ظفر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ویڈیو پیغام میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے اپیل کی کہ ’کرونا کے باعث سے شوبز فنکار کام نہ ہونے کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہیں، شوز ہوتے ہیں تو اسٹیج لگتا ہے اور مداح آتے ہیں لیکن کرونا کی وجہ سے یہ سب بند ہوچکا ہے۔

    علی ظفر نے کہا کہ میرا تعلق شوبز سے ہے اسی لیے فنکاروں کے حوالے سے ہی بات کررہا ہوں، انہوں نے کہا کہ تماشائی تب اکٹھا ہونا شروع ہوں گے جب کرونا ویکسین آجائے گی اور کرونا کیسز ختم ہوجائیں گے لیکن یہ بہت بعد کی بات ہے اس کے باعث ٹیکنیشنز اور فنکاروں کے لیے گزارہ کرنا بہت مشکل ہوتا جارہا ہے۔

    گلوکار نے کہا کہ میری فاؤنڈیشن پنجاب میں کئی ہفتوں سے موسیقاروں کو کھانا بھجوا رہی ہے اب ہم نے ایک اور فلاحی تنظیم کے ساتھ مل کر اہم اقدام اٹھایا ہے کہ اب موبائل فون کے ذریعے گھر بیٹھے ان افراد کو پیسے پہنچائے جارہے ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ کراچی میں آرٹس کونسل بہت اچھا کام کررہی ہے،علی ظفر فاؤنڈیشن اور ایک اور فلاحی تنظیم نے مل کر کراچی کے فنکاروں کا ڈیٹا اکٹھا کرنا شروع کردیا ہے، ضرورت مند موسیقار، ٹیکنیشنز اور آرٹسٹ کی مدد کی جائے گی۔

    علی ظفر نے بجٹ میں آرٹسٹ ویلفیئر فنڈ میں اضافے پر صدر مملکت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اپیل کی کہ آپ فوری طور پر اس فنڈ کا اجرا کریں اور فاؤنڈیشن یا کسی بھی طرح مل کر ایک سسٹم بنالیں تاکہ گھر بیٹھے کرونا سے متاثرہ فنکاروں کی فوری مدد کی جاسکے۔

  • ’ارطغرل غازی‘ میں عائشہ خان کا پسندیدہ کردار کون؟

    ’ارطغرل غازی‘ میں عائشہ خان کا پسندیدہ کردار کون؟

    کراچی: پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی معروف سابق اداکارہ عائشہ خان بھی ترک ڈرامے ارطغرل غازی کے سحر میں مبتلا ہوگئیں۔

    تفصیلات کے مطابق سابق پاکستانی اداکارہ عائشہ خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر خصوصی پیغام شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ ترک ڈرامے ارطغرل غازی میں ان کا پسندیدہ فنکار کون ہے، انہوں نے ڈرامے کی بھی تعریف کی۔

    عائشہ خان نے لکھا کہ ’انہیں اور ان کے شوہر میجرعقبہ ملک کو ترک ڈرامے ڈیرلیس ارطغرل غازی نے اپنے ساتھ جوڑ دیا ہے۔

    انہوں نے لکھا کہ ڈرامے میں اسلامی ثقافت، اقدار اور تاریخ کی کتنی حیرت انگیز نمائندگی کی گئی ہے۔ ہائیم آنا اب تک ارطغرل کا ہمارا پسندیدہ کردار ہے۔

    ڈرامے میں ہائیم آنا نے ثابت قدمی، محبت اور وفاداری کا مظاہرہ کیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ ہائیم آنا بہترین اداکارہ ہیں میں ان کی مداح ہوگئی ہوں۔

    واضح رہے کہ ترک سیریز پاکستان میں کافی مقبول ہوگئی ہے، پاکستانی فنکار عائشہ عمر، عثمان خالد بٹ، جویریہ سعود اور دیگر کئی مشہور شخصیات نے بتایا کہ وہ اس سیریز کو دیکھ کر خوب محظوظ ہورہے ہیں۔

    علاوہ ازیں گلوکارہ حدیقہ کیانی نے ایک گانے کے ذریعے ترک سیریز کے فنکاروں کو خوبصورت انداز میں خراج تحسین پیش کیا تھا۔

    یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان کی درخواست پر تاریخی افسانہ سیریز پاکستانی شائقین کے لیے اردو میں ڈب کی گئی اور پاکستان ٹیلی وژن نیٹ ورک (پی ٹی وی) پر اسے نشر کیا گیا ہے۔