Category: انٹرٹینمںٹ

  • ’’بھائی، پلیز اب تو واپس آجاؤ‘‘ سشانت کی بہن نے جذباتی پیغام شیئر کردیا

    ’’بھائی، پلیز اب تو واپس آجاؤ‘‘ سشانت کی بہن نے جذباتی پیغام شیئر کردیا

    ممبئی: گزشتہ سال خودکشی کرنے والے بالی ووڈ اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی بہن شویتا سنگھ کیرتی نے سوشل میڈیا پر بھائی کے لیے جذباتی پیغام شیئر کردیا۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر شویتا سنگھ کیرتی نے اپنے بھائی سشانت سنگھ کی یادگار تصویر شیئر کی جس میں وہ مسکرا رہے ہیں، شویتا سنگھ نے اس تصویر کے کیپشن میں بھائی سے مخاطب ہوکر لکھا کہ ’کہاں چلا گیا بے بی، بس اب واپس آجاؤ۔‘

    سشانت کی بہن نے لکھا کہ ’گزشتہ آٹھ ماہ سے ہم نے تمہیں نہیں دیکھا ہے اور نہ تہماری آواز سنی ہے، مہربانی کرکے بھائی ہمارے پاس واپس آجاؤ۔‘

    شویتا سنگھ کی اس جذباتی پوسٹ نے اداکار کے مداحوں کو بھی افسردہ کردیا اور وہ سشانت سنگھ کو یاد کرتے ہوئے کمنٹ سیکشن میں مختلف تبصرے کررہے ہیں۔

    واضح رہے کہ 34 سالہ بھارتی اداکار سشانت سنگھ راجپوت گزشتہ سال 14 جون کو ممبئی کے علاقے باندرہ میں واقع اپنے گھر میں مردہ حالت میں پائے گئے تھے۔

    سشانت کی خودکشی کے واقعے کی تحقیقات کے دوران پولیس کو ان کے گھر سے کچھ دستاویزات موصول ہوئی تھیں جن کے مطابق اداکار ڈپریشن کا علاج کروا رہے تھے۔

  • نوسرباز سے ارطغرل غازی کے معاہدے کا ڈراپ سین ہوگیا

    نوسرباز سے ارطغرل غازی کے معاہدے کا ڈراپ سین ہوگیا

    لاہور: ترکی کے مشہور ڈرامے ارطغرل غازی کے ہیرو سے نوسرباز کے معاہدے کا ڈراپ سین ہوگیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق ترک ڈرامے ارطغرل غازی کے ہیرو انگین التان نے کاشف ضمیر سے معاہدہ منسوخ کردیا، انگین التان کا کہنا ہے کہ معاہدے کی رقم ادا نہیں کی گئی، چوہدری گروپ آف انڈسٹریز کے ایم ڈی سے معاہدہ منسوخ کردیا۔

    ترک اداکار نے کہا کہ کاشف ضمیر نے معاہدے کے تحت دی گئی مدت کے باوجود کسی بھی شرائط کو پورا نہیں کیا ہے ، اور اسی وجہ سے ہم نے یکطرفہ طور پر معاہدے کو منسوخ کردیا ہے۔

    انگین التان کا کہنا تھا کہ دستخط کرنے سے پہلے نصف رقم ادا کی جانی تھی، ایک ماہ گزرنے کے باوجود بھی رقم ادا نہ کی گئی، معاہدے کے بارے میں جھوٹ اور غلط معلومات پر دکھ پہنچا۔

    مزید پڑھیں: ارطغرل غازی کے ہیرو کو پاکستان بلانے والا فراڈیہ انگین آلتن کے ساتھ بھی ہاتھ کر گیا

    انہوں نے کہا کہ تحریری معاہدے کی شرط کے مطابق متعلقہ کمپنی جو متفقہ رقم کا نصف پریس کانفرنس اور معاہدے پر دستخط کرنے سے قبل نصف رقم ادا کرنے کی پابند تھی ایک ماہ گزر جانے کے باوجود ابھی تک اس نے کوئی ادائیگی نہیں کی گئی۔

    انگین التان نے کہا کہ ہمارا اب میاں کاشف ضمیر اور ان کی کمپنی چوہدری گروپ آف انڈسٹریز سے کوئی واسطہ نہیں رہا اور نہ ہی مستقبل میں کوئی تعلق قائم رہے گا۔

    ترک اداکار نے کہا کہ ہمارے دورہ پاکستان نے ہمیں پاکستان سے محبت کرنے والے لوگوں سے ملنے اور خوبصورت ملک دیکھنے کا موقع فراہم کیا ہے، ہم ترک پاکستان تعلقات کو مزید فروغ دینے اور دوستی اور ایک دوسرے کی ثقافتوں کو فروغ دینے کے لئے پرعزم ہیں۔

  • ماہرہ خان کا ناقدین کو دوٹوک جواب

    ماہرہ خان کا ناقدین کو دوٹوک جواب

    کراچی: پاکستانی فلم اور ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ ماہرہ خان نے ناقدین کو دو ٹوک جواب دے دیا۔

    شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ماہرہ خان نے اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام ’گھبرانا منع ہے‘ میں شرکت کی اور میزبان واسع چوہدری کے مختلف سوالات کے جوابات دئیے۔

    ماہرہ خان نے کہا کہ میں ان لوگوں کو کیوں اہمیت دوں جن کے پاس کچھ اور کرنے کے لیے نہیں ہے سوائے کسی اور کی پوسٹ پر جاکر کسی کو مغلظات بکنا، کسی کے ماں، باپ، بیٹے، بھائی اور بہن کو تنقید میں شامل کرنا، میرے نزدیک یہ بہت ہی بری حرکت ہے۔

    اداکارہ نے کہا کہ ناقدین کو یہ سوچنا چاہیے کہ میں یہ لکھ رہا ہوں کہ تو میری شکل نظر نہیں آرہی ہے یا میرا نام اصل نہیں ہے تو اس کا مطلب ہے کہ یہ مجھ پر نہیں ہے، یہ تنقید دراصل آپ پر ہی ہے، کسی نہ کسی وقت اس طرح کا رویہ آپ کے ساتھ کسی کا بھی ہوسکتا ہے۔

    ماہرہ خان نے کہا کہ بہت سے مداح ہمارے ٹویٹ اور تصاویر کا انتظار کررہے ہوتے ہیں اور ہماری پوسٹ پر پسندیدگی کا اظہار بھی کرتے ہیں۔

    اداکارہ نے مداحوں کی جانب سے اپنی تصاویر اور شاعری سمیت دیگر پوسٹس کو پسند کرنے پر شکریہ بھی ادا کیا۔

  • ’’پارٹی ہورہی ہے‘‘ ویڈیو بنانے کا خیال کیسے آیا؟ دنانیر مبین نے بتادیا

    ’’پارٹی ہورہی ہے‘‘ ویڈیو بنانے کا خیال کیسے آیا؟ دنانیر مبین نے بتادیا

    چند روز قبل سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں چند طلبا شمالی علاقہ جات میں موجود تھے اور ان میں سے ایک لڑکی انگریزی کے بناؤٹی انداز میں اردو بولتے ہوئے اپنا تعارف کچھ اس طرح کرواتی ہے’’یہ ہماری کار ہے، یہ ہم ہیں اور یہ ہماری پاوری ہوری (پارٹی ہورہی) ہے‘‘۔

    لڑکی کی ویڈیو دنیا بھر میں وائرل ہوگئی، سوشل میڈیا صارفین، شوبز ستارے اور کرکٹرز بھی ویڈیو کے سحر میں مبتلا ہوگئے، اور پارٹی ہورہی ہے کی اپنے اپنے انداز میں ویڈیو بنائی۔

    سوشل میڈیا پر مشہور ہونے والی لڑکی دنانیر مبین نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کی، دنانیر مبین نے ویڈیو کے آغاز میں کہا کہ ’یہ میرا لیپ ٹاپ ہے اور یہ میرا اے آر وائی پر انٹرویو ہورہا ہے۔

    دنانیر مبین نے کہا کہ میں گھر پر اور دوستوں کے ساتھ اس طرح کا ہنسی مذاق کرتی رہتی ہوں، ویڈیو بنانے کی کوئی خاص وجہ نہیں تھی، ہم گھومنے گئے تھے، میں نے ایسے ہی اچانک موبائل فون نکالا اور ویڈیو بنالی۔

    دنانیر مبین نے بتایا کہ ہم لوگ نتھیا گلی سے واپس ایبٹ آباد آرہے تھے، ہمیں بہت بھوک لگ رہی تھی تو ہم ایک جگہ کباب روٹی کھانے کے لیے رکے تھے، وہ جگہ کافی سنسان تھی وہاں پر صرف ایک ہی دکان تھی، موسم اچھا تھا تو ہم گاڑی سے نکلے اور میرے ساتھ موجود دوست رقص کرنے لگے تو میں نے بس یونہی ویڈیو بنالی۔

    ایک سوال کے جواب میں دنانیر نے کہا کہ ایکدم سے لوگوں کی جانب سے اتنا پیار مل رہا ہے تو بہت اچھا لگ رہا ہے، میں بہت خوش ہوں سوچا نہیں تھا کہ ویڈیو اس طرح وائرل ہوگی۔

    دنانیر نے بتایا کہ وہ اے لیول کی طالب علم ہیں، اس ویڈیو کے وائرل ہونے سے قبل وہ اپنے انسٹاگرام اور یوٹیوب چینل پر مختلف مقامات کی ویڈیو بناچکی ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ مجھے گانے کا شوق ہے، دنانیر نے اپنا پسندیدہ گانا بھی گنگنایا جس کے بول کچھ یوں ہے ’یہ ہوا یہ رات یہ چاندنی تیری اک ادا پر نثار ہے۔

    آخر میں ویڈیو پر تنقید کرنے والوں سے متعلق دنانیر کا کہنا تھا کہ میری ویڈیو لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹ لانے کی وجہ بنی اگر کوئی اس پر تنقید کررہا ہے تو ہم کیا کرسکتے ہیں۔

  • اداکار نعمان اعجاز کی معنی خیز پوسٹ وائرل

    اداکار نعمان اعجاز کی معنی خیز پوسٹ وائرل

    کراچی: شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار نعمان اعجاز کا کہنا ہے کہ کسی کو بُرا کہنے سے پہلے آئینہ دیکھ لینا بہتر ہے۔

    پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے سینئر اداکار نعمان اعجاز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر اپنی تصویر شیئر کی جس میں وہ موبائل فون استعمال کررہے ہیں، اداکار نے تصویر کے ساتھ معنی خیز پوسٹ بھی شیئر کی جسے مداحوں کی جانب سے خوب سراہا جارہا ہے۔

    نعمان اعجاز نے پوسٹ میں لکھا کہ ’ہمیں ںفرت کرنا پسند ہے کیونکہ اگر ہمیں نفرت کرنا پسند نہیں ہوتا تو ہم لوگوں کو نظر انداز کردیتے ہیں لیکن ہم ایسا نہیں کرتے۔‘

    اداکار نے کہا کہ ’یہ ہمارا فرض بن گیا ہے کہ ہمیں لوگوں کی ذات اور زندگیوں پر تبصرے کرنے ہیں اور انہیں برا بھلا ہی کہنا ہے، کسی کو برا کہنے سے پہلے آئینہ دیکھ لینا بہتر ہے۔‘

    نعمان اعجاز نے مزید کہا کہ ’ہم برداشت کے بارے میں کیسے بات کرسکتے ہیں جب ہمارے اندر یہ موجود ہی نہیں ہے۔‘

    واضح رہے کہ اس سے قبل نعمان اعجاز کا کہنا تھا کہ سب سے بڑا مسئلہ یہ ہے کہ ہمارے یہاں تنازعات بنا دئیے جاتے ہیں کیونکہ اس سے لوگوں کے مفادات وابستہ ہوتے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ یہ نہیں دیکھا جاتا کہ بات کس تناظر اور ماحول میں کی گئی بلکہ بات پکڑ لی جاتی ہے تاہم تاویلات دینا میری عادت نہیں۔

  • ’’نصیبو لال پی ایس ایل کی رانی قرار‘‘

    ’’نصیبو لال پی ایس ایل کی رانی قرار‘‘

    کراچی: گزشتہ دنوں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 6 کا آفیشل ترانہ ’گروو میرا‘ ریلیز کیا گیا جس میں گلوکارہ نصیبو لال، آئمہ بیگ، ریپر طلحہ انجم اور طلحہ یونس نے اپنی آواز کا جادو جگایا۔

    پی ایس ایل 6 کا ترانہ سوشل میڈیا صارفین کو خاص پسند نہ آٰیا اور سوشل میڈیا پر نصیبو لال کے خلاف میمز اور تنقید کا نہ تھمنے کا سلسلہ شروع کردیا گیا۔

    معروف گلوکار کو تنقید کا نشانہ بنائے جانے پر کچھ فنکار میدان میں آئے اور ترانے کو تنقید کا نشانہ بنانے والوں کو جواب بھی دیا۔

    اداکارہ حرا مانی نے بھی حال ہی میں سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر نصیبو لال کی حمایت میں ایک طویل پوسٹ شیر کرتے ہوئے ناقدین کو آڑے ہاتھوں لیا۔

    حرا مانی نے اپنی پوسٹ میں نصیبو لال کو پی ایس ایل کی رانی قرار دیتے ہوئے مستقبل میں بھی ان سے ہی پی ایس ایل کے گانے گانے کی فرمائش کردی۔

    اداکارہ کا کہنا تھا کہ آج تک پی ایس ایل کا گانا اتنا ہٹ نہیں ہوا جتنا یہ ’گروو میرا‘ ہوا ہے۔

  • عدنان صدیقی نے مداحوں کو دھوکا کھانے سے بچا لیا

    عدنان صدیقی نے مداحوں کو دھوکا کھانے سے بچا لیا

    کراچی: شوبز انڈسٹری کی معروف اداکار عدنان صدیقی نے اپنے مداحوں اور دوستوں کو دھوکا کھانے سے بچالیا۔

    پاکستانی فلم و ڈرامہ انڈسٹری کے نامور اداکار عدنان صدیقی نے اپنے مداحوں اور دوستوں کو اہم اطلاع دی کہ کوئی ان کا انسٹاگرام اکاؤنٹ ہیک کرنے کی کوشش کررہا ہے۔

    اداکر نے اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام پر ایک خصوصی پوسٹ شیئر کرتے ہوئے اپنے نام سے منسوب ایک جعلی انسٹا اکاؤنٹ کا اسکرین شاٹ شیئر کیا۔

    عدنان صدیقی نے اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’کوئی میرا انسٹاگرام اکاؤنٹ ہیک کرنے کی کوشش کررہا ہے اور میرے تمام دوستوں کو اس جعلی اکاؤنٹ سے فرینڈ ریکویسٹ بھی بھیج رہا ہے۔‘

    اداکار نے کہا کہ ’میں یہاں یہ بات واضح کرنا چاہتا ہوں کہ میرا صرف ایک ہی اصل اکاؤنٹ ہے، باقی میرے نام سے منسوب تمام انسٹاگرام اکاؤنٹس جعلی ہیں۔‘

    آخر میں عدنان صدیقی نے اپنے تمام دوستوں اور مداحوں سے ان کے نام سے منسوب اس جعلی انسٹاگرام اکاؤنٹ کو جلد از جلد رپورٹ کرنے کی اپیل بھی کی۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل بھی کئی پاکستانی فنکاروں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس ہیک ہوچکے ہیں جن میں نعمان اعجاز اور ماڈل فریحہ الطاف شامل ہیں۔

  • ’پارٹی ہورہی ہے‘ سے مشہور ہونے والی لڑکی کا ردعمل آگیا

    ’پارٹی ہورہی ہے‘ سے مشہور ہونے والی لڑکی کا ردعمل آگیا

    کراچی: چند روز قبل سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں چند طلبا شمالی علاقہ جات میں موجود تھے اور ان میں سے ایک لڑکی انگریزی کے بناؤٹی انداز میں اردو بولتے ہوئے اپنا تعارف کچھ اس طرح کرواتی ہے’’یہ ہماری کار ہے، یہ ہم ہیں اور یہ ہماری پاوری ہوری (پارٹی ہورہی) ہے‘‘۔

    لڑکی کا انگریزی لہجے میں اردو بولنا سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا اور لوگوں نے لڑکی کے بناوٹی انداز کا مذاق اُڑاتے ہوئے خود بھی اسی طرح کی ویڈیوز بناکر شیئر کرنا شروع کردیں، یہاں تک کہ شوبز فنکاروں نے بھی اس پر مزاحیہ ویڈیو بنا کر شیئر کی ہیں۔

    تاہم اب ’پارٹی ہورہی ہے‘ کی ویڈیو سے مشہور ہونے والی لڑکی کا ردعمل آگیا۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر دنانیر مبین کے نام کی آئی ڈی پر لڑکی نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ’امید ہے کہ آپ لوگ خیریت سے ہوں گے، میں بہت خوش ہوں کہ لوگوں کو یہ ویڈیو پسند آرہی ہے۔‘

    لڑکی کا کہنا تھا کہ ’ویڈیو وائرل ہونے پر میں بہت پرجوش ہیں، سمجھ نہیں آرہا ہے کہ بولوں کیا لیکن میرے لیے صرف ایک چیز اہمیت رکھتی ہے وہ یہ ہے کہ ہر کوئی اس ویڈیو سے لطف اندوز ہورہا ہے۔

    دنانیر مبین نے کہا کہ میں بھی اس ویڈیو سے خوب محظوظ ہورہی ہوں، انہوں نے ویڈیو پر میمز بنانے والوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔

    واضح رہے کہ پارٹی ہورہی ہے ویڈیو وائرل ہونے پر متعدد شوبز شخصیات نے بھی اس میں حصہ لیا اعجاز اسلم، صبا قمر نے بھی ویڈیو شیئر کی۔ اس سے قبل گلوکار علی ظفر بھی کرکٹ کھیلتے ہوئے ایسی ویڈیو پوسٹ کرچکے ہیں جس میں وہ کہتے دکھائی دیتے ہیں، یہ بیٹ ہے، یہ پچ ہے اور یہ میرا چھکا ہے۔

  • علیزے شاہ کی علی ظفر کے بھائی کے ساتھ دلچسپ ویڈیو وائرل

    علیزے شاہ کی علی ظفر کے بھائی کے ساتھ دلچسپ ویڈیو وائرل

    کراچی: شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ علیزے شاہ کی علی ظفر کے بھائی دانیال عزیز کے ساتھ دلچسپ ویڈیو وائرل ہوگئی۔

    معروف گلوکار و اداکار علی ظفر کے بھائی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر ایک دلچسپ ویڈیو شیئر کی جس میں ان کو اداکارہ علیزے شاہ کے ساتھ دیکھا جاسکتا ہے۔

    دانیال عزیز کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ ایک دیوار کے پیچھے چھپ کر علیزے شاہ کا انتظار کررہے ہیں، اداکارہ جیسے ہی ایک کمرے سے نکلتے ہوئے باہر آتی ہیں تو دانیال عزیز انہیں ایک زور دار آواز لگا کر  ڈرا دیتے ہیں۔

    وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ڈرنے کے بعد علیزے شاہ اپنا بدلہ لینے کے لیے دانیال ظفر کو مار بھی رہی ہیں، مداحوں کی جانب سے دونوں فنکاروں کی ویڈیو کو خوب سراہا جارہا ہے۔

    ویڈیو دیکھ کر یہ اندازہ ہورہا ہے کہ دونوں فنکار کسی سیٹ پر موجود ہیں تاہم یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ آیا یہ دونوں کسی پروجیکٹ میں کام کررہے ہیں یا کسی نئے گانے کی ویڈیو یا ڈرامے میں ایک ساتھ نظر آئیں گے۔

    دوسری جانب دانیال ظفر کی ویڈیو علیزے شاہ کی جانب سے بھی اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ کی اسٹوری پر شیئر کی گئی جس میں ان کا کہنا تھا کہ ’دانیال ظفر نے یہ ٹھیک نہیں کیا۔‘

    علیزے شاہ کی علی ظفر کے بھائی کیساتھ دلچسپ ویڈیو وائرل

    واضح رہے کہ گلوکار علی ظفر کے چھوٹے بھائی دانیال ظفر بھی گلوکار ہیں اور ماڈلنگ بھی کرتے ہیں۔

  • عدنان صدیقی، نصیبو لال کی حمایت میں سامنے آگئے

    عدنان صدیقی، نصیبو لال کی حمایت میں سامنے آگئے

    کراچی: پاکستانی فلم و ڈرامہ انڈسٹری کے معروف اداکار عدنان صدیقی نے پی ایس ایل کے چھٹے سیزن کے آفیشل ترانے ’گروو میرا‘‘ کو تنقید کا نشانہ بنانے پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔

    شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار عدنان صدیقی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ ’کیا ہم اپنے فنکاروں کو وہ عزت و احترام نہیں دے سکتے جس کے وہ حقدار ہیں۔‘

    اداکار نے لکھا کہ ’ناقدین کے لیے فنکاروں کے کام کو مٹی میں ملا دینا بہت آسان ہے کیونکہ انہیں اس کے پیچھے سخت محنت کا علم نہیں ہوتا۔‘

    عدنان صدیقی نے نصیبو لال پر ہونے والی کڑی تنقید پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم نصیبو لال کے ان لاتعداد سریلے اور زبردست گیتوں کو کیسے فراموش کرسکتے ہیں جو انہوں نے ماضی میں ہمیں دیے۔

    انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کا ترانہ ’گروو میرا‘ اس طرح تنقید کا نشانہ نہیں بنانا چاہیے۔

    واضح رہے کہ پی ایس ایل کے چھٹے سیزن کا آفیشل ترانہ گروو میرا گزشتہ دنوں ریلیز ہوا جسے سننے کے بعد شائقین کرکٹ اور موسیقی کے مداحوں کی جانب سے شدید برہمی کا اظہار کیا گیا تھا۔

    شائقین نے گانے پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ پی ایس ایل کے پچھلے تمام سیزن کے آفیشل ترانے اس سے لاکھ درجے بہتر تھے جبکہ شائقین نے علی ظفر سے پاکستان سپر لیگ کے لیے گانا ریلیز کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔