Category: انٹرٹینمںٹ

  • خاتون ٹک ٹاک اسٹار نے خودکشی کرلی

    خاتون ٹک ٹاک اسٹار نے خودکشی کرلی

    نیویارک: 18 سالہ ٹک ٹاکر دظریہ کائنٹ نوائسز المعروف ’دیی‘ نے ٹک ٹاک پر آخری ویڈیو اپ لوڈ کرنے کے بعد خودکشی کرلی۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق 18 سالہ ٹک ٹاکر دظریہ کائنٹ نوائسز نے اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا، 18 سالہ ٹک ٹاکر نے خودکشی سے قبل آخری ویڈیو کے ساتھ تحریر کیا تھا کہ مجھے معلوم ہے کہ میں آپ سب کو پریشان کررہی ہوں، یہ میری آخری پوسٹ ہے۔

    دظریہ کائنٹ نوائسز نے خودکشی سے قبل ٹک ٹاک پر ایک ویڈیو اپ لوڈ کی جس میں وہ گنگنانے کے ساتھ رقص بھی کررہی ہیں۔

    دیی کے والدین نے تصدیق کی کہ ان کی بیٹی نے خودکشی کی ہے، ٹک ٹاکر کی والدہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر ایک پوسٹ شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ دظریہ نے پنکھے سے لٹک کر خودکشی کرلی۔

    TikToker Dazhariaa has "gone to a better place," her family said after her death at age 18.

    واضح رہے کہ دظریہ کائنٹ نوائسز کے ٹک ٹاک پر 10 لاکھ 50 ہزار فالوورز ہیں۔

    ٹک ٹاکر کے والد رحیم اللہ نے اپنی فیس بک پروفائل کی تصویر بھی تبدیل کرکے اپنی اور دظریہ کی تصویر لگائی اور ساتھ میں تحریر کیا کہ میرا دل غم سے چُور ہے، میں یقین نہیں کر پا رہا کہ تم جا چکی ہو، کاش کہ یہ ایک مذاق ہوتا مگر افسوس کہ ایسا نہیں ہے۔

    انہوں نے یہ بھی تحریر کیا کہ کاش میری بیٹی مجھے سے اپنی پریشانی اور خودکشی کے بارے میں بات کر لیتی۔

  • نادیہ حسین نے بچپن میں کیا چیز چرائی؟ اداکارہ نے بتادیا

    نادیہ حسین نے بچپن میں کیا چیز چرائی؟ اداکارہ نے بتادیا

    کراچی: شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ و ماڈل نادیہ حسین نے بچپن میں کی جانے والی چوری سے متعلق دلچسپ واقعہ بیان کردیا۔

    شوبز انڈسٹری کی نامور اداکارہ و ماڈل نادیہ حسین نے اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام ’گڈ مارننگ‘ پاکستان میں شرکت کی اور میزبان ندا یاسر کی جانب سے دیے گئے ٹاسک میں دلچسپ انکشاف کیا۔

    نادیہ حسین نے بتایا کہ ’جب میں دوسری کلاس میں تھی تو میری دوست اور میں ہر کسی کے ’ربڑ‘ چرا لیا کرتے تھے، جیسے ہی کسی کی نظر ادھر ادھر ہوتی تھی تو ہم کسی بھی قسم کے ربڑ اٹھا لیا کرتے تھے۔‘

    ندا یاسر نے سوال کیا کہ کبھی آپ پکڑی نہیں گئیں ربڑ چوری کرتے ہوئے؟ جس کے جواب میں نادیہ حسین نے کہا کہ اس بارے میں ٹھیک سے کچھ یاد نہیں لیکن مجھے ربڑ جمع کرنے کا بہت شوق تھا۔

    نادیہ حسین نے بتایا کہ میرے پاس ربڑ اتنی زیادہ تعداد میں جمع ہوگئے تھے کہ امی کو بھی شک ہونے لگا تھا کہ یہ کہاں سے آرہے ہیں لیکن ان کو پتا نہیں چلا۔

    پروگرام میں شریک میزبان ندا یاسر کے شوہر یاسر نواز نے کہا کہ ہم تو اسکول میں پینسل کے اوپر لگے ربڑ ہی استعمال کیا کرتے تھے، جبکہ دانش نواز نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ میری ایک خاصیت تھی کہ جو لکھ دیتا تھا وہ پھر مٹاتا نہیں تھا۔

  • یاسر حسین اور اقرا عزیزکی دلچسپ ویڈیو وائرل

    یاسر حسین اور اقرا عزیزکی دلچسپ ویڈیو وائرل

    کراچی: اداکار و میزبان یاسر حسین اپنی اہلیہ و اداکارہ اقرا عزیز کے ساتھ اسکوٹی پر مٹر گشت کرنے لگے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار یاسر حسین نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں وہ اہلیہ کے ساتھ اسکوٹی پر شہر کا مٹر گشت کررہے ہیں۔

    یاسر حسین نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’بیگم کے ساتھ بے غم ہوکر اسکوٹی پر گھومنے کا اپنا مزہ ہے۔’

    اداکار نے اقرا عزیز کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا کہ ’بس کچھ بھی کہتی رہے آواز نہیں آتی۔‘

    یاسر حسین اور اقرا عزیز کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے اور مداحوں کی جانب سے دونوں کی ویڈیو کو خوب سراہا جارہا ہے۔

    یاد رہے کہ اداکارہ اقرا عزیز اور یاسر حسین 28 دسمبر 2019 کو رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے اور یاسر نے اقرا کو ایوارڈ شو کے دوران پروپوز کیا تھا۔

    خیال رہے کہ اقرا عزیز اور یاسر حسین نے گزشتہ سال اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامے ’جھوٹی‘ میں مرکزی کردار ادا کیا تھا۔

  • اداکارہ مریم انصاری کی شوہر کے ہمراہ ویڈیو وائرل

    اداکارہ مریم انصاری کی شوہر کے ہمراہ ویڈیو وائرل

    کراچی: پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ مریم انصاری کی شوہر اویس خان کے ہمراہ خوبصورت ویڈیو وائرل ہوگئی۔

    شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ مریم انصاری گزشتہ روز سابق قومی کرکٹر معین خان کے بیٹے اویس خان کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئیں، اداکارہ کی شوہر کے ہمراہ خوبصورت ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جسے مداحوں کی جانب سے خوب سراہا جارہا ہے۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مریم انصاری اور اویس خان خوشگوار موڈ میں دکھائی دے رہے ہیں، ویڈیو کے بیک گراؤنڈ میں ماضی کا مشہور گانا ’آئے ہو میری زندگی میں تم بہار بن کے‘ بھی سنا جاسکتا ہے۔

    مداحوں کی جانب سے اداکارہ کی ویڈیو اور تصاویر کو خوب سراہا جارہا ہے اور انہیں شادی کی مبارک بادیں دینے کا سلسلہ جاری ہے۔

    واضح رہے کہ اداکارہ مریم انصاری سابق قومی کرکٹر معین خان کے بیٹے اویس خان کے ساتھ گزشتہ روز رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئیں، اداکارہ کی شادی میں متعدد شوبز شخصیات نے شرکت کی تھی۔

    اویس خان نے اپنی انسٹاگرام اسٹوریز میں اداکارہ مریم انصاری سے نکاح اور شادی کی دیگر تقریبات کی ویڈیوز اور تصاویر شیئر کیں تھیں۔

    واضح رہے کہ مریم انصاری اداکار علی انصاری کی بہن ہیں، اے آر وائی ڈیجیٹل پر مریم انصاری کا ڈرامہ ’فریاد‘ انہی دنوں نشر کیا جارہا ہے۔

  • احتجاج اور توڑ پھوڑ کے الزام میں معروف بھارتی اداکار گرفتار

    احتجاج اور توڑ پھوڑ کے الزام میں معروف بھارتی اداکار گرفتار

    نئی دہلی: بھارت میں نام نہاد یوم جمہوریہ کے دن پر احتجاج کرنے اور توڑ پھوڑ کے الزام میں نامور بھارتی اداکار کو گرفتار کرلیا گیا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پنجابی اداکار دیپ سدھو کو دہلی پولیس کے اسپیشل سیل نے گرفتار کیا، ایک ہفتے قبل دلی پولیس نے اعلان کیا تھا کہ اداکار دیپ سدھو کی معلومات دینے والے کو ایک لاکھ روپے انعام دیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ دیپ سدھو 2019 میں بھارتی انتخابات میں بی جے پی کے امیدوار سنی دیول کی انتخابی مہم چلانے والے اہم شخص تھے۔

    انتخابات میں کامیاب ہونے والے بی جی پی کے ممبر پارلیمنٹ سنی دیول نے حالیہ احتجاج میں دیپ سدھو کا نام منظر عام پر آنے کے بعد ان سے لاتعلقی کا اعلان کیا تھا۔

    یاد رہے کہ بھارت میں کسانوں کا احتجاج ہر گزرتے دن کے ساتھ شدت اختیار کرتا جارہا ہے، ایسے میں گزشتہ ماہ 26 جنوری کو بھارت کے یوم جمہوریہ کے موقع پر کسانوں ٓکی جانب سے ٹریکٹر مارچ کیا گیا تھا۔

    اس احتجاج میں نامور بھارتی اداکارہ سنی دیول کے دوست دیپ سدھو کا نام بھی سامنے آرہا تھا تاہم اب انہیں گرفتار کیا جاچکا ہے۔

    خیال رہے کہ کسانوں کے احتجاجی مارچ کو نئی دلی انتظامیہ نہیں روک پائی اور اپنے حق کے لیے لڑنے والے مظاہرین نئی دلی کے لال قلعہ پر چڑھ گئے اور اپنا پرچم بھی وہاں سربلند کردیا تھا۔

  • اداکارہ مریم انصاری اور معین خان کا بیٹا رشتہ ازدواج میں منسلک

    اداکارہ مریم انصاری اور معین خان کا بیٹا رشتہ ازدواج میں منسلک

    کراچی: پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ مریم انصاری سابق قومی کرکٹر معین خان کے بیٹے اویس خان کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئیں۔

    قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان و وکٹ کیپر معین خان کے بیٹے اویس خان نے اپنی انسٹاگرام اسٹوریز میں اداکارہ مریم انصاری سے نکاح اور شادی کی دیگر تقریبات کی ویڈیوز اور تصاویر شیئر کیں۔

    سوشل میڈیا پر اداکارہ مریم انصاری کی شادی کی تصاویر وائرل ہو رہی ہیں جنہیں ٹی پنک رنگ کے خوبصورت عروسی لباس میں دیکھا جا سکتا ہے۔

    دوسری جانب سابق کپتان معین خان کے بیٹے اویس خان نے کریم رنگ کا کرتا پاجامہ اور اسی رنگ کا ہی ویسٹ کوٹ پہنا ہوا ہے۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مریم انصاری کی شادی میں پاکستان شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی متعدد شخصیات نے بھی شرکت کی۔

    اویس خان اور مریم انصاری کی شادی کی تقریب میں اداکار فیصل قریشی نے بھی اپنی فیملی کے ساتھ شرکت کی۔

    مداح مریم انصاری اور اویس خان کی جوڑی کو بہت پسند کر رہے ہیں اور ان کی آئندہ زندگی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کر رہے ہیں۔

    واضح رہے کہ مریم انصاری اداکار علی انصاری کی بہن ہیں، اے آر وائی ڈیجیٹل پر مریم انصاری کا ڈرامہ ’فریاد‘ انہی دنوں نشر کیا جارہا ہے۔

    Image

    خیال رہے کہ اداکارہ مریم انصاری نے ابھی تک اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر شادی کی تصاویر شیئر نہیں کی ہیں۔

     

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by CelebrityWorld (@_celebrity_world7)

  • اداکارہ کو ناک کی سرجری کروانا مہنگا پڑ گیا

    اداکارہ کو ناک کی سرجری کروانا مہنگا پڑ گیا

    بیجنگ: چینی اداکارہ کو ناک کی خوبصورتی کے لیے سرجری کروانا مہنگا پڑ گیا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق چینی اداکارہ گاؤ لیاؤ نے اپنی ناک خوبصورت کروانے کے لیے کاسمیٹک سرجری کروائی جس نے ان کا چہرہ ہی بگاڑ دیا اور ان کی ناک گلنے لگی۔

    اداکارہ نے ناک کی کاسمیٹک سرجری خراب ہونے کے بعد اپنی تصاویر شیئر کرتے ہوئے دوسروں کو کاسمیٹک سرجری کے خطرات سے آگاہ کیا۔

    گاؤ لیاؤ نے بتایا کہ اکتوبر میں ان کے ایک دوست نے جنوبی شہر گوانگزو کے کلینک میں پلاسٹک سرجری کے ایک سرجن سے ملوایا تھا۔

    انہوں نے مداحوں کو بتایا کہ کاسمیٹک سرجری کے لیے چار گھنٹے لگے، میں نے سوچا تھا کہ ان چار گھنٹوں میں مجھے اور خوبصورت بنادیا جائے گا لیکن اس کے برعکس میری ناک خراب ہوگئی۔

    اداکارہ نے کہا کہ انہوں نے اپنی ناک کی خوبصورتی سے معمولی سے سرجری کروائی تھی تاکہ اس سے ان کے کیریئر کو فروغ مل سکے۔

    Image result for Chinese star Gao Liu shares photos of 'nightmare' nose surgery

    چینی اداکارہ نے کہا کہ 4 گھنٹے کی سرجری کے بعد ان کی ناک کی جلد سیاہ پڑنے لگی اور ناک گلنے لگی اور اب وہ ایک سال تک اپنی ناک کا آپریشن نہیں کرواسکتیں۔

    گاؤ لیاؤ نے کہا کہ وہ 61 دن تک اسپتال میں داخل رہیں اور اس سرجری پر انہوں نے 61 ہزار 8 سو ڈالر ضائع کردئیے۔

  • جنت مرزا کی انسٹاگرام پوسٹ کے چرچے

    جنت مرزا کی انسٹاگرام پوسٹ کے چرچے

    کراچی: ٹک ٹاک اسٹار جنت مرازا کا کہنا ہے کہ وہ کسی کو خود سے نفرت کرنے کی وجہ نہیں دیتی ہیں۔

    ٹک ٹاک اسٹار جنت مرزا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر اپنی ایک خوبصورت تصویر شیئر کی جسے مداحوں کی جانب سے خوب سراہا جارہا ہے۔

    جنت مرزا نے اپنے فوٹو شوٹ کی تصویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن لکھا کہ ’میں کسی کو مجھ سے نفرت کرنے کی کوئی وجہ نہیں دیتی۔‘

    ٹک ٹاک اسٹار نے کہا کہ ’لوگ خود مجھ سے حسد کرتے ہوئے اپنا ڈرامہ تخلیق کرتے ہیں اور وہاں سے نفرت کے سفر کا آغاز ہوجاتا ہے۔‘

    جنت مرزا کے اس معنی خیز پیغام پر ان کے لاکھوں مداح بھی ان کی حمایت کرتے دکھائی دے رہے ہیں اور ان کی تصویر کو اب تک ڈیڑھ لاکھ سے زائد صارفین نے پسند کیا۔

    واضح رہے کہ پنجاب کے شہر فیصل آباد سے تعلق رکھنے والی جنت مرزا کو ٹک ٹاک پر 13 ملین سے زائد صارفین فالو کررہے ہیں جبکہ انسٹاگرام پر ان کے فالوورز کی تعداد 18 لاکھ سے زائد ہے۔

    پاکستان کی دوسری ٹاپ ٹک ٹاک اسٹار کنول آفتاب ہیں جنہیں ٹک ٹاک پر 12 ملین سے زائد صارفین نے فالو کیا ہوا ہے، تیسرے نمبر پر ذوالقرنین سکندر، چوتھے نمبر پر جنت مرزا کی چھوٹی بہن علیشبا انجم ہیں اور پانچویں نمبر پر حور ماہاویرا ہیں۔

  • ایک اور بھارتی اداکار نے خودکشی کرلی

    ایک اور بھارتی اداکار نے خودکشی کرلی

    نئی دہلی: بھارتی اداکار شریواستو چندراسیکر نے پھندا لگا کر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کئی سپر ہٹ فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والے ساؤتھ انڈین اداکار چندراسیکر نے پھندا لگا کر خودکشی کرلی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق اداکار کی پھندا لگی لاش ان کے اس گھر سے برآمد ہوئی جسے وہ اپنے کام کے لیے استعمال کرتے تھے۔

    اداکار 3 فروری کو فلم کی شوٹنگ کا کہہ کر گھر سے نکلے تھے، کچھ میڈیا رپورٹس کے مطابق وہ اپنی شوٹنگ کے بجائے والد کے گھر میں گئے تھے جہاں سے ان کی لاش برآمد ہوئی۔

    Another Indian actor 'commits suicide'

    چندرا سیکر کے اہلخانہ کا کہنا ہے کہ وہ نفسیاتی مسائل کا شکار تھے اور اس سلسلے میں ان کا علاج بھی چل رہا تھا تاہم ان کی خودکشی کی وجہ سے سمجھ نہیں آئی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ساؤتھ انڈیشن اداکار کی یوں اچانک موت نے ان کے اہلخانہ سمیت دوست اور عزیز و اقارب کو شدید غم میں مبتلا کردیا ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ سال 34 سالہ بالی ووڈ اداکار سشانت سنگھ راجپوت نے بھی گلے میں پھندا لگا کر خودکشی کرلی تھی جبکہ پولیس کا کہنا تھا کہ اداکار ڈپریشن کے مریض تھے اور وہ اپنا علاج بھی کروا رہے تھے۔

    سشانت سنگھ کی خودکشی کے بعد سے اب تک کئی بھارتی اداکار ڈپریشن کی وجہ سے اپنی زندگی کا خاتمہ کرچکے ہیں۔

  • پی ایس ایل 6: ’’گروو میرا‘‘ پر مزاحیہ میمز کی بھرمار

    پی ایس ایل 6: ’’گروو میرا‘‘ پر مزاحیہ میمز کی بھرمار

    کراچی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا نیا گانا ’’گروو میرا‘‘ مداحوں کی توقعات پر پورا نہ اتر سکا، مداح گانا سن کر برہم ہوگئے اور مزاحیہ میمز بنا ڈالیں۔

    پی ایس ایل 6 کے نئے ترانے ’’گروو میرا‘‘ کو پاکستان کے فوک، پاپ اور ہپ ہاپ گلوکاروں نے گایا، فوک گلوکارہ نصیبو لعل، پاپ گلوکارہ آئمہ بیگ اور ہپ ہاپ اسٹارز ینگ اسٹنرز نے ترانے میں اپنی آواز کا جادو جگایا۔

    تاہم گانا ریلیز ہوتے ہی سوشل میڈیا پر یہ ٹاپ ٹرینڈ کرنے لگا اور صارفین کی جانب اس پر خوب تنقید کی جارہی ہے۔

    کسی نے لکھا یہ اب تک کا سب سے برا گانا ہے اس سے اچھا گانا تو پی ایس ایل فائیو کا تھا تو کوئی کہنے لگا کہ گانا سن کر مجھے چکر آرہے ہیں۔

    مداحوں نے یہ بھی کہا کہ سیزن فائیو کا گانا ’تیار ہو‘ اس سے بہتر تھا، اس موقع پر مداح نے علی ظفر کو یاد کرتے ہوئے ان کے گائے پی ایس ایل کے ابتدائی ایونٹس کے گانوں کی ویڈیوز بھی شیئر کیں۔

    واضح رہے کہ پی ایس ایل کے گانے علی ظفر کے بعد سے تنازعات کا شکار رہے ہیں، علی ظفر کے بعد فواد خان نے پی ایس ایل کا گانا گایا تھا جس کے بعد گزشتہ برس علی عظمت، عاصم اظہر اور عارف لوہار نے یہ گانا گایا تھا اور یہ بھی لوگوں کو پسند نہیں آیا تھا۔

    سوشل میڈیا پر مداحوں کی جانب سے بنائی جانے والی دلچسپ میمز دیکھیں۔