Category: یورپ

  • امریکی یقین دہانی کے باوجود دہشت گرد آئے تو انھیں برباد کر دیں گے: ترک صدر

    امریکی یقین دہانی کے باوجود دہشت گرد آئے تو انھیں برباد کر دیں گے: ترک صدر

    انقرہ: ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ اگر امریکا سے تحریری یقین دہانی کے بعد بھی ہمارا دہشت گردوں سے سامنا ہوا تو ہمیں انھیں برباد کرنے کا حق ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ترک صدر نے امریکا پر واضح کیا کہ عالمی رہنما دہشت گردوں کے ساتھ بیٹھیں گے تو دہشت گردوں کے خلاف جنگ ہوگی، ہمیں اپنے کرد بھائیوں سے کوئی مسئلہ نہیں، ہمارا مسئلہ شام میں دہشت گرد تنظیمیں ہیں۔

    رجب طیب اردوان نے کہا کہ شامی مہاجرین کے لیے یورپ کے دروازے وقت آنے پر کھلیں گے، آپریشن ’پیس اسپرنگ‘ کے تحت بارڈر کی سیکورٹی کے ساتھ اپنے شامی بھائیوں کو واپسی کا راستہ بھی فراہم کر رہے ہیں۔

    ترک صدر کا کہنا تھا کہ اگر کردوں نے روس سے معاہدے پر عمل نہ کیا تو ترکی شمالی شام میں اپنا منصوبہ نافذ کر دے گا۔

    یہ بھی پڑھیں:  ڈونلڈ ٹرمپ نے ترکی پر عائد تمام پابندیاں اٹھانے کا اعلان کر دیا

    یاد رہے کہ گزشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ترکی پر عائد تمام پابندیاں اٹھانے کا اعلان کر دیا تھا، انھوں نے وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پابندیاں اٹھانے کا فیصلہ ترکی اور شام میں سیز فائر پر کیا گیا ہے، اگر سیز فائر کو برقرار نہیں رکھا گیا تو امریکا پھر سے پابندیاں لگا دے گا۔

    اس سے قبل امریکی صدر نے ٹویٹ کے ذریعے کہا تھا کہ ترکی اور شام کی سرحد پر ہمیں بڑی کامیابی ملی ہے، سیف زون بن چکا ہے، انھوں نے ترکی اور شام کے درمیان جنگ بندی پر خوشی کا اظہار کیا، اور لکھا کہ جنگ بندی ہو چکی اور لڑائی ختم ہو گئی ہے۔

  • شارک کا خاتون پر حملہ، بازو سمیت جسم کے مختلف اعضاء چبا ڈالے

    شارک کا خاتون پر حملہ، بازو سمیت جسم کے مختلف اعضاء چبا ڈالے

    پیرس : فرانسیسی جزیرے پر چھٹیاں گزارنے خاتون پر شارک نے حملہ کرکے اہل خانہ کے سامنے بازو سمیت جسم کے مختلف اعضاء چبا ڈالے۔

    تفصیلات کے مطابق فرانس پیسفک آئس لینڈ پولیسنیا پر فیملی کے ساتھ چھٹیاں گزارنے جانے والی خاتون کی جان اس وقت مشکل میں پڑ گئی جب سمندر میں تیراکی کرتے ہوئے خطرناک شارک نے خاتون پر حملہ کردیا شدید زخمی کردیا۔

    مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ شارک نے 35 سال فرانسیسی سیاح کے بازو اور ایک بریسٹ چبالیا، شارک کے حملے کے وقت 6 سالہ بچے سمیت خاتون کے اہلخانہ درد منظر کو دیکھ رہے تھے۔

    ہنگامی خدمات انجام دینے والے عملے نے بتایا کہ خاتون اس حملے میں اپنے دونوں ہاتھ کھو بیٹھی ہے جبکہ اس کے جسم کا یک بریسٹ پھٹ گیا ہے۔

    فرانسیسی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ جزیرے پرموجود طبی عملے نے فوری طور پر خاتون پرساحل پر کھینچ کر طبی امداد فراہم کردی تھی جس کے بعد اسے فوری طور پر اسپتال منتقل کردیاگیا تھا۔

    واقعے ایک عینی شاہد نے بتایا کہ ’میں نے دیکھا کہ خاتون کے دونوں بازو نہیں تھے جبکہ اس کی پسلیاں بھی سوجی ہوئی تھی، ساحل پر موجود تمام لوگوں میں شدید خوف پھیل گیا تھا۔

    عینی شاہد کے مطابق ، 35 سالہ خاتون نے ہوش ساحل پر پہنچ کر سوال کیا: ‘اگر یہ جگہ محفوظ نہیں تھی تو یہاں لے گئے؟

    فائرفائیٹر کا کہنا تھا کہ متاثرہ خاتون کی قسمت اچھی تھی کہ موقع پر دو نرسس موجود تھیں جنہوں نے خاتون کو فوری طبی امداد فراہم کی اور اسپتال منتقل کردیا۔

    خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ خوفناک حملے کے دوران بہت زیادہ خون بہجانے کی وجہ سے خاتون کی حالت تشویش ناک ہے تاہم خطرے کی کوئی بات نہیں۔

    انٹرنیشنل شارک اٹیک کے مطابق سنہ 1580 سے اب تک فرینچ پولیسنیا میں شارک کے صرف چھ حملے ہوئے ہیں، جوڈیشل انکوائری کا آغاز کردیا ہے جس میں حادثے کی اصل وجوہات کا پتہ لگایا جائے گا۔

  • خاتون پیرالمپکس نے ڈاکٹرز کے ہاتھوں اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا

    خاتون پیرالمپکس نے ڈاکٹرز کے ہاتھوں اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا

    برسلز : ماریکے پٹھوں کی ایسی بیماری میں مبتلا تھیں جس کے باعث انہیں شدید درد رہتا تھا ان کی ٹانگیں مفلوج اور حالت بگڑتی جا رہی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق بیلجیئم کی پیرالمپئن ماریکے فیرفورٹ نے چالیس سال کی عمر میں ڈاکٹر کے ہاتھوں اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا ہے، وہ لندن میں 2012 کے پیرالمپکس میں سونے اور چاندی کے تمغے جیت چکی ہیں جبکہ ریو 2016 میں بھی خاتون کھلاڑی نے دو میڈل جیتے تھے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ انہیں پٹھوں کی ایک ایسی بیماری لاحق تھی جس میں انہیں شدید درد رہتا تھا، ان کی ٹانگیں مفلوج تھیں اور ان کی حالت بگڑتی جا رہی تھی۔

    ماریکے فیرفورٹ نے اپنی حالت کے مدنظرسنہ 2008 میں ایک دستاویز پر دستخط کیے کرکے خود یہ فیصلہ کیا تھا کہ ایک وقت آئے گا جب وہ دوسروں پر بوجھ بننے کی بجائے اپنی موت کو ترجیح دیں گی۔

    واضح رہے کہ یورپ کے کئی ملکوں میں یوتھنیسیا یا ڈاکٹر کی مدد سے زندگی کا خاتمہ ایک متنازعہ عمل ہے جس کی اجازت نہیں لیکن بیلجیم کے قوانین اس کی اجازت دیتے ہیں۔

  • افغان امن عمل پر یورپ، امریکا کا مشترکہ اعلامیہ، جنگ کے خاتمے پر زور

    افغان امن عمل پر یورپ، امریکا کا مشترکہ اعلامیہ، جنگ کے خاتمے پر زور

    واشنگٹن: بیلجیم کے دارالحکومت برسلز میں افغان امن عمل پر ہونے والے اجلاس کا امریکا اور یورپ کا مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا، جس میں جنگ کے خاتمے پر زور دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا اور یورپ کا مشترکہ اعلامیہ برسلز میں اہم اجلاس کے بعد جاری کیا گیا، اجلاس میں یورپی یونین اور امریکا کے خصوصی نمائندے شریک ہوئے۔

    غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق مذکورہ اجلاس میں فرانس، برطانیہ، جرمنی، اٹلی، ناروے اور اقوام متحدہ کے نمائندوں نے بھی شرکت کی، جس میں افغانستان کے حالیہ صورت حال اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ افغان عوام کے دیرپا امن اور جنگ کے خاتمے کا مطالبہ تسلیم کیا جائے، افغانستان کے معاملے کا ازسرنو جائزہ لیا جائے، افغانستان کا معاملہ سیاسی کوششوں سے حل کرنا ضروری ہے۔

    افغان امن عمل، جرمنی نے تعاون کی یقین دہانی کرادی

    اجلاس میں امن معاہدے کے لیے تمام فریقوں کے ساتھ مل کرکام کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا، پرتشدد واقعات کے خاتمے کے لیے تمام فریقین سے اقدامات کرنے کی درخواست کی گئی۔

    اعلامیے کے مطابق افغان امن عمل کیلئے عالمی برادری کی کوششوں کا خیرمقدم کرتے ہیں، امن معاہدے کے لیے تمام افغانوں کی رائے کا احترام کیا جائے، افغان حکومت طالبان سے مذاکرات کے لیے ٹیم تشکیل دے۔

    اجلاس میں اس معاملے پر بھی زور دیا گیا کہ مذاکرات کے دوران افغانستان میں سیزفائر کیا جائے، ایسا امن معاہدہ ہو جو تمام افغانوں کے حقوق کی حفاظت کرے، انٹراافغان امن اجلاس کے انعقاد پر قطر اور جرمنی کو مبارکباد پیش کی گئی۔

  • جرمنی نے شام میں جاری فوجی آپریشن کو غیرقانونی قرار دے دیا

    جرمنی نے شام میں جاری فوجی آپریشن کو غیرقانونی قرار دے دیا

    برلن: شام میں جاری فوجی آپریشن پر امریکا کے بعد جرمنی نے بھی شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے، برلن حکام کا کہنا ہے کہ ترک فوجی کارروائیاں غیرقانونی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی پابندیوں اور شدید دباؤ کے بعد شام میں جنگ بندی ہے، تاہم ترکی نے متنبہ کیا ہے کہ فوجی آپریشن دوبارہ شروع کیا جاسکتا ہے۔

    غیر ملکی خبرررساں ادارے کے مطابق جرمن چانسلر انجیلامرکل نے شمالی شام میں جاری فوجی آپریشن کو روکنے کا مطالبہ کیا جبکہ جرمنی کے وزیرخارجہ ہائیکو ماس نے اس کارروائی کو غیرقانونی قرار دیا ہے۔

    اپنے ایک بیان میں ہائیکوماس کا کہنا تھا کہ اُن کا ملک ترکی کے اس اقدام کو غیرقانونی سمجھتا ہے اور قوی امکان ہے کہ یورپی یونین اس کے ردعمل میں ترکی پر اقتصادی پابندیاں عائد کر دے۔

    جرمن وزیرخارجہ نے کہا ترک فوجی کارروائی عالمی قوانین کی بھی خلاف ورزی ہے، ممکن ہے کہ جلد یورپی یونین ترکی پر معاشی پابندیاں عائد کردے۔

    ترک حکام نے دوبارہ فوجی آپریشن شروع کرنے کی دھمکی دے دی

    ادھر کرد جنگجوؤں اور شہریوں نے امریکی ثالثی میں ترکی کے ساتھ طے پانے والے ایک معاہدے کے تحت شام کے شہر راس العین سے انخلا شروع کر دیا ہے۔

    خیال رہے کہ ترکی نے شام میں فوجی آپریشن پھر سے شروع کرنے کی دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ 35 گھنٹوں میں کرد ملیشیا نے انخلاء نہ کیا تو ہم آپریشن بحال کردیں گے۔

  • یورپی یونین نے جنگ بندی کا مطالبہ کردیا

    یورپی یونین نے جنگ بندی کا مطالبہ کردیا

    برسلز: افغانستان میں قیام امن کے لیے یورپی یونین نے فریقین سے مطالبہ کیا ہے کہ مذاکرات کے ذریعے جنگ بندی کی جائے۔

    تفصیلات کے مطابق افغانستان میں قیام امن کے لیے امریکا اور طالبان کے درمیان مذاکرات حتمی مراحل میں داخل ہوچکے تھے کہ اچانک صدر ٹرمپ نے بات چیت منسوخ کردی۔

    غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے مذاکرات منسوخ کیے جانے کے بعد افغانستان میں طالبان کے حملوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

    موجودہ سنگین صورت حال کے باعث یورپین یونین نے زور دیا ہے کہ فریقین ایک بار پھر مذاکرات کی راہ اپنائیں، اور نئے سرے سے بات چیت کا آغاز کریں۔

    یورپی یونین کے سفیر رولینڈ کوبیا کا کہنا تھا کہ مذاکرات تو ناکام ہوگئے لیکن اب جنگ بندی پر غور کرنا چاہیے تاکہ دوبارہ بات چیت کے لیے راہیں ہموار ہوسکیں۔

    رولینڈ کوبیا نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ طالبان سے بات چیت کے لیے اہم کردار ادا کریں۔

    ادھر امريکی وزير دفاع مارک ايسپر افغانستان کے دورے پر ہیں، جہاں وہ کابل میں افغان صدر اشرف غنی سمیت دیگر حکومتی اہلکاروں سے ملاقاتیں کررہے ہیں جس کا مقصد خطے میں قیام امن کے لیے معاہدہ طے کرنا ہے۔

    کابل: سفارتی علاقے میں خود کش حملہ، دس افراد ہلاک

    یاد رہے کہ رواں سال ستمبر میں امریکا نے طالبان سے مذاکرات منسوخ کرنے کا اعلان کیا۔ بعد ازاں ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ہماری میٹنگ کیمپ ڈیوڈ میں طالبان رہنماؤں سے ہونے والی خفیہ ملاقات طے شدہ تھی، میٹنگ بلانے کا آئیڈیا بھی میرا تھا اور اس کو منسوخ کرنے کا بھی، یہاں تک میں نے کسی اور سے اس پر تبادلہ خیال نہیں کیا تھا۔

    بات چیت کے خاتمے کے بعد طالبان نے اپنے حملوں میں اضافہ کردیا، امریکی سفارت خانے کے قریب راکٹ حملہ بھی ایک ایسے وقت میں ہواجب امریکا اور افغان طالبان کے درمیان 18 سال سے جاری جنگ کے خاتمے کے لیے ہونے والی بات چیت مکمل طور پر ختم ہوگئی۔

  • برطانوی وزیراعظم کے یورپی یونین کو لکھے گئے تین متضاد خطوط

    برطانوی وزیراعظم کے یورپی یونین کو لکھے گئے تین متضاد خطوط

    لندن: برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کے بریگزٹ ڈیل پر یورپی یونین کو لکھے گئے 3 متضاد خطوط سامنے آگئے۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے بریگزٹ ڈیڈ لاک کے خاتمے کے لیے یورپی یونین کو ایک ساتھ ہی تین متضاد خطوط ارسال کیے ہیں جن میں سے ایک ڈیل کی حمایت، دوسرا مخالفت اور تیسرا غیر دستخط شدہ ہے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن تاحال بریگزٹ ڈیل سے کامیابی کے ساتھ نبرد آزما نہیں ہوسکے ہیں، اپوزیشن ارکان کی مخالفت اپنی جگہ خود وزیراعظم کی کابینہ کے ارکان بھی بورس جانسن کے ہاتھ مضبوط کرتے نظر نہیں آرہے۔

    بورس جانسن برطابوی پارلیمنٹ سے بریگزٹ ڈیل منظور کرانے میں ناکام ہیں تاہم انہوں نے یورپی یونین کو ایک ساتھ 3 خطوط ارسال کیے ہیں جن میں سے ایک غیر دستخط شدہ اور بریگزٹ ڈیڈ لائن میں توسیع سے متعلق ہے۔

    دوسرا قانوناً توسیع کی درخواست کرنے اور تیسرا اس کی مخالفت میں ہے، اس طرح گیند اب یورپی یونین کی کورٹ میں ہے۔

    بریگزٹ ڈیل : برطانوی ممبران پارلیمنٹ نے فیصلے میں تاخیر کے حق میں ووٹ دے دیا

    خیال رہے کہ پہلے سے طے شدہ پروگرام کے تحت برطانیہ نے 31 اکتوبر کو یونین سے علیحدہ ہونا ہے اور بورس جانسن برطانوی پارلیمنٹ کے برخلاف اس تاریخ میں توسیع کے خواہ نہیں ہیں۔

    وزیراعظم جانسن کے بقول بریگزٹ کی مدت میں توسیع برطانیہ اور اس کے یورپی پارٹنر ممالک کے مفاد میں نہیں ہو گی۔

    ادھر یورپی یونین کی کونسل کے صدر ڈونلڈ ٹسک نے وزیراعظم بورس جانسن کا خط موصول ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین کے رہنماﺅں سے خط کے مندرجات پر مشاورت کی جائے گی اور متفقہ طور پر کسی حتمی نتیجے پر پہنچنے کی کوشش کی جائے گی جس میں انخلا کی طے شدہ تاریخ 31 اکتوبر میں توسیع بھی شامل ہے۔

  • امریکا کا دوست ممالک پر اربوں‌ ڈالر کا اضافی ٹیکس

    امریکا کا دوست ممالک پر اربوں‌ ڈالر کا اضافی ٹیکس

    واشنگٹن: امریکا نے یورپی یونین کی دھمکیوں کے باوجود ایئربس سمیت دیگر مصنوعات پر 7 ارب 50 کروڑ ڈالر مالیت کا ریکارڈ ٹیرف عائد کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن کی جانب سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تجاویز کی توثیق کر دی گئی ہے جس سے چین سے تجارتی محاذ آرائی کے بعد ایک نیا محاذ کھل گیا ہے جو عالمی معیشت کے لیے تباہی کا خطرہ ہوسکتا ہے۔

    عالمی بینک اور آئی ایم ایف کے سالانہ اجلاس میں شرکت کےلئے واشنگٹن میں موجود فرانس کے وزیر معاشی امور برونو لیمایئر نے امریکی فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اتحادی ملک کی جانب سے یہ ایک جارحانہ قدم ہے۔

    انہوں نے کہا کہ مذاکرات کے ذریعے حل نکالنے میں ناکامی پر جوابی ردعمل کو دعوت دینے سے عالمی معیشت مزید سست روی کا شکار ہوسکتی ہے۔

    فرانسیسی وزیر کا کہنا تھا کہ عالمی معیشت کو سست روی کا شکار کرنے کے علاوہ ٹیرف میں اضافہ اور چین سے جاری تجارتی جنگ کے دوران یورپی یونین سے تجارتی جنگ چھیڑنا ایک غیر ذمہ دارانہ فعل ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ ہم اپنے سر پر رکھی ہوئی بندوق کے ساتھ مذاکرات کرنا نہیں چاہتے کیونکہ جب آپ کے ہاتھ میں بندوق ہوتی ہے تو آپ کے پاس کوئی موقع نہیں ہوتا سوائے اس کے آپ جواب دیں ۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی فیصلے کی زد میں سب سے زیادہ نقصان برطانیہ، جرمنی، فرانس اور اسپین کی جانب سے شروع کیے گئے ایئرلائن ایئر بس کو ہوگا جس پر سب سے زیادہ 10 فیصد اضافی ٹیرف ہوگا۔

    امریکی ٹیرف میں شامل دیگر مصنوعات میں فرانس میں تیار ہونے والی وائن بھی شامل ہے، امریکا نے فرانس، اسپین اور جرمنی سے درآمد ہونے والی وائن پر ادا کردہ ٹیکس میں 25 فیصد اضافہ کردیا ہے۔

    ڈونلڈ ٹرمپ نے رواں ہفتے اپنے بیان میں کہا تھا کہ یورپی یونین تجارت کے معاملے میں امریکا کے ساتھ انصاف نہیں کررہے ہیں لیکن مذاکرات کے ذریعے معاملات طے کرنے کے لیے ہمارے دروازے کھلے ہوئے ہیں،یورپی یونین نے فوری طور پر ردعمل دیتے ہوئے کسی قسم کے امریکی اقدام سے خبردار کردیا ہے۔

    برسلز سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اگر امریکا،ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن کی اجازت سے کوئی اقدام اٹھاتا ہے تو وہ یورپی یونین کو اس موڑ کی طرف دھکیل دے گا جہاں ہمارے پاس اسی طرح کا جواب دینے کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ نہیں ہوگا۔

  • ایران ایٹمی معاہدے سے منحرف نہ ہو، فرانس

    ایران ایٹمی معاہدے سے منحرف نہ ہو، فرانس

    پیرس : فرانس کی وزارت خارجہ کی ترجمان نے کہا ہے کہ ایران کو نئے مرحلے میں ایسے اقدامات سے گریز کرنا چاہیے جن سے کشیدگی میں اضافہ ہوسکتا ہو۔

    تفصیلات کے مطابق فرانس نے ایران کو خبردار کیا ہے کہ وہ جوہری سمجھوتے سے مزید انحراف نہ کرے اور ایسے کام نہ کرے جو بالخصوص مزید تشویش کا سبب بن سکتے ہوں ۔

    فرانس کی وزارت خارجہ کی خاتون ترجمان ایجنس وان دیر موہل نے پیرس میں روزانہ کی بریفنگ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران کو نئے مرحلے میں ایسے اقدامات سے گریز کرنا چاہیے جن سے کشیدگی میں اضافہ ہوسکتا ہو۔

    وہ ایرانی صدر حسن روحانی کے اس اعلان کا جواب دے رہی تھیں جس میں انھوں نے کہا ہے کہ ایران یورینیم افزودگی کے لیے ایڈوانس آئی آر -9 پر کام کررہا ہے،یہ سینٹری فیوجز 2015ء میں ایران اور چھے عالمی طاقتوں کے درمیان طے شدہ جوہری سمجھوتے میں شامل نہیں تھے۔

    صدر حسن روحانی نے سوموار کو یہ بھی کہا تھا کہ جب تک یورپی یونین اس سمجھوتے کے تحت اپنے وعدوں کوپورا نہیں کرتی ہے اس وقت تک ایران جوہری سمجھوتے کے تقاضوں سے انحراف کا سلسلہ جاری رکھے گا۔

    ایران مئی کے بعد سے اس جوہری سمجھوتے کی متعدد شرائط کی پاسداری نہ کرنے کا اعلان کرچکا ہے اور اس نے ان کی خلاف ورزی کرتے ہوئے یورینیم کو اعلی ٰ سطح پر افزودہ کرنا شروع کردیا ہے۔

    ایرانی صدر نے سرکاری ٹیلی ویڑن سے نشر کیے گئے بیان میں یہ بھی کہا تھا کہ ایران یورینیم کو افزودہ کرنے کے لیے زیادہ ایڈوانس سینٹری فیوجز پر کام شروع کردے گا۔

  • دنیا کا سب سے بڑا پورنوگرافی  نیٹ ورک بے نقاب

    دنیا کا سب سے بڑا پورنوگرافی نیٹ ورک بے نقاب

    واشنگٹن:امریکا، برطانیہ اور جنوبی کوریا کے حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ مشترکہ کارروائی کے نتیجے میں بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی و فحش فلمیں بنانے کا دنیا کا سب سے بڑا نیٹ ورک بے نقاب کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق جنوبی کوریا کے حکام نے کمپیوٹر سرورکو تحویل میں لینے کے بعد بتایا کہ ویب سائٹ پر 10 لاکھ سے زائد بٹ کوئن ایڈریس (نمبروں پر مشتمل خاص طرح کا لنک) برآمد کرلیے،انہوں نے بتایا کہ ویب سائٹ میں رجسٹریشن کے لیے تقریباً 10 لاکھ صارفین کی گنجائش تھی۔

    اس ضمن میں بتایا گیا کہ آپریشن کے نتیجے میں امریکا، اسپین اور برطانیہ سے کم از کم 23 چھوٹے بچے بھی بازیاب کرالیے گئے۔

    امریکی ڈپٹی اسسٹنٹ اٹارنی جنرل ریچرڈ ڈاؤنگ نے بتایا کہ انٹرنیٹ پر مشتمل چائلڈ پورنوگرافی نیٹ ورک مواد کے اعتبار سے دنیا کی سب سے بڑی جنسی استحصال کی مارکیٹ ہے۔

    حکام نے نیوز بریفنگ میں بتایا کہ چائلڈ پورنوگرافی ویب سائٹس کو بٹ کوئن کے ذریعے مالی تعاون حاصل رہا لیکن دنیا بھر سے سیکڑوں مشتبہ ملزمان کو حراست میں لے گیا۔

    واشنگٹن میں فیڈرل جیوری نے 23 سالہ جنوبی کورین باشندے پر ’ویلکم ویڈیو‘ نیٹ ورک چلانے کے الزام میں فرد جرم عائد کیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ آسٹریلین پولیس نے بھی چائلڈ پورنو گرافی کے مذکورہ نیٹ ورک سے منسلک 300 ملزمان کو حراست میں لر کر تفتیش شروع کردی ہے۔

    واضح رہے کہ طبی ماہرین متفق ہیں کہ پورنوگرافی مواد دیکھنے سے ذہنی بری طرح متاثر ہوتا ہے اور اس کے منفی اثرات جنسی خواہشات کی تکمیل کے لیے انسان کو مجرمانہ حد تک فعل کرنے پر مجبور کردیتے ہیں۔

    اسی حوالے سے بھارت میں 12 جون کو واقعہ پیش آیا تھا جس میں پورن ویڈیوز کے عادی 14 سالہ لڑکے نے اپنی بڑی بہن کے ساتھ ریپ کردیا تھا،بھارتی عدالت نے گاؤں کموتھے کے رہائشی 14 سالہ لڑکے کو اپنی 16 سالہ بہن کے ساتھ ریپ اور اسے حاملہ کرنے کے الزام میں بچوں کی جیل منتقل کردیا تھا۔