Category: یورپ

  • مقبوضہ کشمیر کے نہتے عوام مسیحا کے منتظر ہیں، علی رضاسید

    مقبوضہ کشمیر کے نہتے عوام مسیحا کے منتظر ہیں، علی رضاسید

    برسلز: چیئرمین کشمیرکونسل یورپی یونین علی رضا سید نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے نہتے عوام مسیحا کے منتظر ہیں۔

    اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین کشمیر کونسل ای یو علی رضاسید کا کہنا تھا کہ یورپی پارلیمنٹ میں مسئلہ کشمیر پر بحث بہت ہی اہم دن ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں جس دن کرفیو اٹھے گا سارے کشمیری باہر نکلیں گے، مقبوضہ کشمیر میں 20ہزار سے زائد بچوں کو گھروں سے گرفتار کرلیا گیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ وقت آگیا ہے مودی سرکار سمجھے کہ طاقت سے کشمیریوں کو دبایا نہیں جاسکتا، جس دن کرفیواٹھے گا بھارت کو کشمیریوں کی طاقت کا اندازہ ہوجائے گا۔

    ادھر وزیر اعظم عمران خان کشمیری عوام سے اظہار یک جہتی کے لیے آج مظفر آباد میں جلسہ کریں گے۔

    کشمیریوں سے اظہار یک جہتی، وزیر اعظم آج مظفر  آباد میں جلسہ سے خطاب کریں گے

    بھارتی کے غیر قانونی اقدام کےخلاف کشمیری عوام کے شانہ بہ شانہ کھڑا ہونے کے لیے آج مظفر آباد میں فقید المثال جلسے کا اہتمام کیا گیا ہے، وزیر اعظم کشمیروں کی آواز بنیں گے۔

  • سوئس حکومت نے دہشت گردی کے ملزم کی شہریت منسوخ کردی

    سوئس حکومت نے دہشت گردی کے ملزم کی شہریت منسوخ کردی

    سوئس حکومت نے دہشت گردی کے ملزم کی شہریت منسوخ کردی

    جنیوا:سوئٹزرلینڈ نے بتایا ہے کہ اس نے پہلی بار کسی دہشت گرد تنظیم سے تعلق رکھنے والے دوہری شہریت کے حامل ایک شخص سے اپنی شہریت واپس لی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بیان میں کہا گیا کہ پہلی بار ملک میں امیگریشن سروس نے دہری شہریت والے شخص سے سوئس شہریت واپس لی ہے۔بیان میں کہا گیا کہ اس شخص کو ایک کالعدم تنظیم کے لیے پروپیگنڈا کرنے اور جنگجو بھرتی کرنے کے الزام میں کئی سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔

    سوئس حکومت حکام نے زور دے کر کہا کہ امیگریشن سروس ایسے کسی بھی شخص کی دہری شہریت والے شخص سے شہریت واپس لے سکتی ہے جو سوئٹزرلینڈ کے مفادات یا وقار کو نقصان پہنچاتا اور ملکی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے کا موجب بنے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہناتھا کہ اس شخص کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی تاہم وہ وفاقی انتظامی عدالت میں فیصلے کے خلاف نظر ثانی کی درخواست دے سکتا ہے۔

    سوئٹرزلینڈ کی حکومت کی طرف سے جس شخص کی شہریت منسوخ کرنےکا اعلان کیا گیاوہ ترکی سے تعلق رکھتا ہے اور اس کی عمر33 سال ہے۔ اسے 2018ءمیں جنیوا میں ایک عدالت نے شام میں سرگرم النصرہ فرنٹ کے لیے پروپیگنڈہ کرنے کے الزام میں اڑھائی سال قید کی سزا سنائی تھی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہناتھا کہ رواں سال مئی میں سوئس حکومت نے ایسے دسیوں افراد کی نشاندہی کا اعلان کیا تھا جو دہری شہریت رکھنے کے ساتھ ساتھ بیرون ملک دہشت گردی کی یا دیگر جرائم میں ملوث پائے گئے ہیں۔

  • نتین یاھو کے اشتعال انگیز بیان سے تناﺅ میں اضافہ ہوسکتا ہے،روس کا انتباہ

    نتین یاھو کے اشتعال انگیز بیان سے تناﺅ میں اضافہ ہوسکتا ہے،روس کا انتباہ

    ماسکو: روس نے خبر دار کیا ہے کہ اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاھو کی طرف سے مقبوضہ مغربی کنارے کو اسرائیل میں ضم کرنے کے اعلان سے خطے میں کشیدگی اور تناﺅ میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق روسی وزارت خارجہ نے اسرائیلی منصوبے پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ ایسے کسی بھی اقدام سے خطے میں تناؤمیں تیزی سے اضافہ ہوسکتا ہے اور اسرائیل اور اس کے عرب ہمسایہ ممالک کے مابین امن منصوبے کی امیدوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

    روسی حکومت کا کہنا تھا کہ یک طرفہ اقدامات سے دو ریاستی حل کی مساعی کو بری طرح نقصان پہنچ سکتا ہے۔

    خیال رہے کہ اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاھو نے منگل کے روز مقبوضہ مغربی کنارے کے علاقے وادی اردن کو 17 ستمبر کو ہونے والے پارلیمانی انتخابات کے بعد اسرائیل میں ضم کردیں گے۔

    نیتن یاہو نے ٹیلی ویژن خطاب میں کہاکہ ایک ہی جگہ ہے جہاں ہم انتخابات کے بعد ہی اسرائیلی خودمختاری کا اطلاق کرسکتے ہیں۔

    اس سے قبل اردن کے وزیر خارجہ ایمن صفدی نے اپنے رد عمل میں کہا تھا کہ اسرائیلی وزیر اعظم کے اس اعلان سے واضح ہوتا ہے کہ وہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں غیر قانونی اسرائیلی بستیوں کو الحاق کرنے اور وادی اردن اور شمالی بحیرہ مردار پر اسرائیلی خودمختاری مسلط کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ ۔

  • طالبان سے مذاکرات منسوخ، جرمنی کا امریکی فیصلے کا خیرمقدم

    طالبان سے مذاکرات منسوخ، جرمنی کا امریکی فیصلے کا خیرمقدم

    برلن: جرمنی نے امریکا کی طرف سے طالبان کے ساتھ مذاکرات منسوخ کرنے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جرمن وزارت خارجہ کے ترجمان نے بتایا ہے کہ طالبان کو یہ پیغام دینا ناگزیر تھا کہ امریکا امن معاہدے کے لیے ہر قیمت ادا کرنے کی لیے تیار نہیں ہے۔

    غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق بیان میں مزید کہنا تھا کہ کابل حملوں کے ذریعے طالبان نے اپنی امن کی خواہش پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔

    جرمنی نے افغانستان میں سکیورٹی کے مخدوش حالات کی وجہ سے پولیس کے ایک تربیتی منصوبے کو بھی ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے اپنے کئی تریبت کاروں کو واپس جرمنی بلا لیا تھا۔

    خیال رہے کہ 8 ستمبر کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے طالبان کے ساتھ امن مذاکرات منسوخ کردیے تھے۔ انہوں نے یہ اعلان سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کیا تھا۔

    کابل میں امریکی سفارت خانے کے قریب راکٹ حملہ

    امریکی صدر نے اپنے پیغام میں کہا تھا کہ طالبان سے مذاکرات کابل حملے کے بعد منسوخ کیے گئے ہیں جس میں ایک امریکی فوجی سمیت 12 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

    ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ طالبان دوران مذاکرات غیرضروری بالا دستی چاہتے ہیں، طالبان جنگ بندی نہیں کرسکتے تو انہیں مذاکرات کا بھی کوئی اختیار نہیں ہے۔

  • جمال خاشقجی کے آخری الفاظ کی ریکارڈنگ جاری

    جمال خاشقجی کے آخری الفاظ کی ریکارڈنگ جاری

    انقرہ :ترک میڈیا نے معروف صحافی جمال خاشقجی کی سے چند لمحے قبل کی مبینہ ریکارڈنگ کی تفصیلات جاری کردیں۔

    تفصیلات کے مطابق ترک اخبار نے ترکی کے دارالحکومت استنبول میں واقع سعودی سفارت میں بے دردی سے قتل ہونے والے محمد بن سلمان کی پالیسیوں کے ناقد سعودی صحافی جمال خاشقجی کی زندگی کے آخری لمحات کی مبینہ ریکارڈنگ جاری کردی جس میں سعودی افسران کی جانب سے صحافی کو انٹرپول کے حکم پر سعودیہ واپس جانے کا کہہ رہے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ جمال خاشقجی نے ریاض واپس جانے سے انکار کردیا تھا جس کے بعد انہیں نشہ آور چیز دے دی گئی۔

    حکومت کے حامی سمجھے جانے والے ترک اخبار ’سبا‘کی جاری کردہ تفصیلات کے مطابق سعودی صحافی نے آخری لمحات میں اپنے قاتلوں کو دمہ کے کا مرض لاحق ہونے کے باعث اپنا منہ بند نہ کرنے کی اپیل کی تھی لیکن وہ نشہ آور شہ لینے کے بعد ہوش میں نہ رہے۔

    خبر رساں ادارے نے دعویٰ کیا ہےکہ ریکارڈنگ میں مبینہ طور پر ہاتھا پائی کی آوازیں بھی سنی جاسکتی ہیں۔

    خیال رہے کہ جمال خاشقجی جان کے خطرے کے باعث امریکا میں خود ساختہ جلاوطنی کی زندگی گزار رہے تھے اور معروف امریکی اخبار ’دی واشنگٹن پوسٹ‘ میں کالم لکھتے کرتے تھے۔

    واضح رہے کہ صحافی جمال خاشقجی گزشتہ سال 2 اکتوبرکو ضروری کاغذات کے لیے استنبول میں واقع سعودی سفارت خانے گئے تھے تاکہ اپنی ترک نژادمنگیتر سے شادی کرسکیں اور سفارت خانے سے ہی لاپتہ ہوگئے تھے تاہم عالمی دباؤ کے بعد سعودی عرب نے جمال خاشقجی کی استنبول کے سعودی سفارت خانے میں موت کی تصدیق کی تھی۔

  • جرمنی میں فوڈ فیسٹیول، فرائنگ پین پھٹنے سے خاتون ہلاک

    جرمنی میں فوڈ فیسٹیول، فرائنگ پین پھٹنے سے خاتون ہلاک

    برلن :جرمنی میں کھانے پینے کی اشیاءکے ایک میلے کے دوران ایک بڑا فرائنگ پین پھٹنے سے ایک عورت ہلاک اور درجن سے زائدشرکاء زخمی ہو گئے۔ وفاقی صوبے نارتھ رائن ویسٹ فیلیا میں پیش آنے والے اس واقعے کی چھان بین شروع کر دی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق یہ فوڈ فیسٹیول جرمنی کے سب سے زیادہ آبادی والے صوبے نارتھ وائن ویسٹ فیلیا میں کولون شہر سے مشرق کی طرف واقع چھوٹے سے قصبے آلخن فروئڈن برگ میں جاری تھا کہ ایک سٹال پر رکھا ہوا ایک بڑا فرائنگ پین اس وقت دھماکے سے پھٹ گیا، جب وہاں کافی زیادہ تعداد میں لوگ جمع تھے۔

    منتظمین کے مطابق اس وقت اس میلے میں موجود افراد کی تعداد ڈیڑھ سو کے قریب تھی۔فرائنگ پین پھٹنے سے ایک درجن سے زائد افراد جل کر بری طرح زخمی ہو گئے، ان میں سے ایک خاتون، جس کا جسم پوری طرح جل گیا تھا، جوبعدمیں اپنے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے انتقال کر گئی۔

    طبی ذرائع کے مطابق اس واقعے میں زخمی ہونے والوں میں سے چھ افراد کی حالت نازک ہے۔ ان میں سے پانچ بری طرح جل جانے کے باعث شدید زخمی ہو گئے تھے جبکہ ایک شخص کو دھماکے کی شدت کے باعث موقع پر ہی دل کا دورہ پڑ گیا تھا۔

  • روسی میزائل سسٹم کے سبب امریکی وزارت خزانہ کا ترکی کی عملی سرزنش پر غور

    روسی میزائل سسٹم کے سبب امریکی وزارت خزانہ کا ترکی کی عملی سرزنش پر غور

    واشنگٹن : امریکی وزیر خزانہ نے انٹرویو کے دوران کہاکہ پابندیوں کے حوالے سے کسی ممکنہ ہدف کا تعین نہیں کیاگیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی وزیر خزانہ اسٹیون منوچن نے کہاہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ ترکی کی جانب سے روسی ساختہ ایس 400 فضائی دفاعی میزائل سسٹم خریدے جانے کے سبب ترکی پر پابندیاں عائد کرنے پر غور کر رہی ہے تاہم اس حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق منوچن پیرنے کہاکہ انہوں نے پابندیوں کے حوالے سے کسی ممکنہ ہدف کا تعین نہیں کیا۔

    امریکی رپورٹوں میں اس غالب گمان کا اظہار کیا گیا ہے کہ رواں سال کانگرس میں پیش کیے جانے والے قانونی بلوں کو پاس کر دیا جائے گا،ان بلوں میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ امریکا کے حریفوں سے نمٹنے کے قانون کاٹسا کے تحت انقرہ کے خلاف پابندیاں عائد کی جائیں۔

    مزید پڑھیں: روسی میزائل کی خریداری، امریکا کا ترکی پر نئی پابندیاں لگانے پر غور

    واضح رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے خبردار کیا تھا کہ اگر ترکی نے روسی ساختہ ایس-400 میزائل سسٹم کی خریداری کے سمجھوتے پر عملدرآمد جاری رکھا تو انقرہ پر پابندیاں عائد کردی جائیں گی۔

    یاد رہے کہ امریکا اس ڈیل کے حوالے سے کئی بار اپنی مخالفت کا اظہار کرچکا ہے، امریکا نے اس سمجھوتے سے دستبردار ہونے کے لیے ترکی کو 31 جولائی تک کی مہلت دی تھی۔

    امریکی پابندیوں کا مقصد لڑاکا طیاروں کے بیڑے کی موجودہ سطح کو کم کرنا اور ترکی کو امریکا سے ایف 35 جدید طیاروں اور میزائلوں کی خریداری سے روکنا ہے۔

    خیال رہے کہ ترکی پہلے ہی اس بات کے عزم کا اظہار کرچکا ہے کہ وہ اس ڈیل سے دستبردار نہیں ہوگا، انقرہ اسے اپنی اہم کامیابی تصور کرتا ہے۔

  • ترکی کے راستے رقم اور دہشت گرد اسمگل کرنے میں ملوث گروہ گرفتار

    ترکی کے راستے رقم اور دہشت گرد اسمگل کرنے میں ملوث گروہ گرفتار

    قاہرہ:مصری حکام کا کہنا ہے کہ ترکی میں مفرور اخوان کے رہ نماؤں نے ایک دہشت گردانہ منصوبے کے تحت ریاستی صلاحیتوں کو نقصان پہنچانا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق مصری وزارت داخلہ نے اخوان المسلمون کے 16 ارکان کی گرفتار کیا ہے۔ مصری قومی سلامتی ایجنسی نے ترکی میں مفرور اخوان کے رہ نماؤں کے ایک دہشت گردانہ منصوبے کی نگرانی کی جس کا مقصد ریاستی صلاحیتوں کو نقصان پہنچانا تھا۔

    پولیس نے کارروائی کے دوران ترکی کے راستے مصر میں دہشت گردی کے لیے رقوم کی ترسیل میں ملوث16 عناصر کوحراست میں لے لیا ۔

    قومی سلامتی کے شعبے نے ترکی میں تنظیم کے مفرور رہ نماوں کے اس منصوبے کی نگرانی کی جس کا مقصد ریاست کی معاشی صلاحیتوں کو نقصان پہنچانے کے ساتھ ساتھ اہم تنصیبات اور سہولیات، مسلح افواج، پولیس اور عدلیہ کے خلاف ملک میں انتشار پیدا کرنے کے لئے کئی طرح کے متنازعہ کارروائیاں انجام دینا ہے تاکہ اخوان دوبارہ سیاسی منظر نامے کی طرف واپس آ سکے۔

    میڈیا کے ذریعے سامنے آنے والی معلومات سے اخوان کے اس منفی اقدام کی کئی جہتوں کا انکشاف ہوا، جس کا مقصد زر مبادلہ کی بیرون ملک اسمگلنگ، مصر کے سیکیورٹی اداروں کو مطلوب اخوان عناصر ترکی کے راستے یورپ منتقل کرنے اور دیگر منفی کارروائیوں میں ملوث رہی ہے۔

    قومی سلامتی کمیٹی کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ ترکی کی ریاست میں اخوان کے مفرور عناصر کی نشاندہی کرنے میں کوششیں کامیاب ہو گئیں اور اس اسکیم کی تیاری میں شامل ہیں یاسر محمد حیلمی زنانی، محمود حسین احمد حسین، ایمن احمد عبدل غنی حسن اور مدحت احمد محمود الحداد کو حراست میں لیا گیا۔

    بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی حکام کے ہاتھوں حراست میں لیے گئے اخوان کے اسمگلر گروپ کے 16 ارکان کو عدالت میں پیش کیا گیا ہے جہاں ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی شروع کی جا رہی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ اخوان کے سیل کی گرفتاری سے تنظیم کو مصر میں اپنی سرگرمیوں کو آگے بڑھانے میں ایک بڑا دھچکا لگا ہے۔

  • فرانسیسی عدالت نے مرغے کی بانگ کے حق میں فیصلہ دے دیا

    فرانسیسی عدالت نے مرغے کی بانگ کے حق میں فیصلہ دے دیا

    آئس لینڈ: فرانسیسی عدالت نے مرغے کی بانگ کے حق میں فیصلہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ مرغے موریس کو بانگ دینے کا پورا حق ہے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق مرغے (موریس) کی مالکہ کورین فساؤ کے ہمسایوں نے مرغے کے صبح سویرے بانگ دینے پر عدالت میں درخواست دائر کی تھی، عدالت نے موریس کے حق میں فیصلہ دیتے ہوئے کہا کہ مرغے کو بانگ دینے کا پورا حق حاصل ہے۔

    مرغے کے کیس کے چرچے پوری دنیا میں تھے کیونکہ اس مقدمے کو فرانس میں دیہاتوں میں رہنے والوں اور چھٹیاں گزارنے کے لیے ان علاقوں میں گھر خریدنے والوں کے درمیان بڑھتی کشیدگی کی علامت کے طور پر دیکھا جارہا تھا۔

    مرغے کی مالکن فساؤ کے وکیل جولین پینینو نے بتایا کہ موریس جیت گیا اور اب شکایت کرنے والوں کو جرمانے کے طور پر فساؤ کو ایک ہزار یوروز دینے ہوں گے۔

    مغربی فرانس کے روشفورٹ علاقے کی عدالت میں سنے جانے والے اس کیس کی سماعت کے دوران فساؤ نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ ان کے علاقے اولرون جزیرے میں کبھی کسی نے موریس کے بارے میں شکایت نہیں کی، البتہ جب ایک ریٹائرڈ جوڑے نے ان کے برابر والا گھر چھٹیاں گزارنے کے لیے خرید لیا تو پھر شکایات شروع ہوگئیں۔

    مزید پڑھیں: گڑ بڑ پھیلانے والے مرغے کے خلاف عدالت میں درخواست دائر

    وسطی فرانس کے علاقے ہوٹ ویئن سے تعلق رکھنے والے ریٹائرڈ کسان جان لویس بیرون اور ان کی اہلیہ جوئیل کا کہنا تھا کہ موریس کی اونچی بانگ سے وہ ہر صبح چار بجے جاگ جاتے ہیں۔

    فساؤ نے کہا کہ انہوں نے کئی بار اپنے مرغے کو چپ کروانے کی کوشش کی، حتیٰ کہ اس کے ڈربے کو کالے کپڑے سے بھی لپیٹ دیا تاکہ اسے صبح ہونے کا پتا نہ چل سکے لیکن کوئی طریقہ کام نہ آیا۔

    مرغے کی مالکن نے مقدمے کا فیصلہ سننے کے بعد خوشی میں مرغے کی بانگ کی آواز نکالی اور کہا خوشی بیان کرنے کے لیے ان کے پاس الفاظ نہیں ہیں۔

    واضح رہے کہ دو ہمسایوں کے درمیان شروع ہونے والا یہ تنازع جلد ہی ملک بھر میں اہمیت اختیار کرگیا تھا ایک لاکھ 40 ہزار افراد نے موریس کو بچاؤ پٹیشن پر دستخط کیے یا پھر اس کی تصویر والی ٹی شرٹس زیب تن کیں جن پر لکھا تھا مجھے بانگ دینے دو۔

    عدالت نے بیرون کو ایک غیرسنجیدہ کیس لانے پر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ فریقین کو آپس میں ہی یہ مسئلہ سلجھا لینا چاہئے تھا۔

  • سوئس انسانی حقوق گروپ کا اپنی حکومت سے اسرائیلی دباؤ نظر انداز کرنے کا مطالبہ

    سوئس انسانی حقوق گروپ کا اپنی حکومت سے اسرائیلی دباؤ نظر انداز کرنے کا مطالبہ

    جنیوا:یورومڈ آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کا کہنا ہے کہ اسرائیل فلسطینیوں کے خلاف جنگی جرائم میں ملوث سیاستدانوں اور فوجی اہلکاروں کی گرفتاری کی اجازت دینے والے سوئس قانون کو تبدیل کرانے کے لیے سوئٹرزلینڈ پر دباؤ ڈال رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق انسانی حقوق کی ایک یورپی تنظیم نے سوئس پارلیمنٹ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیل کے دباؤ کا جواب نہ دے تاکہ صہیونی ریاست سوئس پارلیمنٹ میں قانون سازی پر اثرانداز ہونے میں کامیاب نہ ہوسکے۔

    اسرائیل فلسطینیوں کے خلاف جنگی جرائم میں ملوث سیاستدانوں اور فوجی اہلکاروں کی گرفتاری کی اجازت دینے والے سوئس قانون کو تبدیل کرانے کے لیے سوئٹرزلینڈ پر دباؤ ڈال رہا ہے۔

    میڈیارپورٹس کے مطابق انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والے گروپ یورومڈ آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے ایک بیان میں کہا کہ اسرائیلی وزیر خارجہ یسرایل کاٹز کی سربراہی میں اسرائیلی وفد کے سوئٹرزلینڈ کے دورے کو بڑی تشویش کی نگاہ سے دیکھا گیا ہے۔

    اسرائیلی وزیر کے ساتھ قانونی ماہرین کی ایک ٹیم سوئٹزرلینڈ گئی جس کا مقصد سوئٹرزلینڈ پر اسرائیلی سیاست دانوں کی گرفتاری روکنے کے حامی قانون میں ترمیم کے لیے دباؤ ڈالنا ہے۔

    انسانی حقوق کی تنظیم نے مزید کہا کہ سوئٹزرلینڈ ان اولین ممالک میں شامل ہے جس نے بین الاقوامی فوجداری عدالت کے سامنے مقدمہ نہ چلنے کی صورت میں بڑے جرائم کے مرتکب افراد کے خلاف قانونی کارروائی کے لئے قانونی دفعات کو اپنی ملک کی قانون سازی میں شامل کیا ہے۔

    آبزرویٹری نے سوئس حکام سے فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی خلاف ورزیوں کے مرتکب افراد کے خلاف قانونی چارہ جوئی کے سلسلے میں اپنے مؤقف کو برقرار رکھنے کا مطالبہ کیا اور قانون ساز حکام پر زور دیا کہ وہ اس کو روکنے کے لئے دباؤ کا مقابلہ کریں۔