Category: یورپ

  • یورپی یونین کی امریکی اشیا پراضافی ٹیرف لگانے کی دھمکی

    یورپی یونین کی امریکی اشیا پراضافی ٹیرف لگانے کی دھمکی

    برسلز: یورپی یونین کے تجارتی سربراہ نے کہاہے کہ اگر امریکا ان کی گاڑیوں پر ڈیوٹیز میں اضافہ کرے گا تو امریکی اشیا پر بھی 35 ارب یورو کے اضافی ٹیرف لگائے جائیں گے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یورپی یونین کی کمشنر تجارت سیسیلیا مالمسٹروم کا کہنا تھا کہ یورپ اور امریکا کے درمیان محدود تجارتی معاہدے کا منصوبہ اب بھی برقرار ہے۔نو منتخب رکن یورپی پارلیمنٹ کے لیے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ واشنگٹن کی چین سے تجارتی جنگ توجہ کا مرکز ہے مگر بحراوقیانوس کے پار بھی کشیدگی موجود ہے۔

    انہوں نے یورپی پارلیمنٹ کے کمیٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم منضبط تجارت، کوٹہ یا بر آمدی رکاوٹیں برداشت نہیں کریں گے اور اگر ٹیرف لگائے گئے تو ہمارے پاس بھی حساب برابر کرنے کا اختیار ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہم نے اسے پہلے ہی تیار کرلیا ہے جس کی لاگت 35 ارب یورو (39 ارب ڈالر) ہے، امید کرتا ہوں کہ اسے استعمال کرنے کی ہمیں ضرورت نہیں پڑے گی۔

    واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یورپی گاڑیوں کو قومی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیا ہے اور وہ آٹو موبائل کی درآمدات پر ڈیوٹیز عائد کرنے پر غور کر رہے ہیں۔

    کمشنر تجارت کا کہنا تھا کہ ہم گاڑیوں اور گاڑیوں کے پرزوں پر اب تک ڈیوٹی عائد نہ کرنے کے امریکی فیصلے کو خوش آئند سمجھتے ہیں تاہم یورپی گاڑیوں کو قومی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دینے کا بیان بے تکا ہے۔

  • ترکی میں ایس 400 میزائل دفاعی نظام 2020ءمیں فعال ہوگا،وزیر خارجہ

    ترکی میں ایس 400 میزائل دفاعی نظام 2020ءمیں فعال ہوگا،وزیر خارجہ

    انقرہ : ترک وزیر خارجہ مولود شاوش اوغلو سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ قبرص میں توانائی کی دریافت یا ڈرلنگ کے جہازوں کی ضرورت نہیں ۔

    تفصیلات کے مطابق ترک وزیر خارجہ مولود شاوش اوغلو نے کہا ہے کہ ایس400 میزائل دفاعی نظام 2020ءکے اوائل میں فعال ہوجائے گا،انھوں نے ایک مرتبہ پھر خبردار کیا ہے کہ اگر امریکا نے روس سے اس میزائل نظام کے سودے پر کوئی پابندیاں عاید کیں تو ترکی بھی جواب میں پابندیاں عاید کر دے گا۔

    انھوں نے غیرملکی خبررساں ادارے کو ایک انٹرویومیں کہاکہ اس ڈیل پر امریکا کی پابندیوں کے معاملے پر غیر یقینی کی صورت حال پائی جاتی ہے اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ترکی پر پابندیاں عاید نہیں کرنا چاہتے ہیں۔

    ترک وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ایف 35 لڑاکا جیٹ پروگرام کے شراکت دار ممالک امریکا کے ترکی کو معطل کرنے کے فیصلے سے متفق نہیں ہیں۔

    واضح رہے کہ امریکا نے ترکی کو روس سے میزائل دفاعی نظام خرید کرنے پر لڑاکا جیٹ طیاروں کے فاضل پرزوں کی تیاری کے پروگرام سے معطل کر دیا ہے اور اس کو خرید کیے گئے لڑاکا جیٹ مہیا کرنے سے بھی انکار کر دیا ہے۔

    مولود شاوش اوغلو نے شام کی صورت حال سے متعلق کہا کہ جنگ زدہ ملک کے شمالی علاقے میں اگر محفوظ زون قائم نہیں کیا جاتا ہے اور ترکی کے لیے خطرات جاری رہتے ہیں تو دریائے فرات کے مشرقی کنارے کے علاقے میں فوجی کارروائی کی جائے گی۔

    ترکی شام کے شمالی علاقے میں محفوظ زون کے قیام کے لیے امریکا سے بات چیت کر رہا ہے جبکہ امریکا کرد ملیشیا وائی پی جی کی حمایت کر رہا ہے، ترکی نے اس جنگجو گروہ کو دہشت گرد تنظیم قرار دے رکھا ہے اور وہ اس کو کالعدم کرد جنگجو گروپ کردستان ورکرز پارٹی ہی کا حصہ قرار دیتا ہے۔

    انھوں نے انٹرویو میں کہا کہ شمالی شام میں محفوظ علاقے کے قیام کے لیے جلد امریکا سے کوئی سمجھوتا طے پاجائے گا۔ انھوں نے انقرہ میں شام کے لیے امریکا کے خصوصی ایلچی جیمز جعفرے سے ملاقات میں جنگ زدہ ملک کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا ہے۔

    ترک وزیر خارجہ نے کہا کہ بحر متوسطہ میں توانائی کی دریافت یا ڈرلنگ کے جہازوں کی ضرورت نہیں ہے، وہ قبرص جزیرے میں ترکی کی گیس اور تیل کی تلاش کے لیے کھدائی پر پیدا ہونے والے تنازع کے بارے میں گفتگو کر رہے تھے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ترکی خطے میں توانائی کے وسائل پر پیدا ہونے والے اس نئے تنازع کے حل کے لیے تعاون کرنے کو تیار ہے۔

  • یورپی ممالک میں ایک بار پھر سورج آگ برسانے لگا

    یورپی ممالک میں ایک بار پھر سورج آگ برسانے لگا

    پیرس: فرانس سمیت یورپ کے کئی ملکوں کو شدید گرمی کی لہر نے  ایک بار پھر اپنی لپیٹ میں لے لیا، فرانس کی تاریخ میں پہلی بار درجہ حرارت 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچا ۔

    محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ جولائی کے آخری ہفتے میں ہیٹ ویو کا خدشہ ہے، یورپ کے کئی ممالک میں سورج آگ برسائے گا، پیر کے روز درجہ حرارت 45 سے 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچا، گرمی کے باعث شہریوں کا حال برا ہے۔

    حکومت نے متوقع ہیٹ ویو کے پیش نظر شہروں میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے ڈاکٹرز کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی جبکہ چھٹیوں پر گئے عملے کو بھی واپس بلا لیا گیا۔

    مقامی حکام نے شہریوں کو متنبہ کیا ہے کہ وہ گرمی سے محفوظ رہنے کے لیے بنا ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں اور احتیاطیں تدابیر کے تحت سر اور جسم ڈھانپ کر گھروں سے باہر آئیں۔

    مزید پڑھیں: فرانس سمیت یورپ کے کئی ملکوں میں شدید گرمی

    گرمی کا مقابلہ کرنے کےلئے لوگ بچوں کے ساتھ سوئمنگ پول، پارکوں اور کھلے مقامات کا رخ کررہے ہیں۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ فرانس میں جولائی کے آخری ہفتے میں معمول کا درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ رہے گا جبکہ بارش کا بھی کوئی امکان نہیں ہے۔

    حکومت نے شدید گرمی کے باعث جنگلات میں آگ لگنے کے پیش نظر وائلڈ لائف حکام کو بھی الرٹ کردیا تاکہ کسی بھی بڑے حادثے سے محفوظ رہا جاسکے۔

  • بیگ یہیں رکھوں گی، فرانس سے مصر جانے والی پرواز میں جھگڑا، ویڈیو وائرل

    بیگ یہیں رکھوں گی، فرانس سے مصر جانے والی پرواز میں جھگڑا، ویڈیو وائرل

    پیرس: فرانس سے مصر جانے والی نجی ایئرلائن کی پرواز میں جھگڑا کرنے پر عرب فیملی کو طیارے سے آف لوڈ کردیا گیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    عرب میڈیا کے مطابق رومانیا کے طیارہ فرانس سے مصر جارہا تھا کہ ایک عرب فیملی کی جانب سے کریو ممبر کی جانب سے جھگڑا کرنے پر انہیں پولیس کی جانب سے آف لوڈ کردیا گیا۔

    رپورٹ کے مطابق طیارے میں جھگڑا اس وقت شروع ہوا جب موروکو سے تعلق رکھنے والی عرب خاتون نے ’ہینڈ بیگ‘ ساتھ رکھنے پر اصرار کیا جبکہ کریو ممبر کی جانب سے کہا گیا کہ آپ ایمرجنسی دروازے کے سامنے بیٹھی ہیں لہٰذا ہیںڈ بیگ کو یہاں نہ رکھیں۔

    خاتون نے کریو ممبر کے ساتھ جھگڑا شروع کردیا اور موقف اختیار کیا کہ ان کے بیگ میں فائلز اور کچھ اہم دستاویزات موجود ہیں اس وجہ سے وہ اس کو کہیں اور نہیں رکھیں گی۔

    بعدازاں کیبن کریو کی جانب سے پولیس کو بلوایا گیا اور مذکورہ عرب فیملی کو طیارے سے اتار دیا گیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ فیملی پولیس اہلکاروں کے آنے کے باوجود طیارے سے اترنے کے لیے تیار نہیں ہے اور پولیس اہلکار زبردستی انہیں طیارے سے اتارا جارہا ہے۔

    مصری اور موروکو ایمبیسی کا کہنا ہے کہ طیارے میں پیش آنے والے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

    عرب فیملی رومانیا کے طیارے سے آف لوڈ کیے جانے کے بعد ایک دوسری فلائٹ سے مصر کے لیے روانہ ہوگئی۔

  • میرا ہونے والا بچہ خلائی مخلوق کی نسل سے ہوگا، خاتون کا دعویٰ

    میرا ہونے والا بچہ خلائی مخلوق کی نسل سے ہوگا، خاتون کا دعویٰ

    پیرس : مستقنل سے آنے کا دعویٰ کرنے والی خاتون نے خلائی مخلوق پر خود کو حاملہ کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ ’ وہ ایک بچے کو جنم دے دی جو ایلین(خلائی مخلوق) اور انسان کی مشترکا اولاد ہوگی‘۔

    تفصیلات کے مطابق مستقبل یا ماضی سے حال میں آنے کے مناظر عموماً فلموں میں تو دکھے جاتے ہیں لیکن یورپ میں ایک نوجوان خاتون نے حقیقت میں سنہ 3500 کا سفر کرکےواپس آج کے زمانے میں آنے کا دعویٰ کیا تھا جو اب نئے نئے انکشافات سے دنیا کو مزید حیرت میں مبتلا کررہی ہے۔

    غیر معمولی اور پُر اسرار خبروں کےلیے مشہور یوٹیوب چینل ایپکس ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے نامعلوم خاتون نے دعویٰ کیا کہ اینڈرومیڈا نامی گلیکسی پر خلائی مخلوق نے اسے پکڑ لیا تھا۔

    خاتون کا کہنا تھا کہ ’ مجھے گرفت میں لینے کے بعد خلائی مخلوق نے میرے ساتھ تعلق کیا جس کے باعث میں حاملہ ہوئی اورابسے پانچ ماہ بعد ایسے بچے کو جنم دوں گی جو انسان اور ایلین کی مشترکا اولاد ہوگا‘۔

    ویڈیو کلپ میں خاتون نے اپنی کہانی سناتے ہوئے دعویٰ کیا کہ جب وہ 18 سال کی عمر میں یونیورسٹی آف پیرس میں زیر تعلیم تھی، تب مبینہ طور پر ٹائم مشین پر مشتمل ایک پُر اسرار کمرہ دریافت کیا اور یونیورسٹی کے دیگر عملے کی مدد سے ٹائم مشین پر مشتمل کمرے میں کام شروع کردیا۔

    میں ٹائم ٹریولر مشین کے ذریعے سنہ 3500 میں گئی لیکن وہاں مجھے ایلینز نے پکڑلیا جس کے بعد دنیا وار زون میں تبدیل ہوچکی تھی، خاتون نے بتایا کہ مقناطیسی اور تابکاری لہروں کے باعث ہمارے واپس آنے کے راستے بھی بند ہوچکے تھے۔

    نامعلوم خاتون کا کہنا تھا کہ ’وہاں ہمارے ساتھ پُرتشدد ، ذلت آ میز اور درد ناک سلوک کیا گیا اس لیے میں مزید تفصیل میں نہیں جانا چاہتی‘۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل مارچ میں ایک نوح نامی برطانوی نوجوان نے سنہ 2030 سے آنے کا دعویٰ کیا تھا تاہم ایک ہفتہ قبل نوح نے انکشاف کیا کہ مستقبل سے آنے کی ویڈیوجھوٹی تھی، نوح نے بتایا کہ اصل میں وہ ایک یوٹیوبرڈینس بل ہے۔

  • مصرمیں 30 ہزار بچوں کو نئی زندگی کی امید دینے والی بیلجین خاتون

    مصرمیں 30 ہزار بچوں کو نئی زندگی کی امید دینے والی بیلجین خاتون

    قاہرہ:بیلجیم سے تعلق رکھنے والی افریقی نڑاد ویلویا جیکسن وہ باہمت خاتون ہیں جنہوں مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں سڑکوں پر پھرنے والے 30 ہزار سے زیادہ بچوں کو ٹھکانہ اور سکونت فراہم کی۔ انہوں نے اس مقصد کے لیے 2003 میں مصر میں ایک ادارہ قائم کیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق ویلویا نے بتایا کہ وہ تین بچوں کی ماں ہیں اور دنیا بھر میں بچوں کو درپیش مسائل کو شدید طور پر محسوس کرتی ہیں،انہوں نے اس مسئلے کے حوالے سے سال 2000 میں بیلجیم میں نمایاں اقدامات کے بارے میں سوچا۔ بعد ازاں ویلویا افریقا واپس لوٹ آئیں جس کو وہ اپنا آبائی علاقہ شمار کرتی ہیں۔

    ویلویا نے واضح کیا کہ وہ بیلجیم سے کوچ کر کے قاہرہ آئیں تا کہ خود کو سڑکوں پر رہنے والے بچوں کے لیے وقف کر دیں۔ ان میں بعض بچوں کو پیدائش پر چھوڑ دیا گیا اور دیگر بہت سے ایسے ہیں جن کا کوئی خاندان نہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ویلویا نے 2003 میں قاہرہ میں ایک چیریٹی ادارہ قائم کیا جو اب تک قاہرہ کی سڑکوں پر پھرنے والے 30 ہزار بچوں کو بچا چکا ہے، اس سلسلے میں قاہرہ کی سڑکوں پر آگاہی کے لیے دو ٹیمیں مصروف عمل ہیں۔

    ان کے علاوہ ایک استقبالیہ مرکز بھی ہے جہاں ہر ماہ تقریبا 700 بچے طبی اور نفسیاتی نہگداشت کے ساتھ ساتھ بامقصد زندگی گزارنے کے واسطے تربیت بھی پاتے ہیں۔

    بیلجین خاتون کے مطابق ان کے ادارے کے یتیم خانے میں 1200 سے زیادہ بچے موجود ہیں۔ ان بچوں کو سڑکوں پر سے لایا جاتا ہے جن میں سے اکثر شدید نوعیت کی پیچیدگیوں کا شکار ہوتے ہیں، ان کی ذہن سازی اور علاج کے لیے طویل عرصہ درکار ہوتا ہے۔

    ویلویا کا ادارہ ان بچوں کو اُن کے گھر والوں تک دوبارہ پہنچانے پر بھی کام کرتا ہے، اس کے علاوہ سماجی یک جہتی کی وزارت کے تعاون سے ایسے گھرانوں کو بھی تلاش کیا جاتا ہے جو ان بچوں کو گود لے کر ان کے مستقبل کو بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوں۔

    ویلویا کے ادارے میں 180 مصری ملازمین اور اہل کار کام کر رہے ہیں۔ ویلویا کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ قاہرہ اور برسلز کے درمیان اپنے وقت کو مناسب طور پر تقسیم کریں اور ادارے میں حتی الامکان اپنی موجودگی کو یقینی بنائیں۔

  • ایران روسی شہریوں کے حقوق کا احترام کرے، روس

    ایران روسی شہریوں کے حقوق کا احترام کرے، روس

    ماسکو : روس کے ایوان بالا کی خارجہ کمیٹی کے چیئرمین کوسٹیٹکن کوساچیووف نے کہا ہے کہ روس اس بات کو یقینی بنائے کہ ایران آبنائے ہرمز میں ضبط ٹینکر پر سوار روسی شہریوں کے حقوق کا احترام کرے گا۔

    تفصیلات کے مطابق ایران کی طرف سے ضبط کئے گئے ٹینکر سے متعلق کمپنی نے ایران میں روسی سفارت خانے کو اطلاع دی ،کوساچیو وف نے کہا کہ ہمیں ایران کے ساتھ موجودہ موثر مواصلاتی ذرائع کی مدد سے جلد سے جلد اس معلومات کی تصدیق کرنے کی ضرورت ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ اگر اس کی معلومات کی تصدیق ہو جاتی ہے تو روس کو اس بات کا یقینی بنانا ضروری ہے کہ ایران ہمارے شہریوں کے حقوق کا احترام کرے۔

    کوسا چیووف نے کہا کہ ہمارے شہریوں کو مغربی ممالک اور ایران کے درمیان جاری سیاسی رسہ کشی میں یرغمال نہیں بنایا جانا چاہیے۔

    واضح رہے کہ ایران نے آبنائے ہرمز سے جس برطانوی آئل ٹینکر کو اپنی تحویل میں لیا ہے، اس میں سوار عملے کے 23 افراد میں سے اٹھارہ کا تعلق بھارت سے ہے جبکہ دیگر پانچ شہریوں کا تعلق فلپائن اور روس سے ہے۔

     بھارت اور فلپائن کی حکومتوں نے تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ  آبنائے ہرمز سے ایرانی قبضے میں لیے جانے والے برطانوی آئل ٹینکر کے عملے میں ان کے شہری بھی شامل ہیں۔

    بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے بتایا کہ بھارتی حکام ایران میں متعلقہ حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں تاکہ بھارتی شہریوں کی بازیابی جلد از جلد ممکن بنائی جائے، انہوں نے کہا کہ اس بحری جہاز میں اٹھارہ بھارتی موجود ہیں۔

    منیلا میں وزرات خارجہ نے کہا کہ تہران میں ان کے سفیر کوشش میں ہیں کہ اس ٹینکر میں سوار ایک فلپائنی شہری کو جلد از جلد رہا کر دیا جائے۔

  • فرانس: یلو جیکٹ تحریک، حکومتی پالیسی کے خلاف مظاہرے تاحال جاری

    فرانس: یلو جیکٹ تحریک، حکومتی پالیسی کے خلاف مظاہرے تاحال جاری

    پیرس: فرانس میں یلو جیکٹ تحریک کے حامیوں نے حکومتی کارکردگی اور پالیسی کے خلاف چھتیسویں ہفتے بھی مظاہرے کیے۔

    تفصیلات کے مطابق فرانس میں مظاہرین نے حکومتی ناقص اقتصادی پالیسی اور سرمایہ دارانہ نظام کےخلاف پیرس سمیت مختلف شہروں میں مظاہرے کئے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق فرانسیسی مطاہرین نے حکومت کی ناقص اقتصادی پالیسی، سرمایہ دارانہ نظام اور اس ملک کے صدر میکرون کے خلاف دارالحکومت پیرس سمیت مختلف شہروں میں مظاہرے کئے۔

    فرانس میں یلو جیکٹ مظاہرے نومبر 2018کے وسط میں مہنگائی اور حکومت کی معیشتی پالیسیوں کے خلاف شروع ہوئے جو بعد میں سرمایہ دارانہ نظام کے خلاف منظم تحریک میں تبدیل ہوگئے۔

    سرمایہ دارانہ نظام کے خلاف فرانس میں شروع ہونے والی پیلی جیکٹ تحریک دوسرے یورپی ملکوں میں بھی پہنچ گئی ہے اور ہر اتوار کو فرانس کے ساتھ ہی متعدد دیگر یورپی ملکوں میں بھی لوگ پیلی جیکٹیں پہن کے مظاہرے کرتے ہیں۔

    یاد رہے کہ فرانس کے قومی دن کے موقع پر سینکڑوں ‘‘یلو ویسٹ‘‘ تحریکی سڑکوں پر نکل آئے اور حکومت خلاف سخت نعرے بازی کی تھی۔

    فرانس کے قومی دن کے موقع پر حکومت مخالف مظاہرہ، پولیس کا لاٹھی چارج

    خیال رہے کہ رواں سال جنوری میں فرانسیسی حکومت نے مہنگائی پر شدید احتجاج کرنے والے مظاہرین کے سامنے گھٹنے ٹیکتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات پر ٹیکس 6 ماہ کے لیے معطل کرنے کا اعلان کیا تھا، تاہم مظاہرین اس پر راضی نہ ہوئے اور ملکی صدر ایمانوئیل میکرون کے استعفے کا مطالبہ تاحال کررہے ہیں۔

  • ویٹی کن نے مغربی ورجینیا کے بشپ برانس فیلڈ پر پابندیاں عائد کر دیں

    ویٹی کن نے مغربی ورجینیا کے بشپ برانس فیلڈ پر پابندیاں عائد کر دیں

    ویٹی کن سٹی :کیتھولک مسیحیوں کے روحانی مرکز ویٹی کن نے مغربی ورجینیا کے بشپ برانس فیلڈ پر پابندیاں عائد کر دیں، برانس فیلڈ پر سینئر کیتھولک رہنماوں کو لاکھوں ڈالر کی رقم بطور رشوت دینے کا بھی الزام ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پوپ فرانسس کے حکم پر بشپ مائیکل برانس فیلڈ کے خلاف جنسی ہراسانی اور مالی بے ضابطگیوں کی تحقیقات کے بعد ویٹی کن نے ریٹائرڈ بشپ پر پابندیوں کا اعلان کیا۔برانس فیلڈ پر سینئر کیتھولک رہنماوں کو لاکھوں ڈالر کی رقم بطور رشوت دینے کا بھی الزام ہے تاہم انہیں فرائضِ منصبی کے حق سے محروم کرنے کے بارے میں وضاحت نہیں کی گئی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ برانس نے چرچ میں جمع ہونے والی رقم سے 24 لاکھ ڈالر صرف ذاتی سفر میں خرچ کیے ہیں جبکہ ماہانہ ایک ہزار ڈالر شراب نوشی میں خرچ کیے ہیں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ برس ستمبر میں برانس فیلڈ کے معاون نے ان پر جنسی ہراسانی اور مالی بے ضابطگیوں کے الزامات عائد کیے تھے جس کے بعد وہ اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے تھے۔

  • برطانوی تیل بردار جہاز پرقبضہ ناقابل جواز ہے، جرمنی،فرانس کی مذمت

    برطانوی تیل بردار جہاز پرقبضہ ناقابل جواز ہے، جرمنی،فرانس کی مذمت

    پیرس/برلن: فرانسیسی اور جرمن وزارت خارجہ نے الگ الگ بیان میں کہا ہے کہ ایران فوری طور پربرطانوی آئل ٹینکر اوراس میں سوار عملے کے ارکان کو چھوڑ دے۔

    تفصیلات کے مطابق جرمنی اور فرانس نے ایران کی طرف سے برطانوی تیل بردار جہازوں کو اپنی تحویل میں لینے کے عمل کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

    جرمن وزارت خارجہ نے جاری ایک بیان میں کہاکہ آبنائے ہرمز میں برطانوی تجارتی جہاز پر آرانی قبضہ ناقابل جواز ہے، بیان میں مزید کہا گیا کہ اس طرح خطے میں مزید کشیدگی پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔

    دوسری جانب فرانسیسی وزارت خارجہ نے بھی جاری کیے گئے ایک بیان میں ایران پر زور دیا کہ وہ اس ٹینکر اور اس میں سوار عملے کے ارکان کو فوری طور پر چھوڑ دے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے برطانوی بحریہ نے شام جانے والے ایرانی آئل ٹینکر کوبرطانوی کالونی جبرالٹر کے علاقے میں قبضے میں لیا تھا۔

    مزید پڑھیں: برطانوی آئل ٹینکر پر ایرانی قبضے کی کوشش ناکام

    واضح رہے کہ سپریم لیڈر آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای، صدر حسن روحانی اور آرمی چیف محمد باقری نے آئل ٹینکر کو رہا نہ کرنے کی صورت میں برطانوی ٹینکر کو روکنے کی دھمکی دی تھی۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز ایرانی ٹینکر کے قبضے کا جواب دینے کے لیے ایرانی فورسز نے آبنائے ہرمز میں برطانوی آئل ٹینکر کو پکڑنے کی کوشش کی تھی جو ناکام ہوگئی تھی۔

    یاد رہے کہ یورپی یونین نے شام کو تیل کی سپلائی پر پابندی عائد کررکھی ہے جس پر ایرانی ٹینکر جبرالٹر سے شام خام تیل لے جاتے ہوئے گزشتہ ہفتے پکڑا گیا تھا۔