Category: عالمی خبریں

International News عالمی خبریں

دنیا بھر سے اہم خبریں اردو زبان میں پڑھنے کے لئے یہاں کلک کریں

  • تھائی لینڈ کی وزیر اعظم سینئر فوجی کمانڈر کو دشمن کہنے پر عہدے سے برطرف

    تھائی لینڈ کی وزیر اعظم سینئر فوجی کمانڈر کو دشمن کہنے پر عہدے سے برطرف

    بنکاک (29 اگست 2025): تھائی لینڈ کی وزیر اعظم پییٹونگٹارن شیناواترا کو کمبوڈیا کے سابق ہم منصب ہن سین کے ساتھ فون کال لیک ہونے اور سینئر فوجی کمانڈر پر تنقید کرنے پر عہدے سے برطرف کر دیا گیا۔

    قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق تھائی لینڈ کی وزیر اعظم کی کمبوڈیا کے سابق ہم منصب کے ساتھ فون کال لیک ہوئی تھی جس کے بعد انہیں عہدے سے معطل کیا گیا تھا۔

    پییٹونگٹارن شیناواترا پر الزام ہے کہ انہوں نے فون کال کے دوران نامناسب گفتگو کی جبکہ سینئر فوجی کمانڈر پر تنقید کرتے ہوئے انہیں دشمن قرار دیا۔

    آج تھائی لینڈ کی آئینی عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے انہیں عہدے سے برطرف کرنے کا حکم جاری کیا۔ واضح رہے کہ وہ عہدے سے ہٹائے جانے والی پانچویں وزیر اعظم ہیں۔

    نو ججز پر مشتمل بینچ نے فیصلہ دیا کہ 39 سالہ پییٹونگٹارن شیناواترا نے جون میں ہن سین کے ساتھ اپنی فون کال کے دوران اخلاقی معیارات کو برقرار رکھنے یا وزیر اعظم کے عہدے کیلیے درکار دیانتداری کا مظاہرہ کرنے میں ناکام رہی۔

    عدالت نے کہا کہ انہوں نے اپنے ذاتی مفادات کو قوم کے مفادات سے اوپر رکھا جس کی وجہ سے ملکی ساکھ کو نقصان پہنچا ہے۔

    لیک ہونے والی فون کال میں انہوں نے ہن سین ’چچا‘ کہا جبکہ تھائی فوج کے سینئر کمانڈر پر تنقید کرتے ہوئے اور اسے دشمن قرار دیا۔

  • اسرائیلی فوج کی بمباری، مزید 50 فلسطینی جام شہادت نوش کرگئے

    اسرائیلی فوج کی بمباری، مزید 50 فلسطینی جام شہادت نوش کرگئے

    غزہ: اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ میں خون کی ہولی کھیلنے کا سلسلہ جاری ہے، شہر کے مشرقی اور جنوبی حصوں میں شدید اسرائیلی بمباری کے باعث جمعرات کی صبح سے اب تک کم از کم 50 فلسطینی جام شہادت نوش کرگئے۔

    عرب خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج غزہ شہر پر مکمل قبضہ کرنے کی تیاریوں میں مصروف ہے جبکہ اقوام متحدہ اور دیگر عالمی اداروں نے اس کارروائی پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کا کہنا تھا کہ غزہ میں فوجی کارروائی تباہ کن ثابت ہو گی اور لاکھوں شہری گھروں سے محروم ہوجائیں گے۔

    غزہ کی سول ڈیفنس ایجنسی کا کہنا ہے کہ زیتون اور شجاعیہ کے علاقوں میں اسرائیلی زمینی آپریشن کے دوران 1500 سے زائد گھروں کو تباہ کردیا گیا ہے۔

    بے گھر ہونے والے شہریوں کا کہنا ہے کہ وہ اپنے گھروں سے نکل کر ساحل کی طرف پناہ لینے پر مجبور ہوچکے ہیں۔

    غزہ کی وزارتِ صحت کی جانب سے اس بات کی تصدیق کی جاچکی ہے کہ غذائی قلت کے باعث مزید 4 افراد جام شہادت نوش کرگئے ہیں۔ شہید ہونے والوں میں 2 بچے بھی شامل ہیں۔

    یمن پر اسرائیلی بمباری، انصاراللہ سے منسلک وزیراعظم احمد غالب جاں بحق

    اس کے علاوہ غذائی قلت کے سبب شہید ہونے والوں کی تعداد 317 تک پہنچ گئی ہے۔ مجموعی طور پر اب تک غزہ میں 62 ہزار 900 سے زائد فلسطینی جام شہادت نوش کرچکے ہیں۔ جن میں اکثریت عورتوں اور بچوں کی ہے۔

  • ’’ریکھا‘‘ کے ہاں 17ویں بچے کی پیدائش!

    ’’ریکھا‘‘ کے ہاں 17ویں بچے کی پیدائش!

    بھارت (28 اگست 2025): ریکھا نے 17 ویں بچے کو جنم دیا ہے 11 بیٹوں اور 6 بیٹیوں میں سے پانچ بچے پیدائش کے فوری بعد انتقال کر گئے تھے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق راجھستان کے ضلع ادے پور میں ایک 55 سالہ خاتون ریکھا کلبیلیا نے 17 ویں بچے کو جنم دیا ہے۔ خاتون پہلے ہی نانی اور دادی کے درجے پر فائز ہو چکی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق خاتون کے شوہر کا نام کوارا رام کلبیلیا ہے۔ دونوں کے ہاں 11 بیٹوں اور 6 بیٹوں نے جنم لیا، تاہم ان میں سے چار بیٹے اور ایک بیٹی پیدائش کے فوری بعد انتقال کر گئے تھے۔ اب ان کے 12 بچے حیات ہیں، جن میں سات بیٹے اور پانچ بیٹیاں شامل ہیں۔

    خاتون کے شوہر نے بتایا کہ ان کے دو بیٹے اور تین بیٹیاں شادی شدہ ہیں اور سب صاحب اولاد ہیں۔ یوں وہ 17 ویں بار ماں بننے سے قبل کئی بار نانی اور دادی بن چکی ہیں۔

    کاوارا رام کباڑ کا کام کرتا ہے اور ان کی مالی حالت انتہائی خراب ہے۔ مالی استطاعت نہ ہونے کی وجہ سے ان کے کسی بچے نے اسکول کی شکل تک نہیں دیکھی۔ بچوں کی شادیاں بھی سود پر قرض لے کر کیں۔

    ریکھا کے ہاں 17 ویں بچے کی پیدائش کا سن کر ان کے رشتہ اور گاؤں کے افراد سمیت ان کے اپنے نواسے، نواسیاں اور پوتے، پوتیاں انہیں مبارکباد دینے گھر آ رہے ہیں۔

    دوسری جانب ڈاکٹر روشن درنگی نے بتایا کہ جب ریکھا ڈیلیوری کے لیے آئی تو پہلے اس نے ظاہر کیا کہ یہ اس کی چوتھی ڈیلیوری ہے۔ بعد میں معلوم ہوا کہ وہ اس سے قبل 16 بچوں کو جنم دے چکی ہے۔

  • ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف عدالت میں مقدمہ دائر

    ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف عدالت میں مقدمہ دائر

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف فیڈرل ریزرو گورنر لیزا کُک نے عدالت میں مقدمہ دائر کردیا۔ کُک کا کہنا ہے کہ ٹرمپ کو انہیں عہدے سے برطرف کرنے کا کوئی قانونی اختیار حاصل نہیں۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چند روز قبل ایک خط میں لیزا کُک کی برطرفی کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ کُک نے 2021ء میں رہائشی قرضوں کے معاملات میں مبینہ فراڈ کیا تھا، لہٰذا وہ اپنے عہدے پر فائز رہنے کی اہلیت نہیں رکھتیں۔

    رپورٹس کے مطابق کُک نے امریکی صدر کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ صدر کی برطرفی کی کوشش غیرقانونی ہے، اس لیے مقدمہ دائر کیا ہے۔

    عدالت میں ان کے وکلاء نے مؤقف اپنایا کہ فیڈرل ریزرو ایک آزاد ادارہ ہے اور امریکی قانون کے مطابق اس کے کسی گورنر کو صرف سنگین بدعنوانی یا فرائض کی سنگین خلاف ورزی پر ہی ہٹایا جا سکتا ہے، تاریخ میں آج تک کسی صدر نے براہِ راست کسی گورنر کو برطرف نہیں کیا۔

    رپورٹس کے مطابق 2022ء میں لیزا کُک کو سابق صدر بائیڈن نے اس عہدے پر تعینات کیا تھا اور وہ ادارے کی تاریخ میں پہلی سیاہ فام خاتون ہیں جو گورننگ بورڈ کا حصہ بنی ہیں۔

    دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں قتل کے مقدمات پر سزائے موت نافذ کرنیکا اعلان کیا ہے۔

    کابینہ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ اگر واشنگٹن ڈی سی میں کوئی کسی کو قتل کرے تو سزا موت ہونی چاہیے۔

    واضح رہے واشنگٹن میں انیس سو ستاون کے بعد سے سزائے موت نافذ نہیں کی گئی، جبکہ انیس سو اکیاسی میں ڈسٹرکٹ کونسل نے اسے ختم کر دیا تھا۔

    سزائے موت امریکا میں وفاقی سطح اور کئی ریاستوں میں قانونی ہے، لیکن تمام ریاستیں اسے استعمال نہیں کرتیں۔ 2025 تک، 27 ریاستیں اور وفاقی حکومت سزائے موت کو برقرار رکھا جبکہ 23 ریاستیں اور واشنگٹن ڈی سی نے اسے ختم کر دیا تھا۔

    ایران جوہری پروگرام پر سفارتی مذاکرات دوبارہ شروع کرنے پر آمادہ

    امریکا میں سزائے موت عام طور پر سنگین جرائم جیسے کہ قتل، دہشت گردی سے متعلق قتل، یا وفاقی سطح پر منشیات سے متعلق سنگین جرائم کے لیے دی جاتی ہے۔ کچھ ریاستوں میں دیگر جرائم (جیسے بچوں سے زیادتی کے ساتھ قتل) بھی اس کے دائرے میں آتے ہیں۔

  • جرمنی نے اپنے شہریوں کو ایران چھوڑنے کا حکم دے دیا

    جرمنی نے اپنے شہریوں کو ایران چھوڑنے کا حکم دے دیا

    (29 اگست 2025): جرمنی نے اپنے شہریوں کو ایران چھوڑنے کا حکم دے دیا تاکہ تہران کی جوابی کارروائی سے محفوظ رہا جا سکے۔

    خبر رساں ایجنسی روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق جرمنی نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایران چھوڑ دیں اور وہاں کا سفر کرنے سے گریز کریں۔

    جوہری پروگرام کے معاملے پر اقوام متحدہ نے ایران پر دوبارہ پابندیاں عائد کیں جس میں جرمنی کا بھی کردار ہے، یہی وجہ ہے کہ جرمن حکومت کو خطرہ ہے تہران جوابی کارروائی میں اس کے شہریوں کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔

    برطانیہ، فرانس اور جرمنی نے جمعرات کو ایران کے متنازع جوہری پروگرام پر اقوام متحدہ کی پابندیاں دوبارہ لگانے کیلیے 30 روزہ عمل کا آغاز کیا۔

    اسرائیل اور امریکا کی جانب سے ایران پر بمباری کے دو ماہ بعد اس اقدام سے کشیدگی میں اضافے کا امکان ہے۔

    جرمنی وزارت خارجہ نے اپنی ویب سائٹ پر پوسٹ کردہ ایک بیان میں کہا کہ چونکہ ایرانی حکومت کے نمائندوں نے اس معاملے میں بارہا نتائج کی دھمکیاں دی ہیں لہٰذا اس بات کو رد نہیں کیا جا سکتا کہ ایران میں جوابی اقدامات سے جرمن مفادات اور شہری متاثر ہوں گے۔

    وزارت خارجہ نے متنبہ کیا کہ فی الحال تہران میں جرمن سفارت خانہ سائٹ پر صرف محدود قونصلر امداد فراہم کر سکتا ہے۔

  • پولینڈ میں ائیرشو کی تیاری کے دوران F-16 طیارہ تباہ، ویڈیو وائرل

    پولینڈ میں ائیرشو کی تیاری کے دوران F-16 طیارہ تباہ، ویڈیو وائرل

    پولینڈ میں ائیرشو کی ریہرسل کے دوران F-16 طیارہ کریش کرگیا، حادثے میں پائلٹ ہلاک ہوگیا۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق پولینڈ کے وسطی علاقے میں ائیر شو کی ریہرسل چل رہی تھی کہ اس دوران F-16 طیارہ اچانک کریش کرگیا، حادثے میں طیارے کا پائلٹ جان کی بازی ہار گیا۔

    پولش خبر رساں ایجنسی کے مطابق یہ طیارہ پولش فضائیہ کا حصہ تھا۔ حادثے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کررہی ہے۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ طیارے کا پائلٹ لوپ بنانے کی کوشش کر رہا تھا مگر اسے بلندی کا اندازہ نہ ہوسکا، طیارہ تیزی سے زمین کی جانب بڑھا اور ٹکرا کر دھماکے سے تباہ ہوگیا۔

    رپورٹس کے مطابق حادثے کے باعث آج سے پولینڈ میں ہونے والا ائیرشو منسوخ کر دیا گیا۔ ایونٹ میں 20 ملکوں کے 150 طیاروں کو حصہ لینا تھا۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل امریکا میں شمالی ایریزونا میں میڈیکل ٹرانسپورٹ طیارہ گر کر تباہ ہو گیا تھا جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار چاروں افراد جان کی بازی ہار گئے تھے، طیارے کے زمین پر گرتے ہی آگ بھڑک اٹھی اور ایئر کرافٹ جل کا خاکستر ہو گیا۔

    طیارہ حادثہ، خاتون پائلٹ کا موت سے قبل آخری پیغام وائرل

    رپورٹ کے مطابق حادثہ نیو میکسیکو کے البوکرک واقع سی ایس آئی ایوی ایشن کمپنی کا یہ طیارہ فلیگ اسٹاف سے 200 میل شمال مشرق میں چنلے ہوائی اڈے کے قریب اس وقت حادثے کا شکار ہوا جب وہ ایک مریض کو لینے کے لیے اسپتال جا رہا تھا۔ حادثے میں مرنے والے چاروں افراد کا تعلق طبی عملے سے تھا۔

  • بھارت میں افغان خاتون زیادتی کا نشانہ بن گئی

    بھارت میں افغان خاتون زیادتی کا نشانہ بن گئی

    بھارت کے اترا کھنڈ کے ہریدوار ضلع کے روڑکی میں ایک افغان خاتون جنسی زیادتی کا نشانہ بن گئی، متاثرہ نے اس حوالے سے پولیس کو شکایت درج کرائی ہے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق افغان خاتون کی شکایت ملنے کے بعد پولیس نے زیادتی میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا ہے، اس کے علاوہ پولیس نے خاتون کو میڈیکل کے لیے بھیج دیا ہے۔ فرانزک ٹیم ہوٹل پہنچ کر شواہد اکٹھے کر رہی ہے۔

    رپورٹس کے مطابق پولیس کو ڈائل 112 نمبر سے اطلاع ملی تھی۔ جس میں بتایا گیا کہ روڑکی کے دہرادون روڈ پر واقع ہوٹل میں ایک غیر ملکی خاتون کو زیادتی کا نشانہ بنایا گیا، پولیس کی ٹیم فوراً موقع پر پہنچی اور اطلاع دینے والی خاتون سے تفصیلات طلب کیں۔

    خاتون نے بتایا کہ وہ افغانستان کی رہائشی ہے، ایک شخص نے اسے منشیات کھلائی، پھر اسے زیادتی کا نشانہ بنایا، خاتون کے الزام کے بعد پولیس حرکت میں آئی اور فوری طور پر ملزم کو حراست میں لے لیا۔

    پوچھ گچھ کے دوران ملزم نے خود کو ہینگ کا تاجر بتایا ہے۔ اس نے یہ بھی بتایا کہ اس کے پاس افغانستان اور ترکی کی شہریت ہے۔ تاہم پولیس فی الحال ملزم سے گہرائی سے پوچھ گچھ کر رہی ہے۔ اس کے ساتھ ہی پولیس نے خاتون کو طبی معائنے کے لیے روڑکی سول اسپتال روانہ کردیا ہے۔

    فرانزک ٹیم نے بھی ہوٹل پہنچ کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں۔ سی سی ٹی وی فوٹیج سمیت تمام پہلوؤں کی مکمل چھان بین کی جا رہی ہے۔

    رپورٹس کے مطابق دونوں دہلی میں رہتے ہیں۔ اس شخص کے پاس غیر ملکی شہریت ہے۔ اس لیے روڑکی پولیس کی ٹیم پوری سنجیدگی کے ساتھ تحقیقات میں مصروف ہوگئی ہے۔

    19 سالہ لڑکی کی کھیتوں سے تشدد زدہ لاش برآمد، زیادتی کا شبہ

    رپورٹس کے مطابق دونوں تاجر بتائے جاتے ہیں، مرد ہینگ کا کاروبار کرتا ہے اور عورت خشک میوہ جات کا کاروبار کرتی ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ دونوں ایک دوسرے کو تقریباً 5 ماہ سے جانتے ہیں۔

  • بھارت: موسلا دھار بارشیں، اسکولوں میں تعطیل، ٹرینیں منسوخ

    بھارت: موسلا دھار بارشیں، اسکولوں میں تعطیل، ٹرینیں منسوخ

    بھارت میں خلیج بنگال کے اوپر بنے ہوئے کم دباؤ کے علاقے کے باعث ریاست کے کئی حصوں میں موسلا دھار بارشیں شروع ہوگئیں، جس کے باعث تلنگانہ کے کئی اضلاع کے اسکولوں میں تعطیل کا اعلان کردیا گیا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق شدید موسلا دھار بارشیں اور کلاؤڈ برسٹ کے خطرے کے پیش نظر ضلعی تعلیمی افسران نے کریم نگر، جگتیال، یادادری بھواناگیری، کاماریڈی اور میدک اضلاع میں تمام اسکولوں کو بند کرنے کا حکم جاری کردیا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق موسلا دھار بارشوں کے باعث کئی علاقوں میں سیلابی صورتحال ہے، ندی نالوں میں طغیانی آ گئی ہے۔ نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (این ڈی آر ایف) اور اسٹیٹ ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (ایس ڈی آر ایف) کی ٹیموں کو کاماریڈی اور نرمل اضلاع میں ریسکیو کے لیے تعینات کردیا گیا ہے۔

    بارشوں کے باعث حیدرآباد-ناگپور قومی شاہراہ (NH 44) تین مقامات پر دھنس گئی ہے، جس سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا، میدک میں 47 سڑکوں، 23 پلوں اور 15 پلوں پر پانی جمع ہونے کی وجہ سے ٹریفک مسدود ہے۔ 16 تالابوں میں شگاف پڑ گیا ہے جس کی وجہ سے دیہات کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق بھارت میں بارش کی وجہ سے کئی ریلوے ٹریک بہہ گئے ہیں جس سے ریل ٹریفک میں بڑے پیمانے پر خلل کا سامنا ہے۔

    ساؤتھ سینٹرل ریلوے نے کئی ٹرینوں کو منسوخ کر دیا ہے اور کچھ کا رخ موڑ دیا ہے۔ حکام نے بتایا کہ بدھ کے روز، کریم نگر-کاچی گوڑا، کاچی گوڑا-نظام آباد، کاچی گوڑا-میدک، میدک-کاچی گوڑا، بودھن-کاچی گوڑا اور عادل آباد-تروپتی سمیت روٹس پر ٹرینیں منسوخ کردی گئی ہیں، جبکہ نظام آباد-کاچی گوڑا روٹ پر خدمات آج بھی معطل رہیں گی۔

    گوگل میپ پر اندھا اعتماد، فیملی دریا میں بہہ گئی، 4 افراد ہلاک

    حکام کے مطابق ٹرینوں کی منسوخی کے بارے میں اطلاع دینے کے لیے ہیلپ لائن نمبر جاری کیے گئے ہیں۔

  • دادا نے کالا جادو کے دوران اپنے پوتے کو مار ڈالا

    دادا نے کالا جادو کے دوران اپنے پوتے کو مار ڈالا

    بھارت کے پریاگراج میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ رونما ہوا، دادا نے کالا جادو کے دوران اپنے پوتے کو ہی موت کی نیند سلادیا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس کو نوعمر کی لاش دو دن پہلے ملی تھی جبکہ اس اس معاملے میں تین ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے، متوفی طالب علم کیریلی میں سعدی پور کا رہنے والا تھا۔

    رپورٹس کے مطابق مقتول طالب علم پیوش منگل کی صبح سے لاپتہ تھا جس کی تلاش کا عمل جاری تھا، مقتول کے والد اجے سنگھ پہلے ہی انتقال کرچکے تھے۔

    پولیس نے جب تحقیقات شروع کیں تو صنعتی علاقے کے لاویان کوریا گاؤں میں اسکوٹی سوار کو منگل کی شام پولی تھین میں لپیٹے ہوئے ایک مسخ شدہ لاش کو لیجاتے ہوئے دیکھا گیا۔

    تفتیش کے دوران، پولیس نے تمام سی سی ٹی وی فوٹیج کی چھان بین کی۔ فوٹیج کی بنیاد پر، پولیس مشتبہ شخص تک پہنچی اور پتہ چلا کہ اسکوٹی کا تعلق شرن سنگھ سے ہے۔

    پولیس کو مقتول کی ماں نے بتایا کہ منگل کی صبح بیٹا اسکول جانے کے لئے گھر سے نکلا لیکن دوپہر گھر واپس نہیں آیا۔ اسکول سے پتہ چلا کہ وہ وہاں پہنچا ہی نہیں تھا، اہل خانہ نے فوری طور پر پولیس میں شکایت درج کرادی اور دادا شرن سنگھ پر شکوک و شبہات کا اظہار کیا گیا۔

    پولیس نے شرن سنگھ کی تلاش شروع کردی اور چند گھنٹوں کے بعد اسے کیریلی کے علاقے سے گرفتار کرلیا، پولیس اسٹیشن میں اس سے سختی سے پوچھ گچھ کی گئی۔ اس نے پوتے کے قتل کا انکشاف کیا۔

    ہاسٹل میں طالبات کی نازیبا ویڈیوز ریکارڈنگ کا انکشاف

    پیوش کی والدہ کامینی کے مطابق شرن سنگھ ایک تانترک ہے، جو کالا جادو کرتا ہے، جبکہ اس کے 2 بجے پہلے ہی فوت ہوچکے ہیں، اس نے 5 قربانیاں دینے کا ارادہ کیا تھا۔ خاتون نے شرن سنگھ پر اپنے بیٹے کو مارنے کا الزام عائد کیا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ تمام پہلوؤں سے تحقیقات کی جارہی ہیں، ملزم شرن سنگھ کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ اس سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔

  • حوثی تنظیم کے وزیر اعظم ساتھیوں سمیت شہید، اسرائیلی میڈیا کا دعویٰ

    حوثی تنظیم کے وزیر اعظم ساتھیوں سمیت شہید، اسرائیلی میڈیا کا دعویٰ

    صنعا (29 اگست 2025): حوثی تنظیم انصار اللہ کے وزیر اعظم احمد الرحاوی کے اسرائیلی حملے میں ساتھیوں سمیت شہید ہونے کی خبریں سامنے آنے لگیں۔

    ٹائمز آف اسرائیل کی جانب سے دعویٰ کیا جا رہا ہے یمنی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق حوثی تنظیم کے وزیر اعظم احمد الرحاوی گزشتہ روز دارالحکومت صنعا کے ایک اپارٹمنٹ میں اسرائیلی حملے کے دوران شہید ہوگئے۔

    غیر مصدقہ میڈیا رپورٹس میں یہ بھی دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ احمد الرحاوی کو اُس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ ساتھیوں کے ہمراہ تھے، حملے میں ان کے متعدد ساتھی بھی شہید ہوئے۔

    یہ بھی پڑھیں: یمن کے حوثیوں کا اسرائیل پر میزائل حملہ

    میڈیا رپورٹس میں گزشتہ روز یمن کے دارالحکومت صنعا پر اسرائیلی حملے کا حوالہ دیا گیا جس میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ وزیر دفاع سمیت 10 سینئر حوثی وزراء کو اُس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ ایک مقام پر تنظیم کے سربراہ عبدالمالک الحوثی کی تقریر سننے کیلیے جمع تھے۔

    غیر مصدقہ میڈیا رپورٹس پر حوثیوں کی جانب سے کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا اور نہ ہی اسرائیل نے ثبوت پیش کیے ہیں۔