Category: عالمی خبریں

International News عالمی خبریں

دنیا بھر سے اہم خبریں اردو زبان میں پڑھنے کے لئے یہاں کلک کریں

  • عمان کا گولڈن ویزا، سرمایہ کاروں کیلیے خوشخبری!

    عمان کا گولڈن ویزا، سرمایہ کاروں کیلیے خوشخبری!

    سلطنت عمان نے باضابطہ طور پر غیر ملکی سرمایہ کاروں اور ہنر مندوں کو راغب کرنے کے لیے 10 سالہ گولڈن رہائشی ویزے کا آغاز کر دیا۔

    عمان نے باضابطہ طور پر ایک 10 سالہ گولڈن ریزیڈنسی پروگرام شروع کیا ہے جو غیر ملکی سرمائے اور ہنر مند پیشہ ور افراد کو راغب کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے جو ملک کے ویژن 2040 کے اصلاحاتی ایجنڈے کے حصے کے طور پر سرمایہ کاروں اور ان کے خاندانوں کو طویل مدتی استحکام کی پیشکش کرتا ہے۔

    حکام نے کہا کہ یہ پروگرام پرائیویٹ سیکٹر کی نمو کو گہرا کرنے، روزگار کی تخلیق کو تیز کرنے اور علم کی منتقلی کی حوصلہ افزائی کے لیے ایک اسٹریٹجک دباؤ کی عکاسی کرتا ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/oman-hydrogen-investors-surplus-power/

    اسکیم کے تحت، وہ سرمایہ کار جو 200,000 عمانی ریال (تقریباً $520,000) کی کم از کم حد کو پورا کرتے ہیں، عمر یا تعداد کی پابندی کے بغیر۔۔ اپنے شریک حیات، بچوں اور فرسٹ ڈگری کے رشتہ داروں کا احاطہ کرنے والے قابل تجدید دہائی طویل رہائشی اجازت نامے کے لیے اہل ہیں۔

    وزارت کے منصوبہ بندی کے ڈائریکٹر جنرل مبارک بن محمد الدوہانی نے کہا کہ گولڈن ویزا پروگرام اور اس کے ساتھ اصلاحات کا مقصد سرمایہ کاروں کو طویل مدتی استحکام اور ترقی کے مواقع فراہم کرنا ہے، جبکہ عمانی کاروباری اداروں کو مقامی اور بین الاقوامی سطح پر وسعت دینے کے لیے ترغیبات پیش کرنا ہیں۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل عمان کے خلیجی ہمسایہ ممالک سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے کاروباریی افراد اور سرمایہ کاروں کو طویل مدتی رہائش کے حقوق کی پیشکش کرکے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کی کوشش کی ہے۔

  • امریکا کا فلسطینی پاسپورٹ کے حامل تمام افراد کو ویزا دینے سے انکار

    امریکا کا فلسطینی پاسپورٹ کے حامل تمام افراد کو ویزا دینے سے انکار

    امریکا کی ٹرمپ انتظامیہ نے فلسطینی پاسپورٹ کے حامل تمام افراد کو ویزا دینے سے انکار کر دیا۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکا نے اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے فلسطینی رہنماؤں کی ویزا منسوخی کے بعد اب تقریباً تمام فلسطینی پاسپورٹ کے حامل افراد کے لیے ویزا پالیسی کو مزید سخت کردیا گیا ہے۔

    میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ نے نئی ویزا پالیسی کے تحت سفارت کاروں کو ہدایت کی ہے کہ فلسطینی پاسپورٹ کے حامل افراد کی ویزا منظوری روک دیں۔

    فلسطینی پاسپورٹ کے حامل افراد کے ویزا منسوخی کا مقصد یہ ہے کہ فلسطینیوں کو علاج کے لیے امریکا آنے، پڑھنے اور کاروباری سفر سے روکا جا سکے۔

    اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ نے اس سے قبل آگاہ کیا تھا کہ وہ وزیٹر ویزا کے خواہش مند فلسطینیوں کے ویزا روکنے پر غور و فکر کر رہے ہیں۔

    امریکا میں ساڑھے 5 کروڑ ویزوں پر منسوخی کی تلوار لٹکنے لگی

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا کی تاریخ میں سب سے بڑے ویزہ اسکروٹنی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ 55 ملین ویزا ہولڈرز کو اب سخت تحقیقات کے عمل سے گزرنا ہوگا۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ مذکورہ اقدام کا مقصد کسی بھی ایسے ویزا ہولڈر کی نشاندہی کرنا ہے جو قوانین کی خلاف ورزی یا دیگر وجوہات کے باعث امریکا میں قیام کا اہل نہیں رہا۔

    رپورٹس کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حکومت نے ویزہ پالیسی کو سخت بنانے کے لیے متعدد اقدامات اٹھائے ہیں جن میں تعلیمی اداروں میں زیرِ تعلیم غیر ملکی طلبا کے ویزے منسوخ کرنا شامل ہیں۔

    بازیاب اسرائیلی یرغمالی کی باقیات کی شناخت ہو گئی، ادان شتیوی کب مارا گیا؟

    اس کے علاوہ ان اقدامات میں درخواست دہندگان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی بھی کڑی نگرانی اور انٹرویوز کا عمل معطل کرنا بھی شامل ہیں۔

    امریکی صدر کا یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا جب غزہ اور فلسطین کے شہریوں کے لیے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر دیے جانے والے طبی ویزے بند کر دیے گئے ہیں۔ اب فلسطینی طلبا، مریض اور عام درخواست گزار بھی امریکا میں داخل نہیں ہوسکتے۔

  • فوجی مشق برائٹ سٹار’النجم الساطع 2025‘ کا آغاز، سعودی عرب کی شرکت

    فوجی مشق برائٹ سٹار’النجم الساطع 2025‘ کا آغاز، سعودی عرب کی شرکت

    سعودی وزارتِ دفاع کا کہنا ہے کہ مصر میں فوجی مشق برائٹ سٹار’النجم الساطع 2025‘ کا آغاز ہوگیا، جس میں سعودی عرب بھی شریک ہے۔

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق فوجی مشق برائٹ اسٹار میں شریک دستے لائیو ایمبونیش کے ساتھ فائرنگ کی مشق اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کی بھی مشقیں کریں گے۔

    رپورٹس کے مطابق مسلح افواج کی تربیت اور اپ گریڈیشن کے نگران اعلی بریگیڈیئر عادل البلوی کا کہنا تھا کہ مشترکہ مشقوں کا مقصد مختلف عسکری شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا اور باہمی تجربے سے مستفیض ہونا ہے۔

    بریگیڈیئر عادل البلوی نے کہا کہ قومی عسکری دستے زمینی مشقوں کے مختلف مراحل میں شریک ہوں گے جس سے ان کی پیشہ ورانہ صلاحیت کو بھی فروغ ملے گا اور شریک ممالک کے دستوں کے ساتھ ہم آہنگی بڑھے گی۔

    سعودی عرب: سگریٹ نوشی کرنے والے خبردار! کیا سزا ملے گی ؟

    یاد رہے کہ عسکری مشق ’النجم الساطع 2025‘ مصر کے محمد نجیب بیس پر ہو رہی ہے جس کا مرکزی ہدف دہشتگردی سے نمٹنے کیلیے کارروائیاں، غیرروایتی جنگ، لاجسٹک سپورٹ اور بحری سلامتی کے علاوہ طبی انخلا کے آپریشنز کیے جائیں گے۔

  • نئے میزائلوں سے جنگی تیاری میں مدد ملے گی، کِم جونگ اُن

    نئے میزائلوں سے جنگی تیاری میں مدد ملے گی، کِم جونگ اُن

    شمالی کوریا کے سربراہ کِم جونگ اُن کا کہنا ہے کہ نئے میزائلوں سے جنگی تیاری میں مدد ملے گی۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق شمالی کورین سپریم لیڈرکِم جونگ اُن نے میزائلوں کی نئی پروڈکشن لائن کا دورہ کیا۔

    اُن کا کہنا تھا کہ میزائلوں کی تیاری کے لیے کئے گئے جدید انتظامات سے جنگی تیاری میں مدد ملے گی۔

    شمالی کوریا کے سربراہ کِم جونگ چین میں چینی اور روسی صدر کے ہمراہ یوم فتح پر منائی جانے والی ملٹری پریڈ کے مہمان خصوصی ہونگے۔

    دوسری جانب شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن نے ایٹمی ہتھیاروں کے پروگرام کو تیز تر کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

    کم جونگ اُن نے کہا ہے کہ اُن کے ملک کو ایٹمی طاقت میں تیزی سے اضافہ کرنے کی ضرورت ہے۔

    انھوں نے امریکا اور جنوبی کوریا کی مشترکہ فوجی مشقوں کو ”جنگ بھڑکانے کے ارادے کا واضح اظہار“ قرار دیا۔ جنوبی کوریا اور اس کا اتحادی امریکا رواں ہفتے مشترکہ فوجی مشقیں کر رہے ہیں، ان مشقوں میں شمالی کوریا کی جوہری دھمکیوں کے پیش نظر ایک بہتر دفاعی ردعمل کی مشقیں بھی شامل ہیں۔

    روس، چین، شمالی کوریا پھر سے امریکا کی عزت کرنے لگے ہیں، ڈونلڈ ٹرمپ

    اگرچہ سیؤل اور واشنگٹن کا کہنا ہے کہ یہ مشقیں مکمل طور پر دفاعی نوعیت کی ہیں، تاہم پیانگ یانگ باقاعدگی سے ایسی مشقوں پر تنقید کرتا رہا ہے اور انھیں حملے کی تیاری کی مشقیں قرار دیتا ہے، اور بعض اوقات اس کے جواب میں ہتھیاروں کے تجربات بھی کرتا ہے۔

  • سعودی عرب: ایک ہفتے میں 20 ہزار سے زائد غیر قانونی تارکین گرفتار

    سعودی عرب: ایک ہفتے میں 20 ہزار سے زائد غیر قانونی تارکین گرفتار

    سعودی عرب میں فورسز نے گزشتہ ہفتے کارروائی کے دوران 20 ہزارسے زائد غیر قانونی تارکین کو حراست میں لے لیا۔

    عرب خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یہ گرفتاریاں 21 اگست سے 27 اگست 2025 کے درمیان کی گئی ہیں، غیر قانونی تارکین کے خلاف کام کرنے والی مشترکہ کمیٹی کا کہنا ہے کہ کل گرفتار شدگان میں سے 12891 اقامہ قوانین کی خلاف ورزی میں ملوث تھے۔

    رپوٹس کے مطابق 3888 گرفتار شدگان سرحدی قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب تھے جبکہ 3540 تارکین لیبر قوانین کی خلاف ورزی میں ملوث تھے۔

    مذکورہ عرصے کے دوران 1238 افراد گرفتار ہوئے ہیں جو سرحد عبور کرکے ملک میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔ ان میں سے 50 فیصد یمنی، 49 فیصد ایتھوپی جبکہ ایک فیصد دیگر ممالک کے تارکین تھے۔

    اسی طرح سرحد عبور کرکے غیر قانونی طور پر ملک سے باہر جانے کی کوشش کرتے ہوئے 22 افراد کو حراست میں لیا گیا۔

    کمیٹی کے مطابق غیر قانونی تارکین کو سہولت فراہم کرنے پر 16 افرادکو حراست میں لیا گیا۔

    وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ غیر قانونی تارکین کو کسی بھی قسم کی سہولت فراہم کرنا سنگین جرم ہے جس پر 15 سال قید اور 10 لاکھ ریال جرمانہ ہوسکتا ہے۔

    دوسری جانب سعودی عرب کی وزارت بلدیات اور ہاؤسنگ نے کھانے کے شعبے میں صحت اور حفاظت کے معیار کو سخت کرنے کے مقصد کے تحت نئے جرمانوں کا اعلان کیا ہے، جس میں فوڈ آؤٹ لیٹس میں سگریٹ نوشی پر 5,000 ریال کا جرمانہ بھی شامل ہے۔

    رپورٹس کے مطابق غیر صحت بخش طریقوں، دھوکہ دہی پر مبنی فروخت، اور فوڈ سیفٹی کے قوانین کی عدم تعمیل پر سخت اقدامات حفظان صحت اور صارفین کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے اُٹھائے گئے ہیں۔

    سعودی عرب سے 40 ناٹیکل میل دور اسرائیلی بحری جہاز پر حملہ

    کھانے کی تیاری کے جگہوں میں کارکنوں کو چہرے کے ماسک نہ پہننے پر 1,000 SR اور سر نہ ڈھانپنے پر 1,000 SR جرمانے کا سامنا کرنا پڑے گا، غیر مجاز علاقوں میں سگریٹ نوشی پر 5000 ریال کا سب سے زیادہ جرمانہ ہوگا۔

  • اقوام متحدہ کے سربراہ نے چینی صدر کی تعریف میں کیا کہا؟

    اقوام متحدہ کے سربراہ نے چینی صدر کی تعریف میں کیا کہا؟

    بیجنگ(یکم ستمبر 2025): اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے چینی صدر شی جن پنگ کو "واضح اسٹریٹجک وژن کا حامل شخص” قرار دیا ہے۔

    اتوار سے پیر تک تیانجن میں جاری شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے موقع پر چائنا میڈیا گروپ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں انتونیو گوتریس نے کہا کہ صدر شی ہمیشہ طویل المدتی نقطہ نظر سے معاملات کو دیکھتے ہیں، اور ان کے مقرر کردہ اہداف متوقع طور پر وقت سے پہلی ہی حاصل کیے جا سکتے ہیں۔

    اقوام متحدہ کے سربراہ نے کہا کہ "اگر مجھے ایک ایسی خصوصیت کا انتخاب کرنا ہو جو میرے خیال میں صدر شی جن پنگ کی شخصیت کو نمایاں کرتی ہے تو وہ ہے ان کا واضح اسٹریٹجک وژن اور انہیں مقرر وقت میں کرنے کی صلاحیت، وہ نہ صرف اپنے اہداف کو حاصل کرتے ہیں بلکہ وہ انہیں وقت سے پہلے پورا کرتے ہیں، اس طرح کی کئی مثالیں بھی ہمارے سامنے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ مجھے یاد ہے کہ صدر شی جن پنگ نے اعلان کیا تھا کہ چین 2030 تک 1,200 گیگاواٹ قابل تجدید توانائی حاصل کر لے گا۔ یہ ہدف وقت سے قبل ہی اب حاصل ہو چکا ہے۔

    انہوں نے مزید کہا جب بہت سے لوگ ابھی تک ڈیزل گاڑیوں کو بہتر بنانے کے بارے میں سوچ رہے تھے، چین نے کئی سال پہلے ہی الیکٹرک گاڑیوں پر توجہ دینے کا فیصلہ کیا، اور اس کے لیے تمام ضروری ٹیکنالوجیز تیار کیں، آج ہم دیکھتے ہیں کہ چینی الیکٹرک گاڑیاں دنیا بھر کے مارکیٹ میں غلبہ رکھتی ہیں اور بہت عمدہ کارکردگی دکھا رہی ہیں۔

    اقوام متحدہ کے سربراہ نے کہا کہ ایک ایسی دنیا ہے جہاں ایک دن میں بہت سے فیصلے کیے جاتے ہیں اور اگلے ہی دن اس فیصلے کو تبدیل کردیا جاتا ہے وہیں صدر شی جن پنگ اپنے اہداف کو وقت سے پہلے مکمل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، اسٹریٹجک وژن ان کی خصوصیت ہے۔

  • غزہ میں زمین، فضا اور سمندر سے میزائلوں کی بارش، بارودی روبوٹس کا بھی استعمال

    غزہ میں زمین، فضا اور سمندر سے میزائلوں کی بارش، بارودی روبوٹس کا بھی استعمال

    غزہ (01 ستمبر 2025): اسرائیل کی جانب سے غزہ پر وحشیانہ بمباری کا سلسلہ جاری ہے، آئی ڈی ایف نے بارودی روبوٹس کے ذریعے عمارتیں تباہ کرنا بھی شروع کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق غزہ پر اسرائیلی طیاروں کی شدید بمباری کا سلسلہ نہ تھم سکا، قابض فوج نے غزہ میں زمین، فضا اور سمندر سے میزائلوں کی بارش کر دی۔

    چوبیس گھنٹوں میں 78 افراد شہید ہو گئے، شہدا کی مجموعی تعداد 63 ہزار 371 تک پہنچ گئی، شہدا میں امداد کے منتظر 32 افراد بھی شامل ہیں۔ اسرائیلی فوج غزہ میں عمارتیں تباہ کرنے کے لیے بارود سے بھرے خود کار روبوٹس کا استعمال کر رہی ہے جس کے نتیجے میں کئی عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں۔

    سعودی عرب سے 40 ناٹیکل میل دور اسرائیلی بحری جہاز پر حملہ

    دوسری جانب اسرائیل مسجد اقصیٰ کے صحن کے نیچے غیر قانونی کھدائی کر کے اسلامی آثار قدیمہ تباہ کر رہا ہے، سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو میں کچھ افراد کو مسجد اقصیٰ کے کمپاؤنڈ میں کھدائی کے بعد بڑے پتھر توڑتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    فلسطینی اتھارٹی نے اسرائیلی کارروائی کو بین الاقوامی قوانین اور معاہدوں کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کا مقصد اسلامی شناخت ختم کر کے مستقبل میں مسجد اقصیٰ کی جگہ یہودی عبادت گاہ بنانا ہے۔

    خیال رہے کہ عالمی صمد فلوٹیلا کے جہاز بارسلونا سے غزہ کی پٹی کے لیے انسانی امداد اور کارکنوں کے ساتھ روانہ ہو گئے ہیں، جن میں گریٹا تھنبرگ بھی شامل ہیں، یہ سمندر کے راستے فلسطینی سرزمین کی اسرائیلی ناکہ بندی کو توڑنے کی اب تک کی سب سے بڑی کوشش ہے۔

  • سعودی عرب سے 40 ناٹیکل میل دور اسرائیلی بحری جہاز پر حملہ

    سعودی عرب سے 40 ناٹیکل میل دور اسرائیلی بحری جہاز پر حملہ

    دبئی (01 ستمبر 2025): سعودی عرب سے 40 ناٹیکل میل دور اسرائیلی بحری جہاز پر حملہ ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی شہر ینبوع سے چالیس ناٹیکل میل دور بحری جہاز پر میزائل حملہ ہوا ہے، برطانوی میری ٹائم ایجنسی کا کہنا ہے کہ بحری جہاز کا تمام عملہ محفوظ ہے اور جہاز اپنی منزل کی طرف سفر جاری رکھے ہوئے ہے۔

    جہاز پر لائبیریا کا پرچم لگا ہے اور یہ جہاز اسرائیل کی ملکیت ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ متاثرہ جہاز حوثیوں کے ممکنہ اہداف کی فہرست میں شامل تھا۔

    غزہ میں اسرائیلی بمباری، صحافی اسلام موحارب عابد شہید

    الجزیرہ کے مطابق برطانوی میری ٹائم سیکیورٹی فرم ایمبرے نے تصدیق کی کہ سعودی عرب کے قریب جس بحری جہاز نے پراجیکٹائل گرنے کی اطلاع دی، وہ لائبیریا کے جھنڈے والا اور اسرائیلی ملکیت کا ٹینکر ہے۔

    ایمبرے نے مزید کہا کہ اس کے اندازے کے مطابق بحری جہاز یمن کے حوثیوں کے اہداف میں سے ایک تھا، کیوں کہ یہ بات ڈھکی چھپی نہیں ہے کہ یہ اسرائیل کی ملکیت ہے۔

    تاہم دوسری طرف یمن کے حوثیوں نے ابھی تک اس واقعے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔

  • امریکی صدر نے یوکرین میں امن کا راستہ کھولا ہے: پیوٹن

    امریکی صدر نے یوکرین میں امن کا راستہ کھولا ہے: پیوٹن

    روسی صدر ولاد میر پیوٹن کا کہنا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یوکرین میں امن کے راستے کو کھولا ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایس سی او کے چین شہر تیانجن میں خطاب کرتے ہوئے روسی صدر ولادی ولاد میر پیوٹن کا کہنا تھا کہ ان کا ملک اس اصول پر قائم ہے کہ کوئی ملک دوسرے کے نقصان پر اپنی سلامتی کو یقینی نہیں بنا سکتا ہے۔

    روسی صدر ولادی میر پیوٹن نے یوکرین کے بحران پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ یوکرین میں بحران حملے سے نہیں بلکہ یوکرین میں مغربی اتحادیوں کی حمایت یافتہ بغاوت سے ہوا۔

    پیوٹن کا کہنا تھا کہ یوکرین میں بحران کی بنیادی وجوہات کو حل کرنا اور سیکیورٹی کا توازن قائم کرنا ضروری ہے، مغرب کی یوکرین کو نیٹو میں شامل کرنے کی کوششیں یوکرین بحران کی وجوہات میں سے ایک ہیں۔

    روسی صدر پیوٹن نے چینی صدر اور دیگر رہنماؤں کے ساتھ الاسکا میں امریکی صدرٹرمپ کے ساتھ سمٹ کے نتائج پرگفتگو کی۔

    دوسری جانب ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے کہا ہے کہ ایران اور چین عالمی نظام بدلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

    ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے دورہ چین کے موقع پر ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے چینی زبان میں سوشل میڈیا پر ایک پیغام جاری کیا ہے۔

    صدر شی جن پنگ نے شنگھائی تعاون تنظیم کے ترقیاتی بینک کے قیام کی تجویز دے دی

    ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ ایران اور چین، دونوں قدیم تہذیبی پس منظر رکھنے والے ممالک ہیں جو ایشیا کے دو سروں پر واقع ہیں، انہوں نے ایران اور چین کے درمیان اسٹریٹجک معاہدے کو عملی شکل دینے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

  • اسکول سے واپس آنے والی بہنوں پر آوارہ کتوں کا حملہ (ویڈیو)

    اسکول سے واپس آنے والی بہنوں پر آوارہ کتوں کا حملہ (ویڈیو)

    بھارت کے بنارس میں آوارہ کتوں نے دہشت پھیلادی، اسکول سے واپس آنے والی بہنوں پر حملہ جبکہ موٹر سائیکل پر جانے والے بچے کی ٹانگ کھینچ لی۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق وارانسی، اترپردیش: بنارس میں بھی آوارہ کتوں کی دہشت دیکھنے میں آرہی ہے۔ وشوناتھ مندر کی راہداری سے صرف 200 میٹر کے فاصلے پر آوارہ کتوں نے دو سے تین دنوں میں کئی بار کچھ بچوں پر حملہ کیا۔

    رپورٹس کے مطابق کتوں کے حملوں کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آگئی ہے۔ یہ واقعات مقامی ہوٹل میں نصب سی سی ٹی وی میں قید ہو گئے۔ میونسپل کارپوریشن خاموش بیٹھی ہے۔ ادھر اب تک تین بچوں کو کتوں نے کاٹ لیا ہے۔

    شری کاشی وشواناتھ کوریڈور سے تقریباً 200 میٹر کے فاصلے پر واقع حوز کٹرا کے پتھر گلی میں کتوں نے حملہ کر کے دو بچیوں بھاویہ یادو (9) اور رودرکش یادو (7) کو اسکول سے گھر واپس لوٹنے ہوئے نشانہ بنایا۔

    اس سے قبل 25 اگست کو بھی ایک واقعہ پیش آیا تھا جب دو بچے اپنے والد کے ساتھ موٹر سائیکل پر جا رہے ایک چھوٹے بچے پر کتے نے حملہ کر دیا تھا جس سے اس کی ٹانگ شدید زخمی ہوگئی تھی۔

    کتوں کے حملے میں رودراکشی زمین پر گر گئی۔ چار کتے مل کر اسے کاٹنے لگے۔ بھاگتی ہوئی لڑکی نے شور مچایا تو بہت سے لوگ گھر سے باہر نکل آئے اور کتوں کو بھگا دیا۔

    شہریوں کا کہنا ہے کہ میونسپل کارپوریشن اور مقامی عوامی نمائندوں کی لاپرواہی کی وجہ سے حالات خراب ہو رہے ہیں۔ اطلاع دینے کے بعد بھی کو سنوائی نہیں ہورہی۔

    بھارتی سپریم کورٹ کا آوارہ کتوں کو چھوڑنے کا حکم

    میونسپل پبلک ریلیشن آفیسر کا کہنا ہے کہ متعلقہ معاملے کی اطلاع ملنے کے بعد ویٹرنری افسر کو اطلاع دی گئی ہے۔ اس پر جلد ہی اس علاقے کے ساتھ دیگر علاقوں میں بھی کام شروع ہونے والا ہے۔ ان وحشی کتوں کو پکڑنے کے لیے ٹیم بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔